Tag: مسجد وزیر خان

  • امریکی فنڈ سے تاریخی مسجد وزیر خان بحال ہو گئی

    امریکی فنڈ سے تاریخی مسجد وزیر خان بحال ہو گئی

    لاہور: امریکی فنڈ سے تاریخی مسجد وزیر خان بحال اور محفوظ کر دی گئی۔

    لاہور میں تعینات امریکی قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز نے تاریخی مسجد وزیر خان کے محفوظ اور بحال ہونے والے جنوبی حصے کا افتتاح کر دیا۔

    اس منصوبے پر 2 لاکھ امریکی ڈالر لاگت آئی ہے، جس کے لیے فنڈنگ یو ایس ایمبیسڈر فنڈ سے کی گئی، امریکی قونصل جنرل نے بحال اور محفوظ ہونے والے جنوبی حصے کا تفصیلی دورہ کیا۔

    محفوظ اور بحال ہونے والے حصے میں سترہویں صدی کے امام ضامن کا مقبرہ، 6 حجرے، مرکزی حصہ اور مسجد کے جنوب مشرقی مینار شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ محفوظ اور بحال کیے گئے حصے پر آنے والی کل لاگت دو لاکھ امریکی ڈالر ہے، گزشتہ 20 برس میں امریکی ایمبیسڈر فنڈ کے ذریعے 32 ثقافتی ورثہ سائٹس کو بحال اور محفوظ کیا جا چکا ہے۔

    دورے کے بعد امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ ثقافتی ورثے کی بحالی خوش آئند اقدام ہے، یہ ورثہ شراکت کی بنیاد پر بحال کیا گیا ہے، امریکا پاکستان میں ثقافتی ورثے کی بحالی میں دل چسپی رکھتا ہے۔

    وزیر خان مسجد 17 ویں صدی کی ہے، اس مسجد کو مغل شہنشاہ شاہ جہاں کے دور میں تعمیر کیا گیا تھا، وزیر خان مسجد کی تعمیر 1634 عیسوی میں شروع ہوئی اور 1641 میں مکمل ہوئی۔ یہ مسجد شہر لاہور میں دہلی دروازہ، چوک رنگ محل اور موچی دروازہ سے تقریباً ایک فرلانگ کی دوری پر واقع ہے۔

  • گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر بڑی مشکل میں پھنس گئے

    گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر بڑی مشکل میں پھنس گئے

    لاہور : مسجد وزیر خان کا تقدس پامال کرنے کے معاملے پر گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست دائر کردی گئی، جس میں کہا گیا کہ مسجد میں گانے کی عکسبندی کی گئی، جس سے مسجد کا تقدس پامال ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق مسجد وزیر خان کا تقدس پامال کرنے کے معاملے پر گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر کے خلاف سیشن کورٹ میں اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کر دی گئی۔

    سردار منظور چانڈیو ایڈووکیٹ کی جانب سے اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کی گئی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ مسجد وزیر خان میں بلال سعید اور صبا قمر پر گانے کی عکسبندی کی گئی، جس سے مسجد کا تقدس پامال ہوا۔

    درخواست میں کہا گیا مسجد کے تقدس کو پامال کرنے کی پوسٹیں سوشل میڈیا پر بھی شئیر کی گئی ہیں، مسجد کے اندر ڈانس اور گانا عکسبند کر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : مسجد میں‌ گانے کی شوٹنگ کا معاملہ، مینیجر اوقاف معطل

    دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ صبا قمر اور بلال سعید کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔

    گذشتہ روز مسجد وزیر خان میں گانے کی شوٹنگ کے معاملے پر صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور سید سعید الحسن شاہ کی ہدایت پر مینیجر اوقاف کو معطل کردیا گیا تھا۔

    مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری شجاعت حسین نے مسجد میں گانے کی شوٹنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور کی مسجد وزیر خان کا تقدس پامال کرنے والے ابھی تک آزاد کیوں ہیں؟ افسوس ہے کہ اس کی اجازت دینے والوں بھی پکڑ کر جیل میں نہیں ڈالا گیا، ذمہ داروں کو گرفتار کریں تاکہ آئندہ کوئی مسجد کا تقدس پامال کرنے کی جسارت نہ کرے۔

    خیال رہے کہ پاکستانی گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر نے اپنے آنے والے گانے ‘قبول ہے’ کی شوٹنگ کے دوران چند تصاویر اور ویڈیو شیئر کیں تھی جو کہ مسجد وزیر خان کے اندر شوٹ کیا گیا تھا، جس کے بعد مسجد کا تقدس پامال کرنے پر طوفان برپا ہے، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔