Tag: مسجد الحرام

  • مسجد الحرام کی توسیع کا کام جلد مکمل کرلیا جائے گا، سعودی حکام

    مسجد الحرام کی توسیع کا کام جلد مکمل کرلیا جائے گا، سعودی حکام

    ریاض : سعودی حکام کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں یہ اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ ہے جہاں اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے ساتھ توسیعی کام بھی جاری رہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں مسجد حرام سے متعلق مطاف اور تیسری سعودی توسیع کے منصوبوں کا 80% کام مکمل ہو چکا ہے۔ مطاف اور شامیہ کی توسیع سمیت مسجد حرام کے تمام ترقیاتی منصوبے 1444 ہجری میں پایہ تکمیل تک پہنچ جائیں گے۔

    حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی میں انجینئرنگ کے امور کے ڈائریکٹر (انجینئر) عمار الاحمدی نے سعودی اخبار کو بتایا کہ مطاف کی توسیع کے منصوبے میں متعدد دیگر متعدد منصوبے شامل ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا ایک منفرد منصوبہ ہے جہاں اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے ساتھ ساتھ توسیعی کام بھی بنا کسی توقف جاری رہتا ہے۔

    منصوبوں سے متعلق ایجنسی براہ راست نگرانی اور جائزے کا کام انجام دیتی ہے۔ اس کے علاوہ دیکھ بھال اور مرمت کے کاموں پر بھی خصوصی توجہ کے نتیجے میں قابل ذکر بہتری آئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ 1439 ہجری میں (مرحوم) شاہ فہد توسیع کی برقی سیڑھیوں میں 60 مرتبہ شکایات سامنے آئیں جب کہ گذشتہ برس 1439 ہجری میں یہ تعداد کم ہو کر 8 رہ گئی۔

    الاحمدی کا کہنا تھا کہ آئندہ چھ ماہ میں مسجد حرام میں ترقیاتی اور توسیع منصوبوں کے حوالے سے بڑی پیش رفت کی امید ہے۔

  • سعودی عرب میں‌ ایک ہفتے تک تیز بارشوں‌ کا امکان

    سعودی عرب میں‌ ایک ہفتے تک تیز بارشوں‌ کا امکان

    ریاض: سعودی عرب کے محکمہ موسمیات نے آئندہ دو ہفتوں تک سارے ملک میں موسلا دھار اور طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق منگل کے روز بھی سعودی عرب کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، سعودی گیزیٹ نے حرم کی ویڈیو بھی شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تیز بارش ہورہی ہے۔

    حالیہ بارشوں کے بعد گرمی کی شدت میں معمولی کمی آئی جبکہ محکمہ موسمیات نے خوشخبری دی کہ آئندہ دو ہفتوں تک مسلسل بارش ہوگی۔

    میٹ آفیسر الاحمدی کا کہنا تھا کہ گزشتہ جمعے سے سعودی عرب میں خزان کا موسم شروع ہوگیا، جس کے بعد سے بارش کا سسٹم بنا اور یہ اکتوبر کے پہلے ہفتے تک مملکت کے مختلف شہروں میں برستا رہے گا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کے مشرقی اور مغربی علاقوں میں تیز بارش ہوگی جبکہ مدینہ میں بھی طوفانی اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے، حالیہ سسٹم کے بعد سے گرمی کی شدت کم ہونا شروع ہوگی‘۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سسٹم عمان اور یمن میں بھی داخل ہوگا۔

  • مسجد الحرام میں دیوہیکل چھتریوں کی تنصیب کا کام رمضان المبارک سے قبل مکمل کر لیا جائے گا

    مسجد الحرام میں دیوہیکل چھتریوں کی تنصیب کا کام رمضان المبارک سے قبل مکمل کر لیا جائے گا

    مکہ مکرمہ: مسجد الحرام کے صحنوں میں دیوہیکل چھتریوں کی تنصیب کا کام رمضان المبارک سے قبل مکمل کر لیا جائے گا، 300 سے زائد دیوہیکل چھتریاں مسجد الحرام میں نصب کی جائیں گی، اس کی بدولت زائرین کو طواف اور نماز میں آرام و راحت نصیب ہو گا۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ کی مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہِ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے اعلان کیا کہ مسجد الحرام (مکہ مکرمہ) کے ساتھ مسجد نبوی شریف ( مدینہ منورہ ) کے صحنوں کے باقی حصے میں بھی دیوہیکل چھتریوں کی تنصیب کا کام رواں حج سیزن ختم ہوتے ہی شروع کر دیا جائے گا اور آئندہ رمضان المبارک سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔

    ڈاکٹر السدیس نے بتایا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں تعمیر و توسیع اور تزئین و خدمات کے سارے منصوبے آئندہ 2برسوں کے دوران مکمل کر لئے جائیں گے۔

    انھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 300سے زائد دیوہیکل چھتریاں مسجد الحرام میں نصب کی جائیں گی، خانہ کعبہ کے اطراف صحن میں بھی سائبان نصب ہو گا، جس کی بدولت زائرین کو طواف اور نماز میں آرام و راحت نصیب ہو گا۔

    السدیس نے توجہ دلائی کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولیعہد محمد بن سلمان نے اس احساس کے تحت کہ زائرین کو طواف ، نماز ، عباد ت اور آنے جانے میں دھوپ کے مسئلے سے دوچار نہ ہونا پڑے دیوہیکل چھتریوں کی تنصیب کا منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ، اعلیٰ قیادت کے حکم کے مطابق یہ کام اعلیٰ اور معیاری شکل میں انجام دیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ 2008 کے دوران سعودی حکومت نے مسجد حرام کے صحن کو ڈھانپنے کیلئے بہت ہی بڑی بڑی چھتریاں لگانے کا منصوبہ بنایا تھا۔

    سال 2014 میں اپنی وفات سے کچھ روز قبل سعودی فرماں روا شاہ عبداللہ نے مسجد الحرام میں عبادت گزاروں کی سہولت کے لیے خصوصی چھتریوں کی تنصیب کا فرمان جاری کیا تھا۔

  • حج انتظامات ، مسجد الحرام میں  صفائی کیلئے  4000 افراد پر مشتمل عملہ تعینات

    حج انتظامات ، مسجد الحرام میں صفائی کیلئے 4000 افراد پر مشتمل عملہ تعینات

    ریاض : حج کے موقع پر مسجد الحرام کی صفائی اور طہارت کو یقینی بنانے کے لیے 4000 افراد پر مشتمل عملہ تعینات کردیا گیا جبکہ خدمت حجاج وزائرن ہمارے لیے باعث فخر ہے“ کی ساتویں سالانہ مہم کے تحت 1000 عازمین حج میں تحائف تقسیم کیے گئے ہیں

    تفصیلات کے مطابق الحرمین الشریفین کے جنرل سروسز امور کے ادارے کی طرف سے حج انتظامات کے تحت رواں سال 1440ھ کے موسم حج پر مسجد حرام میں 4 ہزار افراد پر مشتمل صفائی کا عملہ تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    عرب ٹی وی کے مطابق مسجد حرام کے جنرل سروسز امور کے ڈائریکٹر محمد الجابری نے بتایا کہ ان کے ادارے نے مسجد حرام کی صفائی اور طہارت کو یقینی بنانے کے لیے چار ہزار افراد پر مشتمل اضافی عملہ تیار کیا ہے، جو حج کے ایام میں مسجد میں صفائی کےانتظامات کو یقین بنائے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ مسجد حرام میں صفائی کے لیے جہاں بڑی تعداد میں افرادی قوت مہیا کی گئی ہے، وہیں صفائی کے لیے 400 آلات اور مشینیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔

    یہ عملہ مسجد حرام میں کے اندرونی اور بیرونی مقامات، قالینوں اور دیگر اہم جگہوں کی تطہیر کے ساتھ مسجد کومعطر کرنےکے لیے کام کرے گا۔

    دوسری جانب ”خدمت حجاج وزائرن ہمارے لیے باعث فخر ہے“ کی ساتویں سالانہ مہم کے تحت مسجد حرام میں 1000 عازمین حج میں تحائف تقسیم کیے گئے ہیں۔ ان تحائف میں صوت القرآن سی ڈیز، دینی کتب اور مناسک حک سے متعلق لٹریچر شامل ہے۔

    مہم کے چیئرمین انجینیر ماہر الزھرانی نے کہا کہ ان کی مہم نے اپنی انتظامہ ذمہ داریاں شروع کردی ہیں۔

    انہوں حج کے حوالے سے حکومت کی طرف سے کیے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ حکومت اللہ کے مہمانوں کی فریضہ حج کی ادائیگی میں مددکے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔

  • سعودی وزیر داخلہ کا مسجد الحرام کی سیکیورٹی کا جائزہ، حکام سے ملاقات

    سعودی وزیر داخلہ کا مسجد الحرام کی سیکیورٹی کا جائزہ، حکام سے ملاقات

    ریاض : سعودی وزیر داخلہ سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے مسجد الحرام پہنچ گئے، شہزادہ عبدالعزیز نے سیکیورٹی پر مامور پر افراد کو سعودی قیادت کا تہنیتی پیغام بھی پہنچایا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بن عبدالعزیز نے مسجد حرام کا دورہ کیا اور حرم مکی کی سیکیورٹی پر مامور حکام سے ملاقات کی۔

    وزیر داخلہ نے ماہ صیام کے دروران مسجد حرام میں امن وامان برقرار رکھنے کی صورت حال کا جائزہ لیا۔

    عرب ٹی وی کے مطابق وزیر داخلہ نے مسجد حرام کے دورے کے دوران سیکیورٹی پر مامور افسروں اور جوانوں کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور عزت مآب ولی عہد و وزیر دفاع شہزدہ محمد بن سلمان کی طرف سے اللہ کے مہمانوں کی خدمت اور ان کی سلامتی کے لیے شاندار خدمات انجام دینے پر انہیں مبارک باد پیش کی۔

    اس موقع پر عمرہ مناسک کے دوران سیکیورٹی کے نگراں ادارے کے ڈائریکٹر سیکیورٹی جنرل لیفٹیننٹ جنرل خالد بن قرار الحربی نے وزیر داخلہ کو امن وامان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس دورے میں سعودی عرب کے نائب وزیر داخًلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداﺅد، سیکرٹری داخلہ برائے سیکیورٹی امور محمد بن مھنا المہنا بھی موجود تھے۔

  • سعودی عرب نے حرمین شریفین کی تاریخی اٹلس امریکا اور برطانیہ کو بھجوادی

    سعودی عرب نے حرمین شریفین کی تاریخی اٹلس امریکا اور برطانیہ کو بھجوادی

    ریاض: شاہ عبدالعزیز ریسر چ فاؤنڈیشن اینڈ آرکائیو ( دراہ) نے عربی اور انگریزی زبان پر مشتمل مکہ اور دیگر مذہبی زیارات کی باتصویر اٹلس امریکا اور برطانیہ بھجوادی۔

    تفصیلات کے مطابق دراہ کی جانب سے بھیجی جانے والی یہ اٹلس برطانوی میوزیم اور امریکی لائبریری آف کانگریس میں سائنسدانوں اور محققین کی رہنمائی کے لیے رکھی جائے گی۔

    بتایا جارہا ہے کہ یہ اٹلس 325 صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں مکہ اور حرمین شریفین کی تاریخی تصاویر اور تاریخ مرتب کی گئی ہے۔ یہ اٹلس 16 سال قبل مرتب کی گئی تھی اور اس میں عرب اور غیرملکی مسلم زائرین کی تاریخی تحاریر بھی شامل ہیں۔

    اسلام کی تاریخ کو عمومی اور مکہ شہر کی تاریخ کو خصوصی طور پر اجاگر کرنے کے لیے دراہ نے یہ اٹلس کئی بین الاقوامی کتب میلوں میں بھی بھجوائی ہے، یہ ریاض کے بین الاقوامی کتاب میلے میں بھی میسر تھی اور دراہ کی ویب سائٹ سے بھی اسے حاصل کیا جاسکتا ہے۔

    یہ اٹلس ڈاکٹر معراج نواب مرزا اور ڈاکٹر عبداللہ صالح شویش کی مشترکہ تالیف ہے اور اسے چھ ابواب میں منقسم کیا گیا ہے۔ مکہ مسلم اور مغربی پینٹرز کی نظر میں، ابتدائی فوٹوز اور خاکے ، اور مسجد الحرام اور مکہ شاہ عبدالعزیز اور ان کے بیٹوں کے دور میں، شامل ہیں۔

    اس اٹلس میں اس دور کی بھی تصاویر شامل ہیں جب نیا نیا کیمرہ ایجاد ہوا تھااور بلیک اینڈ وائٹ فلم ہوا کرتی تھی۔ یہ تصاویر مقامی اور غیر ملکی مسلم فوٹو گرافرز نے کھینچی تھیں۔

    اس ڈاکیومنٹ میں جدید سعودی حکومت کی مکے کے لیے خدمات کا تذکرہ بھی کیا گیا ہے جیسا کہ مکے تک روڈز کی تعمیر، زائرین کے لیے پانی کا اہتمام، چھت کی تعمیر، مسجد میں روشنی کا انتظام، کعبے کا غلاف تیار کرنے کے لیے فیکٹری کی تشکیل ، دروازے کی تعمیر اور مکہ کلاک کی تعمیر شامل ہیں۔

  • مسجد الحرام میں دنیا کی سب سے بڑی چھتری چند روزمیں نصب کردی جائے گی

    مسجد الحرام میں دنیا کی سب سے بڑی چھتری چند روزمیں نصب کردی جائے گی

    مکہ مکرمہ : مسجد الحرام کے شمال مغربی صحن میں دنیا کی سب سے بڑی چھتری چند روزمیں نصب کردی جائے گی، جس کے سائے میں ساڑھے تین ہزار افراد نماز ادا کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسجدالحرام کے وسیع و عریض صحن میں دُنیا کی سب سے بڑی چھتری عنقریب نصب کر دی جائے گی، جس کے باعث صحن میں نماز ادا کرنے والے حاجیوں اور عمرہ زائرین کو شدید گرمی اور دھوپ سے بچایا جا سکے گا۔

    سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے مسجد الحرام میں جاری توسیع کے تیسرے مرحلہ میں لگائی جانے والی چھتری کے سائے میں ساڑھے تین ہزار افراد نماز ادا کرسکیں گے۔

    چھتری کا رقبہ 53×53میٹر اور وزن تقریبا 600 ٹن ہوگا جبکہ اونچائی 45 میٹر ہوگی۔

    صحن میں دی جانے والی دیگر سہولیات میں آب زمزم کی مستقل فراہمی ،وضوخانے،اطلاعاتی بورڈز،صوتی نظام اور سی سی ٹی وی کیمرے لگےہوں گے۔

    دُنیا کی سب سے بڑی چھتری جرمنی میں خصوصی طور پر تیار کی گئی ہیں، جس کو کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں، لاؤڈ سپیکر سسٹم، ہوا کو معطر رکھنے کے نظام سے بھی آراستہ کیا گیا ہے۔

    جس کمپنی نے اسے ڈیزائن کیا ہے، سعودی حکومت نے انہیں پابند کیا ہے کہ اس کا ڈیزائن صرف اور صرف خانہ کعبہ کیلئے ہی کریں گے۔

    واضح رہے کہ 2008 کے دوران سعودی حکومت نے مسجد حرام کے صحن کو ڈھانپنے کیلئے بہت ہی بڑی بڑی چھتریاں لگانے کا منصوبہ بنایا تھا۔

    سال 2014 میں اپنی وفات سے کچھ روز قبل سعودی فرماں روا شاہ عبداللہ نے مسجد الحرام میں عبادت گزاروں کی سہولت کے لیے خصوصی چھتریوں کی تنصیب کا فرمان جاری کیا تھا۔

    اس سے قبل مدینہ منورہ میں تقریباً 250 ایسی ہی چھتریاں نصب کی گئی تھیں۔

  • مسجد الحرام میں غسلِ کعبہ کی روح پَرور تقریب

    مسجد الحرام میں غسلِ کعبہ کی روح پَرور تقریب

    مکہ مکرمہ : کائنات کے مقدس ترین مقام بیت اللہ شریف میں خانہ کعبہ کو ہزاروں من آب زم زم اور عرق گلاب سے غسل دیا گیا، گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل بن عبدالعزیز  نے خانہ کعبہ کو غسل دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں غسلِ کعبہ کی روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں خانہ کعبہ کو ہزاروں من آب زم زم اور عرق گلاب سے غسل دیا گیا، گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل بن عبدالعزیز شاہ سلمان نے خانہ کعبہ کو غسل دیا۔

    خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں کو عرق گلاب سمیت عطر سے غسل دیا گیا جب کہ فرش کو آب زم زم اور عرق گلاب بہا کر کھجور کے پتوں سے صاف کیا گیا۔

    تقریب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سرابرہ شیخ عبدالرحمان السُدیس، مسلم ممالک کی سفارتی شخصیات کے علاوہ شاہی خاندان کے افراد اور مشائخ عظام بھی شریک ہوئے۔

    خانہ کعبہ کو غسل دینے سے قبل گورنر خانہ کعبہ کا طواف کیا اور حجر اسود کو بوسہ دیا، اس کے بعد انہیں خانہ کعبہ کی چابی پیش کی گئی، خانہ کعبہ میں داخل ہوکر شہزادہ خالد الفیصل دورکعت نوافل ادا کی ۔

    خیال رہے خانہ کعبہ کو غسل دینے کی تقریب سال میں دو مرتبہ ہوتی ہے، پہلی مرتبہ پندرہ شعبان اور دوسری مرتبہ وسط محرم میں غسل دیا جاتا ہے جبکہ نو ذوالحج کو خانہ کعبہ پر نیا غلاف چڑھایا جاتا ہے۔

    گذشتہ روز حج کے موقع پر خانہ کعبہ کے زیریں حصے سے اوپر اٹھائے گئے غلاف کعبہ کو نیچے تک لٹکا کر خانہ کعبہ کو مکمل طورپر ڈھانپ دیا گیا تھا۔

    یاد رہے 20 اگست کو حرم شریف میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب میں پُرانے غلاف کو اتارنے کے بعد خانہ کعبہ کو نئے غلاف سے آراستہ کیا گیا تھا۔

    غلاف کعبہ خالص ریشم سے تیار کیا گیا، جس میں 670 کلو ریشم استعمال ہوا ہے اور اس کی تیاری میں 20 لاکھ ریال لاگت آئی، نئے غلاف کو حرم میں لانے کے اہتمام میں کسوہ فیکٹری کے اہلکار پیش پیش تھے۔

    نئے غلافِ کعبہ کی تیاری میں 120 کلو گرام سونا اور 100 چاندی استعمال ہوا تھا اور اس پر بیت اللہ کی حرمت اور حج کی فرضیت اور فضیلت کے بارے میں قرآنی آیات کشیدہ کی گئی۔

  • مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف میں ختم القرآن کی پرنور رات، دنیا بھر میں امن وامان کیلئے دعائیں

    مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف میں ختم القرآن کی پرنور رات، دنیا بھر میں امن وامان کیلئے دعائیں

    مکہ مکرمہ : مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف مدینہ منورہ میں ختم القرآن کی پر نور رات میں بیس لاکھ افراد سے زائد نے شرکت کی، 29 شب کو ختم قرآن پر دنیا بھر میں امن وامان کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی شریف مدینہ منورہ میں رمضان المبارک کی انتسویں شب کو ختم قرآن کے روح پرور اجتماع ہوئے، جس میں بیس لاکھ سے زائد افراد نے پر نور رات میں شرکت کی۔

    انتیسویں شب کو ختم قرآن پر دنیا بھر میں امن وامان کیلئے دعائیں مانگی گئیں، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

    مسجد الحرام کے اجتماع میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت اعلیٰ قیادت ، وزراء، علماء و مشائخ، شاہی خاندان کے افراد، گورنر مکہ مکرمہ، نائب گورنر پیش پیش تھے جبکہ مدینہ منورہ میں گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے ختم قرآن کے تاریخی اجتماع کی نگرانی کی۔

    حرمین شریفین کے ختم قرآن کے اجتماعا ت میں پاکستان، ہندوستان اور بنگلہ دیش کے مقیم شہری بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سعودی بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز رمضان المبارک کا آخری عشرہ مسجد الحرام میں گزاریں گے

    سعودی بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز رمضان المبارک کا آخری عشرہ مسجد الحرام میں گزاریں گے

    مکہ مکرمہ : سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز رمضان المبارک کا آخری عشرہ مسجد الحرام میں گزاریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز جدہ سے مکہ مکرمہ پہنچ گئے، شہزادہ فیصل بن ترکی اور شہزادہ خالد الفیصل، نائب گورنر مکہ مکرمہ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا استقبال کیا اور خوش آمدید کہا۔

    سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز رمضان المبارک کا آخری عشرہ مسجد الحرام میں بیت اللہ کے سائے میں عبادت وریاضت میں مصروف رہ کر گزاریں گے۔

    دوسری جانب سعودی حکومت نے رمضان المبارک کے تیسرے عشرے کے آغاز پر مکہ المکرمہ کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت حفاظتی اقدامات کیے ہیں، مسجد الحرام اور اطراف کے علاقوں میں فضائی سکیورٹی اور نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔

    مسجد الحرام کے ارد گرد کے وسطی علاقے میں واقع تمام ہوٹل رمضان المبارک کے آخری عشرے کے لیے ابھی سے فل ہوگئے ہیں۔

    واضح رہے کہ پہلی مرتبہ زائرین کو منظم کرنے کے لیے ڈرونز کا استعمال کیا کیا ہے اور مسجد الحرام میں لوگوں کی نقل وحرکت کی نگرانی کے لیے تقریباً 2500 کیمرے نصب ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔