Tag: مسلم لیگ ن

  • وزیر اعظم کی کوشش ہے کہ میں جیل جاؤں: شہباز شریف

    وزیر اعظم کی کوشش ہے کہ میں جیل جاؤں: شہباز شریف

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم آواز اٹھاتے رہیں گے، مجھے جیل بھی جانا پڑا تو کوئی بعید نہیں، وزیر اعظم کی کوشش ہے کہ میں جیل جاؤں۔

    لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج قوم کی ماؤں بیٹیوں کو بھی عدالتی کٹہروں میں کھڑا کیا جا رہا ہے، میرے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن کا بھی ثبوت سامنے نہیں لایا جا سکا ہے، قبر میں جانے کے بعد بھی کرپشن نکل آئے تو مجھے قبر سے نکال کر پول پر لٹکا دیں۔

    انھوں نے کہا ایف آئی اے اور آئی بی لوگوں کو دن رات گھروں سے اٹھا رہی ہے، قیامت تک ایک بھی کرپشن سامنے آ جائے تو مجھے معاف مت کیجئے گا، میں جیل نہ گیا تو میں یا میرے ساتھی ان کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ماضی میں انھوں نے نواز شریف کی قیادت میں منصوبوں میں ایک ہزار ارب کی نیٹ سیونگ کی، جس کی 72 سالہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی، لیکن مجھ پر تین الزام لگائے گئے ہیں، الزام لگا کہ جاوید نامی صاحب فرنٹ مین سے میں نے 27 ارب رشوت لی، اس الزام پر وزیر اعظم کو نوٹس بھیجا لیکن اس کا آج تک جواب نہیں آیا۔

    عدالت نے اینٹی کرپشن کو شہباز شریف فیملی کی شوگر ملز العربیہ کو ہراساں کرنے سے روک دیا

    انھوں نے کہا دوسرا الزام یہ لگایا گیا کہ شہباز شریف نے مجھے پاناما میں 10 ارب کی آفر کی، 10 ارب کی آفر پر بھی نوٹس بھجوایا، لیکن ڈھائی سال گزر گئے کچھ ثابت نہ ہوا، تیسرا الزام مجھ پر لگایا گیا کہ ملتان میٹرو یابیٹ کمپنی سے 17 ارب کمیشن لی، پنجاب کے 3 میٹرو منصوبے 57 کلو میٹر طویل ہیں اور 100 ارب میں بنے ہیں، پشاور کی ایک بی آر ٹی جو 27 کلو میٹر طویل ہے صرف یہی 100 ارب میں بنی، اگر پنجاب میں میٹرو بسیں بنائیں یہ میں نے اپنی ذات کے لیے تو نہیں بنائیں۔

    شہباز شریف نے کہا چین کے قرضے سے بنائی جانے والی اورنج لائن 2 سال سے تاخیر کا شکار ہے، حکومت نے دو سال لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے میں ضائع کر دیے، سیف سٹی کے منصوبے نے رانا ثناء اللہ کے لیے گواہی کا کردارادا کیا، 2006 میں اسلام آباد میں 2000 ہزار کیمروں کا منصوبہ 12 ارب میں لگا، بجلی کے 4 منصوبے لگائے گئے جسے دنیا کی تاریخ میں کم عرصے میں مکمل کیا گیا، اگر ٹرانسپورٹ، سستی کھاد، اور بجلی منصوبے میرا جرم ہیں تو یہ جرم سو بار کروں گا۔

  • ن لیگ کے مفرور قائد نواز شریف نے ٹوئٹر اکاؤنٹ بنا لیا

    ن لیگ کے مفرور قائد نواز شریف نے ٹوئٹر اکاؤنٹ بنا لیا

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے مفرور قائد سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے بھی ٹوئٹر اکاؤنٹ بنا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مقدمات کا سامنا کرنے والے اور لندن میں علاج کی غرض سے مقیم نواز شریف نے لوگوں کے ساتھ منسلک رہنے کے لیے ٹوئٹر اکاؤنٹ بنا لیا۔

    ان کی صاحب زادی مریم نواز نے والد کے ٹوئٹر اکاؤنٹ بنانے کی تصدیق کر دی ہے۔

    مریم نواز نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ وہ مسرت کے ساتھ یہ اعلان کر رہی ہیں کہ پاکستان کے عوام کے ساتھ جڑے رہنے کے لیے میاں نواز شریف نے ٹوئٹر جوائن کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    نواز شریف نے اپنا پہلا ٹوئٹ بھی کر دیا ہے، جس میں انھوں نے اپنا مقبول نعرہ لکھا ہے: ووٹ کو عزت دو۔

    اے پی سی، متحدہ الائنس کی تشکیل کا امکان، نواز شریف خطاب کریں گے

    واضح رہے کہ کل اسلام آباد میں منعقد ہونے والی اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں نواز شریف نے بھی خطاب کا فیصلہ کیا ہے، یہ خطاب براہ راست لندن سے سوشل میڈیا پر نشر کیا جائے گا۔

    نواز شریف کے خطاب کو سوشل میڈیا پر نشر کرنے کے انتظامات کر لیے گئے ہیں، ان کا خطاب فیس بک، ٹویٹر اور انسٹاگرام پر براہ راست نشر ہوگا، معلوم ہوا ہے کہ نواز شریف اپنے بیٹے حسن نواز کے دفتر سے ورچوئل خطاب کریں گے، اس سلسلے میں مسلم لیگ ن برطانیہ کا سوشل میڈیا سیل متحرک ہو گیا ہے۔

    خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا ٹوئٹر ہینڈل اسی پس منظر میں بنایا گیا ہے۔ نواز شریف کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ بنتے ہی فالوورز بڑی تیزی سے ان کو فالو کرنے لگے ہیں، ابتدائی ایک گھنٹے میں فالوورز کی تعداد 15 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

  • اسپتال منتقلی کی حمزہ شہباز کی درخواست مسترد ہو گئی

    اسپتال منتقلی کی حمزہ شہباز کی درخواست مسترد ہو گئی

    لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے حمزہ شہباز کی اسپتال منتقلی کی درخواست مسترد کر دی۔

    ذرایع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے حمزہ شہباز کو کرونا ہونے پر اتفاق اسپتال منتقلی کی درخواست دی گئی تھی، جسے صوبائی محکمہ داخلہ نے مسترد کر دیا ہے۔

    درخواست میں حمزہ شہباز کی میڈیکل رپورٹس بھی منسلک کی گئی تھیں، درخواست مسترد ہونے پر لیگی رہنما عمران گورائیہ نے ردِ عمل میں کہا کہ پنجاب حکومت حمزہ شہباز کی صحت پر سیاست کر رہی ہے۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل کوٹ لکھپت جیل میں قید کے دوران پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف کی طبیعت خراب ہو گئی تھی۔

    حمزہ شہباز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    حمزہ شہباز کو پیٹ میں درد اور قے کی شکایات تھیں، جس پر جیل سپرنٹنڈنٹ کو آگاہ کیا گیا، جیل کے اسپتال عملے نے ان کے ٹائفائیڈ اور کرونا وائرس کے ٹیسٹ کرائے، گزشتہ روز رپورٹس آئے تو بتایا گیا کہ دونوں نارمل ہیں، تاہم آج اس بات کی تصدیق کی گئی کہ حمزہ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

    مسلم لیگ ن کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ حمزہ شہباز کو وِڈ پازیٹو ہو گئے ہیں، انھیں جلد اسپتال منتقل کیا جائے۔

    ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگ زیب نے بھی حمزہ شہباز کو فوری اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ علاج میں سستی اور لاپروائی سے حمزہ شہباز کی صحت خطرے سے دوچار ہو سکتی ہے۔

    خیال رہے گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی جیل میں حمزہ شہباز سے ملاقات کی تھی۔

  • جیل میں حمزہ شہباز کی طبیعت خراب ہو گئی

    جیل میں حمزہ شہباز کی طبیعت خراب ہو گئی

    لاہور: کوٹ لکھپت جیل میں قید حمزہ شہباز شریف کی طبیعت خراب ہو گئی۔

    کوٹ لکھپت جیل کے ذرایع کے مطابق حمزہ شہباز کی طبیعت دوران قید خراب ہو گئی ہے، حمزہ شہباز نے طبیعت خرابی سے جیل سپرنٹندنٹ کو آگاہ کر دیا۔

    جیل ذرایع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کو پیٹ میں درد اور قے کی شکایات ہیں، وہ گزشتہ دو دن سے طبیعت میں خرابی محسوس کر رہے تھے۔

    جیل کے اسپتال کے عملے نے حمزہ شہباز کا چیک اپ بھی کیا ہے، ذرایع نے بتایا کہ کل صبح حمزہ شہباز کے میڈیکل ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے حمزہ شہباز کو گرفتار کیا تھا، وہ ریمانڈ پر جیل میں ہیں، نیب کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز، سلمان شہباز، شہباز شریف اور نصرت شہباز نے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی ہے۔

    نیب کے مطابق شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ نے جعلی غیر ملکی ترسیلات کے ذریعے کالے دھن کو سفید کیا، حمزہ شہباز کے وعدہ معاف گواہ بھی بیان قلم بند کروا چکے ہیں۔

    گزشتہ ماہ لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کی تھی تاہم دونوں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ مقدمہ جھوٹا ہے۔

  • شہباز شریف بدھ کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے

    شہباز شریف بدھ کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے

    لاہور: مسلم لیگ ن کے صد و قائد حزب اختلاف شہباز شریف بدھ کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ شہباز شریف 2 ستمبر کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔دورے کے دوران شہباز شریف معروف سماجی رہنما فیصل ایدھی سےملاقات کریں گے۔

    شہباز شریف بارش سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کریں گے اور متاثرین سے ملاقات کریں گے۔مسلم لیگ ن کے صدر حالیہ بارشوں میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف ناظم آباد میں ن لیگ کے دفتر کاا فتتاح کریں گے اور میڈیا سے بھی بات چیت کریں گے۔شہباز شریف کراچی دورہ کر کے رات کو واپس لاہور روانہ ہوں گے۔

    یاد رہے کہ 27 اگست کو مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہونے والی موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں ہونے والی جانی نقصان اور املاک کے نقصان پر انتہائی معذرت خواہ ہوں۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو تعاون کرنا چاہیے اور مشکلات کا شکار لوگوں کی آسانیوں کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔

  • ن لیگ سے ہمیشہ وفا کی، بدلے میں بے وفائی ملی، زرداری کا شکوہ

    ن لیگ سے ہمیشہ وفا کی، بدلے میں بے وفائی ملی، زرداری کا شکوہ

    کراچی: پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ ہم نے ن لیگ سے ہمیشہ وفا کی انہوں ںے وفا نہیں کی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی سی ای سی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس میں سابق صدر آصف زرداری نے شکوہ کیا کہ ہم جب بھی ن لیگ سے ہاتھ ملاتے ہیں وہ آگے بڑھ جاتے ہیں، اگر ن لیگ پیچھے ہٹی تو ہم اپنی اے پی سی بلائیں گے۔

    آصف زرداری نے کہا کہ پی پی ہمیشہ سیاسی و جمہوری قوتوں کو ساتھ لے کر چلی ہے، روایت برقرار رکھیں گے، پہلے بھی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اب بھی کریں گے۔

    سابق صدر نے کہا کہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، میں خود پیر کے روز عدالت کے سامنے پیش ہوں گا، آمرانہ سوچ کا ہمت اور بہادری کے ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

    مزید پڑھیں: توشہ خانہ کیس: آصف علی زرداری کا احتساب عدالت پیش ہونے کا فیصلہ

    آصف زرداری نے کہا کہ ماضی میں بھی مقدمات بنانے والوں نے مقدمہ ثابت نہیں کیا اب بھی نہیں کرپائیں گے۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت میں 17 اگست کو توشہ خانہ کیس میں سماعت ہوگی، سابق صدر آصف علی زرداری نے احتساب عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ آصف زرداری،فریال تالپور کل کراچی سے اسلام آباد پہنچیں گے۔پیپلزپارٹی نے آصف علی زرداری کی پیشی پر بھرپور شو آف پاور کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پی پی ارکان پارلیمان اور پیپلز لائرز فورم کے ارکان کو 17 اگست کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • آئینی و قانونی معاملات میں غنڈہ گردی کے ذریعے مداخلت کی گئی، نیب نے اعلامیہ جاری کر دیا

    آئینی و قانونی معاملات میں غنڈہ گردی کے ذریعے مداخلت کی گئی، نیب نے اعلامیہ جاری کر دیا

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے مریم نواز کی پیشی کے موقع پر ن لیگی کارکنوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی پر اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج مریم نواز کو ذاتی حیثیت میں مؤقف دینے کے لیے طلب کیا گیا تھا، لیکن لیگی کارکنوں نے منظم انداز میں غنڈہ گردی کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیب نے اعلامیے میں ن لیگی کارکنوں کی غنڈہ گردی کو آئینی و قانونی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیب دفتر کے باہرغنڈہ گردی کر کے پتھراؤ اور بد نظمی کی گئی، شرپسند عناصر کے پتھراؤ سے نیب عمارت کو بھی نقصان پہنچا، اور کار سرکار میں مداخلت کی گئی۔

    اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب نے لیگی رہنما اور کارکنوں کے خلاف مقدمے کی منظوری دے دی، لیگی کارکنان کے خلاف غیر قانونی اقدام، کارسرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج ہوگا۔

    نیب نے کہا ہے کہ 20 سالہ دور میں پہلی بار نیب کے ساتھ یہ برتاؤ کیا گیا، عمارت پر پتھراؤ کیا گیا اور شیشے توڑے گئے، پتھراؤ سے نیب ملازمین بھی زخمی ہوئے۔

    آج نیب لاہور آفس کے باہر کیا ہوا؟ تفصیل یہاں

    قبل ازیں، نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کے بعد نیب نے ہنگامی اجلاس طلب کیا، جس میں ڈی جی نیب نے ہنگامہ آرائی پر پراسکیوشن ونگ سے قانونی رائے مانگی، پراسیکوشن ونگ نے بتایا کہ ملوث افراد کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج ہو سکتا ہے، جس پر ڈی جی نیب نے پراسیکوشن ونگ کو درخواست تیار کرنے کی ہدایت کی۔

    نیب ذرایع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مریم نواز کی دوبارہ طلبی پر غور کیا گیا، اب انھیں آئندہ ہفتے دوبارہ طلب کیے جانے کا نوٹس جاری ہوگا۔

  • عثمان بزدار سے ملاقات، ن لیگ ارکان اسمبلی کو شوکاز نوٹس، پیپلزپارٹی ایم پی اے لوٹا قرار

    عثمان بزدار سے ملاقات، ن لیگ ارکان اسمبلی کو شوکاز نوٹس، پیپلزپارٹی ایم پی اے لوٹا قرار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے پر پیپلزپارٹی نے اپنے ہی رکن پنجاب اسمبلی غضنفر لنگاہ کو لوٹا قرار دے دیا، مسلم لیگ ن نے بھی اپنے ارکان اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کردئیے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی نے اپنے رہی رکن پنجاب اسمبلی کو غضنفر لنگاہ کو لوٹا قرار دے دیا، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی۔

    پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر پنجاب حسن مرتضیٰ نے غضنفر لنگاہ کا اسمبلی میں گھیراؤ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ غضنفر لنگاہ اب ایوان میں نہیں بیٹھ سکیں گے۔

    واضح رہے کہ ارکان پنجاب اسمبلی کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے بعد مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی میں کھلبلی مچ گئی ہے، ن لیگ نے ملاقات کرنے والوں کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

    مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی نشاط ڈاہا نے کہا کہ حلقے کے مسائل پر بات کرنے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے پاس گئے تھے اس کے لیے پارٹی کی اجازت کی ضرورت نہیں تھی۔

    رکن اسمبلی نشاط ڈاہا نے شوکاز نوٹس کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی حلقے کے مسائل کے لیے عثمان بزدار سے ملاقات کے لیے جانا پڑا تو وہ جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے حمزہ شہباز سے ملاقات کی جس میں تنظیم سازی اور لیگی ارکان کی عثمان بزدار سے ملاقات پر بات چیت کی گئی اور ملاقات کرنے والوں کے خلاف کارروائی پر مشاورت کی گئی۔

  • نیب نے ن لیگی رہنما خواجہ آصف کو طلب کر لیا

    نیب نے ن لیگی رہنما خواجہ آصف کو طلب کر لیا

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کو 26 جون کو طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے ن لیگی رہنما خواجہ آصف کو کینٹ ہاؤسنگ سوسائٹی سیالکوٹ کیس میں 26 جون کو صبح 11 بجے طلب کیا ہے۔

    نیب نوٹس میں خواجہ آصف سے پوچھا گیا ہے کہ آپ کی اہلیہ اور بچوں نے کینٹ ویوسوسائٹی میں سرمایہ کاری کے لیے فنڈز کہاں سے لیے؟

    ذرائع کے مطابق خواجہ آصف پر الزام ہے کہ انہوں نے موجودہ زمین سے زیادہ فروخت کی،خواجہ آصف پر اختیارات سے تجاوز کرنے کا بھی الزام ہے، اس کیس میں خواجہ آصف کے اہل خانہ بھی شامل ہیں۔

    اس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثہ کیس میں طلب کر چکا ہے۔

    نیب اجلاس: متعدد افراد کے خلاف تحقیقات کی منظوری

    یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکتو بورڈ نے 3 انوسٹی گیشنز کی منظوری دی تھی۔

    چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں سابق سیشن جج خضر حیات سمیت دیگر افراد کے خلاف انوسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی تھی۔

  • اپوزیشن نے وفاقی حکومت کا بجٹ مسترد کردیا

    اپوزیشن نے وفاقی حکومت کا بجٹ مسترد کردیا

    اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں نے وفاقی حکومت کا بجٹ عوام دشمن قرار دے کر مسترد کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن نے وفاقی حکومت کا بجٹ مسترد کردیا، اپوزیشن کا کہنا ہے کہ غریب کش بجٹ ہے، اس کے نتیجے میں مہنگائی، بیروزگاری میں اضافہ ہوگا۔

    مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اپنی نالائقی پہلے ن لیگ اور اب کرونا سے چھپانے کی کوشش کی، مہنگائی، بیروزگاری، کاروباری بدحالی نے تاریخی ریکارڈ قائم کردئیے ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کے دباؤ پر تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کرنا ظلم ہے، بجٹ سے ملک کی رہی سہی معاشی سانسیں بھی رک جائیں گی، حکومت نے ن لیگ کے زیادہ ترقی اور کم مہنگائی کے فارمولے کو الٹ دیا۔

    انہوں نے کہا کہ بجٹ اور اس کے اہداف غیر حقیقی ہیں، عوامی مشکلات بڑھنے کا خدشہ ہے، 68 سال میں پہلی بار ملکی جی ڈی پی منفی ہوچکی ہے، آئندہ آئی ایم ایف اجلاس سے قبل حکومت منی بجٹ پیش کرے گی۔

    مزید پڑھیں: مالی سال 2020-2021: 71 کھرب 30 ارب روپے کا بجٹ پیش، عوام کے لیے ریلیف

    قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ دو سال میں موجودہ حکومت نے قومی قرض میں 30 فیصد اضافہ کردیا، حکومت مزید اتنا ہی قرض اور لینے کا منصوبہ بنائے ہوئے ہے۔

    پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت نے مایوس کن بجٹ پیش کیا پیپلزپارٹی اسے مسترد کرتی ہے، ایک روایتی بجٹ پیش کیا گیا ہے، یہ پی ٹی آئی اور آئی ایم ایف کا عوام دشمن بجٹ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بجٹ میں عام آدمی کو نہیں امیر طبقے کو ریلیف ملا ہے، بجٹ میں تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، اس بجٹ میں پنشنز میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔

    سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بجٹ مکمل طور پر غلط بیانی پر مبنی ہے، حکومت عوام کی جیب سے پیٹرول لیوی کی مد میں 200 ارب رپے اضافی لے گی، حکومت کے پاس ریونیو نہیں ہے قرضہ لے کر بجٹ بنارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت جانتی ہے ان کے پاس ریونیو نہیں ہے، لیکن خود کو دھوکا دے رہے ہیں، بجٹ کی حقیقت 3 ماہ بعد سامنے آجائے گی۔

    پیپلزپارٹی رہنما نوید قمر کا کہنا تھا کہ بجٹ میں سنگدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا، افراط زر سے قوت خرید میں کمی کے باعث تنخواہ میں اضافے کی توقع تھی، صوبوں سے مل کر اخراجات پر بھی بجٹ میں کوئی بات نظر نہیں آئی۔