Tag: مسائل کے حل

  • کراچی کے مسائل کے حل کے لیے ریاستی اداروں کو شامل کرنا پڑےگا، مصطفیٰ کمال

    کراچی کے مسائل کے حل کے لیے ریاستی اداروں کو شامل کرنا پڑےگا، مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے ریاستی اداروں کو شامل کرنا پڑےگا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ دیکھنا ہوگا کمیٹی کام کیسے کرےگی،اپنے اختیارات کا استعمال کیسے کرےگی۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ شہر چلانا ہے تو کچھ اسٹرٹیجک فیصلے کرنے ہوں گے،کراچی کے مسائل پر کمیٹی کا قیام مستقل حل نہیں،کمیٹیوں سے مسائل حل نہیں ہوا کرتے۔

    پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کراچی کےمسائل کےحل کے لیے ریاستی اداروں کو شامل کرنا پڑےگا،اگر ان لوگوں کے پاس حل ہوتا تو مسائل پہلے ہی حل ہوچکے ہوتے۔

    انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم سے صوبہ خود مختار نہیں ہوا،اختیار وزیراعلیٰ کے پاس جمع ہوگئے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ این ایف سی کی طرح پی ایف سی ایوارڈ بھی دینا چاہیے۔

    پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ ماں ہے تو کراچی دل ،آپ نے اس کو 6حصوں میں تقسیم کر دیا۔

  • مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم عوامی ڈلیوری یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ

    مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم عوامی ڈلیوری یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم عوامی ڈلیوری یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، یونٹ کا سربراہ وفاقی سرکار کا افسر ہوگا اور تمام صوبوں کو نمائندگی دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عوام کے مسائل کے حل کے لئے اقدام اٹھاتے ہوئے وزیر اعظم عوامی ڈلیوری یونٹ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔

    یونٹ کا سربراہ وفاقی سرکار کا افسر ہوگا اور تمام صوبوں کو نمائندگی دی جائے گی، چاروں صوبوں سے 2 ،2 افسر فوکل پرسن کے طور پر شامل ہوں گے۔

    سندھ حکومت نے حکومت کے ساتھ انتظامی امور کی سطح پر تعاون کا فیصلہ کیا ہے اور وزیر اعظم سیکریٹریٹ کے خط پر سندھ حکومت کا ساتھ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

    سندھ اور وفاقی حکومت کے مابین تعاون کیلئے 2فوکل پرسن مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں سندھ حکومت نے وزیر اعظم سیکریٹریٹ کو 2افسران کے نام ارسال کردیئے ہیں۔

    وزیر اعظم سیکریٹریٹ نے 17 ستمبر کو سندھ حکومت کو خط ارسال کیا تھا، جس میں کہا تھا کہ 19 گریڈ کے2افسران وفاقی حکومت کے ساتھ رابطہ اور تعاون کریں گے ، جن میں ایڈیشنل سیکریٹری بخش علی مہر اور ڈائریکٹر انفارمیشن سائنس نیازاحمدلغاری شامل ہیں۔

    افسران وزیراعظم،وفاقی سیکریٹریٹ کے فیصلوں پر عمل کرانے کے پابند ہوں گے۔

    یاد رہے انتخابات میں کامیابی کے بعدعمران خان نے ہر ہفتے بطوروزیر اعظم ایک گھنٹہ عوام کے سوالات کے جوابات دینے کا اعلان کرتے ہوئے اور کہا تھا کہ فیصلے میرٹ پر اور قوم کے مفاد کیلئے کروں گا۔