Tag: مسافر آف لوڈ

  • کراچی ایئرپورٹ پر امریکی شہری سمیت 24 ملکوں کے 44 مسافر آف لوڈ

    کراچی ایئرپورٹ پر امریکی شہری سمیت 24 ملکوں کے 44 مسافر آف لوڈ

    کراچی: امیگریشن ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر امریکی شہری سمیت 24 ملکوں کے 44 مسافر آف لوڈ کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چوبیس ممالک کے چوالیس مسافروں کو مختلف وجوہ پر پروازوں سے آف لوڈ کیا گیا۔

    امیگریشن ذرائع کے مطابق امریکا اور میانمار کے شہری وطن واپس جاتے ہوئے پاکستانی ویزا ختم ہونے پر آف لوڈ کیے گئے، امارات، مالدیپ، تنزانیہ ازبکستان، سعودی عرب، اور زمبابوے کے 6 ورک ویزا ہولڈر بھی آف لوڈ کیے گئے۔

    بحرین، ہانگ کانگ، آذربائیجان اور تنزانیہ کے وزٹ ویزوں کے حامل 9 مسافر آف لوڈ کیے گئے، بحرین، کینیا، لائبیریا، کابو وردے کے وزٹ ویزوں پر 6 مسافروں کو بھی سفر سے روک لیا گیا۔

    امیگریشن کے مطابق عراق، مڈغاسکر، فلپائن، کمبوڈیا اور انڈونیشیا وزٹ ویزوں کے 10 مسافر بھی آف لوڈ کیے گئے، اسی طرح امارات اور بوسٹوانہ کے رہائشی ویزوں کے 2، عمرہ کے 5 مسافر آف لوڈ کیے گئے، کوریا، ازبکستان اور ترکیہ کے اسٹڈی ویزا کے 3 مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا۔

    8 ممالک سے مزید 40 پاکستانی بے دخل، کون کون سا ملک شامل ہے؟

    دوسری طرف امیگریشن ذرائع کا کہنا ہے کہ کوریا اور سینیگال سمیت 8 ممالک سے مزید 40 پاکستانی بے دخل کر دیے گئے، قبرص، کوریا، عمان اور ماریشس کی امیگریشن نے 6 پاکستانیوں کو ناپسندیدہ کہہ کر واپس بھیجا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، اور عمان میں 4 پاکستانیوں کو بلیک لسٹ ہونے پر امیگریشن نے انٹری نہیں دی۔

    یو اے ای سے ترکش رہائشی پرمٹ زائد المیعاد ہونے اور دیگر الزامات پر 3 پاکستانی واپس کر دیے گئے۔ سعودی عرب میں سزا پوری ہونے اور دیگر الزامات پر 21 پاکستانی بے دخل کر دیے گئے، ویزے ختم ہونے پر عمان اور قطر سے 2 پاکستانی واپس بھیجے گئے، سینیگال میں انسانی اسمگلنگ کے لیے پہنچے 3 پاکستانیوں کو بے دخل کیا گیا۔

  • یونان جانے والے 3 مسافر آف لوڈ، لاہور ایئرپورٹ کی حدود سے ایجنٹ بھی گرفتار

    یونان جانے والے 3 مسافر آف لوڈ، لاہور ایئرپورٹ کی حدود سے ایجنٹ بھی گرفتار

    کراچی: لاہور ایئرپورٹ پر یونان جانے والے 3 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا، جب کہ ایئرپورٹ کی حدود سے ایجنٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ایئرپورٹ پر ایک کارروائی میں یونان جانے والے 3 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا ہے، ملزمان کی نشان دہی پر فوری کارروائی کرتے ہوئے محمد دلدار نامی ایجنٹ کو بھی ایئرپورٹ کی حدود سے گرفتار کر لیا گیا۔

    ملزمان فلائٹ نمبر EY242 سے یونان جا رہے تھے، جن میں محمد زبیر، وحید اختر اور اسد دانیال شامل ہیں، ملزمان کی جانب سے پیش کیا جانے والا یونان کا ویزا جعلی نکلا۔

    ملزمان کے پاسپورٹس پر ایتھنز روانگی اور پاکستان آمد کی جعلی اسٹیمپس لگی ہوئی تھیں، مسافروں کی آمد و روانگی کے حوالے سے سسٹم میں کوئی سفری ریکارڈ موجود نہ تھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے فی کس 25 لاکھ روپے کے عوض ایجنٹوں سے کارڈ اور جعلی اسٹیمپس لگوائیں۔

    ایجنٹ محمد دلدار کا تعلق سیالکوٹ سے ہے، جس کے موبائل سے متعدد پیغامات اور جعلی سفری دستاویزات برآمد کر لی گئی ہیں، ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا۔

  • جعلی سفری دستاویزات پر قبرص جانے والے 4 مسافر آف لوڈ

    جعلی سفری دستاویزات پر قبرص جانے والے 4 مسافر آف لوڈ

    کراچی: جعلی سفری دستاویزات پر قبرص جانے والے 4 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر ایک بڑی کارروائی میں جعلی سفری دستاویزات پر مشرق وسطیٰ کے ملک قبرص جانے والے 4 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔

    گرفتار ملزمان میں ولید اشفاق، عامر سہیل، مبشر حسن اور فہد رسول شامل ہیں، مذکورہ مسافر بین الاقوامی پرواز نمبر PC132 سے قبرص جا رہے تھے، ان کے سفری دستاویزات دوران چیکنگ مشتبہ پائے گئے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کی جانب سے پیش کیے جانے والے اسٹڈی ایگزمپشن لیٹر جعلی نکلے تھے، اسٹڈی ایگزمپشن لیٹر کی آن لائن تصدیق کے مطابق ملزمان کے کاغذات ٹی آر این سی (TRNC) کی جانب سے رد کیے گئے۔

    ملزمان نے فی کس 10 لاکھ کے عوض ایجنٹ سے اسٹڈی ایگزمپشن لیٹر حاصل کیے تھے۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • اٹلی کی جعلی اسٹیمپ، عمرے کے لیے جانے والے 2 مسافر پرواز سے آف لوڈ

    اٹلی کی جعلی اسٹیمپ، عمرے کے لیے جانے والے 2 مسافر پرواز سے آف لوڈ

    کراچی: پاسپورٹ پر اٹلی روانگی کی جعلی اسٹیمپ والے 2 مسافروں کو لاہور ایئرپورٹ پر پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی غرض سے جانے والے 2 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔

    مسافر فلائٹ نمبر ER821 کے ذریعے جدہ جا رہے تھے، تاہم ان کے پاسپورٹ پر اٹلی روانگی کی جعلی اسٹیمپ لگی ہوئی تھی، مسافروں کی آمد و روانگی کے حوالے سے بھی سسٹم میں کوئی ریکارڈ موجود نہ تھا۔

    ایف آئی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ ملزمان نے مجموعی طور پر 6 لاکھ روپے کے عوض ایجنٹ سے ویزے حاصل کیے تھے۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • جعلی سفری دستاویزات پر امارات اور پولینڈ جانے والے مسافر آف لوڈ

    کراچی: جعلی سفری دستاویزات پر متحدہ عرب امارات اور پولینڈ جانے والے 2 مسافروں کو کراچی اور پشاور ایئرپورٹس پر آف لوڈ کر کے حراست میں لے لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے پشاور ایئر پورٹ پر ایک کارروائی میں جعلی سفری دستاویزات پر براستہ استنبول، ترکی سے پولینڈ جانے والے مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق عمران خان نامی مسافر کی جانب سے پیش کیا جانے والا پولش ریزیڈنٹ کارڈ جعلی نکلا، ملزم کو ترکیہ کا ویزہ بھی پولش ریزیڈنٹ کارڈ کی بنا پر جاری ہوا تھا۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم 2017 میں پولینڈ سے پاکستان آیا تھا، جب کہ پولش ریزیڈنٹ کارڈ 2022 میں جاری ہوا، ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ یہ کارڈ اس کے کزن نے بنوا کر دیا تھا۔

    ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل پشاور کے حوالے کر دیا گیا۔

    ادھر کراچی ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کارروائی میں افغان شہری خان محمد کو آف لوڈ کر کے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    گرفتار ملزم امیگریشن کلیئرنس کے دوران پوچھے گئے سوالات پر حکام کو مطمئن نہ کر سکا، ملزم جائے پیدائش اور اپنے خاندان کے افراد کے حوالے سے مکمل طور پر لاعلم تھا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم ملازمت کی غرض سے پاکستانی پاسپورٹ پر یو اے ای جا رہا تھا، جسے قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے داخلے پر پابندی لگا دی، ملک بھر میں مسافر پروازوں سے آف لوڈ

    سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے داخلے پر پابندی لگا دی، ملک بھر میں مسافر پروازوں سے آف لوڈ

    کراچی: سعودی عرب نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے عمرہ زائرین کے ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی امور خارجہ نے کہا ہے کہ عمرے کے لیے سعودی عرب میں داخلہ عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے، یہ اقدام کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کیا جا رہا ہے۔

    کرونا وائرس کے پیش نظر سعودی ایوی ایشن نے نئی پالیسی جاری کر دی، سیاحتی ویزے پر سعودی عرب کا سفر کرنے والوں کا داخلہ بھی معطل کر دیا گیا، ایران کے شہری بھی سعودی عرب میں داخل نہیں ہو سکیں گے، سیاحتی ویزے کے لیے ایران، چین، ہانگ کانگ اور اٹلی پر بھی پابندی لگا دی گئی۔

    پی آئی اے ذرایع کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن سعودی عرب کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن جاری رکھے گی، تاہم عمرہ زائرین سفر نہیں کر سکیں گے، جدہ و مدینہ جانے والے عمرہ زائرین کو 48 گھنٹے کے لیے روکا گیا ہے، سعودی عرب سے پاکستانیوں کو وطن پہنچانے کے لیے آپریشن جاری رہے گا، 450 سے زائد عمرہ زائرین کو آف لوڈ کیا گیا ہے۔

    مراسلہ جاری ہونے پر اتحاد ایئر لائن نے بھی 97 پاکستانی عمرہ زائرین کو آف لوڈ کر دیا، پی آئی اے اور غیر ملکی ائیر لائنز نے عمرہ زائرین سعودی عرب لے جانے سے انکار کر دیا ہے، غیر ملکی ایئر لائنز نے نوٹس بھی جاری کر دیا، جس کی وجہ سے ایئر پورٹس پر عمرہ زائرین کا رش لگ گیا ہے، ایئر پورٹ پر عمرہ زائرین نے عملے سے تکرار اور احتجاج بھی کیا۔

    پاکستان میں‌ کرونا وائرس کے 2 کیسز کی تصدیق

    اے آر وائی نیوز کے مطابق غیر ملکی ایئرلائن ای وائی 242 سے 50 عمرہ زائرین آف لوڈ کیے گئے، سعودی گلف فلائٹ 6 ایس 158 سے 10 عمرہ زائرین، پی آئی اے کی مدینہ جانے والی پرواز پی کے 747 سے 300 عمرہ زائرین جب کہ پشاور سے پرواز ای کے 20 سے بھی تمام عمرہ زائرین کو آف لوڈ کر دیا گیا۔ پی آئی اے کی رات ساڑھے دس بجے جانے والی پرواز پی کے 759 کے عمرہ زائرین کو بھی روک دیا گیا، پی کے 759 کے 340 سے زائد عمرہ زائرین کو گھروں سے نہ آنے کے لیے فون کالز کی گئیں۔ 

    خیال رہے کہ پاکستان میں بھی 2 مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

  • کراچی ایئرپورٹ: ایف آئی اے نے ملیشیا جانے والے 60سے زائد مسافر آف لوڈ کردیئے

    کراچی ایئرپورٹ: ایف آئی اے نے ملیشیا جانے والے 60سے زائد مسافر آف لوڈ کردیئے

    کراچی : ایف آئی اے نے کراچی ایئر پورٹ سے روزگار کیلئے ملائشیا جانے والے 60 مسافروں کو جانے سے روک دیا، جبکہ 35 سے زائد افراد کی امیگریشن کرنے سے بھی انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق  ملیشیا جانے والے 60سے زائد مسافروں کو کراچی ایئرپورٹ سے آف لوڈ کردیا گیا اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ35سے زائد مسافر وں کے ساتھ ویزا اور ورک پرمٹ ہونے کے باوجود ایف آئی اے نے امیگریشن کرنے سے انکار کردیا۔

    تمام مسافر سری لنکن ایئرلائن کی پرواز سے کولمبو براستہ ملیشیا جارہے تھے، ایف آئی اے نے انہیں اجازت نہ دی، ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملیشیا جانے والے مجموعی طور پر70سے زائد مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا ہے۔

    مسافروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر سفری دستاویزات، ویزہ اور پروٹیکٹر ہونے کے باوجود ایف آئی اے انہیں آف لوڈ کررہی ہے، زیادہ تر مسافروں کے پاس لیبر ورک ویزہ ہے جو ملیشیا مزدوری کیلئے جارہے تھے۔

    دوسری جانب ایف آئی اے حکام کی جانب سے اس اقدام کی وضاحت نہیں کی گئی ہے کہ مسافروں کو کس بنیاد پر بیرون ملک جانے سے روکا گیا۔