Tag: مسلح افواج

  • جوبائیڈن نے مسلح افواج کو اہم پیغام دیدیا

    جوبائیڈن نے مسلح افواج کو اہم پیغام دیدیا

    امریکی جوبائیڈن نے مسلح افواج کی جانب سے الوداعیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنا حلف یاد رکھیں، امریکا اس نظریہ پر قائم ہوا کہ تمام لوگ برابر ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ آپ ایک فیصد ہیں جو 99 فیصد امریکیوں کا دفاع کرتے ہیں، اس لیے آپ کے لیے ہمارے دلوں میں خاص اہمیت رکھتے ہیں۔

    وزیردفاع لائیڈ آسٹن کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی قیادت میں امریکا نے روس کیخلاف یوکرین کا دفاع کیا، غزہ میں جنگ بندی کرائی، حماس کی قید سے امریکی یرغمالیوں کو آزاد کرایا۔

    واضح رہے کہ امریکا کے صدر کی مدت 19 جنوری کو ختم ہو رہی ہے انہوں نے اپنا آخری خارجہ پالیسی خطاب کرتے ہوئے اپنے دور کا احاطہ کیا تھا۔

    امریکی صدر کا واشنگٹن میں وزارت خارجہ کے سفارت کاروں سے اپنے آخری فارن پالیسی خطاب میں کہنا تھا کہ چار سال پہلے کے مقابلے میں آج امریکا دنیا بھر میں جیت رہا ہے۔ آج امریکا اور اس کے اتحادی مضبوط جب کہ مخالفین کمزور ہو چکے ہیں۔

    امریکی صدر نے کہا کہ ہم عالمی اقتصادیات اور ٹیکنالوجی کے نئے دور میں کامیابی کی راہوں پر گامزن ہیں۔ ایران کی معیشت آج کمزور ترین سطح پر ہے۔

    انہوں نے ایک بار پھر اعتراف کیا کہ امریکا نے اسرائیل کی بھرپور مدد کی۔ اس کے خلاف حماس کے حملے ناکام بنائے اور حزب اللہ کو کمزور کرنے کے لیے اسرائیل کی مدد کی۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے بائیڈن کے 4 سالہ دور کو بدترین قرار دیدیا

    روسی جارحیت کے خلاف یوکرین کی مدد کی اور 500 ممالک کو یوکرین کی حمایت میں اکٹھا کیا۔ ہماری وجہ سے ہی آج یوکرین آزاد ہے اور اس کا مستقبل روشن ہے۔

  • مسلح افواج اور سربراہان کی طرف سے قوم کو عید کی مبارک باد

    مسلح افواج اور سربراہان کی طرف سے قوم کو عید کی مبارک باد

    آج ملک بھر میں عید الفطر مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، مسلح افواج اور سربراہان کی طرف سے بھی قوم کو عید کی مبارک باد دی گئی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے قوم کو عید کے موقع پر پیغام میں کہا ایک سپاہی کے لیے عید تو اپنے پیاروں سے دور فرنٹ لائن پر قوم کی حفاظت کے لیے خدمات کی انجام دہی میں مضمر ہے۔

    سربراہان نے کہا کہ اس پر مسرت موقع پر آئیے اپنے قومی ہیروز کے غیر متزلزل حوصلے کو یاد رکھیں، یہ ہیرو پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کے لیے مشعل راہ ہیں، ہم ان بہادروں اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کے لیے ہمیشہ شکر گزار ہیں۔

    ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

    افواج پاکستان نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہدا نے مادر وطن کی حفاظت اور خود مختاری کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان کے ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کریں۔

  • صدر مملکت آصف زرداری سے آرمی چیف  کی ملاقات، فوج کیخلاف بے بنیاد الزامات پر اظہار تشویش

    صدر مملکت آصف زرداری سے آرمی چیف کی ملاقات، فوج کیخلاف بے بنیاد الزامات پر اظہار تشویش

    اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر  نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں پاکستان میں امن، سلامتی اور ترقی کی اقدار برقرار رکھنے کیلئے یکجہتی اور عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

    ملاقات میں آرمی چیف نے آصف زرداری کو صدر اور مسلح افواج کے کمانڈر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے صدرمملکت کی کامیاب مدت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ دوسری جانب آرمی چیف نے صدر مملکت کو دہشت گردی کے خلاف جاری فوجی آپریشنز سے آگاہ کیا۔

    آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملاقات میں روایتی خطرات کیخلاف آپریشنل تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی اور صدر مملکت کو بلوچستان، کے پی سمیت ترقیاتی منصوبوں میں فوج کے کردار سے بھی آگاہ کیا۔

    صدر مملکت نے پاکستان کی مسلح افواج کے مثالی کردار کو سراہاتے ہوئے کہا کہ ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں فوج کی خدمات کلیدی حیثیت کی حامل رہی ہیں۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ شہداء کا خون ہمیشہ پاکستانی قوم کی استقامت اور طاقت کی علامت رہے گا، صدر مملکت نے شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

    صدر مملکت نے مخصوص جماعت، اسکے چند افراد کی ادارے اور قیادت کیخلاف بے بنیاد الزامات پر تشویش کا اظہار کیا، صدر مملکت نے رخنہ ڈالنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

  • یومِ پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ، صدر، وزیراعظم اور عسکری قیادت کی شرکت

    یومِ پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ، صدر، وزیراعظم اور عسکری قیادت کی شرکت

    ملک بھر میں آج یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، اس دن کی مناسبت سے اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی پریڈ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں آج یوم پاکستان بھرپور قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، قوم  یوم پاکستان اس عہد کی تجدید کیساتھ منارہی ہے کہ ملکی ترقی کیلئے سخت محنت کی جائیگی۔

    یوم پاکستان کی مناسبت سے اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی پریڈ جاری ہے جس میں صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہیں۔

    اس کے علاوہ اس پریڈ میںچیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، وائس چیف آف ایئراسٹاف ایئر مارشل حامد رشید رندھاوا، چیف آف نیول اسٹاف ایڈ مرل نوید اشرف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا بھی شریک ہیں۔

    وفاقی دارالحکومت میں پاک فوج کی جانب سے 31 توپوں کی سلامی دی گئی، پشاور اور لاہور میں 21 ، 21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا، اسی طرح کراچی اور کوئٹہ میں بھی اکیس اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔

    یوم پاکستان پریڈ میں جنگی ہتھیاروں کی نمائش کے ساتھ ساتھ  پاکستان ائیر فورس کے جدید ترین طیارے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ اور فوجی دستے نے سلامی پیش کی۔

    پریڈ کے دوران ونگ کمانڈر حسن صدیقی کی قیادت میں ایف 16 لڑاکا طیاروں کا شاندار مظاہرہ پیش کیا، اس پریڈ میں ایف 17 پی جی چیتا لڑاکا، جدید ترین لڑاکا طیارے جے 10 سی، پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیارے سی ون تھرٹی اور جدید ترین جاسوسی نظام سے لیس طیاروں کا بھی شاندار فضائی مظاہرہ پیش کیا گیا۔

  • ٔپاکستان کی مسلح افواج کا  کشمیریوں کو یواین قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دینے کا مطالبہ

    ٔپاکستان کی مسلح افواج کا کشمیریوں کو یواین قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دینے کا مطالبہ

    راولپنڈی : پاکستان کی مسلح افواج نے کشمیریوں کو یواین قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے بہادر کشمیریوں کیساتھ کھڑی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے یوم استحصال کے موقع پر پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے کشمیریوں کی خودارادیت کی جدوجہد سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔

    یوم استحصال کشمیر کے موقع پر مسلح افواج نے بیان میں مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو یو این قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے بہادر کشمیریوں کیساتھ کھڑی ہے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ یہ غاصب فوج کا 1095دن کابدترین محاصرے،وحشیانہ مظالم کاخاتمہ ہونا چاہیے،کشمیر کے شہداکو ان کی عظیم قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

  • مسلح افواج کی بھارتی حکام کی جانب سے حضورﷺکی شان اقدس میں گستاخی کی شدید مذمت

    مسلح افواج کی بھارتی حکام کی جانب سے حضورﷺکی شان اقدس میں گستاخی کی شدید مذمت

    راولپنڈی : پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی حکام کی جانب سے حضورﷺکی شان اقدس میں گستاخی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا یہ عمل مسلمانوں کیخلاف شدید نفرت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی حکام کی جانب سے گستاخانہ بیان کی سخت مذمت کی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کہ یہ اشتعال انگیز عمل مسلمانوں کیخلاف شدیدنفرت کامنہ بولتاثبوت ہے ، بھارت میں مسلمانوں ،اقلیتوں کیخلاف نفرت انگیزسلوک رواں ہے۔

    یاد رہے بھارت کی حکمران پارٹی کے ترجمانوں کے توہین آمیز بیانات پر دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کیا اور مذکورہ بیانات پر سخت احتجاج کیا۔

    رجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بھارت میں فرقہ وارانہ تشدد اور نفرت میں اضافے پر تشویش ہے، بھارت میں مسلم مخالف جذبات اسلامو فوبیا کے واضح نتائج کے سوا کچھ نہیں۔

    پاکستان کی جانب سے بی جے پی کی قیادت اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ بی جے پی عہدیداروں کے توہین آمیز تبصروں کی غیر واضح طور پر مذمت کی جائے اور بھارتی رہنماؤں سے فیصلہ کن اور قابل عمل کارروائی سے جواب دہی کی جائے۔

  • اقوام متحدہ کے 76 ویں دن پر مسلح افواج کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار

    اقوام متحدہ کے 76 ویں دن پر مسلح افواج کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے 76 ویں دن پر مسلح افواج کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج امن کے لیے خدمات میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مسلح افواج کی جانب سے اقوام متحدہ کے 76 ویں عالمی دن پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    ٹویٹ میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج امن کے لیے خدمات میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے، ہمارے جوانوں نے ہر آزمائش کی گھڑی میں قربانیاں دی ہیں۔

    آرمی چیف کی جانب سے کہا گیا کہ عالمی امن کے فروغ کے لیے ہماری قربانیاں دنیا کے سامنے ہیں، بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق عالمی امن کے لیے ہمارا غیر متزلزل عزم گواہی دیتا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اقوام متحدہ امن مشنز میں لیڈنگ شراکت داروں میں سے ایک ہیں، پاکستانی ٹروپس کی اقوام متحدہ میں خدمات کی تاریخ طویل اور نمایاں ہے۔ پاکستانی افواج کے کردار کو ہمیشہ عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔

    پاکستان نے سنہ 1960 سے اقوام متحدہ امن مشنز میں حصہ لینا شروع کیا، پہلا پاکستانی امن دستہ کانگو میں تعینات کیا گیا۔ پاک فوج اب تک 28 ممالک میں 46 امن مشنز میں حصہ لے چکی ہے جبکہ اب تک 2 لاکھ سے زائد پاکستانی ٹروپس نے امن مشنز میں حصہ لیا ہے۔

    پاکستان کے 161 جوان امن مشنز میں خدمات انجام دیتے ہوئے اپنی جان قربان کر چکے ہیں، جانوں کی قربانی دینے والوں میں 24 افسران بھی شامل ہیں۔ امن مشنز میں ہمارے 4 ہزار افسران و جوان بشمول 84 خواتین کام کر رہی ہیں۔

  • مسلح افواج کا اقوام متحدہ کے 75ویں یوم تاسیس  پرنیک خواہشات کا اظہار

    مسلح افواج کا اقوام متحدہ کے 75ویں یوم تاسیس پرنیک خواہشات کا اظہار

    راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے اقوام متحدہ کے75ویں یوم تاسیس پر نیک خواہشات کااظہار کرتے ہوئے کہا 2 لاکھ پاکستانی جوانوں نے 46یواین مشنز میں خدمات انجام دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسلح افواج کی جانب سے اقوام متحدہ کے75ویں یوم تاسیس پرنیک خواہشات کااظہار کیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے اقوام متحدہ کے 75ویں یوم تاسیس سے متعلق ٹوئٹ میں کہا کہ 46یواین مشنز میں پاکستان کے 2 لاکھ جوانوں نے خدمات انجام دیں، پاکستانی جوانوں کی28ممالک میں تعیناتی کی گئی اور عالمی امن کے لئے 158پاکستانی امن مشن کے اہلکار شہیدہوئے۔

    خیال رہے افواجِ پاکستان کی یواین کےساتھ امن خدمات انجام دینےکی طویل تاریخ ہے، پاکستان نے 30 ستمبر1947 کو اقوام متحدہ کے امن مشن میں شمولیت اختیار کی ، یہ ایک نامور دور کا آغاز تھا، جس کی تاریخ بے مثال ہے۔

    پاکستان کااقوام متحدہ کےامن مشن کاآغاز1960میں ہوا ،،کانگو میں پہلادستہ تعینات کیا ، پاکستان نے تقریباً 28 ممالک میں 2 لاکھ افواج کے ہمراہ 46 مشترکہ مشنز میں حصہ لیا اور امن مشنز میں 157 جوان بشمول 24 افسران نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

    اس سال نائیک محمدنعیم رضاشہیدکواقوام متحدہ کاخصوصی میڈل عطاکیاگیا ، پاکستان اقوام متحدہ کےحوالےسےبہترین خدمات سرانجام دے رہا ہے ، متعدد عالمی رہنماؤں، یو این قیادت نے پاکستان کی پر امن فوج کی کارکردگی کو تسلیم کیا۔

    پاکستانی خواتین بھی اقوام متحدہ امن مشن کانگومیں امن کے لئے سر گرم عمل ہیں ، امریکی نائب معاون وزیرخارجہ بھی پاکستانی خواتین سے متاثرہوئے بغیر نہ رہ سکے ، ایلس ویلز نے پاکستانی خواتین کے امن کردار کو سراہا۔

    اقوام متحدہ چھتری تلے تاحال 83 پاکستانی خواتین امن مشن کا حصہ ہیں ، پاکستان 19جون 2019 میں کانگومیں خواتین دستے تعینات کرنے والا پہلا ملک ہے۔

  • کشمیری،پاکستانی قوم اور مسلح افواج سب ایک ہیں،وزیر خارجہ

    کشمیری،پاکستانی قوم اور مسلح افواج سب ایک ہیں،وزیر خارجہ

    مظفرآباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیری،پاکستانی قوم اور مسلح افواج سب ایک ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لائن آف کنٹرول پر مقامی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز نہتے، مظلوم لوگوں کوگولیوں کا نشانہ بناتے ہیں،آپ کے درمیان بیٹھے یہ زخمی اشخاص ان مظالم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں آپ کے عزم و ہمت اور حوصلے کی داد دیتا ہوں،انشا اللہ فتح آپ کی ہوگی کیونکہ آپ حق پر ہیں، یہ اور بات ہے کہ دنیا تجارتی،دیگر مصلحتوں کے تحت کھل کر آواز بلند نہیں کرتی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ،عسکری وسیاسی قیادت مسئلہ کشمیر پر اتفاق رائے رکھتے ہیں،ہم آپ کی آواز کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھائیں گے،عمران خان بطور سفیر اور میں کشمیریوں کا مقدمہ ہر فورم پر لڑ رہے ہیں، ہم آپ کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے دنیا کے ضمیر کو جھنجوڑیں گے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت جھوٹا تاثر دے رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر ہیں،اگر حالات معمول پر ہیں تو مساجد کے تالے کھول دو؟ حالات معمول پر ہیں تو شہدا کی میتیں کیوں واپس نہیں کر رہے؟

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ فوج بلا وجہ تعینات نہیں کی، بھارت نفسیاتی طور پر انحطاط کا شکار ہو رہا ہے،نفسیاتی طور پر کشمیری فتح یاب ہو رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیری، پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہم سب ایک ہیں۔وزیر خارجہ کا خطاب کے دوران کہنا تھا کہ کشمیر ہائی وے اب سری نگر ہائی وے کہلائےگی،ہماری منزل سری نگر ہے،وہ دن دور نہیں جب کشمیری سری نگر جامع مسجدمیں شکرانے کے نوافل ادا کریں گے۔

  • مسلح افواج کے سربراہان کا عید الفطر پر قوم کے نام پیغام

    مسلح افواج کے سربراہان کا عید الفطر پر قوم کے نام پیغام

    راولپنڈی: عید الفطر کے موقع پر مسلح افواج کے سربراہان نے قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے دل طیارے کے المناک حادثے پر افسردہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر آئی ایس پی آر کی جانب سے پیغام جاری کیا گیا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم آج کے چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے اللہ تعالیٰ کی مدد اور رہنمائی کے لیے دعا کرتے ہیں۔

    پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے عید پر اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تمام دنیا، عالم اسلام اور پاکستان پر خصوصی رحمتیں نازل فرمائے،یہ وقت باہمی ایثار،اخوت کے جذبے کا پہلے سے بڑھ کر متقاضی ہے۔

    نیول چیف نے کرونا اور طیارہ حادثے کے شکار لواحقین سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ اللہ مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔پاک بحریہ کے سربراہ نے پاک افواج کے شہدا کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

    پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے قوم کو عید کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ عید انتہائی غیرمعمولی حالات میں آئی ہے،قوم بڑی بہادری سے کرونا جیسے وبائی مرض کا مقابلہ کر رہی ہے۔

    ایئر چیف نے طیارہ حادثے،کرونا سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دل طیارے کے المناک حادثے پر افسردہ ہیں۔

    ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے اپنے پیغام میں کشمیری بہنوں اور بھائیوں کو بھی خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری بھارتی جارحیت اور مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔