Tag: مزار قائد

  • عظیم قائد کے مزار پر حاضری باعث اعزاز ہے: امریکی ناظم الامور

    عظیم قائد کے مزار پر حاضری باعث اعزاز ہے: امریکی ناظم الامور

    کراچی: امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر نے کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی اور قائد کی قبر پر گل دستہ رکھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر نے گزشتہ روز مزار قائد پر حاضری دیتے ہوئے مہمانوں کی کتاب پر اپنے قیمتی تاثرات درج کیے۔

    اینجلا ایگلر نے کہا کہ جمہوریت، رواداری اور برداشت میں یقین رکھنے والے عظیم قائد کے مزار پر حاضری ان کے لیے باعث اعزاز ہے۔

    امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر مزار قائد پر حاضری دے رہی ہیں

    انھوں نے کہا امریکا اور پاکستان کے درمیان پائیدار تعلقات کی بنیاد رکھنے والے اس مدبر کو امریکی عوام کی جانب سے خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔

    اینجلا ایگلر نے اس موقع پر شہید ملت لیاقت علی خان اور مادر ملت فاطمہ جناح اور سردار عبد الرب نشتر کے مزار پر بھی حاضری دی۔

    امریکی ناظم الامور نے مزار قائد کی طرز تعمیر کی تعریف کرتے ہوئے اس سے متاثر ہونے کا بھی اظہار کیا۔

    فلپائن کے تین جزائر کی ملکہ مزار قائد پہنچ گئیں

    یاد رہے کہ رواں برس فروری میں فلپائن کے تین جزائر کی ملکہ سلطانہ ماریہ بھی کراچی کے دورے پر جب آئیں تو انھوں نے سب سے پہلے مزار قائد پر حاضری دی۔

    ملکہ نے مزار قائد پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور فلپائن میں سیاحتی سماجی تعلقات بہتر بنانے کی ضرورت ہے، اب میری کوشش ہوگی کہ فلپائن کے لوگوں کو پاکستان بھیجوں۔

  • مزار قائد، مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقاریب

    مزار قائد، مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقاریب

    کراچی: پاکستان کی 74 ویں جشن آزادی کے موقع پر مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقاریب منعقد کی گئیں، اور 21،21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں مزار قائد پر اعزازی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد کی گئی، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈ کے فرائض سنبھال لیے، تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور مشتاق احمد تھے۔

    لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی، مزار اقبال پر پاک فوج کے دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، پاک فوج کے دستے نے رینجرز کی جگہ لی ہے، جنرل آفیسر کمانڈنگ لاہور تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    پاکستان کا 73واں جشن آزادی، ملک بھر میں چودہ اگست کا شاندار استقبال

    لاہور میں یوم آزادی پر دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا، محفوظ شہید گیریژن میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے 21 توپوں کی سلامی پیش کی۔

    کوئٹہ میں دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا، کوئٹہ میں یوم آزادی کی مناسبت سے مرکزی تقریب بلوچستان اسمبلی میں ہوگی، تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال ہوں گے، تقریب میں وزرا، اراکین اسمبلی اور دیگر حکام شرکت کریں گے، بلوچستان اسمبلی میں تلاوت کلام پاک کے بعد 2 منٹ کی خاموشی ہوگی، جس کے بعد پرچم کشائی ہوگی۔

    پشاور میں یوم آزادی کے سلسلے میں کرنل شیر خان شہید اسٹیڈیم میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

    خیال رہے کہ آج ملک بھر میں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں یوم آزادی کی تقریبات شروع ہو گئی ہیں۔

    کراچی میں مزار قائد کے احاطے اور اطراف میں ڈرون کیمرہ اڑانے پر پابندی عائد کی گئی ہے، ڈی آئی جی سیکورٹی سروسز نے کہا ہے کہ مزار کے احاطے اور اطراف میں ڈرون نہ اڑایا جائے، اڑنے والے ڈرون کیمرے کو گرا دیا جائے گا۔

  • کرونا وائرس: مزار قائد عوام کے لیے بند

    کرونا وائرس: مزار قائد عوام کے لیے بند

    کراچی: کرونا وائرس کے سبب مزار قائد اور باغ قائد اعظم کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مزار قائد انتظامیہ نے کرونا وائرس کے باعث مزار قائد اور باغ قائد اعظم کو عوام کے لیے بند کر دیا، مزار قائد شہریوں کیلئے تاحکم ثانی بند رہے گا، باغ جناح میں کسی قسم کا اجتماع ، کھیل کی سرگرمیاں نہیں ہوسکتیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے کیسز بڑھیں گے ہم سب کو معلوم ہے۔

    کرونا وائرس کے کیسز بڑھیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ نے خدشہ ظاہرکردیا

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں 27 اور سکھر میں اس وقت تک کروناوائرس کے 61 کیس ہوگئے، سندھ میں کروناوائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 88 جبکہ ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 114ہوگئی۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ میری ذاتی رائے ہے چائے خانے اور ریسٹورنٹس بند ہونے چاہئیں، لوگ بلا وجہ باہر نہ نکلیں، زیادہ سے زیادہ گھروں میں رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ افواہیں پھیلانے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن لیں گے۔

    کروناوائرس: کراچی کی3 بڑی تفریحی گاہیں بند کرنے کا اعلان

    اس سے قبل 14 مارچ کو کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) نے کرونا وائرس کے باعث کراچی کی 3 بڑی تفریحی گاہیں بند کر نے کا اعلان کیا تھا۔ چڑیاگھر، لانڈھی زو، سفاری پارک کو عوام کے لیے بندکر دیا گیا۔

  • مزار قائد پر ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے والا گروہ گرفتار

    مزار قائد پر ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے والا گروہ گرفتار

    کراچین: مزار قائد پر ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے والے مبینہ ملزم اسد سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مزار قائد کے مینجمنٹ بورڈ نے ایکشن لیتے ہوئے مزار پر ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے والے گروہ کو گرفتار کر لیا۔
    سیکورٹی نےمبینہ ملزم اسد اور دیگرملزمان کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا۔ مبینہ ملزمان مزار قائد پرٹک ٹاک ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتے تھے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں لڑکی مزار قائد کے سامنے سنگ مرمر سے بنے فرش پر رقص کر رہی تھی تاہم لڑکی کے چہرے پر نقاب ہونے کے باعث اس کی شکل نظر نہیں آ رہی۔ ویڈیو کی فلم بندی کے دوران عقب میں شہری بھی موجود تھے۔

    ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہریوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی شہریوں کا کہنا تھا کہ اس عمل کے ذریعے مزار قائد کے تقدس کو پامال کیا گیا۔

  • فلپائن کے تین جزائر کی ملکہ مزار قائد پہنچ گئیں

    فلپائن کے تین جزائر کی ملکہ مزار قائد پہنچ گئیں

    کراچی: فلپائن کے تین جزائر کی ملکہ سلطانہ ماریہ کراچی کے دورے پر پہنچ گئی ہیں، کراچی پہنچنے کے بعد ملکہ ماریہ امور نے مزار قائد پر حاضری دی۔

    تفصیلات کے مطابق سفر کی ملکہ کے لقب سے دنیا بھر میں مشہور فلپائن کے کئی جزائر کی ملکہ کراچی کے دورے پر پہنچ گئی ہیں، آتے ہی انھوں نے بانئ پاکستان کے مزار پر حاضری دی۔

    ملکہ سلطانیہ ماریہ نے کراچی کے لیے روانگی سے قبل سوشل میڈیا پر اطلاع دی کہ وہ کراچی کے میئر کی دعوت پر پاکستان جا رہی ہیں۔

    ملکہ نے مزار قائد پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور فلپائن میں سیاحتی سماجی تعلقات بہتر بنانے کی ضرورت ہے، اب میری کوشش ہوگی کہ فلپائن کے لوگوں کو پاکستان بھیجوں۔

    ملکہ سلطانہ ماریہ نے کہا پاکستان سیاحت کے لیے بہترین ملک ہے، پہلی بار پاکستان آئی ہوں اور میں نے پایا کہ یہاں کے لوگ مہمان نواز اور خوش مزاج ہیں، حکومت پاکستان اور فلپائن حکومت مل کر کام کر سکتے ہیں۔

    فلپائن کے جزائر کی ملکہ نے کشمیر کے مسئلے پر بھی بات کی، انھوں نے کہا کہ کشمیر سیاسی مسئلہ ہے اس لیے بات چیت کے ذریعے ہی اسے حل ہونا چاہیے۔

    خیال رہے کہ ملکہ ماریہ امور کو بین الاقوامی سطح پر انسانی ہم دردی کے کاموں کے لیے سلیبڑیٹی مانا جاتا ہے، وہ سفارت کاری بھی کرتی ہیں، ٹی وی ہوسٹ بھی ہیں، فیشن ڈیزائنر اور پروڈیوسر بھی ہیں، آرٹ سے بھی گہرا تعلق ہے۔

  • چیف جسٹس کی مزار قائد پر حاضری

    چیف جسٹس کی مزار قائد پر حاضری

    کراچی: چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس گلزار احمد نے مزار قائد پر حاضری دی جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور مزار پر پھول رکھے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس گلزار احمد صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی پہنچے جہاں انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی۔

    چیف جسٹس نے مزار قائد پر حاضری کے دوران فاتحہ خوانی کی اور مزار پر پھول رکھے۔ چیف جسٹس نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے۔

    خیال رہے کہ جسٹس گلزار نے چیف جسٹس بننے کے بعد کراچی کا پہلا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے 21 دسمبر کو بطور چیف جسٹس اپنے ہعدے کا حلف اٹھایا تھا۔

    جسٹس گلزار یکم فروری 2022 تک پاکستان کے چیف جسٹس کے عہدے پر براجمان رہیں گے۔

    جسٹس گلزار کو دیوانی، بینکنگ اور کمپنی قوانین میں مہارت حاصل ہے۔ ان کے بارے میں عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ جسٹس گلزار احمد کے چیف جسٹس بننے کے بعد سپریم کورٹ میں ایک مرتبہ پھر سے جوڈیشل ایکٹو ازم نظر آئے گا۔

    بطور چیف جسٹس اپنی نامزدگی کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس گلزار نے کہا تھا کہ وکلا اور عدالتی مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا، ڈسٹرکٹ کورٹ کے حالات دیکھ کر افسوس اور شرمندگی ہوئی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ایک چیمبر میں چار سے پانچ ججز بیٹھے ہیں، اپنے وقت میں ایسی ڈسٹرکٹ کورٹس کی حالت نہیں دیکھی تھی۔ بار سے منسلک تمام مسائل کو 21 دسمبر کے بعد سے حل کرنا شروع کروں گا۔

  • آرمی چیف کی مزار قائد پر حاضری

    آرمی چیف کی مزار قائد پر حاضری

    کراچی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ بابائے قوم نے پاکستان دو قومی نظریے پربنایا، آج دوقومی نظریے کا سب اعتراف کر رہے ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزار قائد پر حاضری دی، بابائے قوم کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

    پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ بابائے قوم نے پاکستان دو قومی نظریے پربنایا، آج دوقومی نظریے کا سب اعتراف کر رہے ہیں، قیام پاکستان کے لیے قائد کا جتنا بھی شکریہ ادا کیا جائے کم ہے۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ انتہائی مشکل حالات میں بھی ہر پاکستانی متحد رہا، اقلیتوں نے بھی بلا تفریق مشکلات میں ساتھ دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم کے وژن سے ہمیشہ رہنمائی لیتے رہیں گے، قائد کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں پر چلتے رہیں گے۔

    قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کا 144 واں یومِ ولادت آج منایا جا رہا ہے

    واضح رہے کہ آج ملک بھر میں قائدِ اعظم محمد علی جناح کا 144 واں یومِ پیدائش مِلّی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

  • گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ کی مزار قائد پر حاضری

    گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ کی مزار قائد پر حاضری

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کی سوچ الگ ہوسکتی ہے لیکن دونوں ملکی ترقی چاہتی ہیں، 27 دسمبر کو وزیر اعظم کراچی آرہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم سے اسلام آباد میں ہونے والی میٹنگ مثبت رہی، امید ہے وزیر اعلیٰ سندھ صوبے کے منصوبوں پر تعاون کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کی سوچ الگ ہوسکتی ہے لیکن دونوں ملکی ترقی چاہتی ہیں، 27 دسمبر کو وزیر اعظم آ رہے ہیں، وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے خواہش مند ہیں۔

    گورنر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی اقلیتی برادری کا خیال رکھا ہے، بھارت کا سیکولر ازم کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے۔ ساری دنیا دیکھ رہی ہے کہ بھارت میں کیا چل رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گرین لائن کے آغاز کی تاریخ ابھی نہیں دی جاسکتی، وزیر اعلیٰ کی وزیر اعظم سے ملاقات کو آئس بریکنگ سمجھتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں اقدام سے بہتری آئے گی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بربریت کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کے بعد پورے بھارت میں مسلمانوں پر ظلم کیے جا رہے ہیں۔ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف مظالم کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ فیڈرل گورنمنٹ کو درخواست کی بھارتی ظلم و بربریت کو عالمی فورم پر اٹھائیں، تمام اسلامی ممالک کو مسلمانوں پر مظالم کے خلاف متحد ہونا چاہیئے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیر اعظم عمران خان نے سی سی آئی کا طویل اجلاس کیا۔ جس صوبے سے گیس نکلے اس کے وسائل پر پہلا حق اسی صوبے کا ہوتا ہے۔ اٹارنی جنرل نے پانی کی تقسیم سے متعلق اجلاس میں رپورٹ بھی پیش کی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی کراچی آمد کی مجھے کوئی اطلاع نہیں، بحیثیت وزیر اعلیٰ میرا فرض ہے وزیر اعظم کے استقبال کے لیے جاؤں۔ پہلے جب آیا کرتے تھے تو بتایا جاتا تھا، لیکن اب وزیر اعظم کی آمد کا نہیں بتایا جاتا۔

  • مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

    مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

    کراچی: بانی پاکستان محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان محمد علی جناح کے 144 ویں یوم پیدائش کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔

    کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجر جنرل محمد علی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    پی ایم اے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ گارڈ کے دستے میں خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں۔

    تقریب کے دوران پاک فضائیہ کا دستہ گارڈز کے فرائض سے سبکدوش ہوا۔ گارڈز نے کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجر جنرل محمد علی کو بھی سلامی دی۔

    تقریب کے آخر میں بابائے قوم کو اعزازی سلام پیش کیا گیا۔ میجر جنرل محمد علی نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

    خیال رہے کہ آج ملک بھر میں قائد اعظم محمد علی جناح کا 144 واں یوم پیدائش ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

  • مزار قائد کو گلابی روشنی سے کیوں منور کیا گیا؟

    مزار قائد کو گلابی روشنی سے کیوں منور کیا گیا؟

    کراچی: پاکستان میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی مہم کے سلسلے میں آج مزار قائد کو گلابی روشنی سے منوّر کیا گیا، اس سلسلے میں ایک تقریب بھی منعقد کی گئی جس سے خاتون اوّل ثمینہ علوی نے خطاب کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چھاتی کینسر سے متعلق پاکستان میں مہم چلائی جا رہی ہے، اس سلسلے میں کراچی میں مزار قائد کو گلابی روشنی میں نہلایا گیا۔

    آگاہی مہم کی تقریب خطاب کرتے ہوئے خاتون اول ثمینہ علوی نے کہا کہ اکتوبر پوری دنیا میں بریسٹ کینسر کی آگاہی کا مہینہ ہے، دنیا میں آگاہی پھیلنے سے 98 فی صد ریکوری ممکن ہو چکی ہے لیکن پاکستان میں 45 سے 50 فی صد مریض موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  بریسٹ کینسر کا علاج موجود ہے تاخیر نہیں کرنی چاہیے، خاتون اوّل

    ثمینہ علوی کا کہنا تھا کہ صدر پاکستان عارف علوی کو بھی اس مرض کی سنگینی سے آگاہ کیا گیا ہے، میں خواتین کی جانیں بچانے کے لیے آگاہی کے لیے کام کر رہی ہوں، دنیا میں آگاہی کی وجہ سے جلد تشخیص ہو جاتی ہے۔

    خاتون اوّل نے کہا کینسر میں مبتلا خواتین اس مرض کو چھپاتی ہیں، جس گھر کی عورت کو بریسٹ کینسر ہو وہ گھر ٹوٹ جاتا ہے، کم عمر بچیوں میں بھی یہ پھیل رہا ہے، مرد بھی اپنی بہنوں اور گھر کی خواتین کی مدد کریں۔

    انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں بھی چھاتی کے کینسر کی مکمل ریکوری کو ممکن بنایا جائے گا، جناح میں علاج کی سہولت ہے، علاج مہنگا ہے اس لیے نجی اسپتال بھی اس میں حصہ لیں، کراچی میں اور بھی 2 تین اسپتالوں میں علاج مہیا کیا جا رہا ہے۔