Tag: مسجد

  • مسجد کی تعمیر میں مصروف سول انجینئر جاں بحق

    مسجد کی تعمیر میں مصروف سول انجینئر جاں بحق

    انقرہ: ترکی میں مسجد کی تعمیر کے دوران سول انجینئر ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگیا، متوفی کی میت 33 گھنٹے بعد ملبے سے نکال لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترک میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ واقعہ جنوب مشرقی ضلع ’شاہنبے‘ میں پیش آیا جہاں زیر تعمیر مسجد کا کچھ حصے اچانک منہدم ہوگیا جس کےنتیجے میں وہاں موجود سول انجینئر ملبےتلے دب گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: ایمسٹرڈیم میں مسجد کے لاؤڈ اسپیکر سے پہلی بار اذان دی گئی

    اطلاع ملنے پرریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کرتے ہوئے ملبے دبے شخص کو نکالنے کے لیے جدوجہد شروع کردی، 250 افراد پر مشتمل ریسکیو ٹیموں نے 33 گھنٹوں کی سخت محنت کے بعد سول انجینئر کی لاش ملبے سے نکال لی اور اسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    غازی انتپ میڈیکل یونیورسٹی کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ’کورکٹ کوکان‘ نامی شخص کی لاش کو اسپتال لایا گیا جس کے جسم کے تمام حصوں پر زخم کے نشانات تھے جب کہ سر پر گہری چوٹیں لگیں جو موت کا سبب بنیں۔

  • پاکستان کی افغانستان کی مسجد میں دھماکوں کی شدید مذمت

    پاکستان کی افغانستان کی مسجد میں دھماکوں کی شدید مذمت

    اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے افغانستان کے صوبے ننگرہار کی مسجد میں دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں ہماری دعائیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان افغانستان کے صوبے ننگرہار میں دھماکوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

    ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سوگوار خاندانوں کے دکھ میں شریک ہیں اور بم دھماکوں میں قیمتی انسانی زندگیوں کے نقصان پر دلی تعزیت کرتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں ہماری دعائیں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔

    افغان صوبے ننگرہار کی مسجد میں 2 دھماکے، 62 نمازی شہید

    یاد رہے کہ گزشتہ روز افغان صوبے ننگرہار میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران 2 دھماکوں کے نتیجے میں 62 نمازی شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ عینی شاہدین کا کہنا تھاکہ دھماکا اتنا زور دار تھا کے مسجد کی دیواریں گر گئیں۔

    دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

  • کراچی: مسجد کے باہر فائرنگ، پی ٹی آئی کا سابق عہدے دار جان بحق

    کراچی: مسجد کے باہر فائرنگ، پی ٹی آئی کا سابق عہدے دار جان بحق

    کراچی: عائشہ منزل کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا.

    تفصیلات کے مطابق عائشہ منزل کے علاقے میں  مدنی مسجد کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جان بحق ہوگیا.

    پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی ہے، مقتول آصف تحریک انصاف کاسابق عہدے دار تھا.

    ابتدائی اندازوں کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے، البتہ اس ضمن میں‌ مزید تفتیش جاری ہے.

    پولیس مسجد کے اطراف میں پوچھ گچھ کر رہی ہے، جائے وقوعہ سے گولیاں کے خول اکٹھے کر لیے گئے. جب کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے بھی ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کی  جائے گی.

    خیال رہے کہ کراچی میں بے امنی کی تازہ لہر میں اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوا ہے،  ڈکیتوں کی جانب سے شہریوں کو ہلاک کرنے کے واقعات بھی بڑھےہیں.

    یاد رہے کہ چند روز قبل نجی یونیورسٹی کی طالبہ مصباح کو موچی موڑ کے قریب ڈکیتی مزاحمت  پر نامعلوم افراد نے گولی مار کر قتل کردیا تھا جس کے بعد وہ اُس کا موبائل لے گئے تھے۔

  • ناورے میں مسجد پر حملہ کرنے والا ملزم عدالت میں پیش

    ناورے میں مسجد پر حملہ کرنے والا ملزم عدالت میں پیش

    اوسلو : نارویجین پولیس نے اوسلو کی النور مسجد پر حملہ کرنے والے 21 سالہ دہشت گرد کو عدالت میں پیش کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ناروے کے دارالحکومت اوسلو کے بیرم نامی علاقے میں واقع النور اسلامک سینٹر (مسجد) میں ایک روز قبل فائرنگ کرنے والے حملہ آور فلپ مینزہوس کو پولیس نے گرفتار کرکے قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ملزم پر مسجد میں فائرنگ کے ساتھ ساتھ اپنی بہن کو قتل کرنے کا الزام بھی ہے، جس کے باعث پراسیکیوٹر نے عدالت سے ملزم کو چار ہفتے ریمانڈ پر دینے کی درخواست کی ہے۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا تھا کہ مسجد پر حملہ کرنے والا 21 سالہ دہشت گرد جب عدالت میں پہنچا تو فوٹوگرافر کو دیکھ کر مسکراتے ہوئے تصویر بنوائی۔

    مسجد پر حملے کے کچھ دیر بعد ملزم کے گھر سے 17 سالہ بہن کی لاش کی بھی برآمد ہوئی تھی جبکہ مسجد حملے کے دوران تین افراد زخمی ہوئے تھے۔

    مسجد کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ حملہ آور نے بلڈنگ میں داخل ہوا تو ہیلمٹ اور بلٹ پروف جیکٹ پہنا ہوا تھا اور متعدد خودکار اسلحے سے بھی لیس تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ ملزم نے مسجد میں داخل ہوتے ہی اندر موجود افراد پر فائرنگ کردی تاہم اندر موجود تمام افراد شدید زخمی ہونے سے بچ گئے۔

    بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ایئرفورس کے سابق افسر 65 سالہ محمد رفیق نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر حملہ آور کو دبوچا اور اسلحہ چھینا جس کے باعث نقصان کم سے کم ہوا۔

    پولیس کا مؤقف ہے کہ حملہ آور انتہائی دائیں بازو کے نظریات کا حامل ہے اور مہاجرین اور مہاجرت کا شدید مخالف ہے۔

    ناروے میں مسجد پر حملہ، فائرنگ سے ایک زخمی

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ آٹھ سال قبل نیو نازی گروپ کے نارویجین نے فائرنگ کرکے 77 افراد کو قتل کردیا تھا جس کے بعد عدالت نے اینڈرز بیریوک کو 21 سال قید کی سزا سنا دی تھی۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسجد میں حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں سیکڑوں نمازی شہید ہوگئے تھے۔

  • اسرائیل میں بارہ سو سالہ قدیم مسجد دریافت

    اسرائیل میں بارہ سو سالہ قدیم مسجد دریافت

    تل ابیب: اسرائیلی صحرائی علاقے نقب میں ماہرین آثار قدیمہ نے بارہ سو سالہ قدیم مسجد دریافت کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق نقب میں 12 سو سال پرانی مسجد کی باقیات کی دریافت کو ماہرین اثار قدیمہ نے اپنے لیے بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کئی سو سال قبل یہ مسجد دین کی تبلیغ کے لیے استعمال ہوتی تھی، مذکورہ مسجد عام نوعیت سے بالکل مختلف ہے۔

    ماہرین آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ اس قدیمی مسجد کو دنیا بھی میں امکاناً قدیم ترین مساجد میں شمار کیا جا سکتا ہے، باقیات سے معلوم ہوتا ہے کہ اس کا طرز تعمیر انتہائی خاص رہا ہے۔

    ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں اس قدیمی مسجد جیسا کوئی نمونہ دستیاب نہیں ہوا ہے اور یہی پہلو حیران کن ہے، صحرائی علاقے نقب میں بیئر السبع سب سے بڑا شہر ہے جہاں سے مسجد کی باقیات برآمد ہوئیں۔

    دریافت ہونے والی باقیات میں واضح طور پر مسجد کا احاطہ دیکھا جاسکتا ہے جبکہ محراب کا رخ مکہ کی جانب واضح ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں نمازیں پڑھیں اور پڑھائی جاتی تھیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں متحدہ عرب امارات کے ماہرین آثار قدیمہ نے ایک ہزار سال پرانی مسجد دریافت کی تھی، مسجد کے بارے میں خیال ہے کہ یہ مسجد اس علاقے میں دین اسلام کی اشاعت کے ابتدائی عرصے میں تعمیر کی گئی تھی۔

    ماہرین آثار قدیمہ کا کہنا تھا کہ امارات میں پرانی مسجد کے آثار ’العین‘ کے مقام پر ملے تھے جہاں اس وقت مسجد الشیخ خلیفہ تعمیر کی گئی ہے۔

  • شام کے شمالی شہر میں کار بم دھماکا، 14 نمازی شہید

    شام کے شمالی شہر میں کار بم دھماکا، 14 نمازی شہید

    دمشق : دہشت گردوں نے جامع مسجد المیتم میں نماز تراویح کے اختتام پر نمازیوں کو نشانہ بنایا، شہداء میں چار بچے بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شام میں انسانی حقوق کے کارکنوں کے مطابق حلب شہرمیں ترکی کی سرحد سے متصل علاقے اعزاز میں ایک مسجد کے سامنے بارود سے بھری ایک کار کے ذریعے کیے گئے حملے میں کم سے کم 14 نمازی شہید ہو گئے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پرنظر رکھنے والے ادارے آبزر ویٹری کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے بتایا کہ ترکی کے اثرو نفوذ کے علاقے اعزاز میں کار بم حملہ عشاءکی نماز کے بعد کیا گیا جس میں 14 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ حملہ اعزاز شہر کے وسط میں الحدادین بازارکی ایک مسجد کے باہرکیا گیا۔

    رامی عبدالرحمان نے کہا کہ کار بم حملے میں مسجد میں نمازیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ حملہ اس وقت کیا گیا جب شہری جامع مسجد المیتم میں نماز تراویح کے بعد گھروں کو لوٹ رہے تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ کار بم حملے میں مرنے والوںمیں 4 بچے بھی شامل ہیں، زخمیوں میں سے بعض کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جنہیں مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے تاہم شدید زخمی ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آخری اطلاعات تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، یہ علاقہ ترکی مخالف کرد جنگجوﺅں کے حملوں کا نشانہ بنتا رہا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق شمال مشرقی شام کے علاقے الرقہ میں ایک بار بم حملے میں 10 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ ترکی نے سنہ 2016ء میں شمالی شام میں فرات کی ڈھال کے عنوان سے ایک آپریشن شروع کیا تھا، ترکی نے فوجی آپریشن کے ذریعے اعزاز کے علاقے سمیت شام کے 2000 مربع کلو میٹر علاقے پرقبضہ کرلیا تھا۔

  • افغانستان: مسجد میں دھماکا، امام شہید، 16 نمازی زخمی

    افغانستان: مسجد میں دھماکا، امام شہید، 16 نمازی زخمی

    کابل: افغان دارالحکومت میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں امام شہید جبکہ 16 نمازی زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق دھماکا مشرقی کابل کی مشہور مسجد التقویٰ میں ہوا اور شہید ہونے والے امام مولوی ریحان تھے، زخمیوں کا طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد تفتیشی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ابھی تک اس دھماکے کی ذمہ داری کسی گروہ یا تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

    افغان وزارت داخلہ نے مولوی ریحان کے شہید ہونے کی تصدیق کر دی، یہ دھماکا مشرقی کابل کی مشہور مسجد التقویٰ میں ہوا اور شہید ہونے والے امام مولوی ریحان تھے، جو علاقے کے مذہبی حلقے میں اہم مقام رکھتے ہیں۔

    کابل پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ تفتیشی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ابھی تک اس دھماکے کی ذمہ داری کسی گروہ یا تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ افغانستان کے دار الحکومت میں بم حملے میں ایک شخص ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا تھا، حملہ کابل کے مصروف ترین علاقے میں ہوا تھا۔

    کابل : کوٹ سنگی میں دھماکا 1 شخص ہلاک، ایک زخمی

    یاد رہے کہ 21 نومبر کو بھی افغانستان کا دار الحکومت کابل بڑے دہشت گرد حملے کا نشانہ بنا تھا، جس میں 50 افراد اپنی زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

  • لندن میں مسجد کے باہر فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار

    لندن میں مسجد کے باہر فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار

    لندن: برطانیہ میں دس مئی کو مسجد کے باہر فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم نے لندن کے علاقے آئیفورڈ کی سیون کنگ مسجد کے باہر فائرنگ کی تھی، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ برطانوی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو گرفتار کرلیا، البتہ ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

    ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس سے مزید تفتیش کی جارہی ہے، پولیس کے مطابق جلد مکمل حقائق منظر عام پر آئیں گے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ دس مئی کو مسجد کے باہر تراویح کے دوران گرفتار ملزم فائرنگ کرکے فرار ہوگیا تھا، لندن میں سیون کنگ مسجد میں تراویح کے وقت مسلح شخص نے مسجد میں گھسنے کی بھی کوشش کی تھی، جسے نمازیوں نے پکڑ کر مسجد سے باہر دھکیل دیا تھا۔

    بعد ازاں مسلح شخص نے مسجد کے باہر فائرنگ کی اور جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا تھا، تاہم پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو دھر لیا۔

    لندن: سیون کنگز ہائی روڈ پرتراویح کے دوران مسجد کے باہر فائرنگ

    واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 15 مارچ کو دو مساجد پر دہشت گرد نے اس وقت داخل ہوکر فائرنگ کی تھی جب بڑی تعداد میں نمازی، نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد میں موجود تھے۔

  • خوبصورت فن پارے جیسی رنگوں بھری مسجد جسے 2 خواتین نے تعمیر کروایا

    خوبصورت فن پارے جیسی رنگوں بھری مسجد جسے 2 خواتین نے تعمیر کروایا

    دنیا بھر میں مساجد و دیگر مذہبی مقامات کو نہایت خوبصورت انداز میں تعمیر کیا جاتا ہے، لیکن آج ہم آپ کو جس مسجد کی سیر کروانے جارہے ہیں وہ اپنی نوعیت کی منفرد ترین مسجد ہے۔

    جزائر بلقان میں واقع ملک مقدونیہ کی سرینا مسجد تاریخی لحاظ سے تو اہم ہے ہی، تاہم اس کا شمار آرٹ کے معروف شاہکاروں میں ہوتا ہے۔

    اس مسجد کی چھت اور در و دیوار پر نہایت خوبصورت نقش و نگار بنائے گئے ہیں۔ دیگر مساجد کی طرح سادگی میں پروقار دکھائی دینے کے بجائے یہ مسجد نہایت رنگوں بھری ہے تاہم اس کی جاہ و حشمت میں کوئی کمی نہیں آتی۔

    اس مسجد کی تعمیر 500 سال قبل کی گئی تھی، اس دور میں مساجد کی تعمیر سلطان یا ترک حکمرانوں کی جانب سے کروائی جاتی تھی تاہم اس مسجد کی ایک اور انفرادیت یہ ہے کہ اس کی تعمیر کے وسائل 2 خواتین کی جانب سے مہیا کیے گئے۔

    ہرشیدہ اور مینسور نامی ان دونوں خواتین کی قبریں بھی اسی مسجد کے اندر موجود ہیں۔

    مسجد میں بنائی گئی پینٹنگز کو قدیم طریقہ کار کے مطابق بنایا گیا ہے جب رنگوں میں انڈے کی آمیزش کی جاتی تھی۔ تمام رنگ و روغن کے لیے اس وقت 30 ہزار انڈے استعمال کیے گئے تھے۔

    سترہویں صدی میں اس قصبے میں ایک بڑی آتشزدگی کا واقعہ بھی پیش آیا جس نے اس قصبے کو بے حد نقصان پہنچایا تاہم خوش قسمتی سے یہ مسجد محفوظ رہی۔

    کیا آپ اس رنگوں بھری خوبصورت مسجد میں جانا چاہیں گے؟

  • برطانوی مساجد رمضان میں ماحول دوستی کو فروغ دینے کے لیے کوشاں

    برطانوی مساجد رمضان میں ماحول دوستی کو فروغ دینے کے لیے کوشاں

    لندن: انگلینڈ میں واقع ایک مسجد گرین لین اس ماہ رمضان میں ماحول دوستی اور تحفظ ماحول کے لیے پلاسٹک کا استعمال ختم کرنے کی مہم چلا رہی ہے جسے بے حد پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔

    انگلینڈ کے شہر برمنگھم کی یہ مسجد اس بار نمازیوں کو پلاسٹک بوتلوں کے بجائے پانی کی ایسی بوتلیں تقسیم کر رہی ہے جو دوبارہ استعمال کی جاسکتی ہیں۔

    اس سے قبل اس مسجد سے رمضان میں نمازیوں کو پلاسٹک کی بوتلیں تقسیم کی جاتی رہی ہیں جن کی تعداد ایک دن میں 1 ہزار تک پہنچ جاتی تھی تاہم اس بار اس مسجد نے ماحول دوست اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    مسجد نے قابل استعمال بوتلوں کے ساتھ پانی کے نلکے بھی نصب کروائے ہیں تاکہ روزہ دار وہاں سے اپنی پیاس بجھا سکیں اور پلاسٹک استعمال نہ کرنا پڑے۔

    یہ اقدامات ’گرین رمضان‘ کی مہم کے تحت کیے جارہے ہیں۔ اس مہم کی بنیاد قرآن پاک کی اس آیت پر رکھی گئی جس میں کہا گیا ہے، ’اصراف سے بچو اور میانہ روی اختیار کرو کہ اللہ فضول خرچ کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا‘۔

    برمنگھم کی اس مسجد کے علاوہ ایسٹ لندن کی مسجد اور یارک مسجد بھی اصراف کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے مختلف اقدامات کر رہی ہیں۔

    گرین لین مسجد نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ ان کی اس مہم کو فروغ دیا جائے اور پلاسٹک کا استعمال کم سے کم کیا جائے۔ ’بطور مسلمان ہماری ذمہ داری ہے کہ ماحول کی حفاطت کریں اور اسے نقصان پہنچانے سے گریز کریں‘۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں ہر سال لاکھوں کروڑوں ٹن پلاسٹک کی اشیا بنائی جاتی ہیں جس کی بڑی مقدار سمندروں میں چلی جاتی ہے۔ صرف برطانیہ میں شکار کی جانے والی مچھلیوں میں سے ایک تہائی مچھلیاں ایسی ہوتی ہیں جن کے جسم کے اندر پلاسٹک کی اشیا موجود ہوتی ہیں۔

    پلاسٹک کو غذا سمجھ کر کھا لینے کی وجہ سے ہر سال لاکھوں آبی جاندار اور آبی پرندے ہلاک ہوجاتے ہیں۔

    گرین لین مسجد انتظامیہ کو امید ہے کہ ان کے اقدامات سے مسلمانوں میں ماحول دوست بننے اور تحفظ ماحول کا شعور بیدار ہوگا۔