اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مزدوروں کے لیے ماہانہ اُجرت 28 سے 30 ہزار مقرر کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق آج یوم مزدور پر پی پی رہنما خورشید شاہ نے حکومت سے مزدوروں کی ماہانہ اجرت تیس ہزار تک لے جانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
خورشید شاہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ڈالر 150 کا ہو گیا ہے، محنت کش کی کم سے کم تنخواہ 28 سے 30 ہزار کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی پالیسی مزدور دوست رہی ہے، پیپلز پارٹی نے مزدور کی اجرت 15 ہزار کی تھی، جو دوبارہ نہیں بڑھائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ماہ رمضان سے پہلے ہی مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دیں، قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
خورشید شاہ نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے منشور پیش کیا تھا تو اس میں مزدور کی تنخواہ کم سے کم 22 ہزار مقرر کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں مزدوروں کے حقوق کا عالمی دن منایا گیا، یہ دن شکاگو میں مزدوروں کی جانب سے کیے جانے والے احتجاج پر امریکی حکومت کی جانب سے تشدد کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے مزدوروں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ ملک میں ایک عام آدمی کے لیے مہنگائی میں پریشان کن حد تک اضافہ ہو گیا ہے، ادھر رمضان کی بھی آمد ہے، جس کے ساتھ ہی اشیاے خورد و نوش کی قیمتیں مزید بڑھ گئی ہیں، اس تناظر میں مزدوروں کی اجرت میں اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے۔