Tag: مزدور

  • اسلام آباد میں کنویں کے مالک کے خلاف قتل کے مقدمے کی درخواست

    اسلام آباد میں کنویں کے مالک کے خلاف قتل کے مقدمے کی درخواست

    اسلام آباد: ملک کے دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ کھنہ کی حدود میں کنویں کی صفائی کے دوران ایک مزدور جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کنویں کی صفائی کے دوران ایک مزدور کی جان چلی گئی، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مزدور کنویں کی صفائی کے دوران زہریلی گیس کا شکار ہوا۔

    نور زاد گل کی لاش کنویں سے نکال کر پمز اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، مزدور کے لواحقین نے کنویں کے مالک کے خلاف قتل کے مقدمے کی درخواست دے دی۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ کنویں کے مالک کو علم تھا کہ کنویں میں گیس ہے، مگر اس نے یہ بات چھپائی، واضح رہے کہ پچھلے سال بھی کنوئیں کی صفائی کے وقت گیس سے ایک مزدور انتقال کر گیا تھا۔


    اسلام آباد ائیرپورٹ کو شہید بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب کرنے کی قرارداد منظور


    ادھر شیخوپورہ میں ایک نجی پیپر فیکٹری میں زہریلی گیس پھیلنے سے 4 مزدور جاں بحق ہو گئے ہیں، ریسکیوحکام کے مطابق زہریلی گیس کے باعث 5 مزدوروں کی حالت غیر ہے جنھیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جاں بحق مزدوروں میں 40 سالہ عباس، 19 سالہ بلال، 30 سالہ علی حیدر، اور 20 سالہ شعیب شامل ہیں۔

    ایک اور افسوس ناک حادثے میں قصور کے علاقے الہ آباد میں ایک بچہ نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، مقامی افراد نے طلحہ کی لاش کو نہر سے تلاش کر کے نکالا، محنت کش عبدالجبار کا بیٹا طلحہ تیسری کلاس کا طالب علم تھا، واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ضلع قصور میں نہر میں نہانے پر دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے لیکن اس پرعمل درآمد نہیں کرایا جاتا۔

  • مریم نواز نے مزدوروں کی اجرت کے سلسلے میں بڑا قدم اٹھا لیا

    مریم نواز نے مزدوروں کی اجرت کے سلسلے میں بڑا قدم اٹھا لیا

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزدوروں کی فلاح کے لیے اہم منصوبوں کی منظوری دے دی، اور کم از کم ماہانہ اجرت 37 ہزار روپے یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب بھر میں لیبر کالونیاں بنانے کے لیے پلان طلب کر لیا ہے، اور صوبے بھر میں سوشل سیکیورٹی اسپتالوں کی ری ویمپنگ کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔

    لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد میں ’مریم نواز ویلنس سینٹر‘ بنیں گے، جہاں مریضوں کو اسکریننگ کے بعد بڑے اسپتال ریفر کیا جائے گا، لاہور ڈیفنس روڈ پر 200 بیڈ کے رحمت اللعالمین کارڈیالوجی سینٹر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے رحیم یار خان میں 50 بیڈ کے نئے سوشل سیکیورٹی اسپتال کی منظوری دے دی، انھوں نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے لیبر لاز میں ترامیم کی بھی ہدایت کی ہے، اس سلسلے میں مریم نواز نے صوبائی وزیر محنت فیصل ایوب سے مشاورتی اجلاس اور پلان طلب کر لیا ہے۔

    مرغی کا گوشت کتنے روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے؟

    مریم نواز نے اس موقع پر کہا محنت کش اللہ کے دوست ہیں، انھیں ناراض نہیں کر سکتے، پنجاب کو مزدوروں کی فلاح کے حوالے سے مثالی صوبہ بنانے کا عزم رکھتے ہیں، مزدور کی اجرت، علاج، بہتر روزگار اور اپنی چھت حکومت کی ذمہ داری ہے، کوئی مزدور بھوکا نہ سوئے، کسی کو دکھ اور پریشانی نہ ہو۔ انھوں نے کہا ہم مزدوروں کے بچوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع مہیا کر رہے ہیں۔

  • مزدور کو ایک ماہ کا بجلی کا بل 18 لاکھ 45 ہزار روپے آگیا

    مزدور کو ایک ماہ کا بجلی کا بل 18 لاکھ 45 ہزار روپے آگیا

    جہلم : مزدور کو ایک ماہ کا بجلی کا بل 18 لاکھ 45 ہزار روپے بھیج دیا گیا، مزدور کا کہنا ہے کہ ایک ہزارروپے دن کا کماتا ہوں، ساڑھے 18 لاکھ کہاں سےجمع کراؤں۔

    جہلم میں آئیسکو نے مزدور کو ایک ماہ کا بجلی کا بل 18 لاکھ 45 ہزار روپے بھیج دیا، دینہ لڈھر کے رہائشی مزدور نے گزشتہ ماہ 56ہزار کا بل ادھار لے کر جمع کرایا تھا۔

    شہری کا کہنا ہے کہ ایک ہزار روپےدن کا کماتا ہوں،ساڑھے18 لاکھ کہاں سےجمع کراؤں۔

    دوسری جانب متاثرہ شخص سےرابطہ کرنےکی کوشش کررہےہیں، بل اور یونٹس چیک کرکےاصل صورت حال بتائی جا سکتی ہے، اگر غلطی ہوئی تو بل درست کر دیا جائے گا۔

    آپریشن کی رقم بجلی کے بل میں ادا، خاتون مریضہ نے خودکشی کرلی (arynews.tv)

    آئی پی پیز : عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والے 40 خاندان کون ہیں؟ (arynews.tv)

  • پولیس نے بھتے کے لیے تاجروں کو کالیں کرنے والے مزدور کو دھر لیا

    پولیس نے بھتے کے لیے تاجروں کو کالیں کرنے والے مزدور کو دھر لیا

    کراچی: پولیس نے بھتے کے لیے تاجروں کو کالیں کرنے والے ایک مزدور کو پکڑ لیا ہے جس کے قبضے سے موبائل فون اور مختلف سم کارڈز برآمد ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کھارادر میں پولیس نے ایک کارروائی میں تاجروں کو دھمکا کر بھتہ وصولی کرنے والے ملزم فیصل کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم سے بھتہ وصولی میں استعمال موبائل فون اور مختلف سم کارڈز برآمد ہوئے۔

    ایس ایس پی امجد حیات نے بتایا کہ ملزم فیصل کا تعلق کسی گینگ وار سے نہیں، ملزم مزدور ہے اور از خود نیٹ ورک چلا رہا تھا، خوف و ہراس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ تاجروں کو دھمکیاں، بھتہ وصولی کی کوشش کر رہا تھا۔

    ایس ایس پی کے مطابق ملزم اب تک 4 سے 5 تاجروں کو بھتہ کے لیے کالز اور میسجز کر چکا ہے، وہ تاجروں کو کال کر کے 10 سے 15 لاکھ روپے بھتہ طلب کرتا تھا، تاجروں کو واٹس ایپ پر قتل سے متعلق ویڈیوز بھیج کر ڈراتا بھی تھا۔

    معلوم ہوا کہ ملزم فیصل ایرانی نمبر سے بھی بھتے کے لیے کال اور میسجز کر رہا تھا، پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • فیکٹری میں مزدور نے اپنے ساتھی کو بیدردی سے قتل کرکے لاش کو آگ لگا دی

    فیکٹری میں مزدور نے اپنے ساتھی کو بیدردی سے قتل کرکے لاش کو آگ لگا دی

    سکھر : فیکٹری میں مزدور نے اپنے ساتھی کو بیدردی قتل کرکے اس کی لاش کو آگ لگا دی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں فیکٹری میں کام کرنے والے دو مزدوروں کے درمیان جھگڑا ہوا، جس میں ایک مزدور مراد علی نے دوسرے مزدور محمد نواز کو قتل کردیا۔

    واقعہ سائیٹ تھانے کی حدود میں پیش آیا، پولیس نے بتایا کہ واقعہ سائیٹ تھانے کی حدود میں پیش آیا، دونوں مزدور گتہ بنانے والی فیکٹری میں ساتھ کام کرتے تھے، کسی بات پر دونوں میں جھگڑا ہوا جس پر ایک مزدور مراد علی مری نے دوسری مزدور محمد نواز کو رسی سے باندھ کر ڈنڈے مار کر بیدردی سے قتل کردیا۔

    مراد علی مری نے محمد نواز کو قتل کرنے کے بعد لاش کو بوری میں بند کر کے آگ لگا دی۔

    پولیس نے جلی ہوئی لاش کو تحویل میں لیکر ضروری کاروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا ہے جبکہ مزدور کے قتل میں ملوث ملزم مراد علی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

  • مٹی کا تودہ گرنے سے 3 مزدور ملبے تلے دب گئے، 15 گھنٹے بعد لاشیں برآمد

    مٹی کا تودہ گرنے سے 3 مزدور ملبے تلے دب گئے، 15 گھنٹے بعد لاشیں برآمد

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر میلسی میں مٹی کا تودہ گرنے سے 3 مزدور ملبے تلے دب گئے جن کی لاشیں 15 گھنٹے بعد نکالی جاسکیں۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے شہر میلسی میں مٹی کا تودہ گرنے سے 3 مزدور ملبے تلے دب گئے۔

    واقعے کے 15 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی امدادی کارروائیاں جاری رہیں اور مزدوروں کو نہیں نکالا جاسکا، تینوں مزدور دم گھٹنے سے اندر ہی دم توڑ گئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ہیوی مشینری کے ذریعے کھدائی مشکل ہو گئی تھی، ریسکیو ٹیم نے مینز پاورز سے 40 فٹ تک کھدائی کی اور بعد ازاں لاشوں کو باہر نکالا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبنے والے تینوں مزدور کم عمر اور ایک ہی خاندان سے ہیں۔

  • بارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی، 2 مزدور جاں بحق

    بارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی، 2 مزدور جاں بحق

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بھارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی جس سے 2 مزدور جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے بارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ شٹرنگ گرنے سے 5 مزدور ملبے تلے دب گئے۔

    حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے مزدوروں کو نکالنے کا کام شروع کیا جس کے بعد ایک مزدور کی ہلاکت کا علم ہوا جبکہ بقیہ مزدور زخمی حالت میں نکال لیے گئے۔

    بعد ازاں ایک اور مزدور اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا، تینوں مزدوروں کو پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام کے دوران ٹریلر نے 2 پِلرز کی شٹرنگ کو نقصان پہنچایا، ٹریلر کی پہلی ٹکر سے ایک پلر کی شٹرنگ نیچے گری جس کے بعد کئی مزدور ملبے تلے دب گئے۔

    چیف کمشنر اسلام آباد نور الامین مینگل نے بھارہ کہو واقعے پر نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

  • پنجاب میں مزدور کی نئی اجرت مقرر

    پنجاب میں مزدور کی نئی اجرت مقرر

    لاہور: صوبہ پنجاب میں مزدور کی کم از کم اجرت 25 ہزار روپے مقرر کردی گئی جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے میں مزدور کی کم از کم ماہانہ اجرت 25 ہزار روپے کر دی۔

    اس حوالے سے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق دیہاڑی دار مزدور کو روزانہ کی بنیاد پر 961 روپے اجرت دی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری لیبر لیاقت علی چٹھہ نے منیمم ویج بورڈ کی سفارشات پر نوٹیفکیشن جاری کیا، کم از کم اجرت میں اضافے کا اطلاق رواں سال یکم جولائی سے ہوگا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومت سنبھالنے کے بعد مزدور کی کم از کم اجرت 25 ہزار روپے ماہانہ مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد ازاں اس اعلان پر عملدر آمد نہیں کیا گیا۔

  • کینڈی بنانے والے کارخانے میں 2 مزدور چاکلیٹ کے ٹینک میں گر گئے

    کینڈی بنانے والے کارخانے میں 2 مزدور چاکلیٹ کے ٹینک میں گر گئے

    امریکا میں کینڈی بنانے والے کارخانے میں 2 مزدور چاکلیٹ کے ٹینک میں گر گئے، ریسکیو عملے نے دونوں کو ٹینک سے نکالا تاہم دونوں ممکنہ طور پر زخمی ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکا میں کینڈی بنانے والے کارخانے میں موجود چاکلیٹ کے ایک ٹینک میں گرنے والے 2 مزدوروں کو بچا لیا گیا ہے۔

    یہ واقعہ جمعرات کو ریاست پنسلوانیا میں واقع مارس ریگلی کینڈی فیکٹری میں پیش آیا، یہ دو مزدور چاکلیٹ کے ٹینک میں کمر تک دھنسے ہوئے تھے اور وہ کسی کی مدد کے بغیر ٹینک سے نکلنے کے قابل نہیں تھے۔

    لانکاسٹر کاؤنٹی 911 کے کمیونیکیشن سپروائزر کے مطابق ایمرجنسی خدمات سے متعلق عملے کو ان دو مزدوروں کو نکالنے کے لیے ٹینک کے ایک جانب سوراخ کرنا پڑا۔

    مقامی میڈیا نے ایلزبتھ ٹاؤن میں واقع اس بڑے کارخانے کے باہر پولیس اور ایمرجنسی سروس کی متعدد گاڑیوں کی ویڈیوز بھی نشر کی ہیں۔

    ٹینک سے نکالنے کے بعد مزدوروں کو اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن ان کی صحت کے بارے میں مقامی میڈیا میں ابھی تک کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔

  • امارات میں مزدوروں سے دھوپ میں کام لینے پر پابندی عائد

    امارات میں مزدوروں سے دھوپ میں کام لینے پر پابندی عائد

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ دوپہر کے اوقات میں مزدوروں کے دھوپ میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ 15 جون سے 15 ستمبر 2022 تک دوپہر ساڑھے بارہ بجے سے سہ پہر 3 بجے تک کھلے مقامات پر دھوپ میں کسی بھی کارکن سے ڈیوٹی نہیں لی جاسکتی، اس پر پابندی ہے۔

    وزارت کے ڈپٹی سیکریٹری محسن النسی کا کہنا تھا کہ امارات میں دوپہر کے وقت کھلے مقامات پر دھوپ میں ڈیوٹی پر پابندی کا سلسلہ 17 برس پہلے شروع کیا گیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ پابندی انسانی بنیادوں پر ہے، موسم گرما میں سخت درجہ حرارت کے باعث کارکنان کے لیے کھلے مقاامات پر دھوپ میں کام کرنا بے حد مشکل ہوتا ہے۔

    ڈپٹی سیکریٹری کا کہنا تھا کہ موسم گرما میں دوپہر کے وقت کھلے مقامات پر ڈیوٹی پر پابندی امارات میں لیبر مارکیٹ کی انفرادیت بن چکی ہے، برسوں سے اس پابندی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔

    وزارت افرادی قوت کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی شخص کے مشاہدے میں اس پابندی کی خلاف ورزی آئے تو اس کی رپورٹ کروائی جا سکتی ہے۔