Tag: مسترد

  • امریکی ایوان نمائندگان میں ٹرمپ کا ایمرجنسی کے نفاذ کا حکم نامہ مسترد

    امریکی ایوان نمائندگان میں ٹرمپ کا ایمرجنسی کے نفاذ کا حکم نامہ مسترد

    واشنگٹن : امریکی ایوان نمائندگان نے 245 ووٹوں سے ڈونلڈ ٹرمپ کا ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کا حکم نامہ مسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے سلسلے میں ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کا حکم نامہ مسترد کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی پارلیمنٹ میں 182 ارکان کے مقابلے میں 245 ارکان نے ایمرجنسی آرڈر کے خلاف ووٹ دیا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ بل کی منظوری کےلیے سینیٹ کے پاس جائے گا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کو خبردار کیا ہے کہ اگر کانگریس نے ایمرجنسی کے خلاف ووٹ دیا تو ویٹو کردوں گا۔

    مزید پڑھیں : ٹرمپ کی ایمرجنسی نافذ کرنے کی دھمکی، امریکی سیاست دانوں کی تنقید

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ صدارتی ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے ایمرجنسی لگائی جاسکتی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ٹرمپ اس اقدام کے ذریعے کانگریس سے بالاتر ہوکر اپنے فیصلے کو منوانے کی کوشش کریں گے، یاد رہے کہ کانگریس نے اس منصوبے کے لیے فنڈنگ سے انکار کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : میکسیکو دیوار: امریکی صدرنے ایمرجنسی نافذ کرنے کی دھمکی دے دی

    رواں ماہ 2 فروری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کی سرحد کے ساتھ دیوار کی تعمیر کے لیے فنڈنگ کے لیے ایمرجنسی نافذ کرنے کی دھمکی دی تھی۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر نے دیوار کی تعمیر کے لیے 5.7 بلین ڈالرز منظور کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے، تاہم کانگریس میں ڈیموکریٹس دیوار کی فنڈنگ کی منظوری سے مسلسل انکاری ہیں۔

    امریکا میں کئی ہفتوں سے جاری حکومتی شٹ ڈاؤن 24 جنوری کو ختم ہوگیا تھا لیکن 35 روزہ جزوی بندش کے باعث ملکی سرمایہ کاری اور دیگر تجاری امور بھی متاثررہے۔ ملکی معیشت کو 11 بلین ڈالرز کا نقصان ہوا تھا۔

  • عالمی عدالت انصاف میں امریکی دعویٰ‌ مسترد، ایران کے اثاثے بحال کرنے کا حکم

    عالمی عدالت انصاف میں امریکی دعویٰ‌ مسترد، ایران کے اثاثے بحال کرنے کا حکم

    ہیگ : عالمی عدالت انصاف میں ایران نے امریکا کے خلاف مقدمہ جیت لیا، عالمی عدالت نے امریکا کی جانب سے منجمد کیے گئے ایران کے 2ارب ڈالر بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں واقع اقوام متحدہ کی عالمی عدالت نے انصاف نے ایران کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے ایران کے اربوں ڈالر بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز عالمی عدالت انصاف کے 15 ججز پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی تھی، عالمی عدالت کے ججز نے ایران پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کا امریکی الزام مسترد کردیا۔

    چیف جج عبدالااقوی یوسف نے کہا کہ ایران نے 2016 میں امریکی عدالت کے متنازعے فیصلے پر عالمی عدالت میں اپیل دائر کی تھی جس پر عالمی عدالت نے فیصلہ سنا دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت کی جانب سے ایران پر دہشت گردی کا الزام عائد کیے جانے پر امریکی سپریم کورٹ کے حکم پر 2016 میں ایرانی اثاثے منجمد کر دئیے گئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سنہ 1983 میں لبنان کے دارالحکومت بیروت میں واقع یو ایس مرین کے اڈے پر بم دھماکے میں 241 اہلکار ہلاک ہوئے تھے جبکہ سنہ 1996 میں سعودی عرب کے کوبر ٹاور پر حملے میں بھی متعدد افراد ہلاک ہوئے تھے جس کا الزام امریکا نے ایران پر عائد کیا تھا۔

    امریکی سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ منجمد کی گئی رقم 1983 اور 1996 سمیت دیگر حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو فراہم کی جائے۔

    خیال رہے کہ سنہ 1979 کے بعد سے امریکا اور ایران کے تعلقات کشیدہ ہیں، جس میں مزید کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی جب امریکی صدر ٹرمپ نے گزشتہ برس ایران کے ساتھ طے جوہری سے معاہدے سے دستبرداری کا اعلان کرکے ایران پر دوبارہ اقتصادی پابندیاں عائد کیں۔

  • داعش منتشر ہوکر غیرمنظم تنظیم بن گئی، انجیلا مرکل نے ٹرمپ کا دعویٰ مسترد کردیا

    داعش منتشر ہوکر غیرمنظم تنظیم بن گئی، انجیلا مرکل نے ٹرمپ کا دعویٰ مسترد کردیا

    برلن : جرمن چانسلر انجیلا مرکل ٹرمپ کے دعوے کو مسترد کرتےہوئے کہا کہ ’داعش سے شام و عراق کا بڑا رقبہ آزاد ہوچکا ہے لیکن وہ ختم نہیں ہوئے ہیں‘۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے دارالحکومت برلن میں ملکی خفیہ ادارے کے مرکزی دفتر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا داعش کو مشرق وسطیٰ کے زیادہ تر علاقے سے بے دخل کیا جاچکا ہے لیکن وہ اب بھی سلامتی کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے۔

    انجیلا مرکل کا کہنا تھا کہ داعشی جنگجوؤں کو شام و عراق میں منتشر ضرور کیا گیا ہے جس کے بعد وہ ایک غیر منظم تنظیم میں تبدیل ہوگئے ہیں۔

    انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’میں امریکی صدر ٹرمپ کے دعوے سے اختلاف کرتی ہوں کہ داعش کو شام میں مکمل طور پر شکست دے دی‘۔

    انجیلا مرکل کا کہنا تھا کہ شام میں انٹیلی جنس معاملات کی نگرانی بی اینڈ ڈی (جرمنی کی خفیہ ایجنسی) کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

    یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 19 دسمبر کو اعلان کیا تھا کہ ہم نے داعش کو شکست دے دی، اور آئندہ 30 دنوں میں امریکی فورسز شام سے نکل جائیں گی۔

    مزید پڑھیں: صدر ٹرمپ نے شام سے امریکی فوج واپس بلانے کا اعلان کردیا

    ایک ہفتے میں شام و عراق سے داعش کا مکمل خاتمہ کردیں گے، ٹرمپ

    صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ ایک ہفتے میں داعش کا مکمل خاتمہ کرکے 100 فیصد خلافت ہمارے پاس ہوگی۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے خطاب میں کہا کہ دہشت گردوں نے کچھ عرصے انٹرنیٹ کا استعمال ہم سے بہتر انداز میں کیا لیکن اب اس شعبے میں وہ اتنے اچھے نہیں رہے۔

    مزید پڑھیں : صدر ٹرمپ سے اختلافات، امریکی وزیر دفاع مستعفی ہوگئے

    شام سے امریکی فوج کے انخلا سے متعلق ٹرمپ کے بیان پر امریکی وزیر دفاع جیمزمیٹس اور دولت اسلامیہ مخالف اتحاد کے خصوصی ایلچی بریٹ میکگرک نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

    خیال رہے کہ داعش کے خلاف شام میں صدر باراک اوبامہ نے پہلی مرتبہ سنہ 2014 میں فضائی حملوں کا آغاز کیا تھا اور 2015 کے اواخر میں اپنے 50 فوجی بھیج کر باضابطہ شام کی خانہ جنگی میں حصّہ لیا تھا۔

  • افغان قیادت کوافغان عوام کے مسائل پرتوجہ دینے کی ضرورت ہے‘ شاہ محمود قریشی

    افغان قیادت کوافغان عوام کے مسائل پرتوجہ دینے کی ضرورت ہے‘ شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان صدر اشرف غنی کے ٹویٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کےغیرذمہ دارانہ بیانات کھلی مداخلت ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ افغان قیادت کوافغان عوام کے مسائل پرتوجہ دینے کی ضرورت ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے افغان صدر اشرف غنی کے ٹویٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کےغیرذمہ دارانہ بیانات کھلی مداخلت ہیں۔

    افغانستان: پاکستان قونصلیٹ مزار شریف میں دہشت گردی کی کوشش ناکام، خاتون گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان قونصلیٹ مزار شریف میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی، پولیس نے بیگ میں ہینڈ گرینیڈ لے جانے والی افغان خاتون کو گرفتار کیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال 30 اگست 2018 میں افغانستان میں پاکستانی سفارت خانے نے سیکیورٹی انتظامات پر مداخلت پر جلال آباد کا قونصل خانہ عارضی طور پر بند کردیا گیا تھا۔

    بعدازاں 8 اکتوبر 2018 کو افغان حکام کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کے بعد پاکستان نے جلال آباد میں قائم اپنا سفارت خانہ کھول دیا تھا۔

  • اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کی درخواست مسترد کردی

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کی درخواست مسترد کردی

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کی درخواست مسترد کردی اور وارننگ دی کہ آئندہ ایسی درخواست آئی تو جرمانہ بھی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر درخواست پر چیف جسٹس اطہرمن اللہ اورجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی، وزیراعظم عمران خان کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔

    درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں اپنی بیٹی کو ظاہر نہیں کیا، انہوں نے اپنی بیٹی ٹیریان سے متعلق جھوٹ بولا لہذا وہ صادق و امین نہیں رہے۔

    اسلام کا پہلا اصول ہے کہ کسی کی ذاتی زندگی پر پردہ ڈالا جائے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ

    سماعت کے دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے کہا کہ اسلام کا پہلا اصول ہے کہ کسی کی ذاتی زندگی پر پردہ ڈالا جائے۔

    عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست گزار پر برہمی کا ظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کی درخواست مسترد کر دی اور ریمارکس دیے کہ آئندہ ایسی درخواست آئی تو جرمانہ بھی کریں گے۔

    یاد رہے 16 جنوری  کو  اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں جلد سماعت کی استدعا کی گئی ، جسے عدالت نے منظور کرلیا تھا۔

    درخواست گزار نےمؤقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان نے اپنی مبینہ بیٹی ٹیریان وائٹ کا کاغذات نامزدگی میں ذکر نہیں کیا اور کاغذات نامزدگی میں اسے چھپایا ہے، اس بنیاد پر عمران خان کو نااہل قرار دیا جائے۔

    خیال رہے قومی اسمبلی سے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد 18 اگست 2018 کو عمران خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا ، صدر مملکت ممنون حسین نے حلف لیا تھا۔

    بطور منتخب وزیر اعظم عمران خان نے اپنی پہلی تقریر میں کہا تھا کہ سب سے پہلے احتساب ہوگا، قوم کا مستقبل برباد کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے، کسی ڈاکو کو این آر او نہیں ملے گا، مجھے کسی ڈکٹیٹر نے نہیں پالا، اپنے پیروں پر یہاں پہنچا ہوں۔ کرکٹ کی 250 سالہ تاریخ کا واحد کپتان ہوں جو نیوٹرل امپائر لایا۔

    واضح رہے کہ25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے واضح اکثریت حاصل کی تھی۔

  • سپریم کورٹ کا فیصلہ قانونی طور پر بالکل درست ہے، فواد چوہدری

    سپریم کورٹ کا فیصلہ قانونی طور پر بالکل درست ہے، فواد چوہدری

    اسلام آباد : وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کی جانب سے ایوان فیلڈ ریفرنس میں نیب کی اپیل مسترد ہونے پر کہا نوازشریف کی سیاست ہمیشہ کیلئےختم ہوچکی ہے، فیصلہ قانونی طورپربالکل درست ہے اور اس سےعملی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سپریم کورٹ کی جانب سے ایوان فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف اور مریم نواز کی سزا معطلی کیخلاف نیب کی اپیل مسترد ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا سپریم کورٹ کافیصلہ قانونی طورپربالکل درست ہے، ضمانت کی منسوخی کیلئےغیرمعمولی وجوہات درکارہوتی ہیں، فیصلے سے عملی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

    فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی سیاست ہمیشہ کیلئےختم ہوچکی ہے، ن لیگ اہم سیاسی جماعت ہےانہیں نئی قیادت منتخب کرنی چاہیے۔

    یاد رہے سپریم کورٹ نے ایوان فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف اور مریم نواز کی سزا ئیں بحال کرنے کی نیب کی اپیل مسترد کردی تھی ، اعلی عدالت نے کہا تھا ہم کہہ چکے ہیں کہ عبوری حکم کی ابزرویشنز کا اصل اپیل پر اطلاق نہیں ہوتا، فیصلے کا وہ حصہ جس کی بنیاد پر ضمانت ہوئی نیب نے چیلنج ہی نہیں کیا ۔صرف ہائی کورٹ کے ریمارکس ضمانت کے منسوخی کا جواز نہیں ہوسکتے۔

    جسٹس آصف سعیدکھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ اسلام آبادہائی کورٹ کافیصلہ عبوری تھا، ہائی کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے پر نیب نے دوبارہ اپیل کی تو دیکھیں گے۔

    واضح رہے 19 ستمبر 2018 کو اسلام آباد ہائی کورٹ کےدو رکنی بینچ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے مختصر فیصلے میں نوازشریف، مریم اور صفدر کی سزائیں معطل کرکے تینوں کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

    جس کے بعد نیب نے شریف خاندان کی سزا معطلی کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے انیس ستمبر کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائرکی تھی ، جس میں فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی۔

  • جعلی بینک اکاؤنٹس کیس: ملزمان کی جے آئی ٹی رپورٹ مسترد کرنےکی استدعا

    جعلی بینک اکاؤنٹس کیس: ملزمان کی جے آئی ٹی رپورٹ مسترد کرنےکی استدعا

    اسلام آباد : منی لانڈرنگ کیس میں ملزمان عبدالغنی مجید اور انورمجید نے جےآئی ٹی رپورٹ مسترد کرنے کی استدعا کردی۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں ملزمان عبد الغنی اور انورمجید نے جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا جس میں انہوں نے جے آئی ٹی رپورٹ مسترد کرنے کی درخواست کی۔

    عدالت عظمیٰ میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی کے پاس معاملہ نیب کوارسال کرنے کی سفارش کا جوازنہیں ہے، جے آئی ٹی کی سفارش کی منظوری دینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی۔

    ملزمان کی جانب سے جواب میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جےآئی ٹی کی ایگزیکٹوسمری اورحتمی رپورٹ کے 4 والیم فراہم کیے گئے، کن 924 لوگوں کے بیان ریکارڈ کیے گئے نام فراہم نہیں کیے گئے۔

    سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا کہ جس ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا وہ بھی فراہم نہیں کیا گیا، ایسے حالات میں جے آئی ٹی رپورٹ پرمفصل جواب دینے سے قاصرہیں۔

    ملزمان کے مطابق رپورٹ کے ساتھ کوئی مواد یا دستاویزات نہیں جو الزامات کی تائید کرے جبکہ جے آئی ٹی رپورٹ میں لگائے گئے ہر الزام میں معصوم ہیں۔

    سپریم کورٹ میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت31 دسمبرکو ہوگی

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت 31 دسمبر کو ہوگی جس کے لیے آصف علی زرداری، فریال تالپور سمیت دیگر افراد کو نوٹس جاری کردیے گئے۔

  • اقوام متحدہ: حماس کے خلاف امریکی قرارداد مسترد

    اقوام متحدہ: حماس کے خلاف امریکی قرارداد مسترد

    نیویارک : اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے خلاف پیش کردہ امریکی قرار داد مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی حمایت میں اسلامی مزاحمتی تنظیم کے خلاف قرار داد پیش کی گئی تھی جسے جنرل اسمبلی کے رکن ممالک نے یکسر مسترد کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں87 رکن ممالک نے قرار کے حق میں جبکہ 57 ممالک نے قرار کے خلاف ووٹ دیا جبکہ 33 ممالک نے ووٹنگ میں حصّہ نہیں لیا۔

    جنرل اسمبلی کے 33 رکن ممالک کے ووٹنگ میں حصّہ نہ لینے کے باعث قرارداد مسترد ہوگئی۔

    خیال رہے کہ کسی بھی قرار داد کو منظور کروانے کےلیے 2 تہائی اکثریت ضروری ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسرائیل مخالف فلسطینی تنظیم حماس کے خلاف پیش کردہ قرارداد کےحق میں ووٹ دینے کے لیے اسرائیل نے باقاعدہ لابنگ کی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ امریکی مندوب نکی ہیلی نے بھی اسرائیل کے ہمراہ قرارداد کی منظوری کےلیے بھرپور لابنگ کی تھی۔

    امریکی مندوب نے قرارداد کی منظوری کےلیے جنرل اسمبلی کے رکن ممالک کو خط ارسال کیےتھے جس میں ووٹ نہ دینے پر دھمکی دی گئی تھی۔

    جنرل اسمبلی میں اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے خلاف نکی ہیلی نے قرارداد پیش تھی جو ان کی آخری قرار داد تھی، نکی ہیلی کچھ روز بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہورہی ہیں۔

  • پاکستان نے کرتارپورراہداری پر بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کو مسترد کردیا

    پاکستان نے کرتارپورراہداری پر بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کو مسترد کردیا

    اسلام آبا د: پاکستان نے کرتارپورراہداری پر بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا پاکستان کے مثبت قدم کو کسی اور معاملے سے جوڑنا بدنیتی ہے، کرتارپور کوریڈور پر بھارت سمیت عالمی سطح پرمثبت ردعمل ملاہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ نے کرتارپورراہداری پر بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کو مسترد کردیا اور کہا پاکستان کو بھارتی میڈیا کے بعض حصوں کے منفی پروپیگنڈے پر افسوس ہے، پاکستان کامثبت قدم سکھ بھائیوں کی سہولت کے لئے ہے، مثبت قدم کو کسی اور معاملے سے جوڑنا بدنیتی ہے۔

    [bs-quote quote=” پاکستان کے مثبت قدم کو کسی اور معاملے سے جوڑنا بدنیتی ہے،” style=”style-6″ align=”left”][/bs-quote]

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کےمثبت فیصلے کو سکھ کمیونٹی نے کو سراہا ہے، پاکستان آئندہ برس بابا گرونانک کا جنم دن منانے کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا، احسن کوشش کے خلاف بات کرنے والے اینٹی پاکستان ہیں جو ناکام ہوں گے۔

    ڈاکٹر فیصل نے کہا پاکستان اب زمینی ڈھانچے پر کام شروع کرےگا، امید ہے بھارت ویزہ سمیت دیگر ضروریات پر پاکستان سے بات چیت کرے گا، کرتارپور کوریڈور پر بھارت سمیت عالمی سطح پر مثبت ردعمل ملاہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مخالف عناصر اپنے پروپیگنڈے میں کامیاب نہیں ہوں گے، خوشی ہے تقریب میں بھارت کی مرکزی اور پنجاب حکومت کے نمائندگی تھی۔

    اس سے قبل ملتان میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سکھوں نے گوردوارہ کرتاپور جانے کی درخواست کی تھی، دنیا بھر کے سکھوں کی خواہش کو موجودہ حکومت نے پورا کردیا، ہم کرتاپور راہداری کھولی دنیا بھر میں ہمارا اقدام سراہا گیا، بھارتی حکومت کا شکر گزارہوں، انہوں نے اقدام پر رضامندی ظاہر کی، بھارتی حکومت نے کابینہ کا اجلاس بلایا اور راہداری منصوبے کی منظوری دی۔

    یاد رہے  28 نومبر کو وزیراعظم عمران خان نے شکرگڑھ میں کرتارپورراہداری کا سنگ بنیاد رکھا تھا دیا اور دنیا کو پیغام دیاکہ پاکستان نفرت کا جواب بھی محبت سے دیتا ہے۔

    تقریب میں ،بھارتی وزیروں کا وفد، کئی ملکوں کے سفارتکار، عالمی مبصرین اور سکھ برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی، خصوصی مہمان نوجوت سنگھ سدھو نے بھی تقریب میں موجود تھے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان نے کرتارپورکوریڈور کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    وزیراعظم نے اپنے خطاب میں بھارت کو پھر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہندوستان ایک قدم بڑھائےہم دوبڑھائیں گے، بارڈرکھل جائیں توتیزی سےغربت کم ہوگی، ماضی صرف سیکھنے کے لیے ہے، ہم آگےبڑھنا چاہتےہیں، نیا چاند پرپہنچ گئی کیاہم کشمیرکامسئلہ حل نہیں کرسکتے۔

    بعد ازاں  پاکستان کی جانب سے امن کا ہاتھ بڑھانا حسب معمول بھارتی میڈیا کے مزاج پر بے حد گراں گزرا، بھارتی  میڈیا نے کرتار  پور  راہداری کھولنے کو سفارتی دہشت گردی کا نام دیا تھا۔

  • چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تعیناتی، وزیراعظم عمران خان نےخواجہ آصف کانام مستردکردیا

    چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تعیناتی، وزیراعظم عمران خان نےخواجہ آصف کانام مستردکردیا

    اسلام آباد : چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تعیناتی پر وزیراعظم عمران خان نے خواجہ آصف کا نام مسترد کردیا اور اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا منی لانڈرنگ میں ملوث شخص کواہم عہدہ کیسے دے سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی جماعت نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تعیناتی پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کے ناموں پر غور کیا گیا ، وزیراعظم عمران خان نے خواجہ آصف کا نام مسترد کردی۔

    خواجہ آصف کا نام زیر بحث لانے پر وزیراعظم عمران خان نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا منی لانڈرنگ میں ملوث شخص کواہم عہدہ کیسے دے سکتے ہیں۔

    وزیراعظم نے خواجہ آصف کے نام پرمشاورت سےبھی روک دیا اور کہا خواجہ آصف کےنام پرکسی قسم کی مشاورت نہ کی جائے، پی اےسی چیئرمین کیلئےشہرت کےپارلیمنٹیرین کوترجیح دیں۔

    یاد رہے حکومت نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے متعلق لچک دکھاتے ہوئے پی اے سی کے چیئر مین کے لیے اپوزیشن سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں اپوزیشن سے رابطے کی منظوری دی تھی۔

    فاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین بنانے پراعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کے منصوبوں کی تحقیقات وہ کیسے کریں گے۔

    خیال رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف اور اپوزیشن کے درمیان پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے پر اختلاف چلتا آ رہا ہے، وزیرِ اطلاعات نے پی اے سی کی سربراہی حکومت کا حق قرار دیا جبکہ اپوزیشن کا مؤقف ہے کہ یہ حق اپوزیشن کو حاصل ہے۔