Tag: مسجد الحرام

  • مسجد الحرام کے 35 ہزار خوبصورت قالینوں کی صفائی کیسے ہوتی ہے؟

    مسجد الحرام کے 35 ہزار خوبصورت قالینوں کی صفائی کیسے ہوتی ہے؟

    مسجد الحرام جہاں دنیا بھر کے مسلمان عبادت کے لئے آتے ہیں اور اللہ کے حضور سجدہ ریز ہوتے ہیں، سعودی حکومت کی جانب سے نمازیوں کے لئے بڑی تعداد میں خوبصورت سبز قالین بچھائے گئے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مسجد الحرام میں بچھائے گئے قالینوں کو مکہ مکرمہ کی ایک بڑی خصوصی لانڈری میں دھو کر جراثیم سے محفوظ اور پاک کیا جاتا ہے۔

    ان خوبصورت قالینوں کی دیکھ بھال، صفائی اور جراثیم سے پاک کرنے کا عمل مہارت سے کیا جاتا ہے، اسی لیے دونوں مقدس مساجد کی عمومی صدارت ان قالینوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دیتی ہے۔ اس کام کے لیے جدید آلات کو استعمال میں لایا جاتا ہے۔

    فوٹو: العربیہ

    واضح رہے کہ مسجد الحرام کے مختلف حصوں میں کم سے کم 35 ہزار قالین موجود ہیں، اگر ان قالینوں کے کناروں سے کنارے ملا کر رکھے جائیں تو ان کی لمبائی ایک سو کلومیٹر بن جائے گی۔

    رپورٹ کے مطابق سپروائزر، قالین لانڈری یونٹ صدارت عمومی امور حرمین محمد العتیبی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جدید لانڈری میں ماہرین کی زیر نگرانی قالینوں کی روزانہ صفائی پانچ مراحل میں مکمل ہوتی ہے۔

    پہلے مرحلے میں قالینوں کو مشین کے ذریعے جھاڑ کر مٹی صاف کی جاتی ہے۔ دوسرے مرحلے میں قالینوں کو شیمپو استعمال کر کے صاف پانی سے واش کیا جاتا ہے، تاکہ قالین مکمل طور پر پاک و پاکیزہ ہوجائیں۔

    محمد العتیبی کا کہنا ہے کہ تیسرے مرحلے میں قالینوں کو مشین کے ذریعے خشک کیا جاتا ہے۔ چوتھے مرحلے میں انہیں مکمل سکھانے کے لیے سورج کی روشنی اور صاف ہوا میں پھیلا دیا جاتا ہے۔

    پانچویں مرحلے میں قالین پر برش چلا کر عرق گلاب کا چھڑکاؤ ہوتا ہے۔جس کے بعد قالین پاک و کیزہ ہوکر خوشبوؤں سے معطر ہوجاتا ہے۔

  • مسجد الحرام میں حسن قرأت کا عالمی مقابلہ،  پاکستانی طالب علم  فائنل راؤنڈ میں پہنچ گیا

    مسجد الحرام میں حسن قرأت کا عالمی مقابلہ، پاکستانی طالب علم فائنل راؤنڈ میں پہنچ گیا

    مکہ مکرمہ : مسجد الحرام میں حسن قرأت کے عالمی مقابلے کے فائنل راؤنڈ میں پاکستان کے چودہ سالہ طالب علم حافظ اعظم طارق نے جگہ بنا لی۔

    تفصیلات کے مطابق مسجد الحرام میں قرآن کریم کے حفظ، حسن قرات اور تفسیر کا عالمی مقابلہ جاری ہے ، فائنل راونڈ میں پاکستان سےتعلق رکھنے والے چودہ سال کے حافظ نے جگہ بنالی۔

    طالب علم حافظ اعظم طارق کی آواز نے سب کے دل جیت لئے، چھ ستمبر تک جاری رہنے والے مقابلے میں ایک سو سترہ ملکوں کے ایک سو چھیاسٹھ امیدوار شریک ہیں۔

    مقابلہ جیتنے والوں میں مجموعی طور پر چالیس لاکھ ریال کے انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

    وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ کا کہنا ہے کہ ’مقابلے میں اول آنے والوں کےلیے انعامی رقم بڑھا دی گئی ہے، پہلے زمرے میں اول آنے والے کو پانچ لاکھ ریال کا انعام دیا جائے گا’۔

    خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں جمعے کو حسن قرات کا بین الاقوامی شاہ عبدالعزیز مقابلے کا آغاز کیا گیا تھا۔

  • مسجد الحرام میں باب ملک عبدالعزیز کے میناروں پر 2 نئے ہلال نصب

    مسجد الحرام میں باب ملک عبدالعزیز کے میناروں پر 2 نئے ہلال نصب

    ریاض: سعودی عرب میں مسجد الحرام میں باب ملک عبد العزیز کے میناروں میں 2 نئے ہلال نصب کر دیے گئے ہیں، یہ کام وزارت خزانہ کے ماتحت ادارہ تعمیرات کے تعاون سے کیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام میں باب ملک عبد العزیز کے میناروں میں 2 نئے ہلال نصب کر دیے گئے۔

    حرمین شریفین انتظامیہ کی ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے بتایا کہ یہ کام وزارت خزانہ کے ماتحت ادارہ تعمیرات کے تعاون سے کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین انتظامیہ کی ہمیشہ یہ کوشش رہتی ہے کہ اسلامی فن تعمیر خصوصاً مسجد الحرام کی تعمیراتی خصوصیات کو اجاگر کیا جائے۔

    سیکریٹری سربراہ انتظامیہ انجینیئر محمد الوقدانی کا کہنا تھا کہ باب ملک عبد العزیز کے میناروں میں ہلال نصب کرنے کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ دونوں میناروں میں نصب کیے جانے والے ہلال عموما اسلامی فن تعمیر اور خصوصاً مسجد الحرام کی قابل دید علامت ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہلال میناروں کے اوپر نصب ہیں، دونوں میناروں کی لمبائی 130 میٹر سے زیادہ ہے۔

    میناروں کے دونوں ہلال کی اونچائی تقریباً 9 میٹر ہے، ہر ہلال سٹینڈ 2 میٹر کا ہے جو کاربن فائبر سے تیار کیا گیا ہے۔

    اس میں جھٹکا برداشت کرنے کی صلاحیت بہت زیادہ ہوتی ہے، اسے سنہرے گلاس سے مزین کیا گیا ہے جبکہ اندرونی ڈھانچے میں فولاد استعمال ہوا ہے۔

    سیکریٹری سربراہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میناروں کے اوپر ہلال کی تنصیب کے پروگرام کی باقاعدہ منظوری لی گئی تھی۔

  • مسجد الحرام خلاء سے کیسی چمکتی ہوئی نظر آتی ہے؟  ویڈیو سامنے آگئی

    مسجد الحرام خلاء سے کیسی چمکتی ہوئی نظر آتی ہے؟ ویڈیو سامنے آگئی

    سعودی عرب کی پہلی خاتون خلا باز ریانا برناوی نے خلا سے مسجد الحرام کے روح پرور مناظر کی ویڈیو شیئر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ناسا، کمپنی اسپیس ایکس، کمپنی ایکسیم اسپیس اور سعودی اسپیس اتھارٹی کے مشترکہ خصوصی مشن پر جانے والے پہلی سعودی خاتون خلا باز نےانٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن سے مکہ مکرمہ میں ایک چمکتی ہوئی مسجد الحرام کی ویڈیو پوسٹ کردی۔

    ریانا برناوی کی جانب سے ٹوئٗٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو میں زمین پر دکھنے والے اندھیرے میں بظاہر مسجد الحرام روشن دکھائی دے رہا ہے۔

    ریانا برناوی نے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ‘ آج اپنا تجربہ مکمل کرنے کے بعد ہم مکہ مکرمہ کے اوپر سے گزرے جو کافی روشن ہے’۔

    خیال رہے امریکا سے تعلق رکھنے والی کمپنی ایکسیم اسپیس کی جانب سے سعودی عرب کا مشن آئی ایس ایس کے لیے روانہ کیا گیا تھا ، سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی ریانا برناوی سمیت 3 خلانورد اس مشن کا حصہ ہیں۔

    یاد رہے اپریل میں اماراتی خلا باز نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے مناظر کی ویڈیو شیئر کی تھی۔

  • مسجد الحرام میں مطاف توسیع منصوبے کو ‘ دی سعودی پورٹیکوز’ کا نام دے دیا گیا

    مسجد الحرام میں مطاف توسیع منصوبے کو ‘ دی سعودی پورٹیکوز’ کا نام دے دیا گیا

    مکہ مکرمہ : مسجد الحرام میں مطاف توسیع منصوبے کو ‘دی سعودی پورٹیکوز’ کا نام دے دیا گیا ، منصوبے کے تحت ایک گھنٹے میں ایک لاکھ سات ہزار سے زائد عازمین طواف کر سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسجد الحرام کی توسیع سے متعلق نیا شاہی فرمان جاری کر دیا گیا، حرمین شریفین کے ڈائریکٹر جنرل پریزیڈنسی نے اعلان کیا کہ مسجد الحرام میں مطاف توسیع منصوبے کو ‘ دی سعودی پورٹیکوز’ کا نام دیا گیا ہے۔

    الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے بتایا کہ یہ نام کنگ عبدالعزیز بن عبدالرحمان السعود کے وژن کے مطابق رکھا گیا ہے اور مسجد الحرام کی توسیع کا کام مسلسل جاری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس بار مسجد الحرام کی حدود میں تاریخی توسیع کی جا رہی ہے، منصوبے میں پورٹیکوز کی توسیع بھی شامل ہے۔

    الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے اس کا پس منظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز نے زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر مسجد الحرام میں توسیع کا حکم دیا تھا، جس کے بعد شاہی فیصلے پر عمل درآمد 1955 میں شاہ سعود کے دور میں شروع ہوا اور شاہ سعود، شاہ فیصل اور شاہ خالد کے عہد میں ہوتا رہا جبکہ شاہ فہد اور شاہ عبداللہ کے ادوار میں بھی اس کی تکمیل کی جاتی رہی۔‘

    حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلٰی نے بتایا کہ اس کی انفرادی خصوصیت یہ ہے کہ وسیع و عریض رقبہ اتنا زیادہ ہے کہ جس کی مثال مسجد الحرام کی تاریخ میں اس سے قبل کبھی نہیں ملتی، یہ چار منزلوں پر مشتمل ہے، زمینی، پہلی اور دوسری منزل، چھت سمیت چار منزلیں بنتی ہیں۔

    مطاف توسیع منصوبے کے تحت ایک گھنٹے میں ایک لاکھ سات ہزار سے زائد عازمین طواف کر سکیں گے، کثیرالمنزلہ پورٹیکوز سے طواف کرنے والے خانہ کعبہ کے براہ راست سامنے ہوں گے۔

  • ثانیہ مرزا کی بیٹے کے ہمراہ افطار کرتے ہوئے ویڈیو وائرل

    ثانیہ مرزا کی بیٹے کے ہمراہ افطار کرتے ہوئے ویڈیو وائرل

    بھارتی معروف ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنے بیٹے اذہان مرزا ملک کے ہمراہ افطار ویڈیو شیئر کی ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ثانیہ مرزا نے بیٹے کے ہمراہ ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دونوں کو ایک ساتھ افطار کے ٹیبل پر بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Sania Mirza (@mirzasaniar)

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ثانیہ مرزا ہاتھ میں کھجور پکڑے دعا مانگ رہی ہیں جبکہ اذہان اس دوران اپنی پلیٹ میں افطار کے لیے کھجور لے کر بیٹھا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Sania Mirza (@mirzasaniar)

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل ثانیہ مرزا نے اپنی فیملی کے ہمراہ عمرہ کی سعادت بھی حاصل کی ہے۔

    ثانیہ مرزا نے عمرے کے دوران مسجد الحرام سے بھی تصویریں مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھیں۔

  • گزشتہ روز مسجد الحرام میں کتنے افراد نے نماز جمعہ ادا کی؟

    گزشتہ روز مسجد الحرام میں کتنے افراد نے نماز جمعہ ادا کی؟

    رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ مسجد حرام میں نمازیوں کی تعداد میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا جہاں تقریباً 15 لاکھ افراد نے نماز  جمعہ ادا کی جس کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے۔

    رحمت و برکت والے مہینے میں پوری دنیا سے لاکھوں زائرین عمرے کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچتے ہیں جہاں لوگ پُرسکون ماحول میں اپنی عبادت کی ادائیگی کرتے ہیں۔

    العربیہ نیوز کے مطابق مسجد حرام میں گزشتہ روز رمضان المبارک کے دوسرے جمعے کو لگ بھگ ڈیڑھ ملین زائرین نے خانہ کعبہ کے سامنے نماز ادا کی۔

    سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ المسجد الحرام کی راہداری اور فرش، اس کے تہہ خانے، چھتیں اور صحن نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے۔ نمازیوں کی صفیں مسجد کے اطراف کی سڑکوں، چوکوں اور محلوں تک پھیلی ہوئی تھیں۔

    رپورٹ کے مطابق صدارت عامہ برائے امور مسجد حرام و مسجد نبوی کی جانب ست حرم کی راہداریوں، ہالز اور صحنوں میں انتظامیہ نے بہترین خدمات کانظام قائم کر رکھا تھا جس کے  بدولت لاکھوں نمازیوں کے ہجوم کو کہیں بھی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔

    صدارت عامہ کے صدر ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے ماہ مبارک کے دوسرے جمعہ کے لیے آپریشنل منصوبے کی کامیابی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ جمعہ کو فجر سے ہی بڑی تعداد میں لوگ مسجد حرام میں پہنچ گئے تھے۔

    انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ بیت اللہ شریف کی مسجد میں بہترین صفائی اور ستھرائی کا بھی انتظام کیا گیا ہے، ماحول کو جراثیم سے پاک کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

  • مسجد الحرام میں بارش کے دل موہ لینے والے ایمان افروز مناظر

    مسجد الحرام میں بارش کے دل موہ لینے والے ایمان افروز مناظر

    مسجد الحرام میں بارش کے دوران عمرہ وطواف کرتے زائرین کی ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر سحر طاری کردیا ہے۔

    مسجد الحرام میں آج ہونے والی موسلادھار بارش کے دوران طواف اور نماز کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    وڈیوز میں زائرین کو بارش کے دوران سکون اور اطمینان کے ساتھ عبادت اورطواف میں مشغول دیکھا جا سکتا ہے۔

    بارش کے دوران مطاف، نماز کے مقامات، داخلی راستوں پر فوری طور پر پانی کی نکاسی اور فرش خشک کیے جانے کو یقینی بنایا جاتا رہا۔

    حرمین شریفین انتظامیہ نے بارش کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے تھے۔

    واضح رہے کہ حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام کی خدمت پر مامور متعدد سرکاری اداروں کے تعاون سے مسجد الحرام میں بارش کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اسکیموں پر عمل درآمد شروع کررکھا ہے۔

    غیر معمولی موسم کے دوران حرمین شریفین انتظامیہ کی کوشش رہتی ہے کہ عبادت کے دوران زائرین کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔

  • رمضان المبارک: مسجد الحرام میں اعتکاف کرنے والوں کے لیے ایک اور سہولت

    رمضان المبارک: مسجد الحرام میں اعتکاف کرنے والوں کے لیے ایک اور سہولت

    ریاض: سعودی عرب میں رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام میں اعتکاف کرنے والوں کی سہولت کے لیے طبی انتظامات کیے جارہے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں حرمین شریفین کی انتظامیہ نے مسجد الحرام میں رمضان کے دوران اعتکاف کرنے والوں کی سہولت کے لیے 100 ڈاکٹروں کا انتظام کیا ہے۔

    طبی عملہ 24 گھنٹے اعتکاف کرنے والوں کی صحت و سلامتی کے حوالے سے اپنی خدمات فراہم کرے گا۔

    حرمین شریفین انتظامیہ نے اعتکاف کرنے والوں کے لیے 70 آن لائن سروسز اور 9 سمارٹ ہیلتھ ایپس کا انتظام کیا ہے۔

    حرمین شریفین انتظامیہ رمضان کے دوران روزانہ 5 لاکھ لیٹر آب زم زم فراہم کرے گی، زم زم کے کولر مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں جگہ جگہ رکھے جائیں گے، سبیلیں بھی ہوں گی۔

    مسجد الحرام میں روبوٹ بھی زائرین کی خدمت پر مامور ہوں گے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زائرین خصوصاً اعتکاف کرنے والوں کو مذہبی استفسارات کے جواب فراہم کرنے کے لیے ایپس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

    اعتکاف کرنے والوں کے لیے مسجد الحرام میں تہہ خانے میں اعتکاف کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

  • جدہ ایئر پورٹ سے مسجد الحرام تک مفت بس سروس

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ سے مسجد الحرام تک زائرین کو مفت بس سروس فراہم کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ سے زائرین کو حرم مکی پہنچانے کے لیے مفت بس سروس فراہم کی جائے گی۔

    کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ نے کہا ہے کہ ٹرمنل ون سے مسجد الحرام تک زائرین کو مفت بس سروس فراہم کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مفت بس سروس سے وہی زائرین مستفید ہوں گے جو احرام میں ہوں گے۔

    یہ سہولت زائر سعودی شہریوں کو بھی حاصل ہوگی، انہیں مفت بس سروس سے استفادے کے لیے قومی شناختی کارڈ دکھانا ہوگا جبکہ مقیم غیر ملکی زائرین کو یہ سہولت حاصل کرنے کے لیے اقامہ کارڈ پیش کرنا ہوگا۔

    ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ ٹرمنل ون سے ہر 2 گھنٹے بعد بس حرم شریف کے لیے چلائی جائے گی، بس سروس روزانہ صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک مفت فراہم کی جائے گی۔

    ایئر پورٹ سے مکہ روانگی کا مرکز پہلی منزل پر ایکیوریم کے برابر میں ہے، جبکہ واپس ایئرپورٹ کے لیے کدی اسٹیشن اور وقف ملک عبد العزیز پارکنگ مختص ہے۔

    دوسری جانب مسجد الحرام سے دوپہر 12 بجے سے لے کر رات 12 بجے تک ہر 2 گھنٹے بعد ایئرپورٹ کے لیے بس سروس مہیا ہوگی۔