Tag: مسلم لیگ ن

  • رانا ثنا کے خلاف آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی

    رانا ثنا کے خلاف آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس میں آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رانا ثنا اللہ نے موجودہ حکومت کو کرونا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ 6 ماہ مزید رہ گئے تو لوگ بھوک سے مارے جائیں گے۔

    قبل ازیں، رانا ثنا اللہ آج انسداد منشیات عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے آج فرد جرم عائد کرنی تھی مگر رانا ثنا اللہ کے وکلا کی درخواست پر آج بھی کارروائی نہ ہو سکی، جس پر عدالت نے سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے وکلا کو فرد جرم پر بحث مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

    رانا ثنا اللہ نے عدالت کو بتایا کہ اے این ایف نے ان کی گاڑی سے پرسنل بیگ نکالا جس میں صرف کپڑے تھے۔

    رانا ثنا اللہ نے سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے موجودہ حکومت کو کرونا حکومت قرار دیا، انھوں نے کہا کہ ملک میں کرونا سے اموات 2 فی صد ہیں جب کہ حکومتی کرونا سے سو فی صد۔

    ان کا کہنا تھا حکومتی کرونا آٹا چینی کھا گیا، عوام حکومتی کرونا کے خلاف باہر نکلیں اگر یہ 6 ماہ مزید رہ گئے تو ملک کو کھا جائیں گے۔

    پشاور میں پی ڈی ایم جلسے کی اجازت نہیں دیں گے، مقدمات درج کیے جائیں گے: شوکت یوسفزئی

    انھوں نے مزید کہا ہم حکومت کے خلاف تحریک اس سے پوچھ کر نہیں چلا رہے، پشاور جلسہ ہر صورت ہوگا، ہمیں حکومتی اجازت کی ضرورت نہیں۔

    رانا ثنا کا کہنا تھا کہ تحریک کا اگلا فیز کتنا سخت ہوگا اور اس میں کیا آپشن استعمال کیے جائیں گے یہ پی ڈی ایم کی قیادت فیصلہ کرے گی۔

  • مسلم لیگ ن کا ایک اور  رہنما گرفتار

    مسلم لیگ ن کا ایک اور رہنما گرفتار

    لاہور : اینٹی کرپشن نےمسلم لیگ ن کے رہنمااحسن رضا خان کو گرفتار کر لیا، حکام کا کہنا ہے کہ احسن رضا خان نے غیر قانونی کمرشل مارکیٹ اور ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن کی کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ، اینٹی کرپشن پنجاب نے مسلم لیگ ن کے رہنمااحسن رضا خان کو گرفتار کر لیا، احسن رضا خان 2مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ احسن رضا خان نے غیر قانونی کمرشل مارکیٹ اور ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی، گورنمنٹ اسپتال کنگن پور کی زمین پر مارکیٹ اور دکانیں بنائیں جبکہ ملزم نے خاندان کے افراد کے ساتھ الجنت ٹاؤن نامی سوسائٹی بنائی، ملکیتی ہاؤسنگ سوسائٹی اور کمرشل مارکیٹ منظور شدہ نہیں ہیں۔

    گذشتہ روز ڈپٹی کمشنر ملتان کی درخواست پر اینٹی کرپشن نے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے ملک عبدالغفار ڈوگر کو گرفتارکرلیا تھا، ملزم کے خلاف جعلسازی اور غیر قانونی قبضہ پر اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔

    ریفرنس کے مطابق ملزم نے ایک کنال ایک مرلہ پر مشتمل گھر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے، ملزم نے 2001 میں فروخت شدہ پراپرٹی کی جعلسازی اور فراڈ سے اپنے نام کی سیل ڈیڈ بنا کر قبضہ کیا، ملزم نے گھر کی ملکیت ظاہر کرنے کے لئے 1998 کی جعلی سیل ڈیڈ تیار کروا کر مزکورہ پراپرٹی پر قبضہ کیا۔

    حکام نے بتایا کہ مزکورہ پراپرٹی 2001 میں کنیز اختر نے بُشری سلطانہ کو بیچی ،بشُری سلطانہ نے مظہر جاوید کو بیچی جس نے آگے مسلم کمرشل بینک کو قرض کے بدلے گروی رکھوا دی، مظہر جاوید کی طرف سے قرض کی ادائیگی نہ ہونے پر بینک نے نیلامی کا فیصلہ کیا، بینک کی نیلامی روکنے اور سرکار کو پراپرٹی ٹیکس سے محروم کرنے کے لئے ملزم نے جعلی سیل ڈیڈ تیار کی۔

    ملزم نے اپنی ملکیت ظاہر کرنے کے لئے 1998 کی سیل ڈیڈ پر رجسٹری نمبر 2001 درج کیا جو کہ جعلی ہے۔

  • ‌گلگت بلتستان انتخابات سے قبل مسلم لیگ ن کو ایک اور بڑا دھچکا

    ‌گلگت بلتستان انتخابات سے قبل مسلم لیگ ن کو ایک اور بڑا دھچکا

    اسلام آباد : سابق وزیر منصف داد کے صاحبزادے راجہ نعیم منصف داد نے مسلم لیگ ن چھوڑ کر مسلم کانفرنس میں شمولیت اختیار کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم کانفرنس نےآزادکشمیرمیں مسلم لیگ ن کی اہم وکٹ اڑادی ، سابق وزیر منصف داد کے صاحبزادے نعیم منصف داد مسلم کانفرنس میں شامل ہوگئے۔

    نعیم منصف دادنےسردارعتیق کی موجودگی میں شمولیت کاباضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا حلقہ چڑھوئی میں مسلم کانفرنس کومضبوط بنائیں گے، حلقہ چڑھوئی مسلم کانفرنس کاقلعہ بنے گا۔

    مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن کےسابق صوبائی وزیر میجر (ر) امین ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شامل 

    اس موقع پر آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد سرداد عتیق نے کہا کہ تبدیلی کے اثرات آزادکشمیر کی سیاست پر مرتب ہونگے، آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کا تجربہ ناکام ہوگیا۔

    سرداد عتیق کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے جبر کر کے مسلم کانفرنس کو توڑا تھا، جی بی صوبےکی بات ہوئی تو راجہ فاروق نیلم چلے گئے اور آج رونا دھونا شروع کردیا ہے، راجہ فاروق حیدراب اقتدارآپ کو ٹھوکر مارنا چاہتا ہے۔

    یاد رہے چند روز قبل ن لیگ کے سابق صوبائی وزیر میجر (ر) امین نے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

  • ن لیگ کی کارنر میٹنگ میں چوری کی بجلی کا استعمال

    ن لیگ کی کارنر میٹنگ میں چوری کی بجلی کا استعمال

    لاہور: مسلم لیگ ن کی کارنر میٹنگ میں چوری کی بجلی کا استعمال کیا گیا، کارنر میٹنگ میں کنڈے ڈال کر بجلی کی سپلائی لی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے کوہاڑ گاؤں میں مسلم لیگ ن کی کارنر میٹنگ میں بجلی چوری کی گئی اور کنڈے ڈال کر بجلی سپلائی لی گئی، کارنر میٹنگ سے خواجہ سعد رفیق نے خطاب کیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق کارنر میٹنگ میں بجلی چوری کرکے ساؤنڈ سسٹم کو چلایا گیا، خواجہ سعد رفیق حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے اور انتظامیہ کنڈے ڈال کر بجلی چوری کرتی رہی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی الیکشن کے دنوں میں مسلم لیگ ن کے کارکنان کی جانب سے کارنر میٹنگ میں بجلی چوری کرکے قانون کی خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے۔

    بعدازاں خواجہ سعد رفیق نے کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی وی پر زہریلا پروپیگنڈا کیا گیا، سوال کرتے تھے جواب دینے کی اجازت نہیں تھی، واش روم جتنےسیل میں مجھے اور بھائی کو ڈالا گیا، ریلوے میں بہت کام کیا سزا ملی کے جیل میں ڈال دیا۔

    انہوں نے کہا کہ کہتے تھے لوٹی ہوئی دولت باہر سے واپس لائیں گے ایک آنا نہیں آیا، مہنگائی سے عوام پس گئی ہے آج تیسرا سال شروع ہے، ہم نے اور پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کے لئے بہت کام کیا، آج الیکشن آگیا ہے تو آپ کو گلگت بلتستان یاد آگیا ہے۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ انہوں نے جس چیز کا نوٹس لیا اس کا الٹ ہوگیا، لوگوں نے دعا شروع کر دی ہے کہ یہ کسی چیز کا نوٹس نہ لیں۔

  • مسلم لیگ ن کو بلوچستان میں بڑا دھچکا

    مسلم لیگ ن کو بلوچستان میں بڑا دھچکا

    کوئٹہ: ذرایع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر عبدالقادر بلوچ نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگ بلوچستان کے صدر استعفیٰ دے رہے ہیں، عبدالقادر بلوچ ثنا اللہ زہری کو پی ڈی ایم کوئٹہ جلسے میں نہ بلانے پرمستعفی ہو رہے ہیں۔

    عبدالقادر بلوچ مستعفی ہونے سے متعلق اعلان پریس کانفرنس میں کریں گے، ذرایع نے بتایا کہ شاہد خاقان نے ثنااللہ زہری کو جلسے میں مدعو کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

    پارٹی کا مؤقف ہے کہ ثنااللہ زہری ڈھائی سال سے ملک میں نہیں، اس لیے جلسے کا حصہ نہیں بن سکتے، جب کہ نواز شریف کے منع کرنے کے باوجود ثنااللہ زہری نے وزارت اعلیٰ بلوچستان سے استعفیٰ بھی دیا تھا۔

    کہا گیا کہ ثنااللہ زہری تحریک کے ساتھ ہی نہیں ہیں تو پھر انھیں جلسے میں کیوں بلایا جائے؟

    خیال رہے کہ عبدالقادر بلوچ نواز شریف کی کابینہ میں وفاقی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ دوسری طرف یہ بات سامنے آئی ہے کہ طرف ثنااللہ زہری کو جلسے میں نہ بلانے کا فیصلہ ن لیگی اعلیٰ قیادت اور پارٹی نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔

    احسن اقبال نے صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے جلسے میں کچھ مقامی افراد کا نقطہ نظر مختلف تھا، اختر مینگل اور ثنااللہ زہری کے درمیان تنازع ہے، ان کے تنازع کے باعث جلسے میں شرکت سے روکا گیا۔

  • کیپٹن (ر) صفدر کو کراچی کے تھانے میں کیا ناشتہ پیش کیا گیا؟

    کیپٹن (ر) صفدر کو کراچی کے تھانے میں کیا ناشتہ پیش کیا گیا؟

    کراچی: ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر اور پارٹی رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو عزیز بھٹی تھانے میں شہر قائد کا خصوصی ناشتہ پیش کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے الزام میں پولیس نے نجی ہوٹل سے کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کر کے عزیز بھٹی تھانے منتقل کر دیا ہے۔

    آج صبح ناشتے میں پولیس کی جانب سے کیپٹن صفدر کو دودھ پتی چائے اور بیکری سے بسکٹ منگوا کر پیش کیے گئے۔ ناشتے کے وقت ان کے ساتھ ایس ایچ او عزیز بھٹی اور انویسٹی گیشن افسر بھی موجود تھے۔

    کیپٹن صفدر کو تھانے منتقل کرتے ہی پولیس نے ان سے موبائل فون بھی قبضے میں لے لیے تھے۔ انھیں آج عدالت میں ریمانڈ کے لیے پیشی کے سلسلے میں بکتر بند گاڑی بھی منگوا لی گئی ہے۔

    کراچی : کیپٹن (ر) صفدر گرفتار، تھانے منتقل

    دوسری طرف محمد صفدر کی ضمانت پر رہائی کے لیے ن لیگی وکلا نے کاغذات تیار کر لیے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ صفدر پر مقدمہ بد نیتی پر مبنی ہے، پی ایم ایل ن لائرز ونگ کے وکلا عدالت میں پیش ہوں گے، ان کی جانب سے پولیس کو ریمانڈ لینے سے روکنے کی کوشش کی جائے گی۔

    اے این پی کراچی نے اس واقعے پر رد عمل میں کہا ہے کہ سندھ پولیس نے دھاوا بولا، کمرے کا دروازہ توڑ کر گرفتاری عمل میں لائی گئی، اس وقت سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، وزیر اعلیٰ سندھ بتائیں گرفتاری کے لیے ان پر کس کا دباؤ تھا، کیوں کہ مریم صفدر اور ان کے شوہر سندھ حکومت کے مہمان تھے۔

    ادھر پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سعید غنی نے بھی ہاتھ کھڑے کر دیے ہیں، انھوں نے مریم نواز کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے الزام کراچی پولیس پر ڈال دیا، اور کہا مزار قائد پر کیپٹن صفدر نے جو کچھ کیا وہ نامناسب تھا، لیکن جس انداز میں کراچی پولیس نےگرفتاری کی وہ بھی قابل مذمت ہے۔

    انھوں نے پولیس کا اقدام پی ڈی ایم جماعتوں میں خلیج پیدا کرنے کی سازش قرار دے دیا۔

  • مسلم لیگ ن نوازشریف سے اختلاف کرنے والے ارکان اسمبلی کو شوکاز نوٹس دے کر پھنس گئی

    مسلم لیگ ن نوازشریف سے اختلاف کرنے والے ارکان اسمبلی کو شوکاز نوٹس دے کر پھنس گئی

    لاہور : مسلم لیگ ن نوازشریف سے اختلاف کرنے والے ارکان اسمبلی کو شوکاز نوٹس دے کر پھنس گئی، ارکان اسمبلی کو بھجوائے جانے والے شوکاز نوٹسز کی کوئی قانونی اورآئینی حیثیت نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نوازشریف سے اختلاف کرنے والے ارکان اسمبلی کو شوکاز نوٹس دے کر مشکل میں پھنس گئی۔

    محکمہ قانون پنجاب کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والے مسلم لیگ نون کے جن ارکان اسمبلی کو پارٹی قیادت کی جانب سے شو کاز نوٹسسز دئیے گئے تھے ان کی کوئی آئینی اور قانونی حثیت نہیں ہے۔

    ذرائع کے مطابق کوئی بھی رکن اسمبلی وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کرسکتا ہے، جس پر اس کی پارٹی کی جانب سے صرف سیاسی اور اخلاقی طور پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔

    ذرائع نے مزید کہا کہ کسی بھی رکن کو پارٹی کی رکنیت سے نااہل کرنے کےلئے تین شرائط ضروری ہیں ، جن میں عدم اعتماد ، فنانس بل اوروزیراعلی پر اعتماد کے دوران پارٹی لائن پر چلنا ضروری ہوتاہے۔

    دوسری جانب مسلم لیگ نون کےذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگ کے سینئر رہنمائوں نے بھی آئینی صورتحال دیکھتے ہوئے معاملہ صرف شوکاز تک رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • پولیس پہنچنے سے قبل طلال چوہدری اسپتال سے روانہ

    پولیس پہنچنے سے قبل طلال چوہدری اسپتال سے روانہ

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری بیان ریکارڈ کرنے کے لیے آنے والی پولیس کے پہنچنے سے قبل ہی اسپتال سے روانہ ہو گئے، ذرایع کا کہنا ہے کہ طلال چوہدری کو اسپتال سے قریبی ساتھی نے فرار کرایا۔

    تفصیلات کے مطابق طلال چوہدری کی جانب سے لیگی ایم این اے عائشہ رجب کو ہراساں کرنے کے معاملے میں پنجاب پولیس طلال چوہدری کا بیان ریکارڈ کرنے نیشنل اسپتال لاہور پہنچ گئی لیکن پولیس کے آنے سے پہلے طلال چوہدری اسپتال کا بل ادا کیے بغیر جلد بازی میں چلے گئے۔

    طلال چوہدری اسپتال کے پچھلے دروازے سے روانہ ہوئے، ان کو اسپتال سے قریبی ساتھی نے فرار کرایا۔

    ادھر اے ایس پی عبدالخالق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ طلال چوہدری اسپتال سے ڈسچارج ہو چکے ہیں، اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ ایک گھنٹہ پہلے طلال چوہدری کو ڈسچارج کیاجا چکا ہے۔

    عائشہ رجب سے تنازع طلال چوہدری کو مہنگا پڑ گیا

    ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ طلال چوہدری سے جلد رابطہ کر کے ان کا بیان ریکارڈ کیاجائے گا۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ اسپتال کی جانب سے انھیں ڈسچارج سلپ نہیں دکھائی گئی۔

    یاد رہے کہ طلال چوہدری گزشتہ رات سے نیشنل اسپتال لاہور میں داخل ہیں، لیگی ایم این اے عائشہ رجب کے گھر پر گزشتہ روز ان پر خاتون کے بھائیوں نے تشدد کیا تھا جس کی وجہ انھیں فریکچر آئے تھے۔

    آج اس کیس کے سلسلے میں پنجاب پولیس نے 4 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی تھی، جس کے چیئرمین ڈی ایس پی عبدالخالق ہیں، اس کمیٹی نے عائشہ رجب اور طلال چوہدری کے بیانات قلم بند کرنے ہیں، اور پھر تین روز میں انکوائری رپورٹ پیش کرے گی۔

    ادھر پولیس نے کہا ہے کہ گزشتہ روز طلال چوہدری رات 2 بجکر 40 منٹ پر عبداللہ گارڈن پہنچے تھے، کالونی گیٹ پر روکے جانے پر طلال کی گارڈ سے تلخ کلامی ہوئی، گارڈ نے کہا اہل خانہ سے بات کرائیں لیکن طلال زبردستی گئے، ڈرائیور بھی ان کے ہمراہ ھا لیکن گھر میں داخل ہوتے ہی مار پڑ گئی۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ طلال نے پٹائی کے بعد گھر سے نکل کر گارڈز کو پکارا تھا، ان کی ایک سال سے اس گھر میں آمد و رفت تھی، طلال چوہدری ہمیشہ رات 12 بجے سے پہلے آتے تھے۔

    قبل ازیں، ڈی ایس پی عبد الخالق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ عائشہ رجب اسلام آباد میں ہیں، اگر بیان لینے کے لیے جانا پڑا تو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ طلال فون کال پر عائشہ رجب کے گھر گئے تھے، اس کال کے بوگس ہونے سے متعلق بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

  • شہباز شریف نے انتخابی اصلاحات کے لیے بلایاگیا اجلاس مسترد کر دیا

    شہباز شریف نے انتخابی اصلاحات کے لیے بلایاگیا اجلاس مسترد کر دیا

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے انتخابی اصلاحات کے لیے بلایاگیا اجلاس مسترد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے بعد شہباز شریف نے بھی انتخابی اصلاحات کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بلایا گیا اجلاس مسترد کر دیا ہے۔

    واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گلگت بلتستان انتخابات کے معاملے پر 28 ستمبر کو اجلاس طلب کر رکھا ہے۔ شہباز شریف نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسپیکر کو گلگت بلتستان کے انتخابی امور میں مداخلت کا کوئی اختیار نہیں ہے۔

    اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان حساس قومی معاملہ اور کشمیر کاز سے جڑا ہوا ہے، موجودہ حکومت اس معاملے کو اپنی سیاست کی بھینٹ نہ چڑھائے، اور وفاقی حکومت جی بی میں شفاف انتخابات کے عمل میں رکاوٹ نہ بنے۔

    گلگت بلتستان الیکشن: پیپلز پارٹی کا اسپیکر کے طلب کردہ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ

    شہباز شریف نے کہا فسطائی اور آمرانہ رویہ دیکھتے ہوئے کوئی تعاون نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اے پی سی کے نمائندہ اجلاس میں منظور قرارداد اور فیصلوں کی پاسداری کریں گے، حکومت نے ہر تعاون کو ٹھوکر ماری اور اپنی سیاسی ڈراما بازی کے لیے استعمال کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی گلگت بلتستان میں الیکشن سے متعلق اسپیکر اسد قیصر کے طلب کردہ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا تھا، بلاول بھٹو نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر پیغام میں کہا کہ قومی اسمبلی اسپیکر اور وفاقی وزرا کاگلگت بلتستان الیکشن سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، ہم گلگت بلتستان الیکشن میں وفاقی حکومت کی مداخلت کی مذمت کرتے ہیں۔

  • شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں پیر تک توسیع

    شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں پیر تک توسیع

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ضمانت میں پیر تک توسیع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں میاں شہباز شریف کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے۔

    اپوزیشن لیڈر کے وکیل نے سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے مشیر اعلان کر رہے ہیں کہ ہم شہباز شریف کو جیل میں ڈال کر نشان عبرت بنائیں گے۔ یہ طے کر کے بیٹھے ہیں کہ شہباز شریف جیل جانے کے لیے اپنے کپڑے ساتھ لائیں۔

    امجد پرویز نے کہا کہ نیب پہلے دن سے شہباز شریف کو گرفتار کرنے کا دماغ بنا چکا ہے، جب ریفرنس فائل ہو چکا ہے تو پھر گرفتاری کی کیا ضرورت ہے؟

    قائد حزب اختلاف کے وکیل نے کہا کہ شہباز شریف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں، ان کی آئینی ذمہ داریاں ہیں، شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا جسے عدالت نے کالعدم قرار دیا۔

    شہباز شریف نے عدالت میں بیان دیا کہ جس دن سنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے فلائٹس بند ہو رہی ہیں،آخری فلاٸٹ تھی جس کے ذریعے ملک واپس آیا اور نیب کی کارروائی کا سامنا کیا۔

    بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 28 ستمبر تک توسیع کر دی۔