Tag: مری

  • ہوٹل مالکان نے کمرے کا کرایہ 50 ہزار تک بڑھا دیا، مری میں سیاح کا انکشاف

    ہوٹل مالکان نے کمرے کا کرایہ 50 ہزار تک بڑھا دیا، مری میں سیاح کا انکشاف

    راولپنڈی: مری جانے والے سیاحوں نے انکشاف کیا ہے کہ ہوٹل مالکان برف باری میں پھنسنے والے سیاحوں کو بے رحمی سے لوٹتے رہے، اور کمرے کا کرایہ 50 ہزار روپے تک بڑھا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مری میں پھنسنے والے سیاحوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہوٹل مالکان نے کمرے کا کرایہ 50 ہزار تک بڑھا دیا ہے، سیاحوں سے کمرے کا کرایہ 50 ہزار لیا جاتا رہا، پیسے نہ ہونے پر ہم گاڑیوں میں پھنسے رہے۔

    واضح رہے کہ مری میں شدید برف باری کے باعث ہزاروں سیاح گاڑیوں میں پھنسے ہوئے ہیں، جنھیں نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جب کہ 22 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جی ڈی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گلیات، نتھیاگلی، ایوبیہ، چھانگلہ گلی میں 10 ہزار سے زائد سیاح اس وقت موجود ہیں، اور زیادہ تر فیملیز ہیں، مری روڈ کھلنے کے بعد ہی یہ سیاح ہوٹلز سے نکل سکیں گے۔

    حویلی لکھا کی بھی ایک فیملی مری میں پھنس گئی ہے، 7 افراد پر مشتمل فیملی کلڈانہ چوک واپڈا ریسٹ ہاؤس میں موجود ہے، شہری فرقان نے بتایا کہ ہوٹل انتظامیہ نے فیملی کو ہوٹل چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے، اور انتظامیہ رابطے کے باوجود مدد نہیں کر رہی، میری فیملی کے علاوہ مزید 3 فیملیز بھی ہیں، متاثرین کی تعداد 25 کے قریب ہے، ہمیں ریسکیو کیا جائے۔

    پاک فضائیہ کا سیاحوں کو نکالنے کیلئے ہیلی کاپٹر آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ

    مری میں برف باری میں جاں بحق 2 افراد کوٹ لکھپت کے رہائشی تھے، 31 سال کے معروف اور 40 سال کے ظفر جمعرات کو مری گئے تھے، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان سے رات 12 بجے سے رابطہ منقطع تھا، صبح کال کی جو ریسکیو اہل کار نے اٹھائی اور اموات سے آگاہ کیا۔

    مری برفباری میں جاں بحق ہونے والا محمد اشفاق کامونکی کا رہائشی تھا، اشفاق اور اس کے ساتھیوں کی آخری ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی ہے، متوفی اشفاق کامونکی نئی آبادی میں رہائش پذیر تھا، اشفاق اور اس کے لاہور کے رہائشی 2 دوست اکٹھے مری گئے تھے۔

    مری کے کشمیر پوائنٹ پر نارووال کی فیملی پھنس گئی

    ادھر ترجمان پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ مری کی 90 فی صد سڑکیں کلیئر کرا لی گئی ہیں، گاڑیوں میں سے بچوں اور فیملیز کو نکال لیا گیا ہے، جنھیں سرکاری گیسٹ ہاؤس اور محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، شہریوں کو خوراک، ادویات، گرم کپڑے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

    ترجمان پولیس کے مطابق مری میں ایک لاکھ 57 ہزار 665 گاڑیاں داخل ہوئیں، جب کہ کل شام تک مری سے ایک لاکھ 23 ہزار 920 گاڑیاں باہر گئیں، اور کل تک مری میں 33 ہزار 745 گاڑیاں موجود تھیں، مری میں اس وقت سیاحوں کی خالی گاڑیاں برف میں پھنسی ہیں، ایکسپریس ہائی وے مکمل طور پر کلیئر ہے، پرانا جی ٹی روڈ پر ٹریفک آہستہ آہستہ چل رہی ہے، کلڈنہ سے باڑیاں تک روڈ سے برف ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔

  • مری کے کشمیر پوائنٹ پر نارووال کی فیملی پھنس گئی

    مری کے کشمیر پوائنٹ پر نارووال کی فیملی پھنس گئی

    مری: پاکستان کے سیاحتی مقام مری کے کشمیر پوائنٹ پر نارووال کی ایک فیملی پھنس گئی ہے، فیملی نے حکومت سے مری سے نکالنے کے لیے مدد کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مری میں شدید موسم کے دوران تاریخی برف باری کی وجہ سے بڑا سانحہ پیش آیا ہے، ہزاروں لوگ مری کے سیاحتی مقام پر پھنسے ہوئے ہیں، جب کہ اب تک 22 افراد سردی سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

    مری میں اموات کاربن مونو آکسائیڈ گیس جمع ہونے سے ہوئیں، اس بات کی سرکاری سطح پر تصدیق کر دی گئی ہے۔

    ایسے حالات میں جہاں متاثرین کو ریسکیو کرنے کے لیے وسیع سطح پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، وہاں اے آر وائی نیوز بھی متاثرین کی آواز بن گیا ہے، مری کے کشمیر پوائنٹ پر پنجاب کے شہر نارروال کا ایک خاندان پھنس گیا ہے، اے آر وائی نیوز نے اس خاندان کی وزیر داخلہ شیخ رشید سے بات کروا دی ہے۔

    ‘مری میں جاں بحق ہونے والا اے ایس آئی نوید اقبال آخری وقت تک مدد کیلئے پکارتا رہا’

    شیخ رشید نے متاثرہ فیملی کی 10 منٹ میں مدد کی یقین دہانی کرائی، شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں متاثرین کے لیے امدادی ٹیم بھیجنے کا اعلان بھی کیا۔

    مری کے کشمیر پوائنٹ پر پھنسی نارووال کی فیملی نے اپیل کی کہ حکومت انھیں مری سے نکالنے کے لیے مدد کرے، فیملی کی ایک بچی نے بتایا کہ وہ 40 گھنٹوں سے وہاں پھنسے ہوئے ہیں اور کھانے پینے کو کچھ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ خواتین اور بچوں سمیت کشمیر پوائنٹ پر 16 افراد پھنسے ہوئے ہیں۔

    شیخ رشید نے انھیں جواب دیا کہ 10 منٹ میں ایس پی اور ریسکیو اہل کاروں کو بھیجتا ہوں، آپ بتائیں کس جگہ پھنسے ہیں۔

  • سیرو تفریح کیلئے مری جانیوالے  اسلام آباد کے اے ایس آئی خاندان سمیت جاں بحق

    سیرو تفریح کیلئے مری جانیوالے اسلام آباد کے اے ایس آئی خاندان سمیت جاں بحق

    مری: سیرو تفریح کیلئے مری جانیوالے اسلام آباد کے اے ایس آئی خاندان سمیت جاں بحق ہوگئے ، اے ایس آئی نویداقبال تھانہ کوہسارمیں تعینات تھے۔

    تفصیلات کے مطابق شدید برفباری کے باعث مری میں پیش آنے سانحے میں اے ایس آئی نوید اقبال خاندان سمیت جاں بحق ہوگئے ، اےایس آئی نویداقبال اپنے بچوں،ہمشیرہ، بھانجوں کے ہمراہ سفرکر رہے تھے۔

    جاں بحق افراد میں اے ایس آئی نویداقبال اور ان کی ہمشیرہ ، 18سالہ بیٹی شفق، 14سالہ دعا،10سالہ اقرا،5سالہ احمد ، 2سالہ بھانجا اور 9سالہ بھتیجا شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مری میں جاں بحق فیملی اسلام آبادپولیس آفیسرکی تھی، اے ایس آئی نوید اقبال تھانہ کوہسارمیں تعینات تھے۔

    اس سانحے کے بعد اے ایس پی کوہسار،ایس ایچ او لواحقین کے گھرمیں موجود ہیں ، آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس کا کہنا ہے کہ پولیس کڑے وقت میں لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے، مرحوم اےایس آئی کےلواحقین سےتعاون کیا جائے گا۔

    اسلام آبادپولیس راولپنڈی انتطامیہ کےساتھ رابطےمیں ہے، پولیس کی ایمبولینسں مرحوم اے ایس آئی اور فیملی کی میتیں لینے مری روانہ کردی گئیں ہیں ، ٹیم کے ہمراہ تین ایمبولینسز بھجوائی گئی ہیں۔

    اسلام آباد لانے کے بعد میتوں کوآبائی علاقے چکوال منتقل کیا جائے گا۔

  • پنجاب حکومت کا مری میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان

    پنجاب حکومت کا مری میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان

    لاہور : پنجاب حکومت نے مری میں ایمرجنسی کےنفاذکااعلان کردیا اور ریسٹ ہاؤسز اور سرکاری اداروں کو سیاحوں کیلئے کھولنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے مری میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے اپناہیلی کاپٹربھی ریسکیوسرگرمیوں کےلئے دے دیا۔

    عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ تمام اداروں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے اسپتالوں میں ہنگامی حالت کانفاذکیاگیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکالنا پہلی ترجیح ہے، مری میں ریسٹ ہاؤسزاورسرکاری اداروں کوسیاحوں کیلئےکھول دیاگیا ہے اور ڈی جی ریسکیو کو مری جا کر ریسکیو آپریشن لیڈکرنےکی ہدایت کی گئی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سیاحوں کونکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن کومزیدتیزکردیاگیاہے اور سیاحوں کوکھانےپینےکی اشیااورضروری امدادی سامان فراہم کیا جارہا ہے۔

    عثمان بزدار نے مزید کہا جاں بحق افرادکےلواحقین کےغم میں برابرکےشریک ہیں جبکہ امدادی سرگرمیوں کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

  • مری میں اوورسیز پاکستانی خاتون کے پلاٹ پر دوبارہ قبضہ، وزیراعظم سے مدد کی اپیل

    مری میں اوورسیز پاکستانی خاتون کے پلاٹ پر دوبارہ قبضہ، وزیراعظم سے مدد کی اپیل

    مری : وزیر اعظم عمران خان کے نوٹس کے بعد کمشنر ،ڈی سی راولپنڈی نے مری میں اوورسیز پاکستانی خاتون کو زمین کا قبضہ واپس دلادیا تاہم ضلعی انتظامیہ کےجانے کے بعد پلاٹ پر دوبارہ قبضہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے مری میں اوورسیز پاکستانی خاتون کی زمین پر قبضے کے معاملے کا نوٹس لینے کے بعد کمشنر ،ڈی سی راولپنڈی نے مری میں خاتون کو زمین کا قبضہ واپس دلادیا۔

    ذرائع ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قبضہ میں ملوث راجہ حنیف اور بیٹے کیخلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے ، پولیس کی مدد سے خاتون کو اراضی کا قبضہ دلایاگیا۔

    اوورسیز پاکستانی خاتون حاجرہ پروین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی مشکور ہوں کہ فریاد سنی ، وزیر اعظم قبضہ گروپ کے خلاف بھرپور ایکشن لیں۔

    دوسری جانب مری میں اوورسیز پاکستانی متاثرہ خاتون نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کےافسران کے جانے کے بعددوبارہ قبضہ ہوگیا، راجہ حنیف اور اسکے ساتھیوں نے رشتے داروں پرحملہ کیا۔

    حجرہ پروین نے کہا کہ پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ، ہم زخمی ہیں فوری مدد کی جائے۔

    گذشتہ روز مری میں اوورسیز پاکستانی خاتون کی زمین پر قبضے پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیا تھا ، جس کے بعد وزیراعظم آفس میں قائم سیٹیزن پورٹل کے زریعے فوری طور پر خاتون سے رابطہ کیا گیا اور وزیراعظم کےنوٹس پرمقامی انتظامیہ کی بھی دوڑیں لگ گئیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ قبضہ کرنے والےافراد حکومتی شخصیت کے قریبی رشتہ دارہیں جبکہ حکومتی شخصیت نے معاملےسے اظہار لاتعلقی کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔

  • مری میں سیاحوں کی فیملی کے ساتھ بد تمیزی، خواتین پر تشدد

    مری میں سیاحوں کی فیملی کے ساتھ بد تمیزی، خواتین پر تشدد

    راولپنڈی: ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں پر تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا، ایک ریسٹورنٹ میں تلخ کلامی پر عملے نے سیاحوں کی فیملی پر دھاوا بول کر انھیں تشدد کا نشانہ بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مری ایکسپریس وے ریسٹورنٹ میں معمولی تلخ کلامی پر سیاحوں پر تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے، فیصل آباد سے سیر کے لیے آنے والی فیملی پر ریسٹورنٹ عملے نے دھاوا بول دیا۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ریسٹورنٹ میں سیاحوں کی فیملی کی عملے کے ساتھ معمولی تلخ کلامی ہوئی، جس پر عملہ ان کے ساتھ بدتمیزی پر اتر آیا، انھوں نے سیاحوں پر تشدد بھی شروع کر دیا۔

    سیاحوں کے ساتھ لڑائی جھگڑے کے باوجود حسب معمول مقامی انتظامیہ اور پولیس غائب رہی، ریسٹورنٹ میں عملے کے تشدد سے علی توقیر نامی سیاح زخمی ہوا، جنھیں تعلقہ ہیڈکوارٹر اسپتال مری منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہیں۔

    اسپتال میں زیر علاج سیاح علی توقیر کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹ کے عملے نے ان پر تشدد کیا، عملے نے ان کے ساتھ موجود خواتین کو بھی نہیں بخشا اور انھیں مار پیٹ کا نشانہ بنایا۔ خیال رہے کہ مری میں سیاحوں سے بدتمیزی اور مار پیٹ معمول بن چکا ہے۔

    پولیس نے ملکہ کوہسار مری میں سیاح فیملی پر تشدد کے معاملے میں گلوریا جینز ریسٹورنٹ کے منیجر سمیت 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ فیملی کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع پولیس کو بھی دی گئی تھی لیکن پولیس موقع پر نہیں پہنچی۔

    ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مری میں سیاحوں پر تشدد کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے، انھوں نے کمشنر راولپنڈی اور آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی، وزیر اعلیٰ نے تشدد کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم بھی دیا۔

    عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ ذمہ داروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے، اور متاثرہ افراد کو انصاف فراہم کیا جائے، سیاحتی مقامات پر ایسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں، پولیس سیاحتی مقامات پر تواتر کے ساتھ گشت کرے۔

  • مری میں خوں خوار چیتے نے موٹر سائیکل سواروں پر حملہ  کر دیا، زخمیوں کی شدید مزاحمت

    مری میں خوں خوار چیتے نے موٹر سائیکل سواروں پر حملہ کر دیا، زخمیوں کی شدید مزاحمت

    راولپنڈی: مری کے علاقے میں ایک خوں خوار چیتے نے اچانک موٹر سائیکل سواروں پر حملہ کر کے انھیں شدید زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مری میں کلڈنہ کے نواحی علاقے سندھیاں روڈ پر گزشتہ روز چیتے نے 2 افراد پر حملہ کر دیا، چیتے کے حملے سے موٹر سائیکل سوار نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔

    زخمی ہونے والے افراد کی شناخت مراد علی اور مدثر عباسی کے ناموں سے ہوئی ہے، مراد علی کا تعلق گاؤں سندھیاں سے جب کہ مدثر عباسی کا تعلق سترہ میل سے ہے۔

    رپورٹس کے مطابق چیتے کے حملے کے بعد دونوں افراد نے شدید مزاحمت کی، جس کے باعث ان کی جانیں بچ گئیں اور چیتے کو انھیں زخمی حالت میں چھوڑ کر بھاگنا پڑا۔

    ذرایع کے مطابق سندھیاں روڈ پر دو افراد موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ ایک چیتے نے اچانک ان پر حملہ کر دیا، اچانک حملے سے انھیں سنبھلنے کا موقع بھی نہ مل سکا جس کے باعث چیتے نے انھیں زخمی کر دیا، تاہم مزاحمت کی وجہ سے چیتے کو بھاگنا پڑا۔

    ایبٹ آباد میں چیتے کا حملہ، 8 سالہ بچہ جاں بحق

    مقامی لوگوں نے موقع پر پہنچ کر دونوں زخمی افراد کو تعلقہ ہیڈ کوارٹر اسپتال مری منتقل کر دیا، جہاں انھیں طبی امداد دے رخصت کر دیا گیا۔

    واضح رہے کہ مری میں اس سے قبل بھی چیتے مقامی لوگوں پر متعدد بار حملے کر چکے ہیں، جن میں کئی افراد زخمی ہوئے۔

    گزشتہ برس مارچ میں ایک جنگلی چیتے نے خیبر پختون خواہ کے ہزارہ ڈویژن میں حملے کر کے 8 سالہ سفیان نامی بچے کی جان لی تھی، ایبٹ آباد کے نواحی پہاڑی علاقے نملی میرا کا رہائشی 8 سالہ سفیان گھر کے قریب کھیل رہا تھا کہ اچانک اُس پر جنگلی چیتے نے حملہ کیا۔

  • مری: جرائم اور سیاحوں کیساتھ بدسلوکی کے پیش نظر پنجاب حکومت کا اہم اقدام

    مری: جرائم اور سیاحوں کیساتھ بدسلوکی کے پیش نظر پنجاب حکومت کا اہم اقدام

    لاہور: مری میں بڑھتے ہوئے جرائم اور سیاحوں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات کے بعد پنجاب حکومت نے ڈولفن فورس تعینات کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈولفن فورس کو تعینات کیا گیا، ڈولفن فورس ناصرف سیاحوں اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرے گی، بلکہ ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔

    تعنیاتی کے فوری بعد ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے مری میں گشت بھی شروع کردیا۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے یہ اقدام سیاحوں پر حالیہ تشدد کے بعد اٹھایا گیا۔

    گذشتہ سال مری میں ہوٹل مالکان کی طرف سے سیاحوں کے ساتھ بدسلوکی کے متعدد واقعات رونما ہوئے تھے۔ تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد سیاحوں کی جانب سے مری کے بائیکاٹ کی مہم بھی چلائی گئی۔

    ان واقعات میں سوشل میڈیا پر خواتین سیاحوں پر بھی تشدد کی ویڈیوز سامنے آئی تھیں۔ تاہم ڈولفن فورس کی تعنیاتی سے اب مری میں سیاحت کے فروغ میں مدد مل سکے گی۔

    مری میں پہلی برفباری، سیاحوں نے ملکہ کوہسار کا رخ کرلیا

    وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق سیاحوں کی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں سیاحوں پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، مری کے مقام پر متعدد نامعلوم افراد نے گاڑی میں بیٹھی فیلمی پر دھاوا بول دیا تھا۔

  • افغانستان میں قیام امن کے لیے لاہور پراسیس کے نام سے پہلی کانفرنس آج بھوربن میں ہورہی ہے

    افغانستان میں قیام امن کے لیے لاہور پراسیس کے نام سے پہلی کانفرنس آج بھوربن میں ہورہی ہے

    اسلام آباد: افغانستان میں قیام امن کے لیے لاہور پراسیس کے نام سے پہلی کانفرنس آج بھوربن مری میں ہورہی ہے، کانفرنس میں افغانستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین شریک ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی آج بھوربن لاہور پراسیس نام سے افغان امن کانفرنس کی افتتاحی نشست سے خطاب کریں گے۔ کانفرنس میں افغانستان کی 18 سیاسی جماعتوں وگروپس کے 57 مندوبین شریک ہوں گے۔

    حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار، استاد عطا نور، افغان امن جرگہ کے سربراہ کریم خلیلی اور ازبک رہنما رشید دوستم سمیت افغانستان کے متعدد سینیٹرز، ارکان اسمبلی بھی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔

    کانفرنس میں رابطوں، تجارت، معیشت اور صحت سمیت مختلف شعبوں پرغور کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ افغان پناہ گزینوں کی اپنے ملک واپسی کا بھی جائزہ لیا جائے گا جو گزشتہ 4 دہائیوں سے پاکستان میں رہائش پذیر ہیں۔

    لاہور پراسیس کے نام سے یہ کانفرنس پاکستان اور افغانستان کے عوام کے درمیان رابطوں میں اضافے کا موقع فراہم کرے گی اور اس سے دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان اعتماد سازی میں اضافہ ہوگا۔

    صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی پاکستان افغان امن کانفرنس کے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔ کانفرنس کے شرکاء وزیراعظم پاکستان سے بھی ملاقات کریں گے۔

  • کوئٹہ اور مری میں برفباری : چٹانوں نے سفید چادر اوڑھ لی، خوبصورت مناظر سج گئے

    کوئٹہ اور مری میں برفباری : چٹانوں نے سفید چادر اوڑھ لی، خوبصورت مناظر سج گئے

    کوئٹہ / مری : موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد مضافاتی علاقوں اور پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، مری، اور کوئٹہ میں برفباری نے سنگلاخ چٹانوں پر خوبصورت مناظر سجادئیے، ناران، کاغان، اسکردو، استور،ہنزہ اور مالاکنڈ فریزر بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ پر قدرت مہربان ہوگئی، جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کوئٹہ اور مری میں ہلکی جبکہ مضافات میں زبردست برفباری کے بعد خشک درخت اور پہاڑ برف کے گالوں سے ڈھک گئے۔

    چار سے پانچ انچ تک پڑی برف نے سردی کی شدت مزید بڑھادی اور شہریوں کی قلفی جمادی ،درجہ حرارت منفی تین پر پہنچ گیا۔ موسم سرما کی پہلی برفباری نے سنگلاخ چٹانوں پر خوبصورت مناظر سجادئیے تو شہریوں نے مضافات سیاحتی مقامات کوہ چلتن، کوہ مردار اور اسپین کاریز کا رخ کرلیا۔

    خوشی میں دیوانے شہری ہلہ گلہ کرنے تفریحی مقامات کی جانب نکل پڑے، بچے بڑے سبھی ہلہ گلہ کرتے رہے، بارش اور برفباری سے جہاں شہریوں کو تفریح کا موقع ملا وہیں ، خشک سالی سے پریشان زمیندار اور باغبانوں میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، ۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں ہلکی برفباری کے علاوہ 3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی میں موسم خشک اور شدید سرد رہنے کا امکان ہے، اس کے علاوہ کوئٹہ کے ٹھنڈے موسم کا اثر کراچی پر بھی ہونے لگا جہاں سردی بڑھ گئی۔