Tag: مسقط ایئرپورٹ

  • مسقط ایئرپورٹ پر خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنے والا طیارہ کراچی پہنچ گیا

    مسقط ایئرپورٹ پر خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنے والا طیارہ کراچی پہنچ گیا

    کراچی: مسقط ایئرپورٹ پر خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنے والا طیارہ بحالی کے بعد کراچی پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسقط میں 13 دن سے خراب پی آئی اے کے طیارے کی مرمت ہو گئی، جس کے بعد یہ طیارہ کراچی پہنچ گیا ہے۔

    بوئنگ 777 طیارہ 6 مارچ کو مدینہ سے اسلام آباد آتے ہوئے فنی خرابی کا شکار ہوا تھا، جس کے باعث طیارے کو مسقط ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی تھی، طیارے کی بحالی کے لیے پی آئی اے انجینئرنگ ٹیم ڈیڑھ ہفتے سے مسقط میں تھی۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق بوئنگ 777 طیارے کے لیے متبادل انجن سی 130 جہاز سے مسقط بھیجا گیا تھا، جہاز کے انجن کی تبدیلی کا کام دو دن پہلے مکمل کیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اے پی بی ایچ وی رجسٹریشن کے طیارے کی مرمت پر خطیر اخراجات آئے ہیں۔

    پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ انجن تبدیلی کے بعد بوئنگ 777 کی ٹیسٹنگ بھی کی گئی ہے۔

  • مسقط ایئرپورٹ سے بچوں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    مسقط ایئرپورٹ سے بچوں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    عمان کی جانب سے مسقط انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اہم کارروائی کی گئی، اس دوران بچوں کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا جبکہ 2 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسقط کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دو افریقی باشندوں کو افریقہ سے ایک بچے کی اسمگلنگ کی کوشش کرنے پر حراست میں لے لیا گیا ہے۔ رائل عمان پولیس (آر او پی) کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کردی گئی ہے۔

    انٹرنیشنل کریمنل پولیس آرگنائزیشن (انٹرپول) کے تعاون سے عمان کے جنرل ڈپارٹمنٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن کی قیادت میں کی گئی یہ کارروائی انسانی اسمگلنگ سے نمٹنے اور کمزوروں کی حفاظت کے لیے ایک وسیع تر اقدام کا حصہ تھا۔

    آر او پی کے جاری کردہ بیان میں بچے کی عمر یا جنس کی وضاحت نہیں کی گئی لیکن انسانی اسمگلنگ کے جرائم سے نمٹنے اور ان سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

    اس سے قبل ایف آئی اے انٹرپول پاکستان نے قتل کے سنگین مقدمے میں پنجاب پولیس کو مطلوب ملزم کو مسقط سے گرفتار کیا تھا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اشتہاری ملزم عبداللہ پنجاب پولیس کو مطلوب تھا، ملزم کو مسقط سے گرفتار کر کے لاہور ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا، ملزم عبداللہ کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔

    ایف آئی اے این سی بی انٹرپول پاکستان نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا، بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن نے ملزم کو متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا۔

  • مسقط ایئرپورٹ کے لیے بڑا اعزاز

    مسقط ایئرپورٹ کے لیے بڑا اعزاز

    مسقط: عمان کے دارالحکومت مسقط کا ایئرپورٹ دنیا کے بہترین ایئرپورٹس میں ساتویں نمبر پر آگیا، سلالہ ایئرپورٹ کو دنیا کا چوتھا بہترین ایئرپورٹ قرار دیا گیا۔

    ایئرپورٹ کاؤنسل انٹرنیشل کی جاری کردہ رینکنگ میں دارالحکومت مسقط اور ایک اور شہر سلالہ کے ایئرپورٹ کو بالترتیب دنیا کا ساتواں اور چوتھا بہترین ایئرپورٹ قرار دیا گیا ہے۔

    مسقط ایئرپورٹ سالانہ ڈیڑھ سے 2 کروڑ مسافروں کو فضائی سہولیات مہیا کرتا ہے، جبکہ سلالہ ایئرپورٹ سے سالانہ 20 لاکھ افراد فضائی سفر کرتے ہیں۔

    مسقط اور سلالہ ایئرپورٹ کو مسافروں کے لیے بہترین سہولیات اور آسائش فراہم کرنے پر یہ اعزاز دیا گیا ہے۔

    مسقط ایئرپورٹ کو سنہ 2018 میں نئی عمارت میں منتقل کیا گیا تھا، اس کے بعد اس ایئرپورٹ پر سہولیات میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔

    یہ ایئرپورٹ 5 ہزار 250 ایکڑز کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ ابتدا میں یہاں صرف ایک پسنجر ٹرمنل بلڈنگ اور ایک رن وے تھا بعد ازاں اس میں مزید رن ویز، نیا پسنجر ٹرمنل اور نیا کنٹرول ٹاور شامل کیا گیا۔

    ایئرپورٹ کے عملے کے لیے یہاں ہاؤسنگ اسکیم بھی موجود ہے۔

    اسی طرح سلالہ ایئرپورٹ کو سنہ 2015 میں کھولا گیا تھا اور جلد ہی وہ دنیا کے بہترین ایئرپورٹس کی فہرست میں نویں نمبر پر آگیا، آغاز سے ہی یہ ایئرپورٹ سالانہ 20 لاکھ مسافروں کو فضائی سہولیات فرہم کر رہا ہے۔