Tag: مسلح افواج کی پریڈ

  • یوم پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ کی تیاریاں زوروشورسے جاری

    یوم پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ کی تیاریاں زوروشورسے جاری

    اسلام آباد : یوم پاکستان شایان شان طریقے سے منانے کے لیے تیاریاں جاری ہے ، تینوں مسلح افواج، سیکیورٹی اداروں کے دستوں کی ریہرسل ، جدیدترین جے ٹین جنگی طیاروں کا فلائی پاسٹ پریڈ کا حصہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ کی تیاریاں زوروشورسے جاری ہے ، 82 واں یوم پاکستان شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔

    تینوں مسلح افواج، سیکیورٹی اداروں کے دستے ، آرمرڈکور ،آرٹلری،ایئر ڈیفنس انجینئرز کے دستےپریڈ کا حصہ ہوں گے۔

    پریڈکی خاص بات جدیدترین جےٹین جنگی طیاروں کا فلائی پاسٹ ہے ، جے ٹین جنگی طیارےحال ہی میں پاک فضائیہ کے بیڑے کا حصہ بنے ہیں۔

    یوم پاکستان پریڈ میں میں ایوی ایشن فلائی پاسٹ بھی ہو گا اور ایس ایس جی کے کمانڈوزفری فال کا مظاہرہ پیش کریں گے جبکہ چاروں صوبوں،آزادکشمیر، گلگت بلتستان کے ثقافتی فلوٹس بھی تقریب کاحصہ ہوں گے۔

    او آئی سی اجلاس کے شرکابھی یوم پاکستان پریڈمیں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے ، پریڈ میں وزرائےخارجہ سےمتعلق او آئی سی فلوٹ خصوصی طور پر شامل ہے جبکہ دوست ممالک کے دستے بھی پریڈ کا حصہ ہوں گے۔

    اس سال یوم پاکستان کا تھیم "شاد رے پاکستان” ہے ، یہ دعائیہ تھیم قومی ترانے کا حصہ "مرکز یقین شاد باد” سے لیا گیا ہے ، آئی ایس پی آر نے اس حوالے سے مسحور کن ملی نغمہ بھی جاری کیا ہے۔

  • یوم پاکستان پرپریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ

    یوم پاکستان پرپریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ

    اسلام آباد : ملک بھرمیں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔

    تفصیلات کےمطابق پاکستانی قوم آج یومِ پاکستان آج جوش وخروش سےمنارہی ہے۔ دن کاآغازوفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا۔

    یوم پاکستان پرمساجد میں نمازِفجر کے بعد ملکی ترقی خوشحالی اوریکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔


    یوم پاکستان کی پروقارتقریب اورفوجی پریڈ


    اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ کے مقام پر شاندار فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا، پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے چاک وچوبند دستوں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

    یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، تینوں افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات سمیت دیگرسول وعسکری حکام نے شرکت کی۔


    مکمل پریڈ – اسٹوری کے آخر میں


    سری لنکا کے صدرمتھری پالا سری سینا بطور مہمان خصوصی یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں شریک ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات کے فوجی دستے نے پہلی مرتبہ تقریب میں شرکت کی۔

    پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین صدارتی بَگھی پرسوار ہوکر پریڈ گراؤنڈ پہنچے، جہاں وزیر اعظم اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے ان کا استقبال کیا۔

    یوم پاکستان کی تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا جس کے بعد صدر ممنون حسین نے جیپ میں سوارہوکرمسلح افواج کے دستوں کا معائنہ کیا۔


    ایئر چیف مارشل کا شاندار فلائی پاسٹ


    ایئر چیف مارشل مجاہد انور نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین کو سلامی دی۔ انہوں نے ایف 16 طیارے میں فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا۔

    ایئرچیف مارشل کی جانب سے فلائی پاسٹ کے بعد پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے صدر مملکت ممنون حسین کو سلامی دی اور شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔


    صدرپاکستان کا فوجی پریڈ سے خطاب


    صدرممنون حسین نے یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تاریخ میں 23 مارچ جیسا کوئی دن نہیں ہے، اس دن قوم نے بیرونی تسلط سے آزاد ہونے کا فیصلہ کیا، ہم شہیدوں اورغازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

    صدر مملکت نے سری لنکا کے صدرمتھری پالا سری سینا کو خوش آمدید کہا اور اس کے ساتھ اردن اورترکی کے فوجی دستوں کی پریڈ میں شرکت پر ان کا خیرمقدم کیا۔

    صدرممنون حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن اورسلامتی کے مخالفین کو خیرسگالی کا پیغام دیتے ہیں، اس پیغام کوہماری کمزوری سمجھنا غلطی ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان نے تاریخ سازکردارادا کیا، ہم دیگرشراکت داروں کے ساتھ امن کے لیے اپنا کردارادا کرتے رہیں گے۔

    صدرمملکت ممنون حسین نے بھارت کوخبردارکرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیرکو دبانا چھوڑ دے، پاکستان کشمیریوں کے جائزحق کے لیے اپناکردارادا کرتا رہے گا۔

    صدرممنون حسین نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد نے دہشت گردی کا مقابلہ عزم سے کیا، دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دینے والوں کے لیے تمغہ عزم کا اعلان کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کےخلاف کامیابیوں کا تسلسل ضروری ہے تاکہ یہ سرنہ اٹھا سکے، یہ امرقابل اطمینا ن ہے ادارے اپنی ذمے داریاں پوری کررہے ہیں۔

    صدرمملکت ممنون حسین نے پریڈ کے شاندارانعقاد پرمسلح افواج اور ضلعی انتظامیہ کومبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ شاندارپریڈ ہمارے خوابوں کی تعبیرہے۔

    انہوں نے کہا کہ امید ہے مسلح افواج اپنی آئینی ذمے داریاں احسن طریقے سے پوری کرتے رہیں گے، ہمارے جمہوری ادارے فعال ہیں اوراپنا آئینی کردارادا کررہے ہیں، منتخب جمہوری حکومتوں کا مدت پوری کرنا قابل اطمینان ہے۔

    صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ ہمسایہ ملک اپنی طاقت میں مسلسل اضافہ کررہا ہے، جارحانہ عزائم سے خطے کے امن کوخطرات لاحق ہیں۔


    غیرملکی مسلح افواج کی سلامی


    یوم پاکستان کی تقریب میں پہلی بار متحدہ عرب امارات کے مسلح افواج کے دستے نے شرکت کی، متحدہ عرب امارات کے دستے نے صدرممنون حسین کوسلامی دی۔

    متحدہ عرب امارات کا دستہ اپنا قومی پرچم تھامے سلامی چبوترے کے سامنے سے گزرا جس کی قیادت خالد حامد کررہے ہیں۔

    یواے ای کے دستے کے بعد اردن کے مسلح افواج کے دستے نے بھی سلامی دی، اردن کے عسکری بینڈ نے جیوے جیوے پاکستان کی دھن بجا کر خراج تحسین پیش کیا۔


    چاروں صوبوں کی ثقافت کا عکس


    یوم پاکستان کی پریڈ میں پاکستان کے چاروں صوبوں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی روایتی ثقافتی پریڈ بھی پیش کی گئی۔

    چاروں صوبوں کی جانب سے پیش کی جانے والی ثقافتی پریڈ میں جہاں علاقائی ثقافت کو پیش کیا گیا، وہیں صوبے کےمشہور اور تاریخی جگہوں کے ماڈل بھی پیش کیےگئے۔


    پاک فضائیہ کے طیاروں کا شاندار فضائی مظاہرہ


    پریڈ کے دوران فخرپاکستان جےایف 17 تھنڈرطیاروں کا شاندارفضائی مظاہرہ کیا اور اس کے ساتھ پاک فضائیہ کےایف 16 طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا۔

    پاک فضائیہ کے طیاروں نے مظاہرے کے دوران فضائوں میں لہراتے ہوئے رنگ بکھیرے اور پریڈ اوینیو سے باہر اور ہزاروں کلو میٹرز کی بلندی تک مظاہرہ کیا۔


    یوم پاکستان پر 141 نامور شخصیات کے لیے سول ایوارڈز کا اعلان


    ایوان صدر میں شام کو تقسیم اعزازات کی تقریب منعقد ہوگی جہاں صدرممنون حسین مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو اعزازات اور تمغے دیں گے۔

    واضح رہے کہ رواں سال مجموعی طور پر 141 پاکستانیوں اور غیرملکی شخصیات کو سول اعزازات دیے جائیں گے جن میں کیوبا کے سابق صدر فیڈل کاسترو کو نشان پاکستان جبکہ انسانی حقوق کی علمبردار مرحومہ عاصمہ جہانگیر کو نشان امتیازدیا جائے گا۔


    یوم پاکستان 2018 کی مکمل پریڈ دیکھیں


     


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • یوم دفاع پریڈ: اسلام آباد سات مدرسے 24 مارچ تک بند

    یوم دفاع پریڈ: اسلام آباد سات مدرسے 24 مارچ تک بند

    اسلام آباد : یوم پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ کے موقع پر انتظامیہ نے وفاق المدارس اور تنظیم المدارس کے تعاون سے سات مدرسے چوبیس مارچ تک کے لیے بند کرادئیے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں یوم پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ کے موقع پر انتظامیہ نے سات مدارس کو چوبیس مارچ تک کے لئے بند کرادیاہے۔

    ان سات مدارس میں تعلیم العلوم ، تعلیم القرآن، اشرف العلوم،انوار القرآن، دربار بہار پھلاں، مدرسہ حنیفیہ غوثیہ اورمسجد عمر فاروق شامل ہیں۔ ضلع انتظامیہ نے یوم پاکستان پریڈ کے موقع پر اکتالیس مدارس بند کرنے کی سفارش کی تھی۔

    جس پر وفاق المدارس نے عملدرآمد سے انکار کردیا تھا۔ بعد میں مذاکرات میں یہ طے پایا کہ اسلام آباد کے صرف سات مدارس بند کیے جائیں گے اور ان مدارس کو بند کرنے کی یقین دہانی وفاق المدارس اور تنظیم المدارس نے بھی کرادی ہے۔