Tag: مسقط

  • عمان میں تیل کے نئے ذخائر دریافت

    عمان میں تیل کے نئے ذخائر دریافت

    مسقط: سلطنت عمان میں تیل کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، دریافت سے تیل کی یومیہ پیداوار میں 50 ہزار سے 1 لاکھ بیرل تک کا اضافہ ہو جائے گا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق سلطنت عمان کے وزیر توانائی نے تیل کے نئے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا ہے۔

    نئے ذخائر سے آئندہ 2 سے 3 سال میں عمان میں تیل کی یومیہ پیداوار میں 50 ہزار سے 1 لاکھ بیرل تک کا اضافہ ہو جائے گا۔

    عمان کے وزیر توانائی و معدنیات محمد بن حمد الرومحی نے تیل کے نئے ذخائر کی دریافت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمان میں خام تیل کے ذخائر اس وقت 5.2 بیرل اور گیس کے ذخائر 240 کھرب مکعب فٹ ہیں۔

    عمان کی وزارت توانائی کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس تیل کی اوسط پیداوار 971 ہزار بیرل تک پہنچ گئی تھی، رواں برس اوسط تیل کی پیداوار 1.1 ملین بیرل تک پہنچنے کی توقع ہے۔

  • مسقط میں موسلا دھار بارشوں سے تباہ کن سیلاب

    مسقط میں موسلا دھار بارشوں سے تباہ کن سیلاب

    عمان کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، متعدد افراد سیلاب میں پھنس گئے جنہیں امدادی کارکنوں نے بچایا۔مسقط: عمان کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، متعدد افراد سیلاب میں پھنس گئے جنہیں امدادی کارکنوں نے بچایا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سلطنت عمان میں منگل کو آنے والے تباہ کن سیلاب سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا، دارالحکومت مسقط اور متعدد صوبے سیلاب میں گھر گئے۔

    امدادی ٹیموں نے مسقط میں ہنگامی آپریشن کر کے 5 افراد کو جو السیب صوبے کے شمالی علاقے الحیل کے سیلاب میں پھنس گئے تھے بچالیا۔

    عمانی شہری دفاع کے محکمے نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر سے کام لیں، وادیوں اور سیلاب والے مقامات پر جانے کا خطرہ نہ مول لیں۔

    عمانی شہری دفاع کی امدادی ٹیموں نے بوشر صوبے کے الغبرۃ مقام پر پھنسے 35 افراد کو بچالیا، الغبرۃ میں پانی کی سطح اچانک بلند ہوگئی تھی۔ عمانی شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

    عمان آبزرور، عمانی شہری دفاع کے مطابق مسقط میں موسلا دھار بارش اور سیلاب کی وجہ سے متعدد رہائشی علاقے زیر آب آگئے ہیں، مسقط کے کئی گاؤں اخدود العزم طوفان سے متاثر ہونے کے باعث زیر آب آگئے ہیں۔

    عمانی پولیس نے موسلا دھار بارش کے دوران عوام کی سلامتی کی خاطر مسقط کے متعدد روڈز بند کردیے جبکہ مسقط کی جانب جانے والے وزارتوں والے علاقے میں جانے والا روڈ بھی بند کردیا۔

    عمانی محکمہ موسمیات نے توجہ دلائی ہے کہ غیر مستحکم موسم کا سلسلہ ہنوز جاری رہے گا، بحر عمان اور مسندم صوبے کے ساحلوں پر اونچی لہریں اٹھ رہی ہیں، اس کا امکان ہے کہ سمندر میں طغیانی سے نشیبی ساحلی علاقے کل بھی متاثر ہوں۔

  • عمان میں جزوی لاک ڈاؤن، بڑا فیصلہ آ گیا

    عمان میں جزوی لاک ڈاؤن، بڑا فیصلہ آ گیا

    مسقط: سلطنت عمان میں جزوی لاک ڈاؤن ہفتے سے ختم کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سلطنت عمان نے کاروباری سرگرمیوں، افراد اور گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے جس پر عمل درآمد ہفتے سے ہوگا۔

    عمان میں انسداد کرونا وبا سے متعلق اعلیٰ کمیٹی کا کہنا ہے تمام سرکاری اور نجی اداروں کو بھی یکم ستمبر سے معمول کے مطابق کام کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

    عمانی ٹی وی کے مطابق تجارتی مراکز، ریستوران، ثقافتی و تجارتی سرگرمیوں والے ادارے، اجتماعی پروگرامز اور کھیلوں پر سے بھی پابندی اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    عمان نے جزوی میں لاک ڈاؤن میں تاحکم ثانی توسیع کردی

    اعلیٰ کمیٹی نے نئے تعلیمی سال کی آمد پر سلطنت عمان میں اسکول مقررہ طریقہ کار کے مطابق کھولنے کا فیصلہ بھی کیا ہے، وزارت تعلیم و تربیت جلد ہی اس حوالے سے اسکول کھولنے کی حکمت عملی جاری کرے گی۔

    سلطنت عمان نے کرونا پابندیاں اٹھانے کے ساتھ یہ تاکید بھی کی ہے کہ کرونا ایس او پیز کی پابندی برقرار رہے گی، اس حوالے سے مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی غفلت نہ برتیں۔

  • سلطنت عمان کا غیر ملکی ملازمین کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    سلطنت عمان کا غیر ملکی ملازمین کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    مسقط: سلطنت عمان نے غیر ملکی ملازمین کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے آجروں کے لیے غیر ملکی ملازمین کی فیسوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق عمان کی وزارت محنت نے آجروں کے لیے غیر ملکی ملازمین کی فیسوں میں اضافہ کر دیا ہے، اس کے ساتھ ہی فیسوں کا نیا ڈھانچہ بھی جاری کیا گیا ہے۔

    عمان کے ڈیلی ٹائمز نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس کا مقصد عمان کے شہریوں کے لیے ملازمتوں میں اضافہ کرنا ہے، وزارت محنت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ فیسوں کے نئے ڈھانچے میں اعلیٰ عہدوں پر غیر ممالک کے شہریوں کی خدمات حاصل کرنے کے لیے 5 ہزار 198 ڈالر، درمیانے درجے کے عہدوں کے لیے 26 سو ڈالر اور تکنیکی نیز ہنر مند کارکنوں کے لیے 15 سو 61 ڈالر فیس ادا کرنی ہوگی۔

    یہ فیصلہ سلطنت عمان میں مختلف ملازمتوں کے قومیانے کے پروگرام عمانائزیشن میں بتدریج اضافہ کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    کچھ صنعتوں میں ہر غیر ملکی ملازم کی خدمات کے حصول کے لیے ایک مخصوص فیس ہوگی، ایک غیر ملکی ماہی گیر کی خدمات حاصل کرنے کے لیے کمپنیوں کو تقریباً 938 ڈالر ادا کرنے ہوں گے جبکہ دوسری صنعتوں میں ہر عہدے پر غیر ملکی ملازمین کی تعداد کے لحاظ سے فیس میں اضافہ ہوگا۔

    کمپنیوں کو ملازمت میں تبدیلی اور کسی بھی ملازم کی ملازمت کی حیثیت کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے اضافی فیس بھی ادا کرنا ہوگی تاہم سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز یعنی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے مالکان کو کچھ استثنیٰ دیا گیا ہے۔

    عمان کی وزارت محنت کے مطابق یہ ان آجروں کے لیے ہے جنہیں ان کمپنیوں کو سنبھالنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جو پبلک اتھارٹی فار ایس ایم ای ڈیولپمنٹ (ریادا) کے تحت رجسٹرڈ ہیں۔

    عمان کی پبلک اتھارٹی فار سوشل انشورنس (پی اے ایس آئی) کے تحت اسے انشور بھی کیا گیا ہے، اس کے علاوہ سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز اپنے قیام کے وقت سے لے کر 2 سال تک ان ضوابط سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

  • عمان کے سلطان نے دفاعی اور قومی سلامتی کونسل کی تنظیم نو کا حکم جاری کردیا

    عمان کے سلطان نے دفاعی اور قومی سلامتی کونسل کی تنظیم نو کا حکم جاری کردیا

    مسقط: سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق نے سلطنت کی دفاعی اور قومی سلامتی کونسل کی تنظیم نو کا حکم جاری کیا ہے، دفاعی کونسل کے سربراہ وہ خود ہوں گے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق نے تین سلطانی فرامین جاری کیے ہیں، دفاعی کونسل اور قومی سلامتی کونسل کی تنظیم نو کی ہے جبکہ فوجی افسران کے تقرر اور ترقی کے احکام بھی جاری کیے ہیں۔

    سلطان ہیثم نے پہلا فرمان جاری کر کے دفاعی کونسل اپنی سربراہی میں قائم کی ہے، نائب وزیر اعظم برائے امور دفاع اور ایوان سلطانی کے وزیر نیز مواصلاتی ادارے کے سربراہ، داخلی سلامتی کے ادارے کے سربراہ، پولیس اور کسٹم کے انسپکٹرز جنرل اور افواج کے چیف آف اسٹاف کو بھی دفاعی کونسل میں شامل کیا ہے۔

    سلطانی فرمان کے مطابق دفاعی کونسل ملک کی سلامتی اور دفاع کے تحفظ سے تعلق رکھنے والے تمام امور کی ذمہ دار ہوگی۔

    سلطان ہیثم نے سلطانی فرمان جاری کر کے قومی سلامتی کونسل تشکیل دی ہے، اس کے صدر خود سلطنت عمان کے فرمانروا ہوں گے جبکہ ایوان سلطانی کے وزیر، محکمہ مواصلات کے سربراہ، داخلی سلامتی کے ادارے کے سربراہ، پولیس و کسٹم کے انسپکٹر جنرل اور عمانی افواج کے چیف آف اسٹاف اس کے ممبر ہوں گے۔

    سلطانی فرمان کے مطابق قومی سلامتی کونسل ملک کی سلامتی سے تعلق رکھنے والے تمام امور کی ذمہ دار ہوگی، یہ اپنے اجلاس میں غیر رکن افراد کو بھی مدعو کر سکتی ہے۔

    سلطان ہیثم نے تیسرا فرمان جاری کر کے بریگیڈیئر ناصر المعولی کو میجر جنرل اور قومی سلامتی کونسل کا سیکریٹری جنرل مقرر کردیا۔

    بریگیڈیئر سلیمان الزکوانی کو میجر جنرل کے منصب پر ترقی دے کر فوجی امور کا سیکریٹری جنرل بنا دیا اور بریگیڈیئر مسلم جعبوب کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر اسپیشل شاہی فورس کا کمانڈر متعین کیا گیا ہے۔

  • عمان کا مقامی افراد کے لیے اہم فیصلہ

    عمان کا مقامی افراد کے لیے اہم فیصلہ

    مسقط: سلطنت عمان نے سرکاری اور نجی شعبوں میں متعدد اسامیاں مقامی شہریوں کے لیے مخصوص کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    عمانی میڈیا رپورٹ کے مطابق سلطنت عمان نے سرکاری اور نجی شعبوں میں متعدد پیشے مقامی شہریوں کے لیے مخصوص کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔

    عمانی وزارت محنت بدھ کو پریس کانفرنس میں مقامی شہریوں کو آگاہ کرے گی کہ وہ کن سرکاری محکموں، اداروں، وزارتوں اور نجی کمپنیوں و اداروں میں کن ملازمتوں کے لیے درخواستیں دے سکتے ہیں۔

    حکومت نے سرکاری اور نجی دونوں اداروں میں بیشتر اسامیاں مقامی شہریوں کے لیے مخصوص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزارت محنت مقامی لیبر مارکیٹ کے بگڑے ہوئے توازن کو ٹھیک کرنے اور مقامی شہریوں کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع مہیا کرنے کے لیے کئی نئی اسکیموں کا اعلان کرے گی۔

    عمانی وزارت محنت کا کہنا ہے کہ پریس کانفرنس کے دوران یہ بھی بتایا جائے گا کہ سنہ 2020 میں حکومت نے مقامی شہریوں کو روزگار فراہم کرنے کے حوالے سے کیا اقدامات کیے تھے اور کس حد تک کامیابی حاصل کی جاسکی ہے۔

  • عمان: ملازمین کے سر پر لٹکتی تلوار ہٹ گئی

    عمان: ملازمین کے سر پر لٹکتی تلوار ہٹ گئی

    مسقط: عمان میں ملازمین کے سر پر لٹکتی تلوار ہٹ گئی، وزارت محنت نے انھیں نوکریوں سے فارغ نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ٹائمز آف عمان کے مطابق وزارت محنت نے یقین دلایا ہے کہ ایک ہزار سے زیادہ عمانی کارکنان کام جاری رکھیں گے، انھیں ملازمت سے برطرف نہیں کیا جائے گا۔

    وزارت محنت نے آن لائن جاری کر دہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ قومی افرادی قوت کی ملازمتوں سے برطرفی کے لیے مسقط ورک ٹیم کی جانب سے پیش کردہ شرائط حل کرنے والی کمیٹی نے یقین دلایا ہے کہ ملازمین اپنا کام جاری رکھیں گے۔

    بیان کے مطابق یہ ورک فورس 10 اداروں سے وابستہ ہے اور ان کی تعداد 1 ہزار 315 ہے، ان میں سے بیش تر ملازمین تیل اور گیس کے سیکٹر میں کام کر رہے ہیں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے لیے ملازمین کو ادارے کے پروجیکٹس یا اس کے دیگر شاخوں میں کھپایا گیا، یا ان کی تنخواہوں میں کمی کی گئی تاہم اس حد تک کہ کم سے کم اجرت سے تجاوز نہ ہو، اور اس کے بدلے کام کے وقت میں کمی کی گئی۔

    یہ بھی بتایا گیا کہ مزید تحقیق اور سلوشنز کے لیے کچھ امور پر فیصلوں کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔

  • عمان: ریت میں گم ہوجانے والی وادی کے آثار ظاہر

    عمان: ریت میں گم ہوجانے والی وادی کے آثار ظاہر

    مسقط: عمان میں ریت میں دبی ایک وادی کے آثار دوبارہ ظاہرہ ہونے کے بعد اس کے احیا کی کوششیں کی جارہی ہیںِ، مقامی سیاح بڑی تعداد میں اس وادی کو دیکھنے پہنچ گئے ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق سلطنت عمان کا قریہ وادی المر 30 برس قبل ریت کے طوفان تلے دب گیا تھا، پرانے باشندوں اور قدیم آبادیوں کے شائقین ٹنوں ریت تلے دبے قریے کے احیا کی کوشش کر رہے ہیں۔

    وادی المر قریے میں موجود بعض مقامات کی دیواریں اور چھتیں نظر آرہی ہیں، باقی ماندہ حصہ ریت کے تلے آنکھوں سے اوجھل ہوچکا ہے۔

    وادی المر قریہ عمان کے جنوب مشرقی صوبے جعلان بنی بوعلی کی تحصیل میں واقع ہے، یہ دارالحکومت مسقط سے 400 کلو میٹر دور ہے، نظروں سے اوجھل قریوں تک رسائی بے حد مشکل ہے اور وہاں جانے کے لیے کوئی سڑک نہیں ہے۔

    عمانی باشندے سالم العریمی نے بتایا کہ وہ اس جگہ کے رہائشی تھے، یہ 30 برس قبل ریت کے طوفان کی وجہ سے نظروں سے اوجھل ہوگیا تھا۔ ریت کی یلغار کا مسئلہ سلطنت عمان تک ہی محدود نہیں۔ دنیا کے مختلف علاقوں میں ریت کا طوفان بستیوں کو اپنی لپیٹ میں لیتا رہتا ہے۔

    وادی المر قریے کے باشندوں کے لیے ریت کے طوفان کے بعد اپنے قریے میں رہنا ممکن نہیں رہا تھا۔ اس کے کئی اسباب تھے، اس کا محل وقوع ملک کی آبادی سے الگ تھلگ ہے۔ یہاں پانی و بجلی کا نیٹ ورک نہیں۔ یہاں کے باشندے جانوروں کی افزائش پر گزارا کیا کرتے تھے۔ ان کے سامنے وہاں سے چلے جانے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں تھا۔

    العریمی نے بتایا کہ قریے کے بزرگوں کا کہنا ہے کہ کئی لوگ اپنے بال بچوں کو لے کر آس پاس کے قریوں میں منتقل ہوگئے تھے تاہم کئی ریت کے طوفان میں دب کر ہلاک ہوگئے۔

    ان دنوں قریے کے پرانے باشندوں اور سیر سپاٹے کے شائقین کے ذہنوں میں اس قریے کی یاد ستانے لگی ہے، یہ لوگ اس قریے کے آثار دیکھنے کے لیے وہاں پہنچ رہے ہیں اور خیمے لگا کر چہل قدمی اور کوہ پیمائی کا شوق کر رہے ہیں۔

    محمد الغنبوصی نے بتایا کہ اس جگہ کے مکانات ابھی تک موجود ہیں، ان کی تعمیر میں پتھر استعمال ہوئے تھے جس کی وجہ سے مکانات متاثر نہیں ہوئے۔ یہاں 30 مکانات تھے ان میں 150 افراد سکونت پذیر تھے اور مسجد بھی تھی۔

    محمد العلوی نے بتایا کہ چند برس قبل جب اس قریے کے کچھ نشانات ابھر کر سامنے آئے تو میری والدہ نے وہاں جانے کی خواہش ظاہر کی تھی، وہ وہاں پہنچ کر پرانی یادیں تازہ کرکے زارو قطار رونے لگی تھیں۔

    راشد العامری نے بتایا کہ جب وہ اپنے دو دوستوں کے ہمراہ قریے پہنچے یہ دیکھ کر بے حد عجیب سا لگا کہ قریہ تو نظروں سے اوجھل ہی ہے تاہم ریت کا طوفان کس قدر طاقتور تھا کہ اس کے نشانات آج تک دیکھے جا سکتے ہیں۔

  • عمان کا زمینی، فضائی اور سمندری راستے کھولنے کا اعلان

    عمان کا زمینی، فضائی اور سمندری راستے کھولنے کا اعلان

    مسقط: عمان نے اپنی زمینی، فضائی اور سمندری سرحدیں کھولنے کا اعلان کردیا، سرحدیں 29 دسمبر بروز منگل سے کھول دی جائیں گی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عمان نے 29 دسمبر سے اپنے زمینی، فضائی اور سمندری راستے کھولنے کا اعلان کردیا۔

    حکومتی ٹویٹر پر کیے جانے والے ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ تمام ممالک سے آنے والوں کے لیے سفر سے 72 گھنٹے قبل کیا جانے والا کووڈ کا منفی ٹیسٹ ضروری ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ کسی بھی ایئر پورٹ پر پہنچنے کی صورت میں کیا جائے گا۔

    عمان نے کرونا وائرس کی نئی قسم سے بچنے کے لیے پچھلے ہفتے ہی اپنی سرحدیں بند کی تھیں۔

    کووڈ 19 سپریم کمیٹی کا کہنا ہے کہ ہوائی اور سمندری سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ دوسرے ممالک میں وائرس کی نئی شکل سامنے آنے کی وجہ سے کیا گیا تھا۔

    وائرس کی نئی شکل کی طبی وجوہات وہی ہیں جو پچھلے کی ہیں تاہم یہ ستر گنا زیادہ متعدی ہے۔ اس کی نشاندہی برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک سمیت آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں ہوئی۔

    اس حوالے سے برطانوی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ یہ قابو سے باہر ہو گیا ہے۔ وائرس کی نئی شکل ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا، برطانیہ اور چین میں کرونا کی ویکسین تیار کر لی گئی اور یہ امید پیدا ہو گئی تھی کہ عالمی وبا کو شکست دے دی جائے گی۔

  • عمان: نئے سال کے آغاز پر بڑی پابندی عائد

    عمان: نئے سال کے آغاز پر بڑی پابندی عائد

    مسقط: عمان نے نئے سال کے آغاز پر پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سلطنت عمان میں 2021 شروع ہوتے ہی سنگل یوز پلاسٹک بیگز پر پابندی لگ جائے گی، اس سلسلے میں ایک فرمان میں کہا گیا ہے کہ اگلے برس سے سلطنت میں پلاسٹک کی تھیلی کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔

    ماحولیاتی اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ سلطنت میں ماحول کو بہتر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

    بیان کے مطابق سلطنت میں ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندی کے اس فیصلے کا اطلاق یکم جنوری 2021 سے ہو جائے گا۔

    بیان میں سلطنت کے شہریوں کو پابندی کے اطلاق کے سلسلے میں خبردار بھی کیا گیا ہے، اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا کہ ’کیا آپ تیار ہیں؟‘

    واضح رہے کے عمان میں ہر سال کروڑوں کی تعداد میں شاپنگ بیگز استعمال کیے جاتے ہیں جس سے زیر زمین آبی مخلوق کو نقصان پہنچتا ہے، علاوہ ازیں یہ پلاسٹک کے لفافے ماحولیاتی آلودگی کا بھی باعث بنتے ہیں۔

    پابندی ختم، عمان نے عوام کے لیے اچھا اعلان کردیا

    عمان کے محکمہ ماحولیات نے یکم نومبر سے ڈائنامائٹ نامی جزیرہ بھی عوام کے لیے کھول دیا ہے، اپریل میں اس جزیرے کو بند کیا گیا تھا، جس کے بعد مئی کے آغاز سے اکتوبر تک یہاں عوام کے داخلے پر پابندی تھی۔

    حکومت کی جانب سے داخلے کی پابندی مچھلیوں، سمندری مخلوق اور کچھوؤں کی افزائش کی وجہ سے عائد کی گئی تھی کیوں کہ سیاحوں کے آنے کی وجہ سے یہاں پر آلودگی پھیل گئی تھی جس نے آبی مخلوق کو نقصان پہنچایا تھا۔