Tag: مسجد اقصیٰ

  • مسجد اقصیٰ میں نماز عید کا روح پرور اجتماع، غزہ کی شہید مساجد میں امن کے لیے دعائیں

    مسجد اقصیٰ میں نماز عید کا روح پرور اجتماع، غزہ کی شہید مساجد میں امن کے لیے دعائیں

    دنیا بھر کے مسلمان آج مذہبی عقیدت کے ساتھ عید الفطر منا رہے ہیں، مساجد میں نماز عید کے لیے خصوصی اجتماعات کا انعقاد کیا گیا، مسجد اقصیٰ میں بھی نماز عید کا ایک روح پرور اجتماع ہوا، جب کہ غزہ کی شہید مساجد میں آنسوؤں کے ساتھ امن کے لیے دعائیں کی گئیں۔

    چھ ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت غزہ والوں کے حوصلے پست نہیں کر سکی ہے، محصور فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی میں صہیونی درندوں نے وحشیانہ بمباریوں میں سیکڑوں مساجد شہید کر دیے ہیں، تاہم ان شہید مساجد میں بھی غزہ والوں نے عید کی نماز ادا کی اور امن کے لیے دعائیں مانگیں، رفح کے پناہ گزیں کیمپوں میں بھی عید کے اجتماعات ہوئے۔

    مسجد اقصیٰ میں نماز عید کے روح پرور اجتماع میں لاکھوں افراد نے شرکت کی، اسرائیل کی جانب سے عائد پابندیوں کے باوجود بیت المقدس کی بابرکت مسجد میں صبح سویرے شہری جوق در جوق نماز عید کے لیے امنڈ آئے، یروشلم میں اسلامی اوقاف کے محکمے نے ایک بیان میں بتایا کہ قابض اسرائیلی حکام کی جانب سے الاقصیٰ سے زبردستی نکالے گئے متعدد شہریوں نے مسجد کے اطراف کی گلیوں میں نماز عید ادا کی۔

    الجزیرہ کے مطابق پولیس نے جوانوں کی آئی ڈیز چیک کیں، صرف 60 سال سے زیادہ عمر کے مردوں اور 50 سال سے زیادہ عمر کی خواتین کو آنے کی اجازت دی گئی، مقبوضہ مغربی کنارے سے بہت کم لوگوں کو یہاں آنے کی اجازت دی گئی، لیکن پھر بھی ہزاروں لوگ پہنچے۔

    ایران کے دارالحکومت تہران میں عید کا بڑا اجتماع ہوا، برطانیہ اور امریکا میں بھی آج عید منائی جا رہی ہے، برطانوی وزیر اعظم نے مسلمانوں کو عید کی مبارک باد دی، بھارت اور بنگلادیش میں عید کل منائی جائے گی، جب کہ ترکیہ، آسٹریلیا سمیت یورپی ممالک میں بھی آج عید الفطر ہے۔

    مسجد الحرام اور مسجدِ نبوی میں عید کے سب سے بڑے اجتماعات، ریاض میں بارش کے دوران نماز عید

  • اسرائیل کا مسجد اقصیٰ کے اطراف آہنی باؤنڈری نصب کرنے کا ارادہ

    اسرائیل کا مسجد اقصیٰ کے اطراف آہنی باؤنڈری نصب کرنے کا ارادہ

    اسرائیل کی جانب سے غزہ میں بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ کے اطراف آہنی باؤنڈری نصب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) نے باؤنڈری کی تنصیب اور آمد و رفت محدود کرنے کی اسرائیلی کوشش کی مذمت کی ہے۔

    دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم نے حماس کی جنگ بندی کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے رفح جارحیت کو جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔

    ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق نیتن یاہو نے حماس کی جنگ بندی کی تازہ ترین تجویز کو مسترد کرتے ہوئے اسے ”مضحکہ خیز”قرار دیا ہے۔

    امریکا اور اسرائیل میں لفظی جنگ شدید ہو گئی

    اسرائیل کی جنگی کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری کردہ ان کے دفتر کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ کے جنوبی ضلع رفح پر حملہ کرنے کی تیاری کر رہی ہے جہاں تقریباً 1.5 ملین فلسطینی ہیں جن میں سے زیادہ تر بے گھر ہو چکے ہیں اب پناہ گزین ہیں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ”[اسرائیلی فوج] آپریشن کے لیے اور [شہری] آبادی کو نکالنے کے لیے تیار ہے۔

  • مسجد اقصیٰ کے احاطے سے متصل تاریخی قبرستان کی بے حرمتی

    مسجد اقصیٰ کے احاطے سے متصل تاریخی قبرستان کی بے حرمتی

    اسرائیلی انتہا پسندوں نے مقبوضہ مشرقی یروشلم میں مسلمانوں کے تاریخی قبرستان کو بھی نہ بخشا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ مشرقی یروشلم کے نوآباد اسرائیلی انتہا پسند نے مسجد اقصیٰ کے احاطے سے متصل مسلمانوں کے تاریخی قبرستان میں ایک قبر پر گدھے کا سر لٹکا دیا۔تاکہ مسلمانوں کی دل آزاری کی جائے۔

    میڈیا رپورٹس میں اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلیوں اور مسلمانوں کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، اسی اثنا میں مسلمانوں کے تاریخی قبرستان کی بے حرمتی کا یہ واقعہ گزشتہ روز رونما ہوا ہے۔

    یروشلم کے گورنر کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ باب الرحمہ قبرستان پر اسرائیلی انتہا پسند نے حملہ کرکے قبر پر گدھے کا سر لٹکاکر اس کی بے حرمتی کی ہے۔

    میڈیا ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ قبرستان مسجد اقصیٰ کمپلیکس سے متصل ایک ایسے مقام پر واقع ہے جو مسلمانوں اور یہودیوں دونوں کے لیے مقدس ترین جگہ ہے۔

    واضح رہے کہ باب الرحمہ مسلمانوں کا ایک قدیم قبرستان ہے، اس قبرستان میں نبی آخر زماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قابل ذکر صحابہ کی متعدد قبور بھی موجود ہیں، یہ قبرستان 1,400 سال سے زائد عرصے سے ایک وقف زمین پر قائم ہے۔

    بارش کے دوران زائرین کا طواف، روح پرور مناظر کیمرے میں محفوظ

    اس علاقے کو یہودیوں کی جانب سے ’ٹیمپل ماؤنٹ‘ کا نام دیا گیا ہے، ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا جاتا ہے کہ یہ قدیم زمانے میں دو یہودی مندروں کی جگہ تھی۔

  • ’’ہمارا جینا مرنا مسجد اقصیٰ اور فلسطین کیلئے ہے‘‘

    ’’ہمارا جینا مرنا مسجد اقصیٰ اور فلسطین کیلئے ہے‘‘

    کراچی : امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ہمارا جینا مرنا مسجد اقصیٰ اور فلسطین کیلئے ہے، مجاہدین نے مسجد اقصیٰ کے تحفظ کا حق ادا کیا۔

    کراچی میں فلسطین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مجاہدین نے مسجد اقصیٰ کے تحفظ کا حق ادا کیا اور میرا ایمان ہے کہ اس جذبے اور ایمان کے آگے نہ اسرائیل ٹھہر سکتا ہے اور نہ ہی اسرائیل کا سرپرست امریکا۔

    سراج الحق نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کا وہی حشر ہوگا جو افغانستان میں نیٹو اور روسی افواج کا ہوا تھا، غزہ میں ان دونوں کی شکست یقینی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کیلئے آواز بلند کرنا مسلم امہ کی ذمہ داری ہے،16سال سے غزہ کا محاصرہ جاری ہے، ہر دن بمباری ہوتی ہے، اسرائیلی بمباری سے ہزاروں فلسطینی شہری اور بے شمار مساجد شہید ہوئیں پھر بھی ہمارے مسلمان حکمران اسرائیلی مظالم پر بیدار نہیں ہوتے کچھ مذمتی بیانات جاری کرتے ہیں اور پھر ایک اور سانحے کا انتظار کرتے ہیں۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اقوام متحدہ نے ایک ہزار بار فلسطینیوں کے حق میں قراردادیں منظور کی ہیں لیکن جب تک ان قراردادوں اور مذمتی بیانات کے پیچھے جہاد نہ ہو، شوق شہادت نہ ہو تو یہ کچھ بھی نہیں ہے۔

    یہی وجہ ہے کہ 7 اکتوبر کو مجبور ہو کر ہمارے بھائیوں نے اسرائیل پر حملہ کیا اور لوگوں کو یہ پیغام دیا کہ لوگو اسرائیل ناقابل تسخیر نہیں ہے، لوگوں ایمان اصل طاقت ہے، ٹیکنالوجی یا امریکی بحری بیڑہ طاقت نہیں ہے، طاقت کل بھی اسلام تھا اور آج بھی اسلام ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج مجھے کچھ لوگ معیشت کا درس دے رہے ہیں کہ ہماری معیشت اس وقت خراب ہے اور ہمیں معیشت کو بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے، افغانوں سے جہاد کیا، امریکا نے ان پر ہزاروں ٹن بارود برسائے لیکن انجام کیا ہوا، امریکا کو شکست ہوئی اور ایک سال میں افغانستان کی کرنسی پاکستان کی کرنسی سے بہتر ہے، ان کی معیشت پاکستان سے بہتر ہے، رزق اور خوشحالی کی چابی اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

  • اسرائیلی وزیر  نے ایک بار پھر مسجد اقصیٰ کا تقدس پامال کردیا

    اسرائیلی وزیر نے ایک بار پھر مسجد اقصیٰ کا تقدس پامال کردیا

    یروشلم : اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی اتامر بین گویر ایک بار پھر مسجد اقصٰی کے احاطے میں گھس گئے، فلسطینیوں اور ترکیہ نے اسرائیلی وزیر کے اس اقدام کی شدید مذمت کی۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی اتامر بن گویر ایک بار پھر مسجد اقصی کا تقدس پامال کرتے ہوئے مسجد اقصی کا دورہ کیا۔

    فلسطینیوں نے اسرائیلی وزیر کے مسجد اقصٰی کے دورے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ غیر معمولی اشتعال انگیزی اور تنازع میں خطرناک اضافہ ہے۔

    ترکیہ اور سعودی عرب نے بھی ایک انتہا پسند اسرائیلی وزیر کے مسجد اقصیٰ کے احاطے کے دورے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    اس سے قبل رواں سال جنوری میں اسرائیلی وزیر مسجد اقصی کے احاطے میں گھس چکے ہیں، انھوں نے صیہونی فورسز کے مسلح جتھے کی بھاری نفری کیساتھ مسجد اقصی کا دورہ کیا تھا۔

    فلسطینی قیادت نے بین گویر کے مسجدِ اقصی کے دورے کو اشتعال انگیزی قرار دیا تھا جبکہ سعودی عرب، اردن، مصر ،متحدہ عرب امارات ، ترکیہ اور قطر نے بین گویر کی مسجدِ اقصی کے دورے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسجد اقصیٰ پردھاوا قرار دیا تھا۔

    واضح رہے جہاں اسرائیل وزیر نے مسجدِ اقصی کے جس حصے کا دورہ کیا تھا، یہ مسجدِ اقسی کا وہ حصہ ہے جو صرف مسلمانوں کے لیے مختص ہے اور یہاں یہودیوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہے۔

    اس پابندی پر اسرائیل اور فلسطین کے رہنماؤں کے بھی دستخط ہیں، یہی وجہ ہے کہ اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر کے پروٹوکول کے ساتھ مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل ہونے پر فلسطینیوں نے شدید احتجاج کیا تھا۔

  • امریکا کا  مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے حملے پر ردعمل آگیا

    امریکا کا مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے حملے پر ردعمل آگیا

    واشنگٹن : امریکا نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا مقدس مقامات کے تقدس کا خیال رکھا جائے ، اسٹیٹیس کو کو خطرے میں ڈالنے والا کوئی یکطرفہ اقدام قبول نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل بریفنگ کے دوران بیت المقدس میں اسرائیلی فورسز کی پُر تشددکارروائیوں پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی مقامات کےتقدس کاخیال کیاجائے۔

    ویدانت پٹیل کا کہنا تھا کہ اسٹیٹس کوکوخطرےمیں ڈالنےوالاکوئی بھی یکطرفہ اقدام امریکاکوقبول نہیں، امریکا سمجھتا ہے کہ تاریخی اسٹیٹس کو برقرار رکھنا ہی بہتر ہوگا۔

    نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا کہ اس حوالے سے اسرائیل اورفلسطین دونوں سےرابطےمیں ہیں۔

    اس سے قبل امریکا نے سلامتی کونسل کو اسرائیل کیخلاف مذمتی اعلامیہ جاری کرنے سے روک دیا تھا ، مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملے کے بعد سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس بلایا گیا تھا، مجوزہ مذمتی اعلامیے میں مسجد اقصیٰ پر اسرئیلی پولیس کے چھاپوں کی مذمت کی جانی تھی تاہم سلامتی کونسل کا اعلامیہ جاری کرنے کے لیے تمام ارکان کا متفق ہونا ضروری ہوتا ہے۔

    خیال رہے صیہونی فوج نے مسجدِ اقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ کر کے اسے میدان جنگ بنادیا تھا،اسرائیلی فوجی دندناتے ہوئے مسجد کے اندر داخل ہوئے اور عبادت میں مصروف لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

    قابض اسرائیلی فوج کےساتھ جھڑپوں میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ تین سو سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا تھا ، اسرائیل نےغزہ،مغربی کنارے ،نابلوس اور ہیبرون میں فائرنگ کی اور زہریلے گیس بم بھی پھینکے تھے۔

  • قومی اسمبلی میں  مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور

    قومی اسمبلی میں مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور

    اسلام آباد : قومی اسمبلی میں مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور کرلی گئی، جس میں کہا گیا کہ عالمی برادری اسرائیلی حملے رکوانے کا مطالبہ کرے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، اجلاس مں پی پی پی رکن ناز بلوچ نے مسجداقصیٰ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف قرارداد پیش کی۔

    قومی اسمبلی نے مسجداقصیٰ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور کرلی گئی ، جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان بیت المقدس پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

    قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ عالمی برادری اسرائیلی حملے رکوانے کا مطالبہ کرے، رمضان میں مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملہ بدترین دہشت گردی ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز صیہونی فوج نے مسجدِ اقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ کر کے اسے میدان جنگ بنادیا تھا،اسرائیلی فوجی دندناتے ہوئے مسجد کے اندر داخل ہوئے اور عبادت میں مصروف لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

    قابض اسرائیلی فوج کےساتھ جھڑپوں میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ تین سو سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا تھا ، اسرائیل نےغزہ،مغربی کنارے ،نابلوس اور ہیبرون میں فائرنگ کی اور زہریلے گیس بم بھی پھینکے تھے۔

  • مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کا حملہ ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی  اجلاس آج طلب

    مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کا حملہ ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج طلب

    نیویارک : اقوام متحدہ نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے حملہ پر  سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے حملہ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی بند کمرہ اجلاس آج طلب کرلیا گیا، ہنگامی اجلاس متحدہ عرب امارات اورچین کی درخواست پر بلایا گیا۔

    اس سے قبل اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے مسجد اقصٰی پر اسرائیلی حملے کیخلاف او آئی سی کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کی،پاکستان نے اسرائیل کے مسجد اقصٰی پر حملے کے بعد او آئی سی کی قرارداد پیش کی ، قرارداد کے حق میں اڑتیس اور مخالفت میں چار ووٹ پڑے جبکہ پانچ ملکوں نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

    دوسری جانب یورپی یونین نے مسجد اقصٰی پر اسرائیلی حملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا تھا۔

    یاد رہے گذشتہ روز صیہونی فوج نے مسجدِ اقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ کر کے اسے میدان جنگ بنادیا تھا،اسرائیلی فوجی دندناتے ہوئے مسجد کے اندر داخل ہوئے اور عبادت میں مصروف لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

    قابض اسرائیلی فوج کےساتھ جھڑپوں میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ تین سو سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا تھا ، اسرائیل نےغزہ،مغربی کنارے ،نابلوس اور ہیبرون میں فائرنگ کی اور زہریلے گیس بم بھی پھینکے تھے۔

  • قابض اسرائیلی فوج  کا علی الصبح مسجد اقصیٰ پر حملہ، خواتین اور بچوں سمیت 12 فلسطینی زخمی

    قابض اسرائیلی فوج کا علی الصبح مسجد اقصیٰ پر حملہ، خواتین اور بچوں سمیت 12 فلسطینی زخمی

    مقبوضہ بیت المقدس : قابض اسرائیلی فوج نے علی الصبح مسجد اقصیٰ پر حملہ کردیا، حملے میں خواتین اور بچوں سمیت بارہ فلسطینی زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صیہونی فورسز کی جارحیت عروج پر ہے ، قابض اسرائیلی فوج نے ماہ رمضان میں تقدس کو پامال کرتے ہوئے مسجد اقصی پر دھاوا بول دیا، اسرائیلی فوجی دندناتے ہوئے مسجد کے اندر داخل ہوئے اور عبادت میں مصروف لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

    عرب میڈیا نے بتایا کہ مسجد اقصیٰ میں گرینیڈ اور گیس بم پھینکے گئے اور نمازیوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، حملے میں خواتین اور بچوں سمیت بارہ فلسطینی زخمی ہوئے۔۔

    حملے کی موبائل فون سے بنی ویڈیوز سامنے آگئی ہے ، جس میں اسرائیلی فوج کی سفاکیت صاف نظر آرہی ہے کہ کس طرح رمضان المبارک میں عبادت کیلئے جمع فلسطینی نمازیوں کو تشدد کرکے مسجد سے نکالا جارہا ہے۔

    دوسری جانب غزہ سے متعدد راکٹ اسرائیلی کی جانب فائر کیے گئے ہیں، اسرائیل نے فلسطینی علاقوں سے ملحقہ مقامات پر ہائی الرٹ بھی جاری کردیا۔

    حماس نے فلسطینی عوام کو فوری مسجد اقصیٰ پہنچنے کی ہدایت کردی جبکہ سعودی عرب، مصر اور اردن کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر حملے اور نمازیوں پر تشدد کی شدید مذمت کی۔

    فلسطینی اتھارٹی کے صدرمحمود عباس کے ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل مقدس مقامات میں داخل ہو کر خانہ جنگی کو دعوت دے رہا ہے۔

  • مسجد اقصیٰ کے تقدس کی پامالی فلسطین میں حالات خراب کرنے کی کوشش ہے، پاکستان کی اسرائیلی وزیر کے دورے کی شدید مذمت

    اسلام آباد: پاکستان نے مسجد الاقصیٰ کے تقدس کی پامالی فلسطین میں حالات خراب کرنے کی کوشش قرار دے دی، پاکستان کی جانب سے اسرائیلی وزیر کے دورے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے انتہا پسند اسرائیلی وزیر بِن گویر کے مسجد اقصیٰ کے دورے پر رد عمل میں کہا ہے کہ پاکستان مسجد اقصیٰ کے احاطے کے اس اشتعال انگیز دورے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

    ترجمان نے کہا مسجد الاقصیٰ ایک مقدس مقام ہے، دنیا بھر کے مسلمان مسجد الاقصی سے عقیدت رکھتے ہیں، مسجد الاقصی کے تقدس کی پامالی مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتی ہے۔

    ترجمان نے کہا مسجد الاقصی کے تقدس کی پامالی فلسطین میں حالات خراب کرنے کی کوشش ہے، اسرائیل فلسطین میں غیر قانونی اقدمات بند کرے، اور مقبوضہ فلسطین میں مسلمانوں کے مذہبی مقامات کے تقدس کا احترام کیا جائے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطین کی جدوجہد آزادی کو سپورٹ کرتا ہے، اور اقوام متحدہ، او آئی سی قراردادوں، اور 1966 کی سرحدوں کے مطابق فلسطین کی حمایت کرتا ہے۔

    اسرائیل کے انتہا پسند وزیر مسجدِ اقصی میں داخل ، عالمی برادری سخت برہم

    ترجمان نے کہا پاکستان 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق خود مختار فلسطینی ریاست کا مطالبہ دہراتا ہے، پاکستان ایسی آزاد فلسطینی ریاست چاہتا ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

    وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو نے بھی ایک ٹوئٹ میں لکھا: ’’پاکستان اسرائیلی وزیر کے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اشتعال انگیز دورے کی مذمت کرتا ہے۔‘‘