Tag: مسترد

  • زینب قتل کیس: مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کی درخواست مسترد

    زینب قتل کیس: مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کی درخواست مسترد

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جج نے زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کے لیے مقتولہ کے والد کی درخواست پرسماعت کی۔

    لاہور ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران صوبائی سیکرٹری داخلہ کی جانب سے لا افسرنے جواب داخل کرایا۔

    سرکاری وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ قانون میں کوئی ایسی شق نہیں جس کے تحت سرعام پھانسی دی جاسکے، سرعام پھانسی کے معاملے پرسپریم کورٹ فیصلہ جاری کرچکی ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ کے جج نے زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کی درخواست مسترد کردی۔

    عدالت میں درخواست زینب کے والد حاجی امین کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ملزم کی پھانسی کولائیوٹیلی کاسٹ کرنے کا بھی عدالت حکم دے سکتی ہے۔

    درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ مقصد صرف عوام کوایک گھناؤنے جرم میں ملوث مجرم کونشان عبرت بنانا ہے، مجرم سیریل کلرہےاورکل اسے پھانسی دی جانی ہے۔

    حاجی امین کے وکیل کا کہنا تھا کہ ایکٹ1997کے سیکشن22 کے مجرم کوسرعام پھانسی دی جا سکتی ہے۔

    ننھی زینب کے قاتل کو17 اکتوبر کو پھانسی دی جائے

    واضح رہے کہ 12 اکتوبر کو انسداد دہشت گردی عدالت نے زینب قتل کیس کے مجرم عمران کے ڈیتھ وارنٹ جاری کیے تھے جس کے تحت مجرم کو کل 17 اکتوبرکو پھانسی دی جائے گی۔

  • فیصل رضاعابدی کی مقدمے سے سائبر کرائم کی دفعات نکالنے کی استدعا مسترد

    فیصل رضاعابدی کی مقدمے سے سائبر کرائم کی دفعات نکالنے کی استدعا مسترد

    اسلام آباد :اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق سینیٹر فیصل رضاعابدی کی مقدمے سے سائبر کرائم کی دفعات نکالنے کی استدعامسترد کردی، جسٹس محسن اختر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا مذاق بنا رکھا ہے، جس کا جی چاہتا ہے عدلیہ پر کچڑ اچھالتا ہے۔ عدلیہ سے دھمکی کا رویہ درست نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق توہین عدالت کے معاملے پر اسلام آبادہائی کورٹ نے فیصل رضاعابدی کیس سے سائبرکرائم دفعات نکالنے کی درخواست مسترد کردی جبکہ سابق سینیٹر کی مقدمہ ختم کرنے کی درخواست بھی خارج کردی گئی۔

    وکیل صفائی کا دلائل میں کہنا تھا تین ایف آئی آر ایک ہی جرم میں کاٹی گئیں، جو غیر قانونی ہے، جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا سزا ایک میں ہی ہو گی تین میں نہیں۔

    جسٹس محسن اختر کیانی نے وکیل صفائی سے استفسار کیا کہ کیا آپ نےعدالت کی توہین کی ہے؟ وکیل نے جواب دیا نہیں توہین نہیں کی سخت الفاظ کہے تھے۔

    جسٹس محسن نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہامذاق بنارکھا ہےجس کاجی چاہتا ہےعدلیہ پر کچڑ اچھالتا ہے، عدلیہ کو چیف جسٹس آف پاکستان کو سر عام دھکمیاں دی جارہی ہیں،عدلیہ سے دھمکی کارویہ درست نہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روزفیصل رضا عابدی توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ میں پیش ہوئے، وہ جب پیشی کے بعد عدالت سے باہر آئے تو پولیس نے انہیں گرفتار کرکے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : توہین عدالت کیس ، فیصل رضا عابدی کو گرفتار کرلیا گیا

    پولیس کا کہنا تھا کہ فیصل رضا عابدی کیخلاف گزشتہ شب تھانہ سیکرٹریٹ میں نئی ایف آئی آر درج کی گئی تھی، جس میں ان پر اعلیٰ عدلیہ کیخلاف توہین آمیز بیانات دینے کا الزام ہے۔

    سپریم کورٹ نے فیصل رضا عابدی سے تحریری جواب بھی طلب کیا تھا ، پیشی کے موقع پر فیصلے سے قبل روسٹرم چھوڑنے پر جسٹس عظمت کا مکالمے میں کہنا تھاکہ عابدی صاحب جب تک آرڈر نا لکھوا لیں ہمیں تنہا نہ چھوڑ کر جائیں۔

    بعد ازاں عدالت نے وکیل کی عدم دستیابی پرسماعت تیس اکتوبر تک ملتوی کردی۔

    خیال رہے دو اکتوبر کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے فیصل رضا عابدی کی ضمانت گیارہ اکتوبر تک منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : چیف جسٹس کے خلاف نازیبا الفاظ پر سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے خلاف مقدمہ

    واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کے خلاف نازیبا الفاظ بولنے کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے خلاف 21 ستمبر کو انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    اسلام آباد کے تھانہ سیکٹریٹریٹ میں مقدمہ سپریم کورٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ فیصل رضا عابدی نے ایک ٹی وی پروگرام میں چیف جسٹس کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے۔ ایف آئی آر میں مذکورہ پروگرام کے اینکر کا نام بھی درج کیا گیا ہے اور اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ فیصل رضا عابدی سنہ 2009 سے 2013 تک پی پی کے سینیٹر رہے۔ اس دوران وہ کئی قائمہ کمیٹیوں کے رکن بھی رہے۔

  • پیرس:‌ پروفیسر طارق رمضان کی درخواست ضمانت مسترد

    پیرس:‌ پروفیسر طارق رمضان کی درخواست ضمانت مسترد

    پیرس : فرانسیسی عدالت نے دو خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار پروفیسر طارق رمضان کی رہائی کے لیے دائر کردہ درخواست ایک مرتبہ پھر مسترد کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایک ماہر نے پروفیسر طارق رمضان کے خلاف کورٹ میں مزید نئے ثبوت پیش کیے ہیں، مذکورہ شخص نے مسلمان پروفیسر کے کمپیوٹر اور فون کے ڈیٹا کا جائزہ لیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ثبوت پیش کرنے والے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہر نے پروفیسر کی جانب سے بیان کردہ واقعات کی تردید کی ہے جس کے باعث عدالت نے طارق رمضان کی درخواست مسترد کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گرفتار مسلم پروفیسر طارق رمضان نے جنسی زیادتی کا الزام عائد کرنے والی ایک خاتون کو موبائل فون پر پیغامات بھیجے تھے تاہم اس کی عصمت دری کرنے سے انکاری ہیں۔

    خیال رہے کہ پروفیسر طارق رمضان اخوان المسلمین کے بانی حسن البنا کے نواسے ہیں جن کے خلاف 2016 میں ہینڈا یاری نامی خاتون نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا اس کے علاوہ 2009 میں بھی ایک قسم کی ایک شکایت سامنے آئی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پروفیسر طارق رمضان حالیہ دنوں فرانس کے دارالحکومت پیرس کے نواح میں واقع جیل میں عصمت ریزی کرنے کے الزامات میں قید ہیں۔


    مزید پڑھیں : پروفیسرطارق رمضان کےایک اور خاتون سے تعلقات سامنے آگئے


    یاد رہے کہ  دو خواتین کے ساتھ عصمت دری اور جنسی ہراسگی کے الزام میں گرفتار مسلمان پروفیسر اور فلاسفر طارق رمضان کے متعلق ایک اور انکشاف ہوا تھا کہ  انہوں نے 2015 میں ایک مسلمان خاتون کو اپنے  اور ان کے درمیان تعلقات کو  راز میں رکھنے کے لیے بھاری رقم کی ادائیگی کی گئی تھی۔

  • افغان حکام نے روس میں طالبان سے ہونے والے مذاکرات کی پیشکش مسترد کردی

    افغان حکام نے روس میں طالبان سے ہونے والے مذاکرات کی پیشکش مسترد کردی

    کابل: افغان حکام نے روس میں اگلے ہفتے ہونے والے طالبان سے مذاکرات کی پیش کش مسترد کرتے ہوئے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی حکام نے اگلے ماہ ماسکو میں طالبان وفد کو مدعو کیا تھا اور اس کی کوشش تھی کہ افغان حکومتی وفد کے علاوہ امریکی حکام بھی اس ملاقات کا حصہ بنیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی حکومت کی ثالثی میں طالبان سے مذاکرات افغان حکام نے مسترد کردیا، اس سے قبل امریکا نے بھی اس مذاکرات میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    کابل حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں قیام امن عمل صرف کابل حکومت کی قیادت میں ہوگا، روس کی مذاکراتی دعوت کو مسترد کرتے ہیں۔

    روس کی جانب سے مذاکرات کی دعوت طالبان نے قبول کرلی

    خیال رہے کہ دو روز قبل روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے کہا تھا کہ افغان طالبان نے چار ستمبر کو ماسکو میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔

    روسی وزیر خارجہ نے مذاکرات سے متعلق یہ بھی کہا تھا کہ روس کے طالبان سے مذاکرات کا مقصد افغانستان میں روسی شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانا اور طالبان کو امن عمل کے لیے تیار کرنا ہے۔

    دوسری جانب امریکی حکام نے بھی طالبان کے ساتھ براہ راست مذاکرات کرنے کا عندیہ دیا تھا، تاہم ابھی تک عملی طور پر کوئی نتائج سامنے نہیں آئیں، جبکہ امریکا افغانستان میں طالبان کے خلاف اپنے عسکری حملوں میں بھی کمی لا چکا ہے۔

  • پی ٹی آئی کےعثمان ڈار کی این اے73 میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

    پی ٹی آئی کےعثمان ڈار کی این اے73 میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

    لاہور : لاہورہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار کی این اے 73 سیالکوٹ میں دوبارہ گنتی اور خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست مسترد کردی ۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس مامون الرشید شیخ نے این اے 73 سیالکوٹ سے پی ٹی آئی کے ناکام امیدوار عثمان ڈار کی درخواست پر سماعت کی ۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اس نے سیالکوٹ این اے 73 سے انتخاب لڑا اور دوسرے نمبر پر رہا تاہم گنتی کے عمل میں متعدد بے ضابطگیاں سامنے آئیں اور پریزائیڈنگ افسران نے فارم 45 پولنگ ایجنٹس کو فراہم نہیں کیا ۔

    درخواست میں کہا گیا خواجہ آصف سے صرف 1406 ووٹوں سے شکست ہوئی جبکہ حلقے میں 7 ہزار 346 ووٹ مسترد ہوئے۔

    دائر درخواست میں استدعا کی گئی ریٹرننگ افسر، کو حلقے کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی جسے مسترد کردیا گیا لہذا عدالت حلقے میں دوبارہ گنتی کروانے کا حکم دے اور گنتی تک خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن روکنے کا حکم دے۔

    جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے این اے 73 میں دوبارہ گنتی اور خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔

    واضح رہے کہ این اے 73 سے ن لیگ کے خواجہ آصف 116975 ووٹ لے کر 1406 کی لیڈ سے جیتے تھے۔

  • ایران پر امریکی پابندیاں یورپی یونین نے مسترد کردیں

    ایران پر امریکی پابندیاں یورپی یونین نے مسترد کردیں

    پیرس: جوہری معاہدے سے دست برداری کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر اقتصادی پابندیوں سے متعلق ایک بل پر دستخط کردیے، جسے یورپی یونین نے مسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے ہیں، آج رات 12 بجے کے بعد ایران پر اقتصادی شعبے پر پابندیوں کا اطلاق ہوجائے گا، جسے یورپی یونین نے نہ ماننے کا فیصلہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین اس قسم کی اقتصادی پابندیوں کے خلاف ہے، ایران کے ساتھ اپنا کاروبار جاری رکھیں گے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے ساتھ معاشی تعلقات برقرار رکھیں گے، اور اس کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، امریکی پابندیوں کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد یورپی یونین متفقہ حکمت عملی وضع کرے گی۔


    ڈونلڈ‌ ٹرمپ نے ایران پر اقتصادی پابندیاں‌ عائد کردیں


    خیال رہے کہ آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیے ہیں جس کا اطلاق آج سے ہوگا، جبکہ 5 نومبر کو توانائی اور تیل کی صنعتوں پر بھی  پابندیاں لگائی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ پابندیوں سے متعلق صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پابندیوں کے بعد ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات سنگین نتائج کے ہوں گے، ایران کو رویہ تبدیل کرکے عالمی طاقتوں سے دوبارہ مذاکرات کرنا ہوں گے، نئے معاہدے میں ایرانی حکومت کی تمام منفی سرگرمیوں کا مکمل احاطہ ہوگا۔

    یاد رہے کہ 2015 میں اس وقت کے امریکی صدر بارک اوباما اور ایرانی حکومت کے درمیان جوہری معاہدہ ہوا تھا جس کے سبب ایران پر سے معاشی پابندیاں ختم کردی گئی تھیں۔

  • شریف خاندان کی شوگر ملز منتقلی کا مقدمہ ملتوی کرنے کی استدعا مسترد

    شریف خاندان کی شوگر ملز منتقلی کا مقدمہ ملتوی کرنے کی استدعا مسترد

    اسلام آباد : چیف جسٹس نے شریف خاندان کی شوگرملز منتقلی کا مقدمہ ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کردی اور کہا کہ شریف خاندان کی شوگر ملز کو مشروط اجازت دی تھی، اب گنے کا سیزن مکمل ہوگیا، غیر قانونی شوگر ملز کو اب بند ہونا چاہئے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں شریف خاندان کی شوگرملز منتقلی کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں عدالتی بینچ نےکی۔ شوگر ملز کے وکیل نے مقدمے کی تیاری کے لئے وقت دینے کی استدعا کی۔

    چیف جسٹس نے کیس ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا شوگر ملز نے ایک سیزن مفت میں کرشنگ کرلی، ایک آپشن یہ ہوسکتا ہے شوگر ملز کو واپس اصل جگہ منتقل کردیں۔

    وکیل نے کہا مجھے اپنے موکل سے ہدایات لینے دیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا موکل کو ساتھ لانا تھا، کیا آپ کے موکل کو آنے میں شرم آتی ہے، غریب لوگ اپنے وکیل کے پیچھے کھڑے ہوتے ہیں، کیس لڑنا ہے تو یہ رعایت پھر نہیں ملے گی۔

    دوران سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار نے شریف خاندان کے وکیل کو التوا مانگنے پر ایک لاکھ روپے ڈیمز فنڈ میں جمع کرانے کا حکم دے دیا اور کہا کہ 15 اگست تک پنجاب حکومت کی تشکیل مکمل ہو جائے گی، نئی حکومت ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تعینات کر دے گی، آئندہ سماعت تک حکومت کی رائے آجائے گی۔

    چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس میں کہا جنوبی پنجاب میں شریف خاندان کی شوگر ملز کو مشروط اجازت دی تھی، اب گنے کا سیزن مکمل ہوچکا ہے، غیر قانونی شوگر ملز کو اب بند ہونا چاہئے۔

    بعد ازاں شریف خاندان کی شوگر ملز منتقلی کیس کی سماعت 20 اگست تک ملتوی کردی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • این اے57:   شاہد خاقان عباسی کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست  مسترد

    این اے57: شاہد خاقان عباسی کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

    لاہور : سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے  رہنما شاہد خاقان عباسی کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کر دی گئی، شاہدخاقان عباسی آبائی حلقے سے الیکشن ہار گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن ہارنے والے متعدد امیدوراوں نے ووٹ دوبارہ گننے کی درخواستیں دیں، جس میں کچھ کو کامیابی ملی گئی کچھ ناکام ہی رہے۔

    ریٹرننگ افسر نے شاہد خاقان عباسی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے این اے 57 مری سے دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی اور صداقت علی عباسی کی جیت کو برقرار رکھا۔

    عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    یاد رہے کہ این اے 57 سے تحریک انصاف کے صداقت علی عباسی 136249 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مد مقابل شاہد خاقان عباسی نے 124705 ووٹ حاصل کئے۔


    مزید پڑھیں : حلقہ این اے 249، شہباز شریف کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد


    اس سے قبل کراچی کے حلقہ این اے 249 سے شہبازشریف کی دوبارہ گنتی کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ پولنگ کے دوران امیدوار کی شکایت پر آر او کارروائی کا حق رکھتا ہے لہذا درخواست گزار کو اُسی وقت اپنے تحفظات کا اظہار کرنا تھا‘۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نےقومی اسمبلی کےدو سو ستر حلقوں کےمکمل نتائج جاری کردئیے،  جس کے  تحریک انصاف ایک سو پندرہ نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے ، ن لیگ چونسٹھ سیٹوں کے ساتھ دوسری اور پیپلزپارٹی تینتالیس سیٹوں کےساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بلاول بھٹواورآصف زرداری کی نااہلی کے لیے دائر درخواست مسترد

    بلاول بھٹواورآصف زرداری کی نااہلی کے لیے دائر درخواست مسترد

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی نا اہلی کے لیے دائردرخواست مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطاب لاہور ہائی کورٹ میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی نا اہلی کے لیے دائر درخواست پرسماعت ہوئی۔

    درخواست گزار شہری کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ بلاول بھٹو نے پیپلزپارٹی کے منشور پر انتخابی نشان تیر کو استعمال کیا۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بلاول بھٹو کا یہ اقدام الیکشن ایکٹ کے سیکشن 215 کی ذیلی شق 3 کی خلاف ورزی کی ہے لہذا انہیں انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نا اہل کیا جائے۔

    لاہورہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف دائر درخواست سماعت کے بعد مسترد کردی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی پر بلاول بھٹواورآصف علی زرداری کی نا اہلی کے لیے دائردرخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • نواز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ مسترد کر دیا

    نواز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ مسترد کر دیا

    اسلام آباد : سابق وزیراعظم نوازشریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اعلامیہ افسوس ناک اور تکلیف دہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ پتہ لگنا چاہیےملک میں دہشت گردی کی بنیاد کس نے رکھی تھی۔

    سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج ملک کوکیا بنا دیا گیا ہے، دنیا میں ہم تنہا ہوچکے ہیں، کون سا ملک آج ہمارے ساتھ ہے؟، اب پتہ لگنا چاہیےکہ ملک کواس نہج پرکس نے پہنچایا۔

    مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے کہا کہ اگر قومی کمیشن قائم ہوتا ہے تو اس کی ضرورت ہے، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونا چاہیے۔

    نوازشریف نے کہا کہ نیشنل سیکورٹی کمیٹی کے اجلاس میں گھرٹھیک کرنی کی بات کوڈان لیکس بنا دیا گیا، انہوں نے ڈان لیکس کی بھی تصدیق کردی۔

    سابق وزیراعظم نے کہا کہ خواجہ آصف سے پوچھیں جب جب وہ غیر ملکی دوروں پر گئے، بیرون ممالک کے صدوراور وزرائےاعظم نے میری بات کی۔

    پھانسی دے دی جائے، مگر ووٹ کی عزت پامال نہیں ہونے دوں گا: نواز شریف

    خیال رہے کہ گزشتہ روزبونیرمیں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کا کہنا تھا کہ مجھے غدار کہنے والو، حساب کتاب کے لیے قومی کمیشن بنا دو، قومی کمیشن اپنی رپورٹ میں جسے مجرم کہے، اسے سرعام پھانسی دے دی جائے، مگر ووٹ کی عزت پامال نہیں ہونے دوں گا۔

    قومی سلامتی کمیٹی نے نوازشریف کا بیان متفقہ طور پر مسترد کردیا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی نے نوازشریف کا بیان متفقہ طور پر مسترد کردیا تھا اور نوازشریف کے بیان کو غلط اور گمراہ کن قرار دیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔