Tag: مسافر

  • ایئرپورٹس پر مسافروں کی سہولت کیلئے اہم اقدام

    ایئرپورٹس پر مسافروں کی سہولت کیلئے اہم اقدام

    اسلام آباد(2 اگست 2025): وزیراعظم کی ہدایت پر ایئرپورٹس پر غیرملکی مسافروں کیلئے علیحدہ امیگریشن کاؤنٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر غیر ملکی مسافروں کی سہولت کے لیے علیحدہ امیگریشن کاؤنٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا یہ اقدام پاکستان میں سیاحت کے فروغ، تجارتی سرگرمیوں کے تسلسل اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو مزید سہولت فراہم کرنے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ان کاؤنٹرز کے قیام سے ہوائی اڈوں پر امیگریشن پراسیسنگ کا وقت کم ہو جائے گا، کاؤنٹرز کے علیحدہ ہونے سے وطن واپس آنے والے پاکستانی بھی اس اقدام کی بدولت کم وقت میں امیگریشن کروا سکیں گے۔

  • بھارتی طیارے میں فسادی نے مسلم مسافر کو تھپڑ مار دیا، ویڈیو وائرل

    بھارتی طیارے میں فسادی نے مسلم مسافر کو تھپڑ مار دیا، ویڈیو وائرل

    نئی دہلی: ممبئی سے کلکتہ جانے والی انڈیگو ایئر لائن میں ایک افسوسناک واقعہ رونما ہوا، جب طیارے میں سوار ایک مسلم نوجوان اچانک گھبراہٹ کا شکار ہوگیا۔ اسی دوران ایک فسادی مسافر نے اچانک اسے زوردار تھپڑ جڑ دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ممبئی سے کلکتہ جانے والی انڈیگو ایئر لائن کی پرواز میں ایک مسافر اچانک گھبراہٹ کا شکار ہوگیا، اس دوران ایئر ہوسٹس نے اس کی مدد کرنے کی کوشش کی۔ مگر اسی دوران جہاز میں بیٹھے ایک دوسرے مسافر نے اسے زور دار تھپڑ مار دیا۔

    افسوسناک واقعہ فلائٹ نمبر 6E138 میں پیش آیا اور طیارے سے اترنے کے بعد ملزم کو کلکتہ ایئرپورٹ پر سیکیورٹی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایئر لائن نے ملزم کو فسادی بھی قرار دیا۔ انڈیگو نے تفصیلات بتائے بغیر نے کہا کہ وہ اپنی ایک پرواز میں ایک مسافر کے ساتھ ہوئی مار پیٹ کے واقعہ سے واقف ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایئر لائن نے ایک پوسٹ میں کہا، ‘ہمارے عملے نے طے شدہ معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے مطابق کام کیا۔ متعلقہ شخص کی شناخت ایک فسادی شخص کے طور پر کی گئی اور لینڈنگ کے بعد اسے سکیورٹی اہلکاروں کے حوالے کر دیا گیا۔ تمام متعلقہ ریگولیٹری ایجنسیوں کو پروٹوکول کے مطابق باخبر کر دیا گیا ہے۔

    مذکورہ معاملے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم اچانک ایئر ہوسٹس کے ساتھ جا رہے پریشان مسافر کو تھپڑ مار دیتا ہے، دوسرے ساتھی مسافر جب اس سے پوچھتے ہیں کہ تھپڑ کیوں مارا تو بولتا ہے کہ اس سے پریشانی ہورہی ہے، پُرتشدد رویے پر دوسرے مسافر سخت اعتراض کرتے دکھائی دیئے۔

    آٹھ شادیاں کرنے والی لٹیری دلہن دھر لی گئی

    انڈیگو ایئرلائن کا بھی اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اس طرح کا غیر مہذب برتاؤ مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔ انڈیگو مسافروں اور عملے کے تحفظ اور وقار سے سمجھوتہ کرنے والے کسی بھی اقدام کی شدید مذمت کرتی ہے۔

    سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والے واقعے کی ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تھپڑ مارے جانے کے بعد متاثرہ مسافر زور زور سے رونے لگتا ہے جب کہ دوسرے مسافر اس حرکت پر اعتراض کرتے ہوئے ملزم سے نوک جھونگ کرنے لگتے ہیں۔

  • پی آئی اے کی پرواز میں سگریٹ نوشی سے منع کرنے پر مسافر آپے سے باہر، فضائی میزبان پر تشدد

    پی آئی اے کی پرواز میں سگریٹ نوشی سے منع کرنے پر مسافر آپے سے باہر، فضائی میزبان پر تشدد

    پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز میں ایک مسافر سگریٹ نوشی سے منع کرنے پر آپے سے باہر ہوگیا اور فضائی میزبان پر تشدد کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز اسلام آباد سے پیرس جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 749 میں پیش آیا۔ سفیر نامی ایک مسافر دوران پرواز خلاف قانون تمباکو نوشی کر رہا تھا۔

    خاتون فضائی عملے کی جانبسے منع کرنے کے باوجود مسافر نے تمباکو نوشی بند نہ کی اور بدتمیزی پر اترتے ہوئے آپے سے باہر ہو گیا اور فضائی میزبان پر تشدد شروع کر دیا۔

    عملے اور کپتان کی جانب سے سگریٹ نوشی سے روکنے پر مسافر نے خاتون فضائی میزبان کا بازور پکڑ کر مروڑا اور کمر پر مکہ مارا جس سے وہ زخمی ہوگئی۔

    مسافر نے فلائیٹ اسٹورٹ اور کپتان پر بھی حملہ کیا مگر انہوں نے محوظ رہ کر مسافر سے سگریٹ چھین لی۔

    واقعہ کے بعد پیرس ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل کپتان نے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کر کے سیکیورٹی طلب کی اور طیارے کے لینڈ کرتے ہی سیکیورٹی اہلکاروں نے جہاز میں پہنچ کر ملزم مسافر کو گرفتار کر لیا۔

    سیکیورٹی فورس نے تشدد کا شکار فضائی میزبانوں کے بیانات ریکارڈ کر کے اور ان کا میڈیکل کروا کر پولیس رپورٹ درج کر لی ہے۔

    ترجمان پی آئی اے نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ مذکورہ مسافر کو پی آئی اے پر بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے اور اب وہ دوبارہ قومی ایئر لائن پر سفر نہیں کر سکے گا۔

    ترجمان کا کہنا تھا پی ائی اے کے عملے نے اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی میں پروفیشنلزم سے کام لیا اور اب قانون اپنا کام کرے گا۔ فرانسیسی قوانین اس معاملے میں بہت سخت ہیں اور امید ہے کہ مسافر سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

  • جنوبی کوریا میں لینڈنگ کے دوران طیارہ حادثے میں ہلاک افراد کی تعداد 124 ہوگئی

    جنوبی کوریا میں لینڈنگ کے دوران طیارہ حادثے میں ہلاک افراد کی تعداد 124 ہوگئی

    جنوبی کوریا کے موان ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران مسافر طیارے کو حادثہ پیش آیا، جس میں ہلاکتوں کی تعداد 124 ہوگئی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق طیارے کو حادثہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث پیش آیا، طیارہ رن وے سے اتر کر اطراف میں لگی باڑ سے ٹکرا گیا، جس سے طیارے میں آگ لگ گئی۔

    رپورٹ کے مطابق طیارے میں 175 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے، حادثے کے بعد دو افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے، جبکہ ایمرجنسی عملے نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے طیارے میں بھڑکنے والی آگ پر قابو پا لیا، جبکہ حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، حادثے کا شکار مسافر طیارہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک سے واپس آرہا تھا۔

    ایوی ایشن حکام اور ماہرین نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، حادثہ موان ایئرپورٹ پر پیش آیا، جو جنوبی کوریا کا ایک مصروف اور اہم ہوائی اڈہ ہے۔

  • دوران پرواز خاتون مسافر کے کھانے سے چوہا نکل آیا، پھر کیا ہوا؟

    دوران پرواز خاتون مسافر کے کھانے سے چوہا نکل آیا، پھر کیا ہوا؟

    ڈنمارک کی ایئر لائن کے مسافر طیارے میں دوران پرواز خاتون کے کھانے سے چوہا نکل آیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈنمارک کی ایئر لائن کے مسافر طیارے موجود خاتون مسافر کے کھانے سے زندہ چوہا نکل آیا تھا جس کے بعد طیارے کو ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑگئی۔

    رپورٹ کے مطابق مسافر طیارہ ناروے کے دارالحکومت اوسلو سے اسپین کے شہر ملاگا کے لیے پرواز کر رہا تھا جیسے ہی خاتون مسافر نے اپنے کھانے کا ڈبہ کھولا تو اس میں سے چوہا نکل آیا جس کی وجہ سے جہاز کو ڈنمارک کے شہر کوپن ہیگن میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

    اس حوالے سے ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ ہنگامی لینڈنگ کمپنی کی پالیسی کے عین مطابق ہے کیونکہ جہاز میں چوہے کا ہونا ایک خطرہ تھا، تاہم اس جہاز کے مسافروں کو بعد میں ایک دوسرے طیارے کے ذریعے اسپین بھیجا گیا۔

    اس واقعے کے عینی شاہد نے ایک ریکارڈ کردہ ویڈیو میں بتایا کہ ان کے ساتھ بیٹھی خاتون مسافر نے جیسے ہی اپنے کھانے کا باکس کھولا تو اس سے چوہا بھاگ کر کہیں جہاز میں چھپ گیا۔

  • ہاٹ پاٹس میں‌ مہارت سے چھپائی گئی آئس ہیروئن برآمد

    ہاٹ پاٹس میں‌ مہارت سے چھپائی گئی آئس ہیروئن برآمد

    اسلام آباد: ایئرپورٹس سیکورٹی فورس نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بحرین جانے والی پرواز پر ایک مسافر سے 3600 گرام آئس ہیروئن برآمد کر لی۔

      اے ایس ایف کے مطابق بحرین کی پرواز پر جانے والے مسافر محمد سعید نے مذکورہ منشیات دو ہاٹ پاٹس میں مہارت سے چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران ہاٹ پاٹس کو مشکوک قرار دیا اور تلاشی پر اِن میں سے منشیات برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

     اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ آئس ہیروئن کے ساتھ اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

  • بھارت میں ریلوے مسافروں کو چند روپوں میں کھانا فراہم کرنے کا اعلان

    بھارت میں ریلوے مسافروں کو چند روپوں میں کھانا فراہم کرنے کا اعلان

    انڈین ریلوے نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے جنرل کوچ میں سفر کرنے والے مسافروں کو صرف 20 روپے میں کھانا فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    بھارتی ریلویز نے ملک میں چلنے والی جنرل کوچ کے مسافروں بڑی سہولت مہیا کرنے کے لیے ایک بڑی پیش قدمی کی ہے۔ ریلوے بورڈ کے سینئر افسر نے بتایا کہ 100 اسٹیشنوں کے تقریباً 150 پلیٹ فارم پر کھانے کا کاؤنٹر کھولا گیا ہے جبکہ آنے والے دنوں میں اس میں مزید توسیع کی جائیگی۔

    جنرل کوچ سے سفر کرنے والے خواتین و حضرات کو پلیٹ فارم پر کفایتی نرخ پر کھانا فروخت کرنے کی تیاری مکمل ہوچکی ہے، مسافروں کو صرف 20 روپے میں پوری اور سبزی دی جائے گی۔

    اس کے علاوہ 50 روپے میں کھانے کا ایک پیکٹ بھی دیا جائے گا جس میں چپاتی اور سبزی وغیرہ بھی فراہم کی جائے گی۔

    مذکورہ ٹرین کے صرف دو منٹ ٹھہرنے اور رش کی وجہ سے غریب مسافروں کو کئی بار بھوکا رہنا پڑتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ریلوے نے کفایتی شرح پر کھانا دینے کا فیصلہ کیا۔

    بھارتی ریلوے افسر کے مطابق آئی آر سی ٹی سی کے ساتھ مل کر ریلوے نے مسافروں، خصوصاً غیر ریزرو ڈبوں میں سفر کرنے والوں کی خدمت کے لیے یہ اقدام کیا ہے۔

    اہلکار کا کہنا ہے کہ 100 اسٹیشنوں کے تقریباً 150 پلیٹ فارم پر کھانے کے کاؤنٹر کھولے گئے ہیں اور اس سہولت کو آئندہ مزید بڑھایا جائے گا۔

  • مسافر کے سامان سے بلی کے بچے برآمد

    مسافر کے سامان سے بلی کے بچے برآمد

    جرمنی میں پولیس حکام نے ایک بس میں مسافر کے سامان سے 18 بلی کے بچے برآمد کیے جنہیں مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے جرمنی لایا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جرمن ریاست باویریا کے شہر وائڈ ہاؤس کے قریب ہائی وے پر تعینات افسران کو ایک بس میں موجود سامان سے بلی کے بچوں کی رونے کی آوازیں آئی جس کے بعد کارروائی کی گئی۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران چیک ریپبلک کی سرحد کے ذریعے اٹھارہ بلونگڑوں کو مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے جرمنی میں لایا گیا، ان افسران نے جب بس کی تلاشی لی تو انہیں 6 ڈبوں میں 18 بلی کے بچے ملے، جن کی عمر 12 ہفتے ہے۔

    پولیس حکام نے بتایا ان بلی کے بچوں کو جرمنی لانے والے شخص کی عمر 37 سال ہے جس کے خلاف فراڈ اور جانوروں کی صحت سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    پولیس نے مزید بتایا ہے کہ ان بلی کے بچوں کو جانوروں کو پناہ فراہم کرنے والے ایک ادارے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ جرمن قانون کے تحت کم عمر جانوروں کو ملک میں لانے پر پابندی عائد ہے اور یہاں لائے جانے والے جانوروں کی ویکسینیشن کرانا بھی لازمی ہے۔

  • بھائی کے پاسپورٹ پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام

    بھائی کے پاسپورٹ پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام

    سیالکوٹ : ایف آئی اے نے مسافر کی بھائی کے پاسپورٹ پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنادی ، گرفتار ملزم اپنے بھائی بلال حسن کے پاسپورٹ پر اٹلی جارہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بھائی کے پاسپورٹ پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مسافرغلام مصطفیٰ کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار ملزم اپنے بھائی بلال حسن کے پاسپورٹ پراٹلی جارہاتھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کا بھائی گزشتہ سال اٹلی سے پاکستان آیا تھا۔

    ایف آئی اے کا کہناتھا کہ ملزم نے بیرون ملک جانےکیلئےاپنےبھائی کااٹلی ریزیڈنٹ کارڈپیش کیا، ملزم کے بھائی کوغیرقانونی سرگرمیوں کی وجہ سے اٹلی داخلے کی اجازت نہ تھی۔

    ترجمان نے کہا کہ ملزم کو قانونی کارروائی کیلئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کردیا گیا ہے۔

  • اب طیارے پر سوار ہونے سے قبل اپنا وزن بھی کروانا ہوگا؟

    اب طیارے پر سوار ہونے سے قبل اپنا وزن بھی کروانا ہوگا؟

    فضائی سفر کے دوران مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے تمام مسافروں کی سخت چیکنگ کی جاتی ہے جو بعض اوقات مسافروں کو ناگوار بھی گزرتی ہے، اب نیوزی لینڈ کیا ایئر لائن نے ایک اور ایسا ہی اقدام متعارف کروا دیا جس سے مسافر پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔

    ایئر نیوزی لینڈ نے طیارے میں سوار ہونے سے پہلے مسافروں کا وزن کرنا شروع کردیا، جون کے مہینے میں ایئر نیوزی لینڈ کے 10 ہزار سے زیادہ مسافروں کو بورڈنگ سے پہلے پیمانے پر کھڑے ہو کر اپنا وزن کروانے کی ضرورت ہوگی۔

    ایئر لائنز کے مطابق یہ اقدام طیارے کے محفوظ اور مؤثر آپریشن کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے اور یہ ملک کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک ضرورت بھی ہے۔

    اس نئے طریقہ کار کا اطلاق 2021 میں گھریلو ایئر لائنز کے مسافروں پر کیا گیا تھا اور اب جبکہ وبائی امراض کے پیش نظر بین الاقوامی سفر دوبارہ شروع ہو گیا ہے، وقت آگیا ہے کہ بین الاقوامی مسافروں کا وزن کیا جائے۔

    اس حوالے سے یاد رکھنا چاہیئے کہ پرواز سے پہلے ہر مسافر کے وزن کا حساب لگانا حفاظت کو بڑھا سکتا ہے اور اس سے ہر پرواز سے ہونے والے ماحولیاتی نقصان کو بھی کم کیا جا سکتا ہے، اس سے طیارے کی ضرورت کے مطابق ایندھن کی زیادہ سے زیادہ مقدار کا تعین بہتر ہوجاتا ہے۔

    فی الحال ایئر لائنز پہلے سے قائم کردہ نمبروں کا استعمال کرتے ہوئے مسافروں کے کل وزن کا اندازہ لگانے کے لیے فرضی وزن کا استعمال کرتی ہیں۔

    ایئر لائنز ایسے مسافروں کو یقین دلانے کی خواہاں ہے جو اپنا سامان لے جانے کے دوران پیمانے پر قدم رکھنے میں ہچکچاتے ہیں کہ تشویش کی کوئی وجہ نہیں ہے۔