Tag: مسلم لیگ ن

  • مودی کا ہاتھ توڑ دیں گے، کشمیر پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے: شہباز شریف

    مودی کا ہاتھ توڑ دیں گے، کشمیر پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے: شہباز شریف

    اسلام آباد: اپوزیشن رہنما شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائد اعظم نے فرمایا تھا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہم مودی کا ہاتھ توڑ دیں گے لیکن قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ گجرات کے قاتل نریندر مودی نے کشمیر پر ظلم و ستم ڈھائے، مودی نے 370 اور 35 اے ختم کر کے کشمیر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔

    انھوں نے کہا کہ 65 کی جنگ میں پوری قوم فوج بن گئی اور دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، حال ہی میں بھارت نے پھر حملہ کرنے کی گندی کوشش کی۔ انھوں نے مودی کو للکار کر کہا، وہ دن دور نہیں مودی، جب ہم تم سے ایک ایک دن کا حساب لیں گے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ کشمیر کی وادی خون سے سرخ ہو چکی ہے اور کتنی قربانی مانگتے ہو، آج ہمیں ٹرمپ کی طرف نہیں دیکھنا اللہ کی طرف دیکھنا ہے، اللہ کی مدد آئے گی اور ضرور آئے گی، شرط یہ ہے کہ ہمیں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہنا ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ٰٰیوم آزادی: مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کشمیر کو آزادی دلانی ہے تو ٹرمپ نہیں اللہ کی مدد چاہیے، ہمیں ٹرمپ سے پیسے اور سہارا نہیں چاہیے، ہمیں خود پر بھروسا کرنا ہوگا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ 72 سال گزر گئے لاکھوں شہیدوں کا حساب کتاب نہیں ہوا، وہ لاکھوں شہید پوچھیں گے کہ اس عظیم پاکستان کے لیے قربانیاں دیں، تم نے کیا کیا اس پاکستان کے ساتھ۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا پاکستان کی تاریخ عظیم کارناموں سے بھری ہوئی ہے، 1998 میں 28 مئی کو ایٹمی دھماکے ہوئے، نواز شریف سے کہا گیا کہ ایٹمی دھماکے نہ کریں، 5 ارب ڈالر کی پیش کش کی گئی، لیکن نواز شریف نے 5 دھماکے کر کے دشمن کے دانت کھٹے کر دیے۔

  • رانا ثنااللہ سمیت دیگرملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 اگست تک توسیع

    رانا ثنااللہ سمیت دیگرملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 اگست تک توسیع

    لاہور:عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 اگست تک توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی خصوصی عدالت میں سابق وزیرقانون پنجاب رانا ثنااللہ کے خلاف منشیات کیس کی سماعت کے دوران شریک ملزم نے استدعا کی کہ اپنا وکیل کرنا ہے عدالت مہلت فراہم کرے۔ عدالت نے شریک ملزم کی استدعا منظور کرلی۔

    عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ اور دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 اگست تک توسیع کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سی سی ٹی وی فوٹیج پیش کرنے اور دیگر ملزمان کو وکیل کرنے کا بھی حکم جاری کردیا۔

    یاد رہے انسداد منشیات فورس نے رانا ثنا اللہ کو اسلام آباد سےلاہورجاتےہوئےموٹر وے سے حراست میں لیا تھا ، راناثنااللہ کی گاڑی سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔

    اینٹی نارکوٹکس فورس نے رانا ثنا اللہ کےخلاف مقدمہ بھی درج کیا تھا ، ایف آئی آر میں کہا گیا رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے 21 کلو سے زائد منشیات برآمد ہوئی ، برآمد منشیات میں 15 کلو ہیروئن بھی شامل ، روکنے پر راناثنااللہ نے اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی کی۔

    ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا تھا رانا ثنا اللہ نےاختیارات کاناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی کوشش کی۔

  • ’مریم صفدر کی گرفتاری انوکھی بات نہیں‘

    ’مریم صفدر کی گرفتاری انوکھی بات نہیں‘

    لاہور: صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مریم صفدر کی گرفتاری کوئی انوکھی بات نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے مریم نواز کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کے بلانے کے باوجود محترمہ پیش نہیں ہوئیں، گرفتاری کوئی انوکھی بات نہیں ہے۔

    فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ منی لانڈرنگ کیا ہوا اربوں روپیہ تحائف کی صورت میں بانٹا گیا تھا، حلوائی کی دکان پر نانا جی فاتحہ والا ماحول بنا رکھا تھا۔

    صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پکڑے لوٹ مار پر جاتے ہیں نعرے جمہوریت کے لگاتے ہیں۔

    فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نئے پاکستان میں بے لاگ احتساب ہورہا ہے، لوٹا ہوا سارا پیسہ واپس پاکستان آئے گا۔

    مزید پڑھیں: چوہدری شوگر ملز کیس: مریم نواز کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا

    واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو نیب کی ٹیم نے حراست میں لیا ہے، گرفتاری چوہدری شوگر ملز کیس میں عمل میں لائی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ چوہدری شوگر ملز کیس میں ایک ملزم یوسف عباس کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، کل احتساب عدالت میں یوسف عباس اور مریم نواز کو پیش کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ چوہدری شوگر مل منی لانڈرنگ کرنے کا ایک گڑھ رہا، جس کے بنانے کے لیے 15 ملین ڈالر قرض لیا گیا۔

    شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو 2008 میں ساڑھے 7 ملین سے زاید شیئر ٹرانسفر کیے گئے تھے، انھوں نے 2010 میں یہ شیئرز یوسف عباس کو ٹرانسفر کر دیے تھے۔

  • مفتاح اسماعیل کو کن وجوہات پر گرفتار کیا گیا، نیب تفصیلات منظر عام پر آگئیں

    مفتاح اسماعیل کو کن وجوہات پر گرفتار کیا گیا، نیب تفصیلات منظر عام پر آگئیں

    اسلام آباد: سابق مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو کن وجوہات پر گرفتار کیا گیا تھا اس حوالے سے نیب کی تفصیلات منظر عام پر آگئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے متعلق نیب تفتیشی افسر ملک زبیر احمد نے رپورٹ احتساب عدالت میں پیش کردی، جس کے مطابق مفتاح اسماعیل کو ایل این جی ٹرمینل ون میں کرپشن پر گرفتار کیا گیا۔

    دستاویز میں کہا گیا ہے کہ مفتاح اسماعیل کے مفرور ہونے کے بھی قوی امکانات تھے، ٹھیکہ مفتاح اسماعیل کی مداخلت پر پیپرا رولز نظر انداز کرکے دیا گیا۔

    نیب دستاویز کے مطابق مفتاح اسماعیل اوپن ٹینڈرنگ نہ کرانے میں بھی ملوث پائے گئے ہیں، بطور سابق چیئرمین ایس ایس جی مفتاح اسماعیل نے اختیارات سے تجاوز کیا۔

    مفتاح اسماعیل نے میسیرز کیو ای ڈی کنسلٹنٹ کو بڈنگ کا ٹھیکہ الاٹ کیا، اختیارات کے غلط استعمال سے قومی خزانے کو ایک ارب 56 کروڑ کا نقصان پہنچا۔

    مزید پڑھیں: ایل این جی کیس، مفتاح اسماعیل 11روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    نیب دستاویز میں کہا گیا ہے کہ مفتاح اسماعیل نے سوئی سدرن گیس بورڈ کے فیصلوں کو بھی نظرانداز کیا گیا۔

    دوسری جانب سابق ایم ڈی پی ایس او عمران من پسند کمپنی کو ٹھیکہ دلوانے میں شریک رہے ہیں، شیخ عمران الحق کو ایم ڈی پی ایس او تعینات کرکے نواز نے کی کوشش کی گئی۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں گرفتار سابق مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو گیارہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا اور 19 اگست کو دوبارہ عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

  • نیب نے مریم نواز کو حراست میں لے لیا

    نیب نے مریم نواز کو حراست میں لے لیا

    لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے حراست میں لے لیا ہے، گرفتاری چوہدری شوگر ملز کیس میں عمل میں لائی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو چوہدری شوگر ملز کیس میں طلب کیا تھا تاہم انہوں نے پیش ہونے سے معذرت کرلی اور جیل میں قید اپنے والد میاں نواز شریف سے ملنے چلی گئی تھیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل میں اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کے بعد واپس جاتے ہوئے جیل کے احاطے سے حراست میں لیا گیا ہے اور اب انہیں نیب ہیڈ کوارٹرز پہنچا دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مریم نواز کے نیب کے سامنے پیش نہ ہونے پر باقاعدہ ان کے وارنٹ جاری کیے گئے تھے اور گرفتاری کے وقت انہیں وارنٹ دکھائے بھی گئے اس کے بعد گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ مریم نواز کو تحویل میں لینے کے لیے نیب کی 4 گاڑیاں کوٹ لکھپت جیل پہنچیں۔

    مریم نواز کو کہاں رکھا جائے گا؟

    مریم نواز کو ان کے اپنے ہی گھر میں نظربند کیا جائے گا یا کہیں اور رکھا جائے گا، اس بات کا فیصلہ نیب آفس میں کچھ دیر میں کیا جائے گا۔

    نیب ٹیم نے مریم نواز کی گرفتاری سے چیئرمین نیب کو بھی آگاہ کردیا ہے۔ مریم نواز کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 31 جولائی کو چوہدری شوگر ملز کیس میں طلبی پر مریم نواز نیب دفتر میں پیش ہوئی تھیں، ان کے بھائی حسن اور حسین نواز بیرون ملک ہونے کے باعث پیش نہیں ہوئے تھے۔

    نیب کی مشترکہ ٹیم نے 45 منٹ تک مریم نواز سے تحقیقات کی تھیں اور سوالنامہ بھی دیا تھا، سوالنامے میں چوہدری شوگر ملز سے متعلق جواب مانگے گئے تھے۔

    نیب نے مریم نواز کو 8 اگست کو دوبارہ طلب کیا تھا اور ریکارڈ بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی تھی جبکہ حسن اور حسین نواز کو دوبارہ طلبی کے لیے نوٹس جاری کرنے کا کہا گیا تھا۔

  • تحریک عدم اعتماد، ن لیگ کے دو گروپ کھل کر سامنے آگئے

    تحریک عدم اعتماد، ن لیگ کے دو گروپ کھل کر سامنے آگئے

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف ووٹ دینے کے معاملے پر اپوزیشن کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں مسلم لیگ ن کے دو گروپ کھل کر سامنے آگئے ہیں، ن لیگ کا ایک دھڑا حاصل بزنجو کی حمایت میں نہیں تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے کئی سینیٹرز پارٹی قیادت سے نالاں تھے، اپوزیشن سے منحرف ارکان ایک دوسرے سے رابطوں میں تھے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز زاہد مشوانی کے مطابق اپوزیشن کے اجلاسوں میں بھی اپنے سینیٹرز پر شک کیا جاتا رہا اور پیپلزپارٹی کے بعض سینیٹرز نے بھی ووٹ پول کیا۔

    اپوزیشن کے بعض سینیٹرز نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف ہونے والی ووٹنگ میں جان بوجھ کر اپنے ووٹ ضائع کیے۔

    مزید پڑھیں: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام

    تحریک عدم اعتماد میں ناکامی پر پیپلزپارٹی کے سینیٹرز نے اپنے استعفے پارٹی قیادت کو بھیج دئیے ہیں، پیپلزپارٹی سینیٹرز کے استعفے بلاول بھٹو کو موصول ہوگئے ہیں۔

    یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی تھی جس کی 64 اراکین نے حمایت کی تھی البتہ جب خفیہ رائے شماری ہوئی تو قرارداد کے حق میں صرف پچاس ووٹ پڑے، مطلوبہ تعداد کا ایک چوتھائی ووٹ نہ ملنے کے سبب قرار داد مسترد کردی گئی۔

    اس سے قبل سینیٹ کے 64 ارکان کی حمایت کے سبب تحریک عدم اعتماد منظور ہوگئی تھی تاہم خفیہ رائے شماری میں صادق سنجرانی فتح یاب قرار پائے ساتھ ہی ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کے خلاف بھی حکومت کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگئی۔

  • رانا ثنا اللہ زمین پر سورہے ہیں، بیڈ اور چارپائی نہیں‌ ہے، شہباز شریف

    رانا ثنا اللہ زمین پر سورہے ہیں، بیڈ اور چارپائی نہیں‌ ہے، شہباز شریف

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کو زمین پر سونے پر مجبور کیا گیا ہے، ان کے پاس نہ بیڈ ہے، نہ چارپائی اور نہ ہی کرسی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں رانا ثنا اللہ سے ملاقات کی، مشکل سے عدالت میں پہنچا اور ان سے ملاقات ہوئی، رانا ثنا کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، دشمن کے ساتھ بھی ایسا سلوک نہیں کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ رانا ثنا اللہ کو چارپائی اور بستر دیا جائے، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رانا ثنا ایوان کے ممبر ہیں، 10 سال صوبائی وزیر قانون رہے ہیں، اپوزیشن لیڈر ہونے کے باوجود مجھے ملنے نہیں دیا جارہا تھا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ عدالت میں بھی مجھے روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کردی گئی تھیں۔

    مزید پڑھیں: قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، ارکان ایک دوسرے کو مارنے کے لیے لپکتے رہے، اجلاس ملتوی

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ کچھ عناصر پاکستان اور علاقائی امن تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں، کون سے چھپے ہاتھ ہیں جو افغانستان میں امن کو نقصان پہنچاتے ہیں، کون سے وہ دشمن ہیں جو وطن پر چھپ کر حملہ کرتے ہیں، افغانستان اور پاکستان کے درمیان امن کی کاوشیں جاری ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ یہ اہم وقت ہے وزیر خارجہ اس ایوان کو اعتماد میں لیں، شہید جوانوں نے عظیم قربانیوں میں ایک اور اضافہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جو وطن کی حفاظت کے لیے جام شہادت نوش کرتے ہیں ہمارے ہیرو ہیں، پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہوئے تو اس ایوان کو کمزور سمجھا جائے گا۔

    اپوزیشن لیڈرنے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر بغیر ڈکٹیشن لیے ایوان کا حق ادا کریں اور جیل میں قید ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں۔

  • لیگی رہنماؤں نےسیاسی آکسیجن کے لیےعرفان صدیقی کی گرفتاری کے معاملےکواچھالا، فردوس عاشق اعوان

    لیگی رہنماؤں نےسیاسی آکسیجن کے لیےعرفان صدیقی کی گرفتاری کے معاملےکواچھالا، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عرفان صدیقی نظام کے ان نقائص کا شکارہوئے جن کی درستگی کے لیے وزیراعظم عمران خان پرعزم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عرفان صدیقی کی گرفتاری کے واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حقائق کی روشنی میں فیصلہ ہوگا کہ قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب کون ہوا؟ جس کسی نے بھی قانون کی خلاف ورزی کی ہوگی اس کو اس کے کیے کی سزا ضرور ملے گی۔

    معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عرفان صدیقی نظام کے ان نقائص کا شکارہوئے جن کی درستگی کے لیے وزیراعظم عمران خان پرعزم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ لیگی رہنماؤں نےسیاسی آکسیجن کے لیےعرفان صدیقی کی گرفتاری کے معاملے کو اچھالا۔

    یاد رہے کہ 25 جولائی کو معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جس سیاہی نے اپوزیشن کا منہ کالا کیا اس پر یہ یوم سیاہ منارہے ہیں، قیدی قیدی ہوتا ہے جیل میں‌ اے یا بی کلاس کا خاتمہ کریں‌ گے۔

  • اپوزیشن لیڈرشہبازشریف کا چیف سیکریٹری پنجاب کوخط

    اپوزیشن لیڈرشہبازشریف کا چیف سیکریٹری پنجاب کوخط

    لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ مناسب درجہ حرارت والے کمرے میں نہ رکھنے سے نوازشریف کے گردے فیل ہوسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے سیل سے اے سی ہٹانا میڈیکل بورڈکی سفارشات کے خلاف ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب نے آئی جی جیل کو17 جولائی کواے سی اتارنے کی ہدایت کی، توجہ حکومت میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی جانب مبذول کرانا چاہتا ہوں۔

    شہبازشریف نے خط میں کہا کہ میڈیکل بورڈ کی پہلی سفارش ہے کہ نوازشریف کو مناسب درجہ حرارت والے کمرے میں رکھا جائے، رپورٹ میں بتایا گیا مناسب درجہ حرارت والے کمرے میں نہ رکھنے سے ان کے گردے فیل ہوسکتے ہیں۔

    مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ حیران ہوں نواز شریف کی صحت پرکلیدی نکتے کو کیسے نظر انداز کردیا گیا، میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔

    شہبازشریف کی جانب سے چیف سیکریٹری کو لکھے گئے خط کی کاپی چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ پنجاب اور آئی جی جیل خانہ جات کو بھی ارسال کردی گئی۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ ماضی میں امیر اور غریب کے لیے علیحدہ قانون بنا کر رکھا تھا، قیدی قیدی ہوتا ہے اے یا بی کلاس کی تفریق کا خاتمہ کرنے ہماری حکومت آئی ہے، جیل میں کوئی امامت کے لیے اپنی سزا بھگتنے جاتا ہے۔

    جیلوں میں قید مجرموں کو خصوصی مراعات نہ دی جائیں: پنجاب حکومت کا خط

    واضح رہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے آئی جی جیل خانہ جات کو خط لکھ کر کہا گیا تھا کہ جیلوں میں قید مجرموں کو خصوصی مراعات نہ دی جائیں۔

  • حکومت قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبے کی تحریک لائے حمایت کریں گے، احسن اقبال

    حکومت قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبے کی تحریک لائے حمایت کریں گے، احسن اقبال

    لاہور: مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت قومی اسمبلی اجلاس میں جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبوں کی تحریک لائے تو اس کی غیرمشروط حمایت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے پارٹی نائب صدور سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر حکومت ہارس ٹریڈنگ کی کوشش کررہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ امریکا کے اختتام پر کوئی مشترکہ اعلامیہ جاری کرنا چاہئے تھا، عمران خان کے دورہ امریکا پرکوئی اعلامیہ ہی جاری نہیں کیا گیا۔

    نون لیگ کے مرکزی سیکریٹری جنرل نے نواز شریف سے جیل میں اے سی اور ٹی وی کی سہولت واپس لینے کے اعلان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ناخوشگوار صورت حال کی ذمہ داری وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر ہوگی۔

    مزید پڑھیں: ہمیں گرفتاری سے نہ ڈراؤ، ہر قربانی دیں گے، احسن اقبال

    واضح رہے کہ دو روز قبل احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمیں گرفتاری سے نہ ڈراؤ ہم ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، حکمران خود کو گورباچوف ثابت کررہے ہیں، گورباچوف نے بھی اصلاحات کے نام پر روس کو تباہ کیا، ان کو اصلاحات کی الف ب بھی نہیں پتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت کے پاس کوئی معاشی ٹیم نہیں ہے، ان کے پاس صرف کردار کشی اور انتقام کا ایجنڈا ہے، ورلڈ بینک نے کہا تھا پاکستان کی اقتصادیات 2018 اور 19 میں 6 فیصد رہے گی، اب کیوں پاکستان کی ترقی 2.8 فیصد تک گر گئی ہے۔