Tag: مستقل مندوب

  • بھارت کے اشتعال انگیز رویے سے سنگین خطرات لاحق ہیں: عاصم افتخار

    بھارت کے اشتعال انگیز رویے سے سنگین خطرات لاحق ہیں: عاصم افتخار

    اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ او آئی سی اراکین نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سے اپنی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق قوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے او آئی سی کے سفیروں سے ملاقات کی اور انہیں جنوبی ایشیا کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔

    پاکستانی مندوب نے سفراء کو بتایا کہ بھارتی غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز رویے سے خطے کے امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

    او آئی سی کے سفراء نے پاکستانی حکومت اور عوام کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا دونوں ممالک میں سفارت کاری سے کشیدگی میں کمی کی ضرورت ہے۔

    سفراء نے مسئلہ کشمیر کو سیکیورٹی کونسل اور او آئی سی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا ہے۔

  • سلامتی کونسل کشمیر میں بین الاقوامی جرائم کے ثبوتوں کا نوٹس لے: پاکستانی مندوب

    سلامتی کونسل کشمیر میں بین الاقوامی جرائم کے ثبوتوں کا نوٹس لے: پاکستانی مندوب

    نیویارک: اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں پاکستانی قائم مقام مستقل مندوب عامر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی جرائم کے ثبوتوں کا نوٹس لے۔

    تفصیلات کے مطابق سلامتی کونسل میں پاکستانی قائم مقام مستقل مندوب عامر خان نے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قراردادوں اور فیصلوں پر عملدر آمد میں دہرا معیار باعث تشویش ہے۔

    پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر ظالمانہ قبضے کی عالمی مثال ہے، مقبوضہ کشمیر میں کئی دہائیوں سے انسانی حقوق پامال ہو رہے ہیں۔ 75 سال سے بھارت کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے انکاری ہے۔

    عامر خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے عالمی قوانین کی سنگین اور منظم خلاف ورزیاں بھی کی ہیں، 9 لاکھ سے زائد بھارتی فوج کئی دہائیوں سے مقبوضہ وادی میں تعینات ہے، بھارت عالمی فوجداری قانون کی خلاف ورزیوں کا سہارا لے رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے خلاف براہ راست گولہ بارود کا استعمال بھی شامل ہے۔

    پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ بھارت 5 اگست 2019 سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت مقبوضہ علاقے کو ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی جرائم کے ثبوتوں کا نوٹس لے اور بھارت کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے جوابدہ ٹھہرائے، اقوام متحدہ چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی مستقل پابندی ناگزیر ہے۔

  • عالمی فوجی اخراجات اور تجارت غیر معمولی سطح پر پہنچ گئی ہے: خلیل ہاشمی

    عالمی فوجی اخراجات اور تجارت غیر معمولی سطح پر پہنچ گئی ہے: خلیل ہاشمی

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ ایٹمی ریاستیں جوہری ہتھیاروں کو اور بڑھا رہی ہیں، عالمی فوجی اخراجات اور تجارت غیر معمولی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی پہلی کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امتیازی پالیسیوں سے دیرینہ قوانین کو ختم کیا جا رہا ہے۔

    خلیل ہاشمی کا کہنا تھا کہ جوہری تخفیف اسلحہ کی ذمہ داریاں بڑی حد تک ادھوری ہیں، کچھ ایٹمی ریاستیں جوہری ہتھیاروں کو اور بڑھا رہی ہیں، عالمی فوجی اخراجات اور تجارت غیر معمولی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں اسلحے میں توازن کی پاکستانی تجاویز کو روک دیا گیا، مساوات اور دیرینہ قواعد و ضوابط کی وفاداری کی پابندی ضروری ہے۔ ایک نیا بین الاقوامی اسلحہ کنٹرول آرڈر تیار کرنے کی ضرورت ہے۔

    خلیل ہاشمی کا کہنا تھا کہ تمام ریاستوں کے سیکیورٹی خدشات کو دور کرنا ضروری ہے، جوہری تخفیف اسلحہ کی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ضروری ہے۔ روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول کو آگے بڑھانا چاہیئے۔

  • بھارت نے سی پیک کو ناکام بنانے کے لیے خصوصی سیل قائم کر دیا ہے: منیر اکرم

    بھارت نے سی پیک کو ناکام بنانے کے لیے خصوصی سیل قائم کر دیا ہے: منیر اکرم

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ہے، بھارت نے سی پیک کو ناکام بنانے کے لیے خصوصی سیل قائم کیا ہے۔

    مستقل مندوب منیر اکرم نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو پاکستان کی جانب سے ڈوزیئر پیش کرنے کے بعد ورچوئل کانفرنس کر رہے تھے، انھوں نے کہا بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارتی دہشت گردی یو این چارٹر اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    مندوب نے کہا پاکستان اور چین نے بھارت کو سی پیک معاہدے میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی، لیکن بھارت مسلسل سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کر رہا ہے، بھارت پاکستان کی معیشت کو مفلوج کرنا چاہتا ہے، وہ نہیں چاہتا کہ پاکستان ترقی کرے۔

    پاکستان نے بھارت کے خلاف ڈوزیئر اقوام متحدہ کو پیش کر دیا، اہم نکات جانیے

    منیر اکرم کا کہنا تھا سی پیک منصوبے کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ہے، بھارت نے سی پیک کو ناکام بنانے کے لیے خصوصی سیل قائم کیا ہے، اور خطے میں دہشت گردی کوسپورٹ کر رہا ہے، امید ہے عالمی برادری بھارت کو پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں سے روکے گی۔ انھوں نے کہا سیکورٹی کونسل کی ٹیم بھارتی دہشت گرد کارروائیوں کی تحقیق کر رہی ہے، پاکستان کی جانب سے پیش کیاگیا ڈوزیئر یو این تفتیش میں شامل ہوگا۔

    منیر اکرم نے کہا کہ بھارت روزانہ ایل او سی پر بھی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، ہم نے سیکریٹری جنرل سے بھارتی دہشت گردی ختم کرانے کی درخواست کی ہے، کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاکستان دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو سیکریٹری جنرل نے سراہا۔

  • سلامتی کونسل عالمی امن کو درپیش خطرات سے نمٹنے میں مفلوج ہے: منیر اکرم

    سلامتی کونسل عالمی امن کو درپیش خطرات سے نمٹنے میں مفلوج ہے: منیر اکرم

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل عالمی امن کو درپیش خطرات سے نمٹنے میں مفلوج ہے، سلامتی کونسل کو زیادہ نمائندہ، جوابدہ، جمہوری اور شفاف بنایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل کی اصلاحات سے متعلق اجلاس سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں منیر اکرم کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل عالمی امن کو درپیش خطرات سے نمٹنے میں مفلوج ہے۔

    منیر اکرم کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کے مستقل ممبرز میں تناؤ موجود ہے، سلامتی کونسل میں اصلاحات کو کثیر الجہتی نظام کی وسیع بحالی کا حصہ ہونا چاہیئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل کو زیادہ نمائندہ، جوابدہ، جمہوری اور شفاف بنایا جائے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر منیر اکرم نے کہا تھا کہ پاکستان جوہری ہتھیاروں سے پاک دنیا کے مقاصد کے لیے پرعزم ہے اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے امن و اسٹریٹجک استحکام کا خواہاں ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان اسلحے کی دوڑ سے بچنا چاہتا ہے، خطے میں پریشان کن سلامتی کی حرکیات سے غافل نہیں رہ سکتے، پاکستان اپنی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

    منیر اکرم نے مزید کہا تھا کہ خطے میں امن پاک بھارت تنازعات حل کر کے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

  • سعودی شہزادی کا اہم اعزاز

    سعودی شہزادی کا اہم اعزاز

    ریاض: سعودی شہزادی ہیفا بنت عبد العزیز کو اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو میں سعودی عرب کی مستقل مندوب مقرر کرلیا گیا۔

    سعودی اخبار کے مطابق مملکت کی نائب وزیر برائے پائیدار ترقی اور جی 20 کے امور کی معاون، شہزادی ہیفا بنت عبد العزیز آل مقرن کو اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) میں سعودی عرب کی مستقل مندوب مقرر کرلیا گیا ہے۔

    شہزادی ہیفا نے سنہ 2008 سے 2009 کے دوران کنگ سعود یونیورسٹی میں لیکچرار کی حیثیت سے کام کیا۔ وہ دسمبر 2017 سے پائیدار ترقیاتی امور کے اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری سمیت وزارت اقتصادیات اور منصوبہ بندی میں اہم عہدوں پر فائز ہیں۔

    وہ جون 2018 سے جی 20 امور کی قائم مقام اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری اور 2016 سے 2017 کے درمیان پائیدار ترقیاتی اہداف کے شعبے کی سربراہ رہی ہیں۔

    شہزادی ہیفا نے 2007 میں برطانیہ کے سکول آف اورینٹل اینڈ افریقن اسٹڈیز سے معاشیات میں ماسٹر ڈگری حاصل کی، انہوں نے ریاض کی کنگ سعود یونیورسٹی سے بھی معاشیات میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

    اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو میں سعودی عرب کا نمایاں کردار ہے اور نومبر 2019 سے 2023 تک کے لیے مملکت نے ایگزیکٹو کونسل کی رکنیت بھی حاصل کرلی ہے۔

    وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبد اللہ بن فرحان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب ایگزیکٹو کونسل کے تمام ارکان کے ساتھ تعاون بڑھانے کی کوشش کرے گا۔

    ان کے مطابق سعودی عرب ثقافت اور ورثے کے تحفظ کے ساتھ ساتھ، پائیدار معاشرتی ترقی کے لیے جدت اور ٹیکنالوجی کی مدد اور ایک روادار عالمی معاشرے کو فروغ دینے کے لیے بھی کام کرے گا۔

  • اقوام متحدہ میں پاکستان کی بھارت پر زبردست تنقید

    اقوام متحدہ میں پاکستان کی بھارت پر زبردست تنقید

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان نے بھارت پر زبردست تنقید کی ہے، مستقل مندوب منیر اکرم نے مودی سرکار کی مسلم دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، بی جے پی حکومت آر ایس ایس نظریے کو فروغ دے رہی ہے۔

    مودی سرکار کی مسلم دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرتے ہوئے منیر اکرم نے کہا کہ بھارت میں مسلم شناخت اور ورثے کو مٹایا جا رہا ہے، کشمیر میں بھارتی اقدامات ہندو تنگ نظری اور اسلام دشمنی کا نتیجہ ہیں، کشمیر میں بڑے پیمانے پر خون ریزی اور نسل کشی کا خطرہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت مودی کی قیادت میں ہندو بالا دستی کی طرف بڑھ رہا ہے: وزیر اعظم

    پاکستانی مندوب نے بھارت پر زبردست تنقید کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ سنجیدہ اقدامات کے ذریعے بھارت کو مسلمانوں کی نسل کشی سے روکا جائے۔

    خیال رہے کہ بھارتی لوک سبھا اور راجیہ سبھا نے شہریت کا ترمیمی بل منظور کر لیا ہے، جس کے مطابق مسلمانوں کے علاوہ تمام غیر قانونی تارکین وطن کو بھارتی شہریت دی جا سکے گی، شہریت کے اس متنازع بل میں مسلمان تارکین وطن کو شہریت کا حق نہیں دیا گیا۔

    گزشتہ روز یونین مسلم لیگ پارٹی نے شہریت کا یہ متنازع بل بھارتی سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ بل کے خلاف پڑوسی ملک بھارت میں احتجاج بھی زور پکڑ گیا ہے، انڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت کے مختلف شہروں میں بل کی منظوری کے خلاف ہڑتال کی جا رہی ہے۔

  • پاکستان فلسطینی مہاجرین کی مدد کرنے والے ادارے کی مالی مدد کرے گا

    پاکستان فلسطینی مہاجرین کی مدد کرنے والے ادارے کی مالی مدد کرے گا

    نیویارک: پاکستان فلسطینی مہاجرین کی مدد کرنے والے عالمی ادارے کی مالی مدد کرے گا، فیصلے کا اعلان اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کے لیے سرگرم ہوگیا۔ پاکستان فلسطینی مہاجرین کی مدد کرنے والی اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے امداد ( یونائیٹڈ نیشنز ریلیف ورکس اینڈ ایجنسی فار پیلیسٹین رفیوجیز ۔ یو این آر ڈبلیو اے) کی مالی مدد کرے گا۔

    اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کا کہنا تھا کہ پاکستانی امداد فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی اصولی حمایت کا ثبوت ہے۔ فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کے لیے ادارے کو وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ادارہ بے دخل فلسطینیوں کی صحت، تعلیم اور دیگر ضروریات پوری کرتا ہے عالمی برادری کو فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھنی چاہیئے۔

    اس سے قبل ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل اصلاحات پر عالمی مذاکراتی عمل میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ماضی سے سبق سیکھے بغیر اصلاحات کا عمل مطلوبہ نتائج نہیں دے گا۔

    ملیحہ لودھی نے کہا کہ ممالک کو مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے کے لیے لچک کا مظاہرہ کرنا ہوگا، چند ممالک کی طاقت کے حصول کی خواہش اتفاق رائے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

  • مذاکرات ہی افغانستان میں قیام امن کا واحد راستہ ہے، ملیحہ لودھی

    مذاکرات ہی افغانستان میں قیام امن کا واحد راستہ ہے، ملیحہ لودھی

    نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ دنیا کی بڑی فوجی قوتیں 16 سال سے افغانستان میں بر سر پیکار ہیں اس کے باوجود فوجی قوت کا استعمال افغانستان میں امن فراہم نہیں کرسکا اس لیے افغانستان میں قیام امن کے لیے فوجی کارروائیوں کو بند کرنا ہوگا.

    ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت، طالبان اور اتحادی فوج ہی ایک دوسرے پر حملے روک سکتے ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ ہمیں افغان جنگ اور امن میں سے کسے چننا ہے اور امن کی جانب کون سی سمت کو چننا ہے.

    انہوں نے کہا کہ افغان حکومت اور افغانی طالبان بھی یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ فوجی کارروائی حل نہیں ہے بلکہ فریق جانتے ہیں کہ افغانستان میں امن کے لیے واحد راستہ مذاکرات ہیں جس کا نہ صرف یہ کہ خیر مقدم کریں گے بلکہ تعاون بھی کریں گے.

    ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ مذاکرات سے ہی افغانستان میں جاری جنگ بند ہو سکے گی اس لیے میری دانست میں طالبان سے مذاکرات افغان حکومت کا ترجیحی مقصد ہونا چاہیے جس سے افغانستان میں ہی نہیں بلکہ خطے میں امن کی صورت حال بہتر ہو گی.

    انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروپ اور تنظیمیں داعش کے جھنڈے تلے جمع  ہو رہی ہیں اس لیے دنیا کے امن کیلئے داعش ایک خطرہ بن چکا  ہے جس سے فوری نمٹنا ہوگا اور اس حوالے سے داعش کی افغانستان میں موجودگی کے باعث ایرانی، پاکستانی اور وسطیٰ ایشیائی سرحدوں پر موجودگی پرتحفظات ہیں جس کا خاتمہ اتحادی افواج  اور افغان حکومت  کی  اولین ذمہ داری ہے۔

    ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان ایکشن  پلان  برائے یکجہتی پرعمل درآمد فائدہ مند ثابت ہوگا اور اس ایکشن پلان سے خطے میں سیاسی و اقتصادی اور دفاعی شعبے مضبوط ہوں گے جس کے لیے پاکستان اورافغانستان کی سرحد کو محفوظ بنانا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ سرحد پار دہشت گردوں کو روکنے کی ذمہ داری افغان حکومت کی بنتی ہے اسی طرح افغان حکومت کو منشیا ت کی پیداوار کا بھی خاتمہ کرنا ہوگ کیوں کہ دہشت گر دمنشیات کے پیسوں سے کارروائیاں کر رہے ہیں۔

    ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے بتایا کہ افغان جنگ کے دوران پاکستان نےلاکھوں افغان باشندوں  کو پناہ دی تھی اوربنیادی سہولیات سمیت  ہر طرح کا خیال رکھا اور آج بھی تاحال 30 لاکھ افغان پناہ گزین پاکستان میں موجود ہیں جن کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے۔

  • امریکا جان لے ! دنیا برائے فروخت نہیں، ملیحہ لودھی

    امریکا جان لے ! دنیا برائے فروخت نہیں، ملیحہ لودھی

    نیوریارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور تمام تر امریکی دھمکیوں کے باوجود پاکستان فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گا.

    وہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں، ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلے کو رد کرتے ہیں اور واضح کردینا چاہتے ہیں کہ دنیا برائے فروخت نہیں ہے.

    انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے امریکی فیصلے کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور فلسطینی عوام نے بھی اس فیصلے کو مشترد کردیا ہے جس کے بعد یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت بنانے کا اعلامیہ حیثیت کھو چکا ہے.

    ملیحہ لودھی نے کہا کہ امریکی اقدام سے فلسطینیوں میں مایوسی پھیل رہی ہے جس سے امن کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا چنانچہ اقوام متحدہ فوری طور پر یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کو منسوخ کرے.

    انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی جبر اور متنازعے فیصلے کے ذریعے فلسطینیوں سے آزادی کا حق نہیں چھینا جا سکتا، پاکستان اپنے برادر مسلم ملک فلسطین اورانکی عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گا اور اس موقف پیچھے نہیں ہٹے گا.

    ملیحہ لودھی نے کہا کہ امریکی فیصلےسے2ریاستی حل ختم ہوجائے گا، فلسطین کی حمایت ہماری خارجہ پالیسی کا ستون ہے چنانچہ امریکی فیصلے سے متعلق پاکستان عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے اور دھمکیوں کے باوجود اپنے موقف پر ڈٹے رہیں گے.

    خیال رہے اقوم متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں امریکا کی جانب سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دیتے ہوئے اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے یروشلم منتقلی کے فیصلے پر رکن ممالک کی جانب سے تقاریر کا سلسلہ جاری ہے جب کہ کچھ دیر بار قرار داد پر ووٹنگ ہو گی.