Tag: مسلمان

  • بھارتی فوج سے ریٹائرڈ مسلمان کیپٹن ہجوم کے بہیمانہ تشدد کے بعد قتل

    بھارتی فوج سے ریٹائرڈ مسلمان کیپٹن ہجوم کے بہیمانہ تشدد کے بعد قتل

    لکھنو: بھارتی ریاست اترپردیش میں انتہا پسندوں کے ہجوم نے بھارتی فوج سے ریٹائرڈ مسلمان کیپٹن کو بہیمانہ تشدد کرکے قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلمان کیپٹن کے قتل کا واقعہ اترپردیش کے ضلع امیتی میں پیش آیا۔ ایس ایس پی دیارام نے بتایا کہ 64 سالہ کیپٹن (ر) امان اللہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ گھر تھے جب انتہا پسندوں کے ایک ہجوم نے لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے حملہ کردیا۔

    ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ امان اللہ کے سر پر گہری چوٹ لگنے سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    پولیس کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ امان اللہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہے جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔

    بھارت میں انتہاپسندوں نے ایک اور مسلمان نوجوان کو قتل کردیا

    اس سے قبل گزشتہ ماہ بھارتی ریاست جھاڑکھنڈ ضلع کھرسانواں میں ہندوانتہاپسندوں کے ہجوم نے مسلمان نوجوان شمس تبریز انصاری کو موٹر سائیکل چوری کا بہانہ بنا کربہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ تبریز کئی گھنٹے تک موت و زندگی کی کشمکش میں رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا تھا۔

    بھارت: مسلمان رہنما اور سابق پولیس افسر شبیر حسین زیدی قتل

    یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں بھارت کی سیاسی جماعت کے مسلمان رہنما اور سابق پولیس افسر شبیر حسین زیدی کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شبیر حسین زیدی کو غازی آباد کے علاقے اترآنچل میں اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی رہائش گاہ کے باہر چہل قدمی کررہے تھے۔

  • ریاست آسام میں‌ مسلمان نوجوانوں پر ہندو انتہا پسندوں کا تشدد

    ریاست آسام میں‌ مسلمان نوجوانوں پر ہندو انتہا پسندوں کا تشدد

    نئی دہلی : بھارت میں مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنانے اور سکھوں سے متعلق سوشل میڈیا پر گمراہ کن اورجھوٹی خبریں پھیلانےوالا آرایس ایس کا کارندہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں ہندو انتہاپسند دہشتگردوں کے مسلمانوں پر مظالم جاری ہے، ریاست آسام میں ہندو مذہب کا نعرہ لگانے سے انکار پرمزید تین مسلمان نوجوانوں پربہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ہندو انتہا پسند ریاست آسام کے ایک میڈیکل اسٹور پر آئےاور ایک مسلمان نوجوان رقیب الحق کو تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں یہ چاروں ہندو انتہا پسند دوسرے میڈیکل اسٹور پر گئےاور وہاں موجود مزید دو مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ہندو انتہا پسنوں نے متاثرہ مسلمان نوجوانوں کو ہندو مذہبی نعرے لگانے پر بھی مجبور کیا، دوسری جانب سکھوں سے متعلق سوشل میڈیا پر گمراہ کن اورجھوٹی خبریں پھیلانےوالا آرایس ایس کا کارندہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جون میں ریاست جھاڑکھنڈ ضلع کھرسانواں میں ہندوانتہاپسندوں کے ہجوم نے مسلمان نوجوان شمس تبریز انصاری کو موٹر سائیکل چوری کا بہانہ بنا کربہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

    وہ مظلوم چیختا رہا کہ اس نے چوری نہیں کی، ظالموں نے تبریز انصاری کو ستون سے باندھ کر ڈنڈوں اور لاٹھیوں کی بارش کردی اور ہاتھ پاؤں باندھ کرسات گھنٹے تک تشدد کیا گیا جبکہ جے شری رام اور جے ہنومان کے نعرے لگوائے گئے۔

    نوجوان ہجوم سے جان بخشنے کی درخواست کرتا رہا لیکن شدید زخمی تبریز انصاری کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرکے اسے جیل بھیج دیا گیا، طبیعت بگڑنے پر اسے اسپتال لے جایا گیا۔ جب اہل خانہ اس سے ملاقات کے لیے پہنچے تو پولیس نے انہیں تبریز سے یہ کہہ کر ملنے سے روک دیا کہ تم چور سے ملنے آئے ہو۔

    تبریز کئی گھنٹے تک موت و زندگی کی کشمکش میں رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

  • بھارتی حکومت سے کہتا ہوں وہ مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ کرے، شاہ محمود قریشی

    بھارتی حکومت سے کہتا ہوں وہ مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ کرے، شاہ محمود قریشی

    ملتان: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی عیدالفطر کے موقع پر کہا کہ ہمیں یاد کرنا ہے اپنے والدین، عزیزوں کو، آج دلوں کوجوڑنے کا موقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مسلمان آج بھی اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں یاد کرنا ہے ان شہدا کوجنہوں نے وطن کی خاطرجانیں دیں، ہمیں یاد کرنا ہے اپنے والدین،عزیزوں کو، آج دلوں کوجوڑنے کا موقع ہے۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ کروڑوں مسلمان بھارت میں آباد ہیں انہیں عید مبارک کہتا ہوں، بھارتی حکومت سے کہتا ہوں وہ مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ کرے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ اقلیت میں ہیں لیکن ان کے حقوق ہیں، اس کی پاسداری کی جائے، وقت کبھی ایک سا نہیں رہتا، ہمیں سب کے حقوق کا خیال رکھنا چاہیے۔

    ملک بھرمیں عید الفطرمذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے

    واضح رہے کہ ملک بھر میں عیدالفطرآج مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہےاس موقع پر ملکی سلامتی اور استحکام کےلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

  • روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث سات فوجی اہلکار سزا پوری کیے بغیر رہا

    روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث سات فوجی اہلکار سزا پوری کیے بغیر رہا

    ینگون: میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث سات فوجی اہلکاروں کو سزا پوری کیے بغیر ہی جیل سے رہا کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ برس نومبر میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث میانمار فوج کے 7 اہلکاروں کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم انہیں سزا پوری کیے بغیر ہی چند ماہ بعد جیل سے رہا کردیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ان اہلکاروں نے 2017ء میں میانمار کے گاﺅں دِن اِن میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے دوران 10 بے گناہ اور معصوم دیہاتیوں کو محض مسلمان ہونے کی بناء پر بے دردی سے قتل کیا تھا اور ان کے گھروں کو آگ لگا دی تھی۔

    ان اہلکاروں کی ظلم کی داستان کو دنیا کے سامنے لانے والے برطانوی خبر رساں ادارے کے صحافیوں کیاو سوئے اور والون کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرلیا گیا تھا اور سات سات سیل قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم 521 دن قید میں رہنے کے بعد حال ہی میں عالمی دباو پر صحافیوں کو رہا کیا گیا تھا۔

    ایک جیل حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا کہ 10 روہنگیا مسلمانوں کے قتل میں ملوث 7 فوجی اہلکاروں کو 10 سال قید کی سزا کو فوج کی جانب سے گھٹا کر 2 ماہ کردیا گیا ہے اس لیے ان اہلکاروں کو فوری طور پر رہا کیا گیا۔

    روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کو بے نقاب کرنے والے روئٹرز کے دونوں صحافیوں کو رہائی مل گئی

    یاد رہے کہ 2017 اگست میں برما کی ریاست رکھائن میں ملٹری آپریشن کے نام پر برمی فوج کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی گئی تھی جس کے باعث مجبوراً لاکھوں روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش ہجرت کر گئے تھے۔

  • اب نیل پالش نماز کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی

    اب نیل پالش نماز کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی

    خواتین کی زیبائش کا اہم جزو نیل پالش گو کہ بناؤ سنگھار میں خاصی اہمیت رکھتا ہے تاہم یہ نماز پڑھتے ہوئے رکاوٹ بن سکتی ہے کیونکہ نیل پالش ناخنوں تک پانی پہنچنے سے روک دیتی ہے جس سے وضو نہیں ہو پاتا۔

    تاہم اب ایسی نیل پالش تیار کرلی گئی ہے جو نماز کی راہ میں حائل نہیں ہوگی، آپ اسے نماز فرینڈلی نیل پالش بھی کہہ سکتے ہیں۔

    اورلی کاسمیٹکس کمپنی اور مسلم گرل نامی ادارے کے اشتراک سے تیار کردہ یہ نیل پالش ایسی جھلی پر مشتمل ہے جس سے پانی باآسانی گزر سکتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر اس نیل پالش کی مشہوری حلال پینٹ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ کی جارہی ہے۔

    کیا آپ اس نیل پالش کو استعمال کرنا چاہیں گے؟

  • انڈیا: حاملہ ہندو خاتون کو اسپتال پہنچانے والے مسلمان رکشہ ڈرائیور نے ہزاروں دل جیت لیے

    انڈیا: حاملہ ہندو خاتون کو اسپتال پہنچانے والے مسلمان رکشہ ڈرائیور نے ہزاروں دل جیت لیے

    آسام: مسلمان رکشہ ڈرائیور نے کرفیو کی پروا نہ کرتے ہوئے حاملہ ہندو حاملہ خاتون کو بروقت اسپتال پہنچا کر انسان ہمدردی کی مثال قائم کر دی.

    بھارتی ریاست آسام کے قصبے ہیلاکاندی میں ایک مسلمان رکشہ ڈرائیور نے کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حاملہ خاتون کو اسپتال پہنچا دیا، خاتون نے صحت مند بچے کو جنم دیا، جس کا نام شانتی رکھ دیا گیا۔

    خیال رہے کہ آسام کا قصبہ ہیلاکاندی گزشتہ چند روز سے شدید نسلی فسادات کی زد میں تھا، فسادات کے دوران پولیس فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 15 زخمی ہوئے، جب کہ 15 سے زائد گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا. واقعات کے بعد کئی روز سے شہر میں کرفیو نافذ ہے.

    ان حالات میں‌ جب ہندو خاتون نندتا کو اسپتال جانا تھا، تو کوئی ایمبولینس میسر نہیں‌ تھی. ایسے میں خاتون کے شوہر روبن کا مسلمان دوست مقبول مدد کے لیے  سامنے آیا. مقبول اپنا رکشہ لے کر وہاں پہنچ گیا اور جوڑے کو فورا اسپتال گیا.

    مزید پڑھیں: انڈیا کا پہلا دہشت گرد ایک ہندو تھا: کمل ہاسن نے انتہا پسندوں کو آئینہ دکھا دیا

    بعد ازاں روبن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرفیو کی وجہ سے سڑکوں پر ہو کا عالم تھا، لیکن مجھے فکر صرف یہ تھی کہ ہم وقت پر اسپتال پہنچ  پائیں گے یا نہیں۔

    رکشہ ڈرائیور مقبول کا کہنا تھا کہ میں انھیں مسلسل تسلی دے رہا تھا کہ سب کچھ صحیح ہوگا، لیکن میں خود دل ہی دل میں دعائیں کررہا تھا۔

    یہ واقعہ جلد ہی میڈیا کی زینت بن گیا، جس کے بعد مقبول کے کردار کو ہندو مسلم اتحاد کی علامت کے طور پر دیکھا جارہا ہے.

  • سری لنکا میں مسلمانوں پر حملوں کے بعد کرفیو نافذ

    سری لنکا میں مسلمانوں پر حملوں کے بعد کرفیو نافذ

    کولمبو: سری لنکا میں مسلمانوں کے خلاف تشدد میں اضافے کے بعد پورے ملک میں رات کے اوقات میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں ایسٹر دھماکوں کے بعد مسلمانوں اور ان کی املاک پرحملوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ملک بھر میں رات کو کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

    سری لنکا کے مشرقی علاقے چلوا میں درجنوں مشتعل افراد نے مساجد اور کاروباری مراکز پر پتھراؤ کیا جبکہ ایک شخص کو سرعام تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

    سری لنکا کے وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے نے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کی وجہ سے گزشتہ ماہ ہونے والے حملوں کی تحقیقات متاثر ہورہی ہیں۔

    انہوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں امن برقرار رکھنے کے لیے شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ غلط معلومات پھیلانے میں ملوث نہ ہوں۔

    دوسری جانب مسلمانوں کی املاک پر حملوں میں اضافے کے بعد حکام نے سوشل میڈیا پر بھی ایک بار پھر پابندی عائد کردی ہے۔

    سری لنکن حکومت کی جانب سے پابندی کا فیصلہ مساجد پر پتھراؤ اور مسلمان تاجروں کی دکانوں میں توڑ پھوڑ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر 3 گرجا گھروں اور 4 ہوٹلوں میں مجموعی طور پر 8 دھماکے ہوئے تھے جس میں غیرملکیوں سمیت 300 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • سری لنکا کے ہوٹل نے مسلمان ہونے کی وجہ سعودی سیاح کی بکنگ کینسل کردی

    سری لنکا کے ہوٹل نے مسلمان ہونے کی وجہ سعودی سیاح کی بکنگ کینسل کردی

    کولمبو : سری لنکا میں خودکش بم دھماکوں کے بعد ایک ہوٹل نے سعودی سیاح کی بکنگ یہ کہہ کر منسوخ کی ہے کہ ہم آپ کو خوش آمدید نہیں کہہ سکتے کیونکہ آپ مسلمان ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عیسائیوں کےمذہبی تہوار ایسٹر سنڈے پر سری لنکا میں تین گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے خودکش بم دھماکوں کے نتیجے میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے تھے، جس کے باعث سری لنکن ہوٹل کی انتظامیہ کا سعودی سیاح کے ساتھ ایسا رویہ اختیار کیا گیا ہے۔

    سعودی سیاح عبداللہ الرسی نے ایک مقامی ویب سائٹ کو بتایا کہ ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے انہیں بھیجا گیا پیغام تعصب پر مبنی ہے۔

    عبداللہ الرسی کا کہنا تھا کہ انہیں ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے اس قسم کے امتیازی سلوک کی قطعی توقع نہیں تھی حالانکہ انہوں نے ایک ماہ قبل ہوٹل بکنگ کی ویب سائٹ بکنگ ڈاٹ کام کے ذریعے کمرہ بک کرکے اس کا کرایہ بھی ادا کردیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ بکنگ کی منسوخی کے حوالے سے جب خبریں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر سامنے آئیں تو بکنگ ڈاٹ کام کی جانب سے انہیں ای میل پر ایک پیغام موصول ہوا جس میں کہا گیا تھا کہ ہوٹل انتظامیہ کے رویے کے حوالے سے معذرت خواہ ہیں، ان کی جانب سے کسی قسم کے امتیازی سلوک کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہوٹل انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں اگر ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے امتیازی سلوک ثابت ہوگیا تو اس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ ہوٹل کو اپنی لسٹ سے خارج کر دیں گے۔

    متاثرہ سعودی عبداللہ الرسی کا کہنا تھا کہ بکنگ ڈاٹ کام نے اب تک کسی مناسب کارروائی کا آغاز نہیں کیا جس پر وہ خاموش نہیں رہ سکتے۔

    انہوں نے کہا کہ ویب سائٹ کی جانب سے کسی خاص رد عمل کا اظہار نہ کرنا معنی خیز ہے، اس حوالے سے سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر لوگوں نے ملا جلا ردعمل دیا ہے اور کہا کہ ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے اس قسم کا رد عمل مناسب نہیں جو انہو ں نے مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک کے ذریعے ظاہر کیا ہے۔

  • متعصب امریکی شہری نے ہجوم کو مسلمان سمجھ کر گاڑی تلے روند دیا

    متعصب امریکی شہری نے ہجوم کو مسلمان سمجھ کر گاڑی تلے روند دیا

    واشنگٹن : امریکا میں ایک شخص نے سڑک کنارے کھڑے لوگوں کو مسلمان سمجھ کر گاڑی سے کچل دیا۔ واقعے میں 8 افراد زخمی ہوئے،جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں اسلام مخالف نظریات کے حامل متعصب شخص میں ہجوم کو مسلمان تصویر کرکے گاڑی تلے روند دیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

    امریکی پولیس نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ واقعے میں 8 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    سان فرانسسکو کے قریب پیش آنے والے اس حادثے پر پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کو لوگوں کے حلیے سے یہ لگا تھا کہ یہ لوگ مسلمان ہیں، جس پر اس نے اپنی گاڑی چڑھا دی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کا تعلق کیلی فورنیا سے ہے، جب کہ اس کی عمر 34 سال اور نام پیپلز ہے۔

    پولیس کا مزید کہنا تھا کہ یہ کیس ایک نفرت پر مبنی جرم ہے، ملزم پیپلز نے مسلمانوں کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کرتے ہوئے یہ قدم اٹھایا تھا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے تین افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جس میں باپ، بیٹا اور بیٹی شامل ہیں، واقعہ کے فوری بعد متاثرہ افراد کی شناخت اور شہریت سے متعلق کوئی تصدیق نہیں ہوسکی۔

    دوسری جانب پیپلز کے وکیل کا کہنا تھا کہ حادثے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ واقعہ ایک ذہنی بیماری کے نتیجے میں ہوا ہے اور اس کیلئے اس کا علاج کیا جائے گا۔

    پیپلز کے وکیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ سابق اہل کار ہے اور شاید یہ ہی وجہ ہوسکتی ہے کہ وہ ذہنی طور پر کسی دباؤ کا شکار ہو۔

  • مسلمانوں کے خلاف نفرت میں اضافہ ہورہا ہے: اقوام متحدہ

    مسلمانوں کے خلاف نفرت میں اضافہ ہورہا ہے: اقوام متحدہ

    قاہرہ: دنیا بھر میں نسل پرستی، مذہبی تعصب اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کے پرچار پر اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں میں مذہبی تعصب کی بنیاد پر برطانیہ سمیت یورپ کے مختلف ممالک میں مسلمانوں پر حملوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس کا کہنا ہے کہ اسلاموفوبيا، تعصب اور نسل پرستی کے جذبات میں اضافہ ہورہا ہے۔

    مصر ميں جامعہ الازہر کے مفتی اعظم احمد الطيب سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے خصوصی ملاقات کی اس دوارن دونوں رہنماؤں نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا۔

    ملاقات کے بعد اپنے ایک بیان میں انتونیوگوتیرس کا کہنا تھا کہ مذہبی تعصب کے بڑھاوے کو کم کرنے کی ضرورت ہے، نفرتوں کے بجائے محبت بانٹنی ہے۔

    اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل مصر کے دو روزہ دورے پر ہيں، وہ مصری صدر عبدالفتاح السيسی سے بھی آج ملاقات کریں گے۔

    یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ میں سفید فام شخص نے دو مساجد پر اُس وقت فائرنگ کی تھی کہ جب وہاں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسلمانوں کا اجتماع شروع ہونا تھا۔

    نیوزی لینڈ واقعہ اسلام فوبیا، نسل پرستی اور دہشت گردانہ حملہ ہے: مشیل باچلے

    فائرنگ کے واقعے میں 49 مسلمان شہید جبکہ متعدد نمازی شدید زخمی ہوئے، ملزم نے اپنے گھناؤنے عمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر براہ راست نشر کی۔

    بعد ازاں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کی سربراہ مشیل باچلے نے نیوزی لینڈ میں مساجد میں فائرنگ کے واقعے کو اسلام فوبیا، نسل پرستی اور دہشت گردانہ حملہ قرار دیا تھا۔