Tag: مسجد اقصی

  • فلسطینی لڑکی کو مسجد اقصیٰ پر حملے کے خلاف احتجاج پر گولیاں مار دی گئیں

    فلسطینی لڑکی کو مسجد اقصیٰ پر حملے کے خلاف احتجاج پر گولیاں مار دی گئیں

    غزہ: اسرائیلی فورسز نے ایک بار پھر رات کے اندھیرے میں غزہ کے محصور فلسطینیوں پر جارحیت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے رات کے اندھیرے میں غزہ پر جارحیت کی ہے، اسرائیلی طیاروں نے غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے پر مزائل داغے، مغربی کنارے میں صہیونی فورسز نے ایک بار پھر دھاوا بول کر شدید فائرنگ کی، جس سے 17 سالہ ایک لڑکی شہید اور 2 فلسطینی زخمی ہو گئے۔

    فلسطینی لڑکی کو مسجد اقصیٰ پر حملے کے خلاف احتجاج پر گولیاں ماری گئیں، اسرائیلی فوجیوں نے ایک ہفتے کے دوران 4 فلسطینی خواتین کو شہید کر دیا ہے۔

    مقامی میڈیا اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کئی مہینوں میں اس طرح کا یہ پہلا حملہ ہے جو مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فورسز کی جانب سے دھاوا بولنے کے بعد ہوا ہے، جس پر فلسطینی شدید احتجاج کر رہے ہیں۔

    حماس کی مسلح شاخ عزالدین القسام بریگیڈز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انھوں نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں سے جوابی کارروائی کی، بیان میں کہا گیا کہ ہمارے فضائی دفاع نے منگل کی صبح زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں سے غزہ کی پٹی کے آسمان میں صہیونی جنگی طیاروں کا بھرپور جواب دیا۔

    دوسری جانب مسجد اقصیٰ کے احاطے میں جھڑپوں کے بعد فلسطین، اسرائیل کشیدگی میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، مسجدِ الاقصیٰ کے احاطے میں تشدد کا آغاز جمعہ کو علی الصبح ہوا تھا اور اس میں اب تک 170 سے زیادہ افراد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر فلسطینی ہیں۔

  • قبلہ اول کے خلاف صہیونی یلغار بند کی جائے، عرب لیگ

    قبلہ اول کے خلاف صہیونی یلغار بند کی جائے، عرب لیگ

    قاہرہ: عرب لیگ نے مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے ریاستی سرپرستی میں جاری دھاووں اور مقدس مقام کی مسلسل بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے حرم قدسی پر قابض صہیونیوں کی یلغار فوری طورپر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عرب لیگ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ قبلہ اول کے خلاف جاری اسرائیلی ریشہ دوانیوں کے خلاف عرب اور مسلمان ممالک متحد ہو کر دفاعی حکمت عملی اختیار کریں۔

    بیان میں کہا گیا کہ قبلہ اول کے خلاف جاری صہیونی یلغار کی روک تھام کے لیے عالم اسلام اور عرب ممالک کو موثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔

    عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے معاون برائے فلسطینی اراضی اور فلسطینی امور سعید ابو علی نے کہا کہ قبلہ اول میں آتش زدگی کے واقعے کو 50 سال گذر گئے ہیں مگر قبلہ اول کے خلاف جاری سازشیں آج بھی جاری ہیں۔

    آج بھی صہیونی مافیا اور جرائم پیشہ جتھے قبلہ اول کی بے حرمتی اور اسے نقصان پہنچانے کی سازشیں کررہے ہیں۔

    عرب لیگ نے قبلہ اول پر یہودی آباد کاروں کے دھاووں کو مقدس مقام کے تقدس کی پامالی قرار دیتے ہوئے عرب ممالک اور اقوام عالم پر زور دیا ہے کہ وہ قبلہ اول کے دفاع کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کریں۔

    مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی پراردن میں اسرائیلی سفیر کی طلبی، احتجاج ریکارڈ

    خیال رہے کہ حال ہی میں اردن کی حکومت نے یہودی آباد کاروں، قابض صہیونی فوج اور پولیس کے ہاتھوں مسجد اقصیٰ کی مسلسل ہونے والی بے حرمتی پراسرائیل سے سخت احتجاج کیا تھا۔

  • برطانوی شہزادے کی مسجد اقصیٰ آمد، علماء سے ملاقات

    برطانوی شہزادے کی مسجد اقصیٰ آمد، علماء سے ملاقات

    یروشیلم: برطانوی شہزادے ولیم نے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصی کا دورہ کیا اورمسلمان علماء سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق پرنس ولیم شاہی خاندان کے پہلے فرد ہیں جو سرکاری دورے پر فلسطین کے سرکاری دورے پر پہنچے، مغربی کنارے راملہ میں اُن کا شاندار استقبال کیا گیا۔

    پرنس ولیم بیت المقدس میں موجود مسجد اقصیٰ گئے اور وہاں مسلمان علماء سے ملاقات کی، علاوہ ازیں آپ نے شہر کی تاریخی، ثقافتی اور بلدیہ ارکان کے ساتھ بازار کا دورہ بھی کیا۔

    برطانوی شہزادے کو میزبانوں کی جانب سے کھانے میں عربی پکوڑے اور کچوری پیش کی گئی جو انہوں نے خوب سیر ہو کر کھائی، ایک موقع پر صحافیوں نے امریکی سفارت خانے کی منتقلی پر حکومتی مؤقف جاننے کے لیے سوال کیا تو پرنس ولیم نے جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں شاہی خاندان کا نمائندہ ہوں برطانوی حکومت کا نہیں‘۔

    شہزادے نے پناہ گزینوں کے کیمپ اور وہاں موجود اسکول کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے طالبات سے بہت دیر تک گفتگو بھی کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں