Tag: مسعود پزشکیان

  • ایرانی صدر کے نائب جواد ظریف 10 روز بعد ہی مستعفی

    ایرانی صدر کے نائب جواد ظریف 10 روز بعد ہی مستعفی

    تہران: ایرانی صدر کے نائب جواد ظریف نے 10روز بعد ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کی گئی وزراء کی فہرست کے بعد جواد ظریف کے استعفیٰ دینے کا اعلان سامنے آیا۔

    جواد ظریف کا کہنا ہے کہ میں شرمندگی محسوس کر رہا ہوں کہ میں حکومت میں خواتین، نوجوانوں اور اقلیت کی نمائندگی کو اس طرح سے یقینی نہیں بنا سکا جس کا میں نے وعدہ کیا تھا۔

    جواد ظریف کا کہنا تھا کہ عوام کے سامنے معذرت خواہ ہوں کہ داخلی سیاست کے اہم امور کی پیروی نہ کر سکا۔

    دوسری جانب امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں ایران اسرائیل پر حملہ کر سکتا ہے۔ امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جان کربی نے بھی ایرانی حملے کے حوالے سے خبردار کر دیا ہے۔

    جان کربی نے کہا کہ امریکا کو اسرائیل پر بڑے حملے کے حوالے سے تیار رہنا ہوگا، اسرائیل کو دفاع میں مدد کے لیے امریکا موجود ہے، وائٹ ہاؤس نے متنبہ کیا کہ ایران اور اس کے اتحادیوں کی طرف سے رواں ہفتے ہی اسرائیل پر ممکنہ حملہ ہو سکتا ہے۔

    ایران نے امریکا کے کہنے پر اسماعیل ہنیہ کا بدلہ لینے کیلئے اسرائیل پر حملے کی کارروائی روک دی

    برطانوی میڈیا کے مطابق امریکا اور اس کے یورپی اتحادی ممالک نے ایران سے اسرائیل پر حملے سے باز رہنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی کشیدگی مشرق وسطیٰ کو جنگ کی لپیٹ میں لے لے گی۔

  • مغرب کا دُہرا معیار اسرائیل کا حوصلہ بڑھا رہا ہے، مسعود پزشکیان

    مغرب کا دُہرا معیار اسرائیل کا حوصلہ بڑھا رہا ہے، مسعود پزشکیان

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ مغرب کے دُہرے معیار سے اسرائیل کی ظالمانہ کارروائیوں میں ہر روز اضافہ ہورہا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر نے یورپی کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ امریکا اور مغربی ممالک کے دُہرے معیار سے اسرائیل کا حوصلہ بڑھ رہا ہے۔

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسرائیلی کارروائیوں سے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ بڑھ رہا ہے۔

    اُنہوں نے یورپی کونسل کے صدر سے کہا کہ غزہ اور پورے خطے میں صیہونی حکومت کی دہشتگردی اور گھناؤنے جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اب تک غزہ کی 1.8 فیصد آباد کو شہید کر دیا ہے۔

    فلسطینی سینٹرل بیورو آف سٹیٹسٹکس کے مطابق محصور ساحلی علاقوں میں 24 فیصد اموات نوجوانوں کی ہوئی جن کی عمریں (18 سے 29 سال) کے درمیان تھیں۔

    بیورو نے کہا کہ غزہ میں زخمی ہونے والوں میں تقریباً 70 فیصد خواتین اور بچے ہیں جبکہ ایک اندازے کے مطابق 10,000 لوگ لاپتہ ہیں اور 20 لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں۔

    اس میں مزید کہا گیا ہے کہ اسی عرصے کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں 620 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں سے 75 فیصد کی عمریں 30 سال سے کم تھیں۔

    امریکا کا مشرق وسطیٰ میں مزید جنگی جہاز بھیجنے کا حکم

    بیورو کے اعداد و شمار سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ غزہ میں غذائی قلت کے باعث 34 افراد موت کے منہ میں چلے گئے اور تقریباً 3500 بچے خوراک کی کمی کے باعث موت کے خطرے سے دوچار ہیں۔

  • اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی، ایرانی صدر نے دو ٹوک پیغام دے دیا

    اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی، ایرانی صدر نے دو ٹوک پیغام دے دیا

    تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اسرائیل پر حملے کے سلسلے میں دو ٹوک پیغام دے دیا ہے۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے نئے منتخب ہونے والے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کے لیے وہ سنجیدہ ہیں، اسرائیل کے جرم پر اس کا احتساب ضرور کیا جائے گا۔

    ایرانی صدر نے حماس کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کو اسرائیل کی بڑی غلطی قرار دے دیا، اور کہا کہ یہ بہیمانہ قتل عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اور اسرائیل کو اس کا جواب دینا ہوگا۔

    ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے مشرق وسطیٰ اور بین الاقوامی سطح پر امن اور فلسطین میں صہیونی حکومت کے مظالم روکنے کی ضرورت پر زور دیا، اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی سے ملاقات میں ان کا کہنا تھا کہ صہیونی حکومت نے تہران میں اسماعیل ہنیہ پر حملہ کیا، وہ ہمارے سرکاری مہمان تھے، یہ حملہ بین الاقوامی سفارتی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی تھی، صہیونی حکومت کو اپنی غلطی کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، صہیونی حکومت کی طرف سے دہشت گردی کو اپنا حق دفاع قرار دینا انسانی حقوق کےاصولوں کے منافی ہے۔

    قائم مقام ایرانی وزیر خارجہ علی باقری نے کہا کہ اسرائیل کی خطرناک مہم جوئی سے خطے کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے، اس لیے مسلم ممالک اس سلسلے میں ایک متفقہ اور فیصلہ کُن مؤقف اپنائیں۔

    واضح رہے کہ امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ ایران اسرائیل پر آج حملہ کر سکتا ہے، یہ حملہ اپریل سے بھی بڑا ہو سکتا ہے، ایران اور حزب اللہ فوجی منصوبوں کو حتمی شکل دے رہے ہیں، امریکا کا کہنا ہے کہ وہ ایرانی حملوں سے نمٹنے کی تیاری کر رہے ہیں، اور جدید ہتھیاروں سے لیس بحری بیڑہ بحیرہ احمر میں لنگر انداز ہو گیا ہے۔

    امریکا اور برطانیہ، سعودی عرب سمیت کئی ممالک نے اپنے شہروں کو فوری طور پر لبنان چھوڑنے کی ہدایات کر دی ہے، سوئیڈن نے بیروت میں سفارت خانہ بند کر دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق امریکی ویب سائٹ نے بھی اسرائیل کو تہران اور بیروت پر حملوں کے جواب میں ایرانی حملوں سے خبردار کر دیا۔ امریکی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کا حملہ 13 اپریل جیسا لیکن زیادہ وسیع ہوگا اور ایران اس بار لبنان سے حزب اللہ کو بھی اپنے ساتھ شامل کر سکتا ہے۔

    امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے برطانوی اور فرانسیسی ہم منصبوں کو ممکنہ ایرانی حملے سے متعلق متنبہ کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے فوری بعد سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں اسرائیل پر براہ راست حملے کا حکم دیا تھا۔

  • شہباز شریف نو منتخب ایرانی صدر کی حلف برداری تقریب میں شرکت کرنے ایران جائیں گے

    شہباز شریف نو منتخب ایرانی صدر کی حلف برداری تقریب میں شرکت کرنے ایران جائیں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نو منتخب ایرانی صدر کی حلف برداری تقریب میں شرکت کرنے ایران جائیں گے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کے نو منتخب صدر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے ایران کا دورہ کریں گے۔

    نو منتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے عہدہ سنبھالنے کی تقریب آئندہ منگل 30 جولائی کو منعقد ہوگی، سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی قیادت کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

    نو منتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو اسناد پیش کرنے کی تقریب 28 جولائی کو منعقد ہوگی۔

    واضح رہے کہ مسعود پزشکیان نے صدارتی انتخابات میں حریف سعید جلیلی کو شکست دی تھی، نو منتخب ایرانی صدر کو 16 ملین ووٹ ڈالے گئے جو کہ 54 فی صد تھے،