Tag: مزمل اسلم

  • وزارت خزانہ کی پہلی ششماہی رپورٹ پر خیبرپختونخوا حکومت کا اعتراض سامنے آ گیا

    وزارت خزانہ کی پہلی ششماہی رپورٹ پر خیبرپختونخوا حکومت کا اعتراض سامنے آ گیا

    پشاور: وزارت خزانہ کی پہلی ششماہی رپورٹ پر خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے اعتراض کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے اے آر وائی نیوز سے بات چیت میں کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا صوبائی بجٹ 169 ارب روپے سرپلس ہے، لیکن وفاقی وزارت خزانہ نے سرپلس کو 86 ارب روپے ظاہر کر دیا ہے۔

    مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کی اسٹیٹکل ڈسکری پینسی میں 82 ارب روپے کی کمی کر دی ہے، جولائی تا ستمبر اسٹیٹکل ڈسکری پینسی منفی 48 ارب روپے تھی، جولائی تا دسمبر اسٹیٹکل ڈسکری پینسی مثبت 34 ارب روپے کر دی گئی۔

    شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو قریشی کو گرفتار کرلیا گیا

    انھوں نے کہا جولائی تا ستمبر خیبر پختونخوا کا بجٹ 103 ارب روپے سرپلس تھا، وفاقی وزارت خزانہ نے جولائی تا دسمبر میں خیبرپختونخوا کا سرپلس 86 ارب روپے ظاہر کیا۔

    مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا نے معاشی نظم و ضبط میں آئی ایم ایف کے ٹارگٹس پورے کیے، لیکن صوبے کے حسابات میں سرکاری اداروں کے ڈیپازٹ کم کر کے اسٹیٹکل ڈسکری پینسی کم کی گئی ہے۔

  • وفاقی حکومت کے ’’اڑان‘‘ میں اس کے اتحادی بھی شامل نہیں تھے، مزمل اسلم

    وفاقی حکومت کے ’’اڑان‘‘ میں اس کے اتحادی بھی شامل نہیں تھے، مزمل اسلم

    کے پی حکومت کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے وفاقی حکومت کے اڑان پاکستان پروگرام پر تنقید کرتے ہوئے اسے صرف سیاسی بیانیہ قرار دیا ہے۔

    خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے سال نو پر اعلان کردہ ’’اڑان پاکستان پروگرام‘‘ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے صرف ن لیگ کی وفاقی حکومت کا سیاسی بیانیہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اڑان پاکستان ایک بیانیہ کا اڑان تھا اور وفاقی حکومت کے اڑان میں اس کے اتحادی بھی شامل نہیں تھے۔

    مزمل اسلم نے کہا کہ شہباز شریف نے اڑان پاکستان پروگرام اس دن پیش کیا، جس دن خود حکومت نے 0.92 ترقی کا نمبر جاری کیا۔ اب حکومت کہہ رہی ہے کہ 6 اور 9 فیصد ترقی کریں گے جب کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی سال بھی 9 فیصد ترقی نہیں ہوئی۔ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت میں سب سے زیادہ ترقی 6.5 فیصد تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت آج 400 ارب ڈالرز سے بھی کم ہے اور یہ بس ایک بیانیہ کی اڑان ہے۔ حکومت کو کچھ مل نہیں رہا تو زبردستی کی ایک امید عوام میں جگانے کی کوشش کر رہی ہے۔ وفاق نے آئی ایم ایف کا کونسا ٹارگٹ پورا کیا ہے؟

    مشیر خزانہ کے پی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت مہنگائی کم کرنے کا دعویٰ اس بنیاد پر کر رہی ہے کہ قیمتیں اب مزید اوپر نہیں جا سکتیں۔ ملک میں ترقی ہوتی ہے تو روزگار بڑھتا ہے، اور مہنگائی کم ہوتی ہے۔

    مزمل اسلم نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ 2022 میں غربت کی شرح 35 فیصد تھی جو 2023 میں بڑھ کر 45 فیصد ہوئی اور 2024 میں ملک کے مزید ایک کروڑ 30 لاکھ لوگ غریب ہو گئے۔ ن لیگ کی حکومت نے 2 سال میں 75 فیصد مہنگائی کی۔ پہلے سال اس کی شرح 29 اور دوسرے سال 38 فیصد رہی۔

    https://urdu.arynews.tv/uraan-pakistan-5-year-targets-thousands-of-dollars-per-capita-income-set-by-2029/

  • ویڈیو: خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے وفاق کو صوبے کا قرضدار قرار دے دیا

    ویڈیو: خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے وفاق کو صوبے کا قرضدار قرار دے دیا

    پشاور: خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے وفاق کو صوبے کا قرضدار قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاق سے ہمیں 600 ارب نہیں 93 ارب روپے ملے ہیں، پنجاب ہمارے منصوبوں کی تقلید کر رہا ہے، پنجاب کے پاس سوائے ٹک ٹاک کے کچھ بھی نہیں۔

    انھوں نے کہا وفاق ہر وقت کہتا ہے کہ انسداد دہشت گردی کی مد میں 600 ارب دیے گئے، لیکن کے پی کو صرف 93 ارب روپے انسداد دہشت گردی کی مد میں ملے ہیں، وفاق خیبرپختونخوا کا قرضدار ہے۔

    مشیر خزانہ کے پی نے کہا کے پی حکومت نے 140 ارب پولیس پر، 106 ارب ضم اضلاع پر خرچ کیے، ضم اضلاع کے لیے ہمیں صرف 66 ارب روپے ملے، 40ارب روپے صوبے کے وسائل سے ضم اضلاع پر خرچ کیے گئے، وفاق نے نیٹ ہائیڈل پاور، آئل اینڈ گیس رائلٹی کے پیسے دینے ہیں، انضمام کے 3 فی صد اضافی دینے کا بھی وعدہ کیا گیا لیکن آج تک ایک روپیہ نہیں ملا، اگر وفاق نے ہمارے حصے کے علاوہ کوئی پیسے دیے ہیں تو وہ بتائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہر 3 ماہ بعد ضم اضلاع کے پیسے ملنے چاہئیں لیکن ابھی تک نہیں ملے، وفاق باقی صوبوں کو اضافی پیسے دے رہا ہے لیکن ہمیں اپنے پیسے نہیں مل رہے، احساس اپنا گھر، کامیاب جوان اور صحت کارڈ سارے منصوبے ہمارے ہیں، پنجاب کوئی ایک منصوبہ بتا دے جس کی ہم نے نقل کی ہو، ہم پنجاب کو سکھا رہے ہیں یہ لوگ پھر ہماری تقلید کرتے ہیں، پنجاب حکومت سے ہم صرف ٹک ٹاک ہی سیکھ سکتے ہیں۔

    مزمل اسلم نے کہا وزیر اعظم نے سندھ کے سیلاب متاثرین اور بلوچستان کو پیکج دیے، لیکن وہ کتنی مرتبہ کے پی آئے؟ کیا صرف سیاست کے لیے ہم ہی باقی بچے ہیں؟

    مشیر خزانہ نے کہا زرعی ٹیکس کے حوالے سے ملکی مفاد میں جتنی مدد کے پی نے کی کسی اور نے نہیں کی، جب ہماری حکومت تھی تو آخری ماہ میں شرح سود 2.25 فی صد بڑھ کر 11 فی صد ہو گئی تھی، پی ڈی ایم کی حکومت میں شرح سود تاریخ کی بلند ترین سطح پر 11 سے 22 فی صد پر گئی، 1998 میں جب ن لیگ کی حکومت تھی تب بھی شرح سود بڑھی تھی، شرح سود سے اگر اتنا اچھا کام ہو رہا ہے تو عام آدمی کیوں نہیں جا رہا قرض لینے؟ شرح سود کا سب سے زیادہ فائدہ حکومت کو ہے کیوں کہ سب سے زیادہ وہ قرضہ لیتی ہے۔

  • مفت سولر پینل اور انورٹر پنکھے دینے کا اعلان

    مفت سولر پینل اور انورٹر پنکھے دینے کا اعلان

    پشاور : غریب گھرانوں کو دو کے وی تک کا مفت سولر پینل دینے کا اعلان کردیا گیا ، ساتھ تاریں اور انورٹر پنکھے بھی بطور پیکج دیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیرخزانہ خیبر پختو نخواہ مزمل اسلم  نے غیرملکی میڈیا سے انٹرویو میں کہا خیبرپختونخوا حکومت غریب گھرانوں کومفت سولرپینل دے گی ، صوبے میں ایک لاکھ سولر سسٹم فراہم کیے جائیں گے، اس کے ساتھ تاریں اور انورٹر پنکھے بھی بطور پیکج دیے جائیں گے۔

    مزمل اسلم نے بتایا کہ ہم نے خیبرپختونخوا میں 90 سے زائد بجلی گھر بنائے، کےپی میں6سے7روپےفی یونٹ بجلی پیدا کر رہےہیں اور واپڈاصارفین تک بجلی پہنچانےکیلئے27روپےفی یونٹ مانگ رہا ہے۔

    مشیرخزانہ خیبر پختونحواہ نے صارفین تک بجلی پہنچانے کیلئے اپنی ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا اب ہم خودہی اپنی ٹرانسمیشن لائن ڈالیں گے۔

    خیال رہے پنجاب میں 500 یونٹ تک بجلی کے استعمال پر صارفین کو سولر پینلز دینے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔

    سولر پینل کی لاگت کا 90 فیصد پنجاب حکومت اداکرے گی جب کہ 10 فیصد صارف دے گا اور سولر پینل 5سال کی آسان اقساط پر صارفین کو فراہم کیے جائیں گے۔

  • پی ٹی آئی نے پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس صفرکردی تھی، مزمل اسلم

    پی ٹی آئی نے پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس صفرکردی تھی، مزمل اسلم

    ماہرِ معیشت مزمل اسلم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ساڑھے 3 سالوں میں پیٹرولیم لیوی صفر کر دی تھی، پاکستان میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کی ایک وجہ عالمی مارکیٹ بھی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ماہرِ معیشت مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ تاثر دیا گیا کہ پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے قیمتیں بڑھائی گئیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر سیلز ٹیکس پی ٹی آئی نے صفر کر دی تھی۔ پی ٹی آئی کے جانے کے بعد سب سے پہلے مفتاح اسماعیل نے 30 روپے پی ڈی ایل لگائی۔

    مزمل اسلم نے کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف سے منظوری لی تھی کہ تیل کی قیمتوں پر سیلز ٹیکس صفر رہے گا۔ روپے کی قدرکی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

    ماہرمعیشت نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 93 ڈالر فی بیرل کے آس پاس ہیں۔ پی ٹی آئی دورمیں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 100 ڈالر سے اوپر رہیں۔ اس وقت تیل کی قیمتوں میں فی لیٹر 100 روپے حکومتی جیب میں جا رہے ہیں،

    انھوں نے کہا کہ ٹیکس ٹارگٹ کو مکمل کرنے کیلئے پی ڈی ایل گزشتہ سال 50 روپے کی گئی، اس کے باوجود ٹیکس ٹارگٹ حاصل نہیں کیا گیا۔

    مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ ٹیکس کلیکشن نہ ہونے کی وجہ سے پی ڈی ایل کو 60 روپے تک لے گئے۔ اس وقت بھی تیل کی قیمتوں کے ذریعے ٹیکس ٹارگٹ حاصل کیا جا رہا ہے۔

  • ‘وزیراعظم  کو پیشگی مبارکباد ، پاکستان کو آج شام آئی ایم ایف پروگرام مل جائے گا’

    ‘وزیراعظم کو پیشگی مبارکباد ، پاکستان کو آج شام آئی ایم ایف پروگرام مل جائے گا’

    اسلام آباد : ماہر معاشیات مزمل اسلم نے وزیراعظم شہبازشریف کو آئی ایم ایف پروگرام کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے کہا پاکستان کو آج شام آئی ایم ایف پروگرام مل جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ماہر معاشیات مزمل اسلم نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کوآئی ایم ایف پروگرام مکمل ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں لیکن آئی ایم ایف کے اسٹینڈ بائی پروگرام سے معاشی مسائل حل نہیں ہوں گے۔

    جب بورڈ آف ڈائریکٹرز ملتے ہیں تو سمجھیں کام ہوگیا، وزیراعظم شہبازشریف کو پیشگی مبارکباد دیتا ہوں، پاکستان کو آج شام آئی ایم ایف پروگرام مل جائے گا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے دعا کیلئے کہا ہے، ہم سب کو دعا کرنی چاہیے لیکن دعائیں قبول ہوچکی ہیں آج کی میٹنگ صرف رسمی ہے، پاکستان کو آئی ایم ایف سے 3قسطوں میں پیسے ملیں گے۔

    آئی ایم ایف صرف اس وقت رکاوٹ ڈالے گا جب حکومت معاشی ہدف حاصل کرنے میں ناکام ہوگا یا پھر الیکشن میں تاخیر ہوگی۔

  • معیشت سدھارنے کے لیے تحریک انصاف نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا: مزمل اسلم

    معیشت سدھارنے کے لیے تحریک انصاف نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا: مزمل اسلم

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے معیشت سدھارنے کے لیے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے، باقی جماعتوں کا علم نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مزمل اسلم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہم تاریخ سے پہلے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو پاکستان ڈیفالٹ نہیں ہوگا۔

    مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ نئی حکومت فوری آئی ایم ایف پروگرام میں جائے اور نئے پروگرام پر مذاکرات کرے۔

    انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کو معیشت پٹری پر لانے کے لیے جارحانہ اصلاحاتی منصوبے پر عمل کرنا چاہیئے، پاکستان تحریک انصاف نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے، باقی جماعتوں کا علم نہیں۔

  • ‘آئی ایم ایف پروگرام 9 ویں سے 11ویں جائزہ کے بغیرختم ہوسکتا ہے’

    ‘آئی ایم ایف پروگرام 9 ویں سے 11ویں جائزہ کے بغیرختم ہوسکتا ہے’

    اسلام‌ آباد : ماہر معاشیات مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام 9ویں سے11ویں جائزہ کےبغیرختم ہوسکتا ہے،حکومت کو معطل پروگرام کی وجہ سے نقصان کی قیمت کا تجزیہ کرنا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق ماہر معاشیات مزمل اسلم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام 9ویں سے 11 ویں جائزہ کےبغیرختم ہوسکتا ہے، پی ڈی ایم حکومت سے نئے پروگرام پر مذاکرات کی توقع رکھنا مذاق ہے، پی ڈی ایم حکومت سے مذاکرات وقت کے ضیاع سے زیادہ کچھ نہیں، حکومت کو معطل پروگرام کی وجہ سے نقصان کی قیمت کا تجزیہ کرنا چاہیے۔

    خیال رہے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرض پروگرام تاحال تاخیر کا شکار ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پاکستان کے دوست ممالک کی فنڈنگ کی یقین دہانی پر بھی مطمئن نہ ہوا، پاکستان کو مئی اور جون میں 3.7 ارب ڈالر واپس کرنے کا پلان دینا ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 3.7 ارب ڈالر کا قرض واپس کرنے کے لیے دوست ممالک سے مزید سپورٹ ظاہر کرنا ہوگی۔

  • ہر روز نئے مطالبے،  ‘اسحاق ڈار نے یو ایس سیکرٹری سے آئی ایم ایف کی شکایت کردی

    ہر روز نئے مطالبے، ‘اسحاق ڈار نے یو ایس سیکرٹری سے آئی ایم ایف کی شکایت کردی

    اسلام آباد : ماہرمعاشیات مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے یو ایس سیکرٹری سے شکایت کردی ہے کہ آئی ایم ایف ہمارے ساتھ زیادتی کررہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماہرمعاشیات مزمل اسلم نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار اس وقت کش مکش میں پھنس چکے ہیں، عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی 15 دن پہلے جو قیمت تھی اس میں فرق آیا ہے۔

    مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ 15 دن پہلے روپے کی قدر 278 تھی وہ کم ہوکر اب 260 ہوگئی ہے، پچھلے دنوں جب اسحاق ڈار پٹرول کی قیمت بڑھنے نہیں دے رہے تھے توایکسچینج لاس تھا ، اس بار انہوں نے پٹرول کی قیمت میں ایکسچینج لاس کو ایڈجسٹ کیا ہے۔

    ماہرمعاشیات نے کہا کہ اسحاق ڈار شکایت کر رہے کہ آئی ایم ایف روزہم سے نئی ڈیمانڈز کررہا ہے، اسحاق ڈار نے یو ایس سیکرٹری سے شکایت کردی کہ آئی ایم ایف ہمارے ساتھ زیادتی کررہا ہے۔

    انھوں نے حکومت پاکستان اور اسحاق ڈار سے یکجہتی کا اظہارکیا۔

  • عوام تیار ہوجائیں ! ‘اسحاق ڈار نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کی خبر دے دی’

    عوام تیار ہوجائیں ! ‘اسحاق ڈار نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کی خبر دے دی’

    اسلام آباد : ماہر معاشیات مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے بجلی اور گیس کی قیمت بڑھانے کی خبر دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ماہر معاشیات مزمل اسلم نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی پریس کانفرنس کے بعد اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار نے بجلی ،گیس کی قیمتوں میں اضافے کی خبر دے دی ہے۔

    مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے آج سے بجلی و گیس کی قیمتیں بڑھانے کا عمل شروع ہو جائے۔

    ماہر معاشیات نے مزید کہا کہ زرمبادلہ ذخائر3ارب ڈالر سے نیچے آچکے ہیں، مارکیٹ 400 سے 500پوائنٹس تک ڈاؤن ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ ہمارا آئی ایم ایف پروگرام دسمبر میں ختم ہوجانا تھا لیکن مفتاح اسماعیل نے نیا پروگرام شروع کیا۔

    یاد رہے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے تحت حکومت پاکستان 170 ارب روپے کے ٹیکسزلگائے گی، بجلی اورگیس کی اصلاحات کابینہ کی منظوری سے کی جائیں گی۔

    اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بجلی اورگیس کے نقصانات ختم کریں گے، گیس کے سرکلر ڈیٹ میں بڑھانے کے فلو کو کنٹرول کرناہوگا، بجلی 3000 ارب کی بنتی ہے اور وصولی1200 ارب کی ہوتی ہے۔

    وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈیزل پر لیوی 50 روپے تک پہنچاناہے، مارچ میں ڈیزل پر لیوی 5 اوراپریل میں5 روپےبڑھائیں گے۔