Tag: مسقط

  • عمان کا ویزہ رکھنے والے افراد کے لیے خوشخبری

    عمان کا ویزہ رکھنے والے افراد کے لیے خوشخبری

    مسقط: عمان کی حکومت نے عمان کا ویزہ رکھنے والے غیر ملکی افراد کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے افراد کو واپسی کے لیے انٹری پرمٹ جاری کیا جائے گا۔

    عمان کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ افراد جو عمانی ویزہ ہولڈر ہیں لیکن کرونا وائرس کے باعث سفری پابندیوں کی وجہ سے دیگر ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں، ایسے افراد واپس عمان آسکتے ہیں۔

    ان افراد کو انٹری پرمٹ کے لیے اپلائی کرنا ہوگا جس کے اجرا کے بعد وہ عمان واپس لوٹ سکیں گے۔

    عمان کے سرکاری ذرائع کے مطابق جو لوگ عمان واپسی چاہتے ہیں وہ منسٹری آف فارن افیئرز کے قونصلر ڈپارٹمنٹ کو ای میل بھیجیں گے، اس ای میل میں درخواست گزار کی جانب سے اپنا رہائش اسٹیٹس اور عمان فوری واپسی کی ٹھوس وجوہات درج کرنی ہوں گی، علاوہ ازیں موجودہ صورتحال کی وجہ سے پیش آنے والی ذاتی، سماجی اور مالی مشکلات کے بارے میں بھی بتانا ہوگا۔

    درخواست کی منظوری کی صورت میں مذکورہ شخص کو عمان واپسی کی اجازت دے دی جائے گی، عمانی ویزہ ہولڈرز کی واپسی کے لیے ان کے ممالک میں خصوصی پروازیں روانہ کی جائیں گی۔

    دوسری جانب عمان میں واقع پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمان میں واپسی کے لیے انٹری پرمٹ دینے کا اختیار صرف عمانی حکومت کو ہے۔ عمان واپس جانے کے خواہش مند کمپنی مالکان اور کاروباری حضرات عمانی حکومت کی دی گئی ہدایات پر عمل کریں۔

    سفارتخانے نے واضح کیا ہے کہ پاکستانی ایمبسی کسی عمانی ویزہ ہولڈر کو انٹری پرمٹ جانے کرنے کی مجاز نہیں ہے۔ پاکستان میں موجود عمانی سفارت خانہ بھی واپسی کے خواہش مند پاکستانیوں کی ای میل اور ٹیلی فون سروس کے ذریعے رہنمائی کر رہا ہے۔

    ادھر عمان واپسی کے حوالے سے سلام ایئر کا کہنا ہے کہ بھارت، پاکستان اور مصر سے جو افراد عمان واپس آنا چاہ رہے ہیں اور انہیں عمانی وزارت خارجہ کی جانب سے واپسی کی اجازت مل گئی ہے، ایئر لائن ان کے لیے سفری سہولت فراہم کر رہی ہے۔

    ایئر لائن کا کہنا ہے کہ خواہش مند حضرات ایئر لائن کے کال سینٹر پر رابطہ کر کے ٹکٹ کی بکنگ سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

  • عمان: معاشی مشکلات کا شکار کاروباری افراد کے لیے اہم اقدام

    عمان: معاشی مشکلات کا شکار کاروباری افراد کے لیے اہم اقدام

    مسقط: کرونا وائرس کی وجہ عالمی معاشی بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے عمان میں ایمرجنسی بلا سود قرضوں کی فراہمی کی منظوری دے دی گئی، قرضے دینے کے لیے چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والے افراد کو ترجیح دی جائے گی۔

    عمان نیوز ایجنسی کے مطابق عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے شاہی فرمان کے ذریعے ایمرجنسی بلا سود قرضوں کی توثیق کردی، یہ قرضے ان افراد کے لیے ہیں جو کرونا وائرس کی وجہ سے معاشی طور پر مشکلات کا شکار ہیں۔

    ایمرجنسی قرضوں کی فراہمی کا فیصلہ عمان کی سپریم کمیٹی کی طے کردہ ریگولیشنز کے بعد کیا گیا ہے۔

    قرضے کاروباری خواتین و مرد حضرات کو فراہم کیے جائیں گے، خصوصی ترجیح ان افراد کو دی جائے گی جو ریادہ کارڈ ہولڈر ہوں گے، جو اپنے کاروبار کے مالک ہوں گے، یا پھر عمان ڈویلپمنٹ بینک لون کے بینفشری ہوں گے۔

    گورنمنٹ کمیونیکیشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ آن لائن بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے معاشی مشکلات کو دیکھتے ہوئے سپریم آرڈر جاری کیے گئے ہیں جس کے تحت کرونا وائرس سے معاشی طور پر متاثر افراد کو بلا سود قرضے دیے جائیں گے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ قرضوں کی فراہمی کے لیے چھوٹے اور درمیانے پیمانے پر کاروبار کرنے والے افراد کو ترجیح دی جائے گی۔

    عمان کے سلطان کی جانب سے منظوری دیے جانے کے بعد جلد ایمرجنسی بلا سود قرضوں کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔

  • عمان نے کرونا وائرس کے خاتمے کے لیے نیا قدم اٹھا لیا

    عمان نے کرونا وائرس کے خاتمے کے لیے نیا قدم اٹھا لیا

    مسقط: سلطنت عمان نے کرونا وائرس کی وبا کے خلاف جنگ میں ایک نئی حکمت عملی اختیار کر لی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سلطنت میں کرونا وائرس کے خاتمے کے سلسلے میں عمان نے ایک نیا پلیٹ فارم متعارف کرا دیا ہے۔

    اس نئے پلیٹ فارم کو ‘عمان بحالی کی سمت’ کا نام دیا گیا ہے، جس سے مملکت میں کو وِڈ 19 سے بحالی کے ہدف کے حصول کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی عکاسی ہوتی ہے۔

    ایک بیان میں بتایا گیا کہ اب تک عمان میں کرونا وائرس کی وبا کے خاتمے کے لیے جتنی کوششیں بروئے کار لائی گئی ہیں، ان کی عکاسی کے لیے ‘عمان بحالی کی سمت’ نامی پلیٹ فارم متعارف کرایا گیا ہے۔

    گورنمنٹ کمیونی کیشن سینٹر عمان کی جانب سے جاری آن لائن بیان میں کہا گیا کہ یہ پلیٹ فارم سلطان ہیثم بن طارق کی ہدایات کی روشنی میں متعارف کرایا گیا ہے، جس سے موجودہ حالات میں بقائے باہمی کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے، اور بحالی کے ہدف تک پہنچنے کے لیے عزم کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہونے کا اشارہ ملتا ہے۔

    سلطنت عمان میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان

    بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ عمان بحالی کی سمت کا یہ پلیٹ فارم ہفتے کو لانچ کیا گیا ہے جو ہدف کے حصول کی کوششوں کا ایک عکس ہے۔

    واضح رہے کہ عمان میں کرونا وائرس کے اب تک 24,524 کیسز سامنے آ چکے ہیں، جن میں 108 مریض جاں بحق جب کہ 9,533 مریض صحت یاب ہوئے۔ عمان میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 14,883 ہے، جب کہ مملکت میں اب تک 1 لاکھ 43 ہزار کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

  • کروناوائرس: مسقط سے اہم خبر سامنے آگئی

    کروناوائرس: مسقط سے اہم خبر سامنے آگئی

    مسقط: عمان کے دارالحکومت میں معمولات زندگی بحالی کی طرف گامزن ہوگئی، سرکاری اور نجی ملازمین نے گھروں کے بجائے دفاتر سے کام کرنا شروع کردیا ہے۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مسقط میں لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد آہستہ آہستہ زور مرہ کے معاملات اپنی پرانی شکل اختیار کررہے ہیں۔ تقریباً 50 فیصد ملازمین دفاتر سے کام آغاز کرچکے ہیں۔

    عمان کی سپریم کمیٹی نے حالیہ اجلاس میں مستط میں لاک ڈاؤن کے خاتمے کا اعلان کیا اور اس بات پر زور دیا تھا کہ تقریباً 50 فیصد ملازمین کی دفاتر میں حاضری یقینی بنائی جائے جس پر اب عمل شروع ہوچکا ہے۔

    تاہم مسقط کے علاقے ’ولایت آف مترہ‘ میں لاک ڈاؤن کے خاتمے کا اطلاق نہیں ہوا ہے۔

    سلطنت عمان میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان

    عمان حکومت نے ملک میں کرونا وائرس سے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے تناظر میں تاکید کی ہے کہ عام افراد اور پورا معاشرہ وائرس سے بچاؤ کے سلسلے میں اپنی ذمہ داری ادا کریں، مہلک وائرس کو پھیلنے اور لگنے سے روکنے کے لیے مقرر تدابیر کی پابندی کریں۔

    عمان: لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر تاجروں کے خلاف بڑی کارروائی

    یاد رہے کہ 27 مئی کو عمان کی اعلیٰ سپریم کمیٹی نے وزیر داخلہ حمودد بن فیصل البوسعیدی کی صدارت میں اجلاس کرکے کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور و خوض کیا گیا تھا۔

    اجلاس میں کمیٹی کے تمام ارکان شریک ہوئے، جس میں وبا کی تازہ صورتحال، اس سے بچنے کے لیے مقرر اقدامات، وائرس پھیلنے سے روکنے کے طور طریقوں اور وبا سے پیدا ہونے والے مسائل پر قابو پانے کی تدابیر پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا اور ہدایت کی گئی تھی کہ 31 مئی سے کم از کم 50 فیصد سرکاری ملازمین کی دفاتر واپسی کو یقینی بنائیں۔

  • عمان کے سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خبر

    عمان کے سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خبر

    مسقط: سلطنت عمان کی سول سروس کاؤنسل نے اعلان کیا ہے کہ مستقبل قریب میں عمان کے سرکاری اداروں میں نئے تعینات شدہ افراد کے لیے نیا سیلری اسٹرکچر طے کیا جائے گا۔

    مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق سول سروس کاؤنسل کا کہنا ہے کہ سلطنت میں آئندہ تعینات کیے جانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تبدیلی کی جارہی ہے۔

    یہ تنخواہیں ملازمین کی ڈگری اور تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر طے ہوں گی، علاوہ ازیں نیا سیلری اسٹرکچر پوری سلطنت کے سرکاری ملازمین کے لیے (ڈگری کے حساب سے) یکساں ہوگا۔

    خیال رہے کہ عمان کی حکومت نے سنہ 2020 میں عمانائزیشن کی پالیسی شروع کی ہے جس کے تحت سرکاری ملازمتوں پر غیر ملکیوں کی جگہ عمانی شہریوں کو تعینات کیا جائے گا۔

    عمان کی وزارت تجارت نے کچھ عرصہ قبل نوٹی فکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق جلد سرکاری ملازمتوں پر تعینات غیر ملکی ملازمین کی جگہ عمانی شہریوں کو رکھا جائے گا۔

    نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا جارہا ہے تاکہ عمانی شہری بھی سلطنت کی بہبود و ترقی میں حصہ لے سکیں۔

    نوٹی فکیشن میں یہ بھی کہا گیا کہ اس کے اطلاق سے قبل عمانی شہریوں کو متعلقہ شعبوں کے حساب سے تربیت بھی دی جائے گی تاکہ وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔

  • عمان میں کرونا اسکریننگ کرنے والی موبائل بسیں آ گئیں

    عمان میں کرونا اسکریننگ کرنے والی موبائل بسیں آ گئیں

    مسقط: عمان کی وزارت صحت نے مواصلات کے اشتراک سے کرونا وائرس کی اسکریننگ کرنے والی موبائل بسیں چلا دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہونے والی قومی کوششوں کو مزید سہارا دیتے ہوئے عمان کی وزارت صحت نے مواصلات کے تعاون سے ایسی بسیں لانچ کر دی ہیں جس میں لوگوں کی کو وِڈ نائنٹین کے لیے اسکریننگ کی جائے گی۔

    یہ بسیں عمان کے دارالحکومت مسقط میں تین مقامات پر صبح 9 بجے سے دوپہر 1 بجے تک آپریٹ کی جا رہی ہیں۔

    وزارت صحت کا کہنا تھا کہ مسقط محکمہ صحت نے عمان نیشنل ٹرانسپورٹ کمپنی مواصلات کے تعاون سے یہ بس سروس لانچ کی ہے، جس میں مفت اسکریننگ کی جاتی ہے اور یہ بسیں اس طرح ڈیزائن کی گئی ہیں کہ ان میں کو وِڈ نائنٹین کی تشخیص کے لیے مفت طبی معائنہ بھی کیا جاتا ہے۔

    اس مہم میں ایسی بسیں بھی شروع کی گئی ہیں جو کرونا وائرس کی اسکریننگ کے لیے لوگوں کو مخصوص مراکز تک پہنچانے کا کام کریں گی، یہ ٹرانسپورٹیشن سروس الحمیرہ کے علاقے کو کور کرے گی۔

    ایسی دو بسیں ڈیزائن کی گئی ہیں جو کرونا کے میڈیکل ٹیسٹ کرنے کے ساز و سامان سے لیس ہیں، یہ بسیں مخصوص علاقوں میں جا کر لوگوں کی مفت اسکریننگ کریں گی، وہ علاقے جہاں وائرس کے زیادہ کیسز ہوں۔

  • عمان میں 500 سے زائد قیدیوں کی رہائی کا حکم

    عمان میں 500 سے زائد قیدیوں کی رہائی کا حکم

    مسقط: سلطنت عمان میں 376 غیر ملکی قیدیوں سمیت 599 قیدیوں کی رہائی کا شاہی فرمان جاری کردیا گیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق آل سعید نے 376 غیر ملکیوں سمیت 599 قیدیوں کی رہائی کا فرمان جاری کیا ہے۔

    یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ سلطان عمان نے قیدیوں کی معافی کا فیصلہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی تدبیر کے طور پر کیا ہے یا اس کا تعلق رمضان المبارک سے ہے۔

    خیال رہے کہ سلطان عمان ہر سال رمضان المبارک کی آمد پر قیدیوں کی رہائی کا فرمان جاری کرتے ہیں، کہا جارہا ہے کہ اس فیصلے کا تعلق رمضان سے نہیں بلکہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے متعلق ہے۔

    عمان میں چند روز قبل عوامی مقامات پر ڈرون کے ذریعے جراثیم کش اسپرے مہم کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ عمان میں اب تک کرونا وائرس کے 419 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ وائرس سے 2 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    عمان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سلطنت میں جان لیوا وبا میں مبتلا مزید 34 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 72 ہوگئی ہے۔

  • عمان میں 90 ہوٹلز وزارت صحت کے حوالے کردیے گئے

    عمان میں 90 ہوٹلز وزارت صحت کے حوالے کردیے گئے

    مسقط: عمان میں 90 کے قریب ہوٹلز مالکان نے اپنے ہوٹلز وزارت صحت کے حوالے کردیے تاکہ وہاں قرنطینہ سمیت دیگر طبی سہولیات قائم کی جاسکیں۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق 90 ہوٹلوں کی انتظامیہ نے 4 ہزار 445 کمرے وزارت صحت کے حوالے کردیے تاکہ ان میں قرنطینہ قائم کیے جاسکیں۔

    فی الحال ان ہوٹلز کے کمرے اسکالر شپ پر موجود غیر ملکی طلبا کو رہائش کے لیے دیے جارہے ہیں جو ہاسٹلز بند ہوجانے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں، طلبا کو ان کمروں میں رہائش دینے کا فیصلہ وزارت سیاحت نے کیا ہے۔

    خیال رہے کہ عمان میں اب تک کرونا وائرس کے 167 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔

    عمان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سلطنت میں جان لیوا وبا میں مبتلا مزید 20 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 23 ہوگئی ہے۔

    عمان سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد 7 لاکھ 23 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، دنیا بھر میں وائرس سے متاثرہ 34 ہزار مریض جان کی بازی ہار گئے۔

  • مسقط ایئرپورٹ کے لیے بڑا اعزاز

    مسقط ایئرپورٹ کے لیے بڑا اعزاز

    مسقط: عمان کے دارالحکومت مسقط کا ایئرپورٹ دنیا کے بہترین ایئرپورٹس میں ساتویں نمبر پر آگیا، سلالہ ایئرپورٹ کو دنیا کا چوتھا بہترین ایئرپورٹ قرار دیا گیا۔

    ایئرپورٹ کاؤنسل انٹرنیشل کی جاری کردہ رینکنگ میں دارالحکومت مسقط اور ایک اور شہر سلالہ کے ایئرپورٹ کو بالترتیب دنیا کا ساتواں اور چوتھا بہترین ایئرپورٹ قرار دیا گیا ہے۔

    مسقط ایئرپورٹ سالانہ ڈیڑھ سے 2 کروڑ مسافروں کو فضائی سہولیات مہیا کرتا ہے، جبکہ سلالہ ایئرپورٹ سے سالانہ 20 لاکھ افراد فضائی سفر کرتے ہیں۔

    مسقط اور سلالہ ایئرپورٹ کو مسافروں کے لیے بہترین سہولیات اور آسائش فراہم کرنے پر یہ اعزاز دیا گیا ہے۔

    مسقط ایئرپورٹ کو سنہ 2018 میں نئی عمارت میں منتقل کیا گیا تھا، اس کے بعد اس ایئرپورٹ پر سہولیات میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔

    یہ ایئرپورٹ 5 ہزار 250 ایکڑز کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ ابتدا میں یہاں صرف ایک پسنجر ٹرمنل بلڈنگ اور ایک رن وے تھا بعد ازاں اس میں مزید رن ویز، نیا پسنجر ٹرمنل اور نیا کنٹرول ٹاور شامل کیا گیا۔

    ایئرپورٹ کے عملے کے لیے یہاں ہاؤسنگ اسکیم بھی موجود ہے۔

    اسی طرح سلالہ ایئرپورٹ کو سنہ 2015 میں کھولا گیا تھا اور جلد ہی وہ دنیا کے بہترین ایئرپورٹس کی فہرست میں نویں نمبر پر آگیا، آغاز سے ہی یہ ایئرپورٹ سالانہ 20 لاکھ مسافروں کو فضائی سہولیات فرہم کر رہا ہے۔

  • وزیر خارجہ کی عمان کے نئے سلطان سے ملاقات، سلطان قابوس کے انتقال کی تعزیت

    وزیر خارجہ کی عمان کے نئے سلطان سے ملاقات، سلطان قابوس کے انتقال کی تعزیت

    مسقط: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عمان کے نئے حکمران سلطان ہیثم سے ملاقات کی اور سابق فرمانروا سلطان قابوس کے انتقال پر تعزیت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچے جہاں انہوں نے عمان کے نئے حکمران سلطان ہیثم بن طارق السید سے ملاقات کی۔

    وزیر خارجہ نے صدر پاکستان، وزیر اعظم اور عوام کی طرف سے سلطان ہیثم کے پیش رو سلطان قابوس کے انتقال پر تعزیت کی۔ انہوں نے مرحوم سلطان قابوس کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام عمان کے مرحوم سلطان قابوس کے انتقال پر دل گرفتہ ہیں اور اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مرحوم سلطان قابوس ایک زیرک، مدبر اور امن پسند حکمران کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کے دور حکومت میں عمان نے مثالی ترقی کی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سلطان قابوس کے دنیا سے رخصت ہونے سے سلطنت عمان ایک ہر دلعزیز لیڈر اور پاکستان ایک مخلص، بااعتماد اور پرخلوص دوست سے محروم ہوا ہے۔

    سلطان ہیثم نے شاہ محمود قریشی کی آمد اور تعزیت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ عمان کی حکومت مرحوم سلطان کے زریں اصولوں کو مشعل راہ بناتے ہوئے امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے کوشاں رہے گی۔

    انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ آنے والے دنوں میں عمان اور پاکستان کے مابین تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔

    خیال رہے کہ 10 جنوری کو عمان کے سلطان، سلطان قابوس 79 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔ سلطان قابوس کافی عرصے سے علیل تھے۔ سلطان قابوس کو مسقط میں سپرد خاک کیا گیا۔

    سلطان قابوس کے انتقال کے بعد ان کے چچا زاد بھائی ہیثم بن طارق کو عمان کا نیا سلطان بنایا گیا۔ سلطان قابوس کی کوئی اولاد نہ ہونے کے سبب عمان کے شاہی خاندان نے ہیثم بن طارق کی تخت نشینی پر اتفاق کیا۔