Tag: مری

  • مری میں برفباری، بارش کے بعد سیاحوں کیلئے اہم ہدایات جاری

    مری میں برفباری، بارش کے بعد سیاحوں کیلئے اہم ہدایات جاری

    راولپنڈی: ملکہ کوہسار مری میں برفباری، بارش اور پھسلن کی وجہ سے سیاحوں کیلئے نئی ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈوائزری سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی تیمور خان کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔ سی ٹی او پنڈی کا کہنا تھا کہ برفباری کی وجہ سے روڈ پر پھسلن ہے سیاح گاڑی چلانے میں احتیاط کریں۔

    چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ مری کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر سیاح اچھی اور مکمل فٹ گاڑی کا انتخاب کریں۔

    سی ٹی او کا مزید کہنا تھا کہ اندرونِ مری اور پنجاب سے آنے والے راستوں پر ٹریفک رواں دواں ہے۔ برفباری اور بارش کی وجہ سے ٹریفک سست روی کا شکا رہے۔

    چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ مری میں صرف لائسنس ہولڈرز ڈائیور کو داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔ برفباری میں ٹائروں پر چین کا استعمال کریں، اضافی گرم کپڑے ساتھ لائیں۔

  • ضلعی انتظامیہ کا رات گئے مری کے مختلف علاقوں میں آپریشن

    ضلعی انتظامیہ کا رات گئے مری کے مختلف علاقوں میں آپریشن

    ضلعی انتظامیہ نے مری میں غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن میں متعدد غیر قانونی تعمیرات مسمار کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قاسم اعجاز کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔

    ضلعی انتظامیہ نے رات گئے مری کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران متعدد غیرقانونی تعمیرات مسمار کردیں، کارروائیاں جھیکاگلی، مسیاڑی، ایکسپریس ہائی وے، شوالہ، فورتھ ویو روڈ پر کی گئیں ۔

    اے ڈی سی آر کا کہنا ہے مری میں تعمیرات اور تعمیراتی میٹریل لانے پر مکمل پابندی ہے، اس کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جارہی ہے۔

  • مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف  آج مری میں اہم  ملاقاتیں کریں گے

    مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف آج مری میں اہم ملاقاتیں کریں گے

    لاہور : مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف آج مری جائیں گے ، جہاں اہم سیاسی ملاقاتیں کریں گے اور کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وطن واپسی کے بعد مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف نے سیاسی سرگرمیاں شروع کردیں۔

    نوازشریف آج لاہور سے مری پہنچیں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ مری میں قیام کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ، نواز شریف مری میں قیام کے دوران اہم سیاسی ملاقاتیں کریں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف مری میں آج قیام کے بعد کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے۔

    گزشتہ روز سابق وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نوازشریف سے جاتی امرا میں ملاقات کی، ملکی سیاسی صورتحال اور قانونی امور پر گفتگو کی گئی۔

    سابق وزیراعظم شہبازشریف اور حمزہ شہباز نے فیملی ممبران کے ہمراہ نوازشریف سے ملاقات کی، نوازشریف سے قریبی رشتہ داروں نے بھی ملاقات کی اورانہیں صحتیابی اور چارسال بعد وطن واپسی پرمبارکباد دی۔

    یاد رہے ہفتے کے روز سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سال بعد پاکستان پہنچے تھے ، اسلام آباد آتے ہی سب سے پہلے انھوں نے قانونی ٹیم سے مشاورت کی اور ایئرپورٹ پر ہی ایون فیلڈاورالعزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلوں کی درخواست پردستخط کیے اور بائیومیٹرک کے بعد لاہورروانہ ہوئے۔3

    بعد ازاں نوازشریف کے جہاز نے لاہور ایئرپورٹ پرلینڈ کیا ، جہاں شہبازشریف نے استقبال کیا اور نوازشریف لاہور ایئرپورٹ سے ہیلی کاپٹر میں سوار ہو کر مینار پاکستان کے قریب شاہی قلعہ سے جلسہ گاہ پہنچے تھے۔

  • عید الفطر: ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کا رش

    عید الفطر: ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کا رش

    مری / اسلام آباد: ملک کے معروف سیاحتی مقام ملکہ کوہسار مری میں عید کی تعطیلات میں سیاحوں کا رش بڑھ گیا، ٹریفک کو رواں رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عید کی تعطیلات کے دوران ملک کے معروف سیاحتی مقام ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ دیکھا جارہا ہے، ٹریفک و ٹور ازم پولیس کی بہترین حکمت عملی کی بدولت مری میں ٹریفک رواں دواں ہے۔

    ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مری میں مجموعی طور پر اب تک 4 ہزار 500 گاڑیاں پہنچی ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) راولپنڈی نے تمام افسران و جوانوں کو بہترین انتظامات پر شاباش پیش کی۔

    سی ٹی او کا کہنا ہے کہ پارکنگ کی کمی کے باعث گاڑیوں کوسنگل سائیڈ پر پارک کروایا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مری کی تمام شاہراہیں کھلی ہیں اور ٹریفک معمول کے مطابق ہے، جی پی او چوک میں پیدل چلنے والے رش کے باعث ٹریفک کا غیر معمولی دباؤ ہے۔

    سی ٹی او کا مزید کہنا تھا کہ نو پارکنگ کے خاتمے کے لیے آفیسر مسلسل پٹرولنگ کر رہے ہیں۔

  • مری میں سیاحوں کی گاڑیوں کے ٹائر چوری ہونے لگے

    مری میں سیاحوں کی گاڑیوں کے ٹائر چوری ہونے لگے

    راولپنڈی: مری میں سیاحوں کی گاڑیوں کے ٹائر چوری ہونے لگے ہیں، ایک پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے ملزمان کا ایک گروہ پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کے ٹائر اور بیٹریاں چرا لیتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مری میں جرائم کے خلاف ایک کارروائی میں مقامی پولیس نے ایک 4 رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے بارے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وہ ملک کے اہم سیاحتی مقام پر شہریوں کی گاڑیوں کے ٹائر اور بیٹریاں چوری کرتے تھے۔

    پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 50 ہزار روپے، 4 بیٹریاں اور 3 گاڑیوں کے ٹائر برآمد کیے، ملزمان کے زیر استعمال گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں جہانزیب، عامر جاوید، ساجد حسین، اور راشد علی شامل ہیں، پولیس رپورٹ کے مطابق ملزمان پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں سے ٹائر اور بیٹریاں چراتے تھے۔

    گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش ملزمان نے متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔

    واضح رہے کہ حال ہی میں مری کا سیاحتی مقام ایک بار پھر اس وقت میڈیا میں شہ سرخیوں کی زینت بنا تھا جب شدید برف باری کے دوران مقامی انتظامی اداروں کی بد ترین غفلت کے نتیجے میں 22 افراد گاڑیوں میں جاں بحق ہو گئے تھے۔

  • معاون خصوصی کا مری میں نئے سیاحتی منصوبوں کا دورہ

    معاون خصوصی کا مری میں نئے سیاحتی منصوبوں کا دورہ

    اسلام آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے معاون خصوصی حسان خاور نے مری میں نئے سیاحتی منصوبوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کو جدید سہولتیں دینے کے لیے محکمہ سیاحت پنجاب مزید منصوبے لا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے مری میں نئے سیاحتی منصوبوں کا جائزہ لیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ محکمہ سیاحت پنجاب ٹورازم میں جدید اور پرکشش اضافے کرنے جا رہا ہے۔

    حسان خاور کا کہنا تھا کہ بانسرہ گلی مری میں 4 اگلوز لوگوں کو ایک نیا پکنک پوائنٹ مہیا کر رہے ہیں، گلاس اگلوز کو پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت بنایا گیا ہے۔

    انہوں نےکہا کہ اگلوز کی سروسز کے معیار کو سیاحوں کے لیے بہترین بنایا گیا ہے۔ اسی طرز کے اگلوز شمالی پنجاب میں مزید لگائے جائیں گے۔

    حسان خاور کا مزید کہنا تھا کہ سیاحوں کو جدید سہولتیں دینے کے لیے محکمہ سیاحت پنجاب مزید منصوبے لا رہا ہے، درابی ڈیم چکوال اور کوٹلی ستیاں مری میں اگلوز نصب کیے جائیں گے۔

  • سانحہ مری: شہریوں نے چندہ کر کے برف صاف کرنے والی مشینوں میں ڈیزل ڈلوایا

    سانحہ مری: شہریوں نے چندہ کر کے برف صاف کرنے والی مشینوں میں ڈیزل ڈلوایا

    اسلام آباد: سانحہ مری کے حوالے سے ایک اور فون کال منظر عام پر آگئی جس سے علم ہوتا ہے کہ برف ہٹانے والی مشینوں میں شہریوں نے خود چندہ کر کے ڈیزل ڈلوایا تاکہ برف صاف ہوسکے۔

    7 اور 8 جنوری کی رات مری میں ہونے والے اندوہناک سانحے کے حوالے سے تاحال انکشافات کا سلسلہ جاری ہے۔

    ایک اور آڈیو کال منظر عام پر آئی ہے جس میں ڈیزل ڈیپو کے عملے کا ایک شخص بتا رہا ہے کہ برف صاف کرنے والی مشینوں میں ڈیزل نہیں ہے اور شہریوں نے چندہ کر کے ڈیزل ڈلوایا ہے۔

    یاد رہے کہ 7 اور 8 جنوری کی درمیانی رات کو برفانی طوفان کے باعث ہزاروں افراد مری کی سڑکوں پر گاڑیوں میں پھنس گئے تھے اور اس دوران 22 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    مری میں حادثے کی رات مختلف ہوٹلوں نے ایک کمرے کے لیے اضافی ہزاروں روپے وصول کیے اور اس کے باوجود ہیٹر اور گرم پانی کی سہولیات نہیں دیں، اب تک ایسے 17 ہوٹلوں کو سیل کیا جاچکا ہے۔

    مقامی افراد کے مطابق برفانی طوفان کی رات جب پورا مری ٹریفک کے باعث بلاک تھا اور بچے، بوڑھے اور خواتین گاڑیوں میں پھنسے ہوئے تھے، مقامی افراد نے 15 سو کے قریب افراد کو ریسکیو کیا۔

    اس کے اگلے روز تک بھی انتظامیہ غائب تھی، شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر مقامی افراد برف میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو نہ کرتے تو ہلاکتیں 1 ہزار سے اوپر ہوسکتی تھیں۔

  • سانحہ مری کس کی غفلت تھی؟ انکشاف

    سانحہ مری کس کی غفلت تھی؟ انکشاف

    راولپنڈی: مری میں برف باری کے باعث سیاحوں کے جاں بحق ہونے کے معاملے میں غفلت کے مرتکب ذمہ داران کے نام سامنے آ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مری میں برفانی طوفان سے قبل ایکسیئن اسنو، ایس ڈی او اسنو کی غفلت سامنے آ گئی ہے، ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ برف باری کے دوران ایکسیئن اسنو، ایس ڈی او عملے سمیت غائب رہے۔

    ذرائع کے مطابق سڑکوں پر برف جمع ہوتی رہی اور راستے بند ہوتے گئے، جب کہ مذکورہ افسران کو عملے سمیت ہیوی مشینوں کی مدد حاصل تھی۔

    واضح رہے کہ مری میں برفانی طوفان کے بعد جاری ریسکیو آپریشن مکمل کر دیا گیا ہے، سانحہ مری کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں سانحے سے متعلق سنگین غفلت کا انکشاف ہوا ہے، مری میں 7 جنوری کو 4 فٹ برف پڑی، 16 مقامات پر درخت گرنے سے راستے بند ہوئے، انتظامیہ اگلی صبح برفانی طوفان تھمنے کے بعد سیاحوں کی مدد کو نکلی۔

    کمیٹی جلد از جلد سانحہ مری کے حقائق سامنے لائے، وزیراعظم

    مری سمیت گرد و نواح کی سڑکیں 2 سال سے مرمت نہ ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے، گڑھوں میں پڑنے والی برف سخت ہونے سے ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بنی، اور جو جہاں تھا وہیں رک گیا۔

    سانحہ مری کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ نے انتظامیہ کی نااہلی کا پول کھول دیا ہے، ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سڑکیں برف باری اور درخت گرنے سے 7 جنوری کو بلاک ہوئیں مگر مری کی انتظامیہ اگلی صبح 8 بجے برفانی طوفان تھمنے کے بعد حرکت میں آئی۔

    مری واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان

    خارجی راستے پر حکومتی مشینری کا پتا تھا نہ ہی برف ہٹانے والی مشینری کا عملہ آیا تھا، رپورٹ میں بتایا گیا کہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی ایس پی ٹریفک روانی یقینی بنانے کے لیے موجود تھے، رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ مری میں پارکنگ پلازہ موجود نہیں جہاں گاڑیاں پارک کی جا سکیں، سات جنوری کو 21 ہزار گاڑیوں کو مری سے نکالا گیا تھا۔

  • مری میں 300 افراد کو آرمی کے عملے نے طبی امداد دی: آئی ایس پی آر

    مری میں 300 افراد کو آرمی کے عملے نے طبی امداد دی: آئی ایس پی آر

    اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مری میں برف باری میں گھرے 300 افراد کو آرمی کے عملے نے طبی امداد دی، ان افراد کو پناہ دی گئی اور کھانا اور چائے بھی فراہم کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مری میں برف باری میں گھرے 300 افراد کو آرمی کے عملے نے طبی امداد دی، متاثرہ افراد میں بچے بھی شامل تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مری میں 1 ہزار سے زائد پھنسے افراد کو کھانا فراہم کیا گیا، جھیکا گلی، کشمیری بازار، لوئر ٹوپہ اور کلڈنہ میں کھانا فراہم کیا گیا۔

    متاثرہ افراد کو ملٹری کالج مری، سپلائی ڈپو، اے پی ایس، آرمی لاجسٹک اسکول میں پناہ دی گئی، مذکورہ افراد کو پناہ کے ساتھ گرم کھانا اور چائے فراہم کی گئی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جھیکا گلی سے ایکسپریس وے تک راستہ کھول دیا گیا ہے، جھیکا گلی سے کلڈنہ تک راستہ کھل گیا ہے لیکن پھسلن موجود ہے۔ پھسلن کی وجہ سے ٹریفک نہیں چل رہی۔

    گھڑیال سے بھوربن تک راستہ کھلا ہے جبکہ کلڈنہ سے باڑیاں تک راستے کھولنے کے لیے انجینیئرز اور مشینری مصروف ہے۔

  • مری میں پھنسنے والوں میں حویلی لکھاں کی ایک فیملی بھی شامل

    مری میں پھنسنے والوں میں حویلی لکھاں کی ایک فیملی بھی شامل

    مری میں تاحال ہزاروں لوگ برفانی طوفان میں پھنسے ہوئے ہیں، ان میں سے 7 افراد پر مشتمل ایک خاندان کلڈانہ چوک واپڈا ریسٹ ہاؤس میں بھی موجود ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سات افراد پر مشتمل فیملی کلڈانہ چوک واپڈا ریسٹ ہاؤس میں موجود ہے، لیکن تشویش ناک بات یہ ہے کہ ہوٹل انتظامیہ نے انھیں ہوٹل خالی کرنے کا کہہ دیا ہے، جس پر انھوں نے حکام سے فوری  مدد کی اپیل کی ہے۔

    مری میں برفانی طوفان میں 20 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ ہزاروں افراد مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے ہیں ان میں ہی 7 افراد پر مشتمل ایک خاندان حویلیاں لکھاں کا بھی ہے  جن میں  خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

    یہ خاندان کلڈانہ چوک واپڈا ریسٹ ہاؤس میں مقیم اور امداد کا منتظر ہے۔

    ہوٹل انتظامیہ نے ان سنگین حالات کے باوجود شدید بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں ہوٹل چھوڑنے کا حکم دیا ہے، جس کے باعث اس فیملی کی پریشانی بڑھ گئی ہے۔

    ہوٹل میں موجود فرقان کے مطابق وہاں ان کے علاوہ 3خاندان اور بھی موجود ہیں اور متاثرین کی تعداد 25 کے قریب ہے۔

    فرقان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ رابطے کے باوجود ان کی کوئی مدد نہیں کررہی جب کہ ہوٹل انتظامیہ نے  بھی انہیں فوری ہوٹل خالی کرنے کا انتباہ دے دیا ہے جس کے باعث ان کی پریشانی بڑھ گئی ہے۔

    فرقان نے حکومت اور امدادی ٹیموں سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔