Tag: مسقط

  • عمان میں اسکول کھل گئے

    عمان میں اسکول کھل گئے

    مسقط: سلطنت عمان میں تمام تر احتیاطی تدابیر کے ساتھ اسکول کھول دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کو وِڈ 19 کی وبا کے باعث ایک لمبے عرصے تک اسکول بند رہنے کے بعد اتوار کو اسکول کھول دیے گئے، 6 لاکھ 75 ہزار سے زائد طلبہ نے نئے تعلیمی سال کا آغاز کر دیا ہے۔

    وزارت تعلیم کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا کہ اتوار کو مخلوط تعلیم دینے والے 1 ہزار 182 اسکولوں میں 6 لاکھ 76 ہزار 943 طلبہ نے حاضری دی۔

    الوسطیٰ اسکول کے بارھویں جماعت کے ایک طالب علم سعید بن حماد بن صبیح الجنیبی سے جب اسکول لوٹنے کے بعد خدشات سے متعلق پوچھا گیا تو انھوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    الجنیبی نے بتایا کہ اسکول جانے سے قبل میں انفیکشن یا حفاظتی انتظامات کی کمی کے خیال سے ڈرا ہوا تھا، لیکن جب اسکول میں داخل ہوا تو خوشی ہوئی کہ تمام تر حفاظتی تدابیر بروئے کار لائے گئے تھے، جن میں درجہ حرارت چیک کرنا اور ماسک بھی شامل ہیں، جب کہ سماجی فاصلے کی پابندی پر بھی عمل ہوتا رہا۔

    اسکول کی دیواروں پر جگہ جگہ صحت کے حوالے سے ہدایات چسپاں کی گئی تھیں، کلاس رومز صاف ستھرے تھے، اسپرے کیا گیا تھا، حتیٰ کہ برآمدوں اور ٹوائلٹس میں بھی جراثیم کش اسپرے ہوا تھا۔

    ایک اور اسکول کے ساتویں جماعت کے طالب علم نے بتایا کہ لمبے عرصے تک چھٹیوں کے بعد اسکول آنے میں مزا آیا۔

  • عمان میں پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان

    عمان میں پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان

    مسقط: سلطنت عمان میں نومبر کے مہینے کے لیے فیول قیمتوں کا اعلان ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت توانائی و معدنیات کی جانب سے ہفتے کو رواں ماہ کے لیے فیول پرائسز کا اعلان ہو گیا، گزشتہ ماہ کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو رواں ماہ بھی برقرار رکھا گیا ہے۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

    M95 پیٹرول کی نئی قیمت 194 بیسہ فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    M91 پیٹرول کی نئی قیمت 183 بیسہ فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔

    ڈیزل 209 بیسہ فی لیٹر پر فروخت ہوگی۔

    گزشتہ ماہ اکتوبر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں یوں تھیں:

    M95 پیٹرول کی قیمت 194 بیسہ فی لیٹر تھی۔

    M91 پیٹرول 183 بیسہ فی لیٹر میں فروخت ہو رہی تھی۔

    اسی طرح ڈیزل کی قیمت بھی 209 بیسہ فی لیٹر تھی۔

  • کیا عمان میں ایک اور لاک ڈاؤن ہونے جا رہا ہے؟

    کیا عمان میں ایک اور لاک ڈاؤن ہونے جا رہا ہے؟

    مسقط: کیا عمان میں ایک اور لاک ڈاؤن ہونے جا رہا ہے؟ اس سلسلے میں عمان کے وزیر صحت کا اہم بیان جاری ہو گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق عمان کے وزیر صحت نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ مکمل لاک ڈاؤن کے نفاذ سے ملک میں شدید اقتصادی اثر پڑے گا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد السعیدی نے کہا ’مکمل لاک ڈاؤن سے معیشت بری طرح متاثر ہوگی، جب کہ سلطان کی ہدایات ہیں کہ ہر شخص کی زندگی محفوظ بنائی جائے، اس بات سے بالکل قطع نظر کہ دیگر قربانیاں دی جائیں۔‘

    واضح رہے کہ عمان میں کرونا وائرس کیسز کو کم کرنے کے لیے سپریم کمیٹی نے 11 اکتوبر سے 24 اکتوبر تک رات کو ہر قسم کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    عمانی حکومت نے بڑا ریلیف دے دیا

    اس پابندی کے تحت رات 8 بجے سے صبح 5 بجے تک شہریوں کے گھروں سے غیر ضروری طور پر نکلنے پر پابندی ہوگی اور ان کی آمد و رفت کو بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

    بس اور فیری سروس کے اوقاتِ کار بھی تبدیل کر دیے گئے ہیں، مسقط میں بسیں شام 6 بجے تک آپریٹ ہوں گی جب کہ فیریز 6 بجے تک اپنے مقررہ منازل تک پہنچیں گی۔

  • عمان: کچرا پھینکنے والے سیاحوں کا برا انجام

    عمان: کچرا پھینکنے والے سیاحوں کا برا انجام

    مسقط: سلطنت عمان میں سیاحتی مقامات پر کچرا پھینکنے کا انجام بہت برا بھی ہو سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عمان میں انوائرنمنٹ اتھارٹی نے ایسے چند سیاحوں کو گرفتار کر لیا ہے جنھوں نے جزائر دیمانیات میں کچرا پھینک کر چھوڑ دیا تھا۔

    ماحولیاتی حکام کی جانب سے آن لائن جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاحوں کے ایک گروپ نے جزائر دیمانیات میں غیر قانونی طور پر کیمپنگ کی اور کچرا چھوڑا، جس پر انھیں گرفتار کرنا پڑا۔

    بیان میں کہا گیا کہ ’نقصان پہنچانے والوں کے ہاتھوں سے ماحولیات اور فطری مظاہر کے تحفظ کے لیے اتھارٹی کی طرف سے مسلسل کوششیں جاری ہیں، انھی کوششوں کے تحت البطینہ میں ماحولیات کے محکمے نے چند سیاحوں کو گرفتار کر لیا ہے جنھوں نے جزائر دیمانیات کے نیچر ریزرو میں بغیر اجازت کے کیمپنگ کی تھی۔‘

    بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں نے سائٹ پر کچرا بھی چھوڑا، جسے اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے لیے ماہرین کی ضرورت پڑتی ہے، تاکہ سیاحتی مقام کو صاف رکھا جا سکے۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ہم سب سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جزائر دیمانیات کے سیاحتی مقام کے حوالے سے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر عمل کریں اور یہاں کی فطرت کے حسن سے لطف اندوز ہونے کے لیے ریزرو کے وزٹ کے دوران ان کی پابندی کریں۔‘

  • عمان میں 200 سے زائد نئی ملازمتوں کا معاہدہ طے پاگیا

    عمان میں 200 سے زائد نئی ملازمتوں کا معاہدہ طے پاگیا

    مسقط: سلطنت عمان کی حکومت اور ایک نجی ادارے کے درمیان مقامی افراد کے لیے سینکڑوں اسپیشلائزڈ اور ٹیکنیکل ملازمتیں فراہم کرنے کا معاہدہ طے پاگیا۔

    ٹائمز آف عمان کے مطابق عمان کی وزارت افرادی قوت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت عمان اور ایک نجی ادارے کے درمیان ایک معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت مقامی شہریوں کو 241 اسپیشلائزڈ اور ٹیکنیکل ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان ملاقاتوں میں عمانائزیشن اور غیر ملکی شہریوں کی جگہ مقامی شہریوں کو ملازمتیں دینے کی حکمت عملی زیر بحث آئی۔

    علاوہ ازیں دونوں کے درمیان مستقبل میں تعاون اور باہمی اشتراک جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان معاہدوں کا مقصد مقامی شہریوں کو تکنیکی شعبوں میں ملازمت دینا اور ان کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔

    خیال رہے کہ حکومت عمان نے رواں برس عمانائزیشن کرنے یعنی غیر ملکیوں کی جگہ مقامی شہریوں کو ملازمتیں دینے کی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔

    حکام کے مطابق یہ فیصلہ اس لیے کیا جارہا ہے تاکہ عمانی شہری بھی سلطنت کی بہبود و ترقی میں حصہ لے سکیں۔

    وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ایک آڈٹ رپورٹ سے علم ہوا ہے کہ سلطنت عمان میں غیر ملکیوں کی ایک بڑی تعداد اہم شعبوں میں سربراہی اور قائدانہ پوزیشنز پر موجود ہے، اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے عمانی شہریوں کی استعداد بڑھانا اور انہیں آگے لانا ضروری ہے۔

  • عمان پہنچنے والوں کے لیے سخت ہدایات جاری

    عمان پہنچنے والوں کے لیے سخت ہدایات جاری

    مسقط: عمان نے یکم اکتوبر2020 سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے اور اس حوالے سے عمان آنے والوں کے لیے تفصیلی ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔

    ٹائمز آف عمان کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ عمان پہنچنے والے تمام مسافروں کے پاس ہیلتھ انشورنس لازمی ہونی چاہیئے جس میں کم از کم 30 دن تک کے لیے کوویڈ 19 اور دوسری بیماریوں کے علاج کے اخراجات شامل ہوں۔

    عمان پہنچنے والے اور عمان سے سفر کے لیے جانے والے تمام مسافروں کا درجہ حرارت ایئرپورٹ پر چیک کیا جائے گا اور جن افراد میں کرونا وائرس کی علامات ہوں گی انہیں مزید چیک کیا جائے گا۔

    عمان پہنچنے والے تمام مسافروں کا پی سی آر ٹیسٹ ہوگا جس کا رزلٹ آنے میں 1 سے 7 روز لگیں گے، اس دوران مسافروں کو 14 دن کے لیے قرنطینہ میں بھی رہنا ہوگا۔

    قرنطینہ کے دوران مسافروں کو ایک الیکٹرانک رسٹ بینڈ پہننا ہوگا تاکہ حکام ان کے محل وقوع کے بارے میں آگاہ رہیں۔

    غیر ملکیوں کو عمان میں قیام کے دوران اپنی رہائش کے بارے میں دستاویزات حکام کو دینی ہوں گی، علاوہ ازیں 14 روزہ قرنطینہ کی، جو کسی سرکاری ادارے میں ہوگا، ادائیگی بھی کرنی ہوگی۔

    عمان پہنچنے والوں کو کوویڈ مانیٹرنگ موبائل ایپ پر خود کو رجسٹر کروانا ہوگا۔

    عمان پہنچنے والا فضائی عملہ 14 روزہ قرنطینہ کی شرط سے مستثنیٰ ہوگا تاہم انہیں دیگر احتیاطی تدابیر کی سختی سے پابندی کرنی ہوگی۔

    عمان پہنچنے والے غیر ملکی سفارت کار اپنے گھر میں 14 روزہ قرنطینہ گزار سکتے ہیں۔

    سیکیورٹی چیک پوسٹس پر رش سے بچنے کے لیے مسافروں کو صرف ایک ہینڈ بیگ اور ایک ڈیوٹی فری بیگ لانے کی اجازت دی گئی ہے۔

    عمان سے سفر کرنے والوں کو 3 سے 4 گھنٹے پہلے ایئر پورٹ پہنچنا ہوگا، کرونا وائرس کی علامات رکھنے والوں کو ایئر پورٹ کی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    عمان کے ایئر پورٹس پر صرف سفر کرنے والے افراد کو ہی داخلے کی اجازت ہوگی، ان کے ساتھ دیگر افراد کا رخصت کرنے کے لیے آنا ممنوع ہوگا۔

    ایئر پورٹ میں داخلے کے وقت اور طیارے میں سفر کے دوران تمام وقت صحیح طریقے سے ماسک پہنے رکھنا ضروری ہوگا، تاہم سیکیورٹی اسٹاف کے کہنے پر یا پاسپورٹ ڈیسک کی ضرورت کے مطابق ماسک اتارا جاسکتا ہے۔

    ایئرپورٹ پر کسی بھی قسم کی ادائیگی کے لیے الیکٹرانک ذرائع استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پھلاؤ کو روکنے کے لیے تمام مسافروں کو حفاظتی اقدامات لازمی اپنانے ہوں گے۔

  • عمان: بجلی کے بل زیادہ آنے کی شکایات پر حکام کا نوٹس

    عمان: بجلی کے بل زیادہ آنے کی شکایات پر حکام کا نوٹس

    مسقط: عمان میں اتھارٹی فار پبلک سروس ریگولیشن نے بجلی کا بل زیادہ آنے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے صارفین کے لیے تسلی بخش اقدامات کرنا شروع کردیے ہیں۔

    مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اتھارٹی فار پبلک سروس ریگولیشن نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بجلی کے زیادہ بلوں کے حوالے سے وضاحت جاری کی گئی ہے۔

    آن لائن جاری کیے گئے بیان کے مطابق اتھارٹی سوشل میڈیا پر وائرل ان پوسٹس کے بارے میں آگاہ ہے جن میں کئی صارفین نے بجلی کے زیادہ بلوں کی شکایت کی ہے۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تمام صارفین کی شکایات کا نوٹس لے کر ان پر اقدامات کیے جارہے ہیں، ان شکایات کے حل میں کچھ وقت لگ سکتا ہے کیونکہ اتھارٹی اپنے طریقہ کار کے مطابق کام کرے گی۔

    اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان شکایات کے حوالے سے بجلی فراہم کرنے والی تمام کمپنیوں سے رابطہ کیا گیا ہے اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام شکایت کنندگان کی شکایات کا جائزہ لیں۔

    علاوہ ازیں خود اتھارٹی بھی ان بلوں کا جائزہ لے رہی ہے جو شکایت کنندگان نے اپنی شکایات کے ساتھ جمع کروائے ہیں۔

    بجلی کمپنیوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ شکایت حل ہونے تک کسی بھی قسم کی کارروائی نہ کی جائے جیسے بجلی جمع نہ کروانے کے سبب صارف کی بجلی منقطع کرنا، اس حوالے سے صارف کے لیے تمام تسلی بخش اقدامات کیے جائیں۔

  • عمان پولیس نے عوام کے لیے اہم وارننگ جاری کردی

    عمان پولیس نے عوام کے لیے اہم وارننگ جاری کردی

    مسقط: عمان کی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ گمراہ کن فون اور پیغامات کے ذریعے فراڈ سے بچا جائے اور اس حوالے سے فوری پولیس کو شکایت درج کروائی جائے۔

    ٹائمز آف عمان کے مطابق عمان کی شاہی پولیس نے عوام کو کال اور میسجز کے ذریعے کیے جانے والے فراڈز کے بارے میں متنبہ کیا ہے۔

    رائل پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسی تمام کالز اور سوشل میڈیا کے ذریعے آنے والے پیغامات کو نظر انداز کردیں جن میں کوئی خود کو کسی کمیونی کیشن ادارے یا بینک کا بتا کر آپ کا ذاتی ڈیٹا یا پن کوڈ طلب کرے۔

    پولیس کے مطابق یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ آپ نے کسی قسم کا کوئی انعام جیتا ہے یا پھر فون کرنے والے کو آپ کی مالی مدد کی ضرورت ہے۔

    عمان پولیس نے واضح کیا ہے کہ ایسی تمام کالز گمراہ کن ہوتی ہیں اور ان کی مطلوبہ معلومات فراہم کرنا لوگوں کو بھاری نقصان سے دو چار کرسکتا ہے۔

    رائل پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اس طرح کی کالز کو رپورٹ کرنے کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انکوائریز اینڈ کرمنل انویسٹی گیشنز کے ہاٹ لائن نمبر پر رابطہ کیا جائے اور وہاں اطلاع دی جائے۔

  • عمان میں لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا

    عمان میں لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا

    مسقط: عمان میں کرونا وائرس کا لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا تاہم عوام کو رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک غیر ضروری سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

    عمان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق سطلنت عمان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک بھر سے بالترتیب لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا ہے۔

    کرونا وائرس کے باعث عمان میں لگائی گئی حفاظتی پابندیاں آہستہ آہستہ ختم کی گئی ہیں تاکہ عوام کے لیے آسانیاں پیدا ہوں۔

    ملک کی سپریم کمیٹی کے احکامات کے مطابق ظفار صوبے پر اس کا اطلاق تاحال نہیں ہو سکا اور تاحکم ثانی اس علاقے میں لاک ڈاؤن برقرار رہے گا۔

    8 اگست سے شروع ہونے والے لاک ڈاؤن کے خاتمے کے باوجود رات کی پابندیاں تقریباً ایک ہفتے تک مزید جاری رہیں گی، عوام کو رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک غیر ضروری سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

    حکومتی کمیٹی کے مطابق بحیرہ عرب کے بارے میں موسم کی اطلاعات پر بھی عمل کیا جائے گا، چند صوبوں پر موسمی حالات کے اثر انداز ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

  • عمان: عید الاضحیٰ کے دوران کرفیو کا اعلان

    عمان: عید الاضحیٰ کے دوران کرفیو کا اعلان

    مسقط: عمان میں عید الاضحیٰ کے باعث 15 روز کے کرفیو اور لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے، تمام شہروں میں شام 7 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو ہوگا۔

    عمان کی نیوز ایجنسی کے مطابق سلطنت عمان میں عید الاضحیٰ کے دوران 25 جولائی سے 8 اگست تک شہروں کے درمیان سفر پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مذکورہ مدت کے دوران تمام کمشنریوں اور شہروں کو مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے گا، تمام شہروں میں شام 7 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو ہوگا۔ اس دوران تمام کاروباری و عوامی مراکز بند رہیں گے۔

    خیال رہے کہ عمان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 سو 58 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 69 ہزار 887 ہوگئی ہے جبکہ 337 مریض جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    کرونا وائرس کے باعث دارالحکومت مسقط سمیت ظفار، دقم اور دیگر سیاحتی علاقوں کو بند کردیا گیا تھا تاہم بعد میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا۔ دیگر خلیجی ممالک کی طرح عمان نے بھی اپنی بری، بحری اور فضائی حدود بند کر رکھی ہیں۔