Tag: مسلم لیگ ن

  • اپوزیشن کے پاس نمبر گیم پورا ہے، راجہ ظفرالحق

    اپوزیشن کے پاس نمبر گیم پورا ہے، راجہ ظفرالحق

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر راجہ ظفرالحق کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے پاس نمبر گیم پورا ہے، تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفرالحق نے اے آروائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اپوزیشن کے تمام سینیٹرز سے رابطے میں ہیں۔

    راجہ ظفرالحق نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس نمبر گیم پورا ہے، نمبر گیم میں کمی کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ سینیٹ اجلاس 23 جولائ تک بلائے جانے کا امکان ہے۔

    اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کیلیے مشترکہ قرارداد جمع کرادی

    اس سے قبل رواں ماہ 9 جولائی کو چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ ظفر الحق کی صدارت میں اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں موجود تمام ارکان نے دستخط کیے تھے۔

    سینیٹرز کے دستخط کے بعد چیئرمین سینیٹ کوہٹانے کے لیے قرارداد سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی تھی ، قرارداد اپوزیشن اراکین نے مشترکہ جمع کرائی تھی ، جس پر 38 ارکان کے دستخط موجود تھے۔

    واضح رہے کہ اس وقت 104 کے ایوان میں 103 ارکان ہیں حلف نہ اٹھانے والے اسحاق ڈار کے بغیر مسلم لیگ ن کے 30 سینیٹرز ہیں، سینیٹ میں اپوزیشن نے 67 سینیٹرز اراکین کی حمایت کا دعوی کیا ہے جبکہ حکومت کو36 ارکان سینیٹ کی حمایت حاصل ہے۔

    پی پی، ن لیگ، نیشنل پارٹی، پی کے میپ، جے یو آئی ف اور اے این پی حکومت کے خلاف جبکہ پی ٹی آئی کے ساتھ ایم کیوایم، آزاد ارکان، فنکشنل لیگ، بی این پی مینگل اور دیگر شامل ہیں۔

  • ایل این جی اسکینڈل: شاہد خاقان عباسی نیب کی طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئے

    ایل این جی اسکینڈل: شاہد خاقان عباسی نیب کی طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئے

    راولپنڈی: مسلم لیگ ن کے رہنما وسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی قومی احتساب بیورو کی طلبی کے باوجود نیب میں پیش نہ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی احتساب بیورو کے احکامات ہوا میں اڑا دیے، طلبی کے باجود نیب کے سامنے پیش نہ ہوئے۔

    شاہد خاقان عباسی نے نیب کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ نیب دفتر پیشی کے لیے تیار ہوں، مناسب وقت دیا جائے، نیب طلبی کا خط گزشتہ روز موصول ہوا، ایک دن کے نوٹس پر نیب دفتر میں پیشی ممکن نہیں۔

    یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں اس وقت کے وزیرپٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطر کے ساتھ ایل این جی دآمد کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔ شاہد خاقان عباسی پر الزم ہے کہ انہوں نے ایل این جی کی درآمد اور تقسیم کا 220 ارب روپے کا ٹھیکہ دیا جس میں وہ خود حصہ دار ہیں۔

    جون 2018 میں من پسند کمپنی کو ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ دینے کے الزام پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وزرائے اعظم و دیگر کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی تھی۔

    ترجمان نیب کے مطابق ملزمان پر من پسند کمپنی کو ایل این جی ٹرمینل کا 15 سال کے لئے ٹھیکے دینے، مبینہ طور پر ملکی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

    واضح رہے سابق وزیراعظم نوازشریف کے دور حکومت میں سابق وزیرپٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطرکے ساتھ ایل این جی درآمد کے معاہدے پردستخط کیے تھے، جس کے تحت پاکستان ہرسال قطر سے 3.75 ملین ٹن ایل این جی خریدے گا جو کہ پاکستان کی قومی ضرورت کا کل 20 فیصد ہے۔

  • منشیات برآمدگی کیس: رانا ثنااللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع

    منشیات برآمدگی کیس: رانا ثنااللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع

    لاہور: عدالت نے مسلم لیگ ن کے گرفتار رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کو14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے این ایف حکام نے مسلم لیگ ن کے گرفتار رکن قومی اسمبلی راناثنا اللہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت میں سماعت کے دوران وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے سماعت پر چالان پیش کرنے کا حکم دیا، عدالتی حکم کے باوجود چالان پیش نہیں کیا گیا۔

    رانا ثنااللہ کے وکیل نے کہا کہ پہلےدن ہی اے این ایف نے کہا جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں، چالان پیش نہ کرنے پرذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں۔ وکیل صفائی نے کہا کہ رانا ثنااللہ دل کے مریض ہیں ادویات نہیں دی جا رہیں۔

    وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت میں کیس کی فائل تک نہیں لائی گئی، پولیس کیس کی فائل کیوں نہیں پیش کرنا چاہتی۔ عدالتی حکم پرسرکاری وکیل نے ابتدائی تفتیشی رپورٹ پیش کردی۔

    رانا ثنااللہ کے وکیل نے کہا کہ یہ کیس سیاسی انتقام کا ہے، عدالت کوبھی نہیں بتایا جا رہا تفتیش کیا ہوئی، کیس فائل کے بغیرکس طرح چلایا جاسکتا ہے۔

    بعدازاں عدالت نے مسلم لیگ ن کے گرفتار رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میںن 14 دن کی توسیع کرتے ہوئے 3 دن میں عبوری چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو حراست میں لے لیا

    یاد رہے یکم جولائی کو انسداد منشیات فورس نے رانا ثنا اللہ کو اسلام آباد سے لاہورجاتے ہوئےموٹر وے سے حراست میں لیا تھا ، راناثنااللہ کی گاڑی سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ہوئی تھی ، جس کے بعد ترجمان اے این ایف نے گرفتاری کی تصدیق کردی تھی۔

  • اپوزیشن نے ایک خاندان کی خاطر پورے ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے‘ راجہ بشارت

    اپوزیشن نے ایک خاندان کی خاطر پورے ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے‘ راجہ بشارت

    لاہور: وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ ہمیں جس مہنگائی اور معاشی بدحالی کا سامنا ہے اس کی ایک وجہ سابقہ حکمرانوں کی غضب ناک کرپشن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر قانون پنجاب وبلدیات راجہ بشارت نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر جاری کرنا اسپیکر کا اختیار ہے جن کی رولنگ کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنا تعمیری کردار ادا نہیں کر رہی ماسوائے غیر اخلاقی نعرہ بازی اور ہلڑ بازی کے جو کہ پارلیمانی روایات کے خلاف ہے۔

    راجہ بشارت نے کہا کہ اپوزیشن نے ایک خاندان کی کرپشن کا دفاع کرتے کرتے پورے ملک کو یرغمال بنالیا ہے اورعدلیہ، ججز سمیت کسی ادارے کو نہیں بخشا، جس کے انتہائی نتائج خطرناک نکلیں گے اور قوم مزید مشکلات کی شکار ہوجائے گی۔

    وزیرقانون پنجاب نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی بیرونی امداد میں مبینہ خوردبرد کا معاملہ شرمناک اور قابل مذمت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جو لوگ اتنے اہم منصب پر بیٹھ کر اختیارت کا ناجائز استعمال کرتے ہیں وہی قوم کی تباہی اورملک کے لیے دنیا میں بدنامی کا باعث بنتے ہیں۔

    وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ ہمیں جس مہنگائی اور معاشی بدحالی کا سامنا ہے اس کی ایک وجہ سابقہ حکمرانوں کی غضب ناک کرپشن ہے۔

  • احسن اقبال کے بھائی پر شہباز شریف کی نوازشات کی تفصیلات تیار

    احسن اقبال کے بھائی پر شہباز شریف کی نوازشات کی تفصیلات تیار

    اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کے بھائی پر شہباز شریف کی نوازشات کی تفصیلات تیار کر لی گئیں، یہ تفصیلات وزیر اعظم کے خصوصی کمیشن کو بھجوائی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے احسن اقبال کے بھائی پر کیا کیا نوازشات کیں، اس کی تفصیلات تیار کر لی گئیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ دستاویزات وفاقی وزیر مراد سعید کی جانب سے کمیشن کو بھجوائی جائیں گی۔

    دستاویزات کے مطابق شہباز شریف نے مصطفیٰ کو پہلے چیئرمین ٹاسک فورس برائے ہارٹی کلچر بنایا، سابق وزیر اعلیٰ نے اختیارات کاغلط استعمال کر کے میٹرو بس کا ٹھیکا بھی دلوایا۔

    دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ لبرٹی مارکیٹ پارکنگ سمیت متعدد بڑے منصوبوں کے ٹھیکے بھی دیے گئے، اس عمل میں پیپرا رولز کو یکسر اٹھا کر ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا گیا، پنجاب یونی ورسٹی کا کنٹریکٹ بھی شہباز شریف کے کہنے پر دیا گیا۔

    مزید تازہ خبریں پڑھیں:  پیراگون اسکینڈل: خواجہ برادران کے خلاف سماعت 16 جولائی تک ملتوی کردی

    ریکارڈ کے مطابق احسن اقبال کے بھائی مصطفی کو خلاف ضابطہ پانچ کنٹریکٹ دیے گئے، تمام ٹھیکے دینے میں پیپرا رولز کی واضح خلاف ورزی کی گئی۔

    وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا ہے کہ سیاسی ارسطو نے کرپشن اور اقربا پروری کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے، پاکستان میں نظام سیاست اور حکومت تیزی سے بدل رہے ہیں۔

    مراد سعید نے کہا کہ جمہوریت کی آڑ میں قوم کو لوٹنے کی رسم مزید نہیں چلے گی، جس نے بھی قومی وسائل پر ہاتھ صاف کیے اسے جواب دینا ہوگا۔

  • جس ویڈیو کا فرانزک ہونا ہے، وہ تو ن لیگ نے الماری میں رکھی ہوئی ہے: اعتزاز احسن

    جس ویڈیو کا فرانزک ہونا ہے، وہ تو ن لیگ نے الماری میں رکھی ہوئی ہے: اعتزاز احسن

    لاہور: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنمااعتزاز احسن نے کہا ہے کہ اگر ویڈیو عدالت میں پیش نہیں کی جاتی، تو پھر میاں صاحب ن لیگ کے قیدی ہوں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کیے۔ انھوں نے کہا کہ فرانزک جس چیز کا ہونا ہے، وہ تو ن لیگ نے الماری میں رکھی ہوئی ہے۔

     اگر نوازشریف کی بےگناہی کا ثبوت آئے ہیں، تو ن لیگ کو بےچین ہونا چاہیے، ن لیگ کو چاہیے کہ وہ ثبوت فوری عدالت میں پیش کر دے۔

    انھوں نے کہا کہ نوازشریف کے لئےمریم اکیلی کھڑی ہے، اس کے بھائی بھی ساتھ چھوڑ گئے، میں سمجھتاہوں مریم بی بی بھی مس گائیڈ ہورہی ہیں،

    انھوں نے کہا کہ فرانزک اصل ویڈیو کا ہونا ہے، ویڈیو کے صرف کچھ حصے میڈیا پر دکھا گئے، شاہد خاقان نے یہ کیسے کہہ دیا کہ فرانزک ہوگئی، ویڈیو عدالت میں پیش ہی نہیں کی گئی، تو فرانزک کیسے ہوگیا۔

    مزید پڑھیں: ویڈیو پر عدلیہ کو نوٹس لینا چاہیے: اٹارنی جنرل انور منصور خان

    اعتزاز احسن نے کہا کہ میاں صاحب جوڈیشل آرڈرپرقید ہیں، انتظامی بنیاد پر رہا نہیں کیا جا سکتا، ویڈیو کا فرانزک ایفی ڈیوڈ کے ساتھ عدالت میں پیش ہوگا، تو ہی کچھ ہوسکتا ہے۔ ویڈیو میں موجود شخص اور ناصر بٹ کو عدالت میں پیش ہونا ہوگا، ویڈیو ایڈٹ کرنے والے کو بھی عدالت میں پیش ہوکرحلف اٹھانا ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر ہائی کورٹ کے پاس سوموٹو لینا کا اختیار نہیں ہے، عدالت میں ویڈیو پر پٹیشنرسمیت تمام لوگوں کےحلف نامےجمع ہوں گے۔

  • معاشرے سےغربت، مہنگائی اوربیروزگاری کا خاتمہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، نعیم الحق

    معاشرے سےغربت، مہنگائی اوربیروزگاری کا خاتمہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، نعیم الحق

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے اپنے خلاف سنائے جانے والے عدالتی فیصلوں پر ہمیشہ تنقید کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے متعدد فلاحی منصوبے شروع کیے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ معاشرے سےغربت، مہنگائی اوربیروزگاری کا خاتمہ کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    نعیم الحق نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے خلاف سنائے جانے والے عدالتی فیصلوں پر ہمیشہ تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا اپوزیشن کی جماعتیں قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کرسکتی ہیں۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا عدالت مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم صفدر کی جانب سے دکھائی جانے والی ویڈیو کی تحقیقات کرے۔

    وزیراعظم عمران خان نےپاکستانی قوم کونئی امید دی ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا اپوزیشن لوٹ مارکی دولت بچانے کی ناکام کوشش کررہی ہے، وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی قوم کو نئی امید دی، شفاف قیادت ہی کرپشن فری پاکستان بنائےگی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مزید کہا تھا کہ جن عناصرنےقومی خزانہ لوٹاانہیں حساب بھی دینا ہوگا۔

  • مسلم لیگ ن کی جانب سے اداروں پر حملے، وزیر اعظم کی جواب دینے کی ہدایت

    مسلم لیگ ن کی جانب سے اداروں پر حملے، وزیر اعظم کی جواب دینے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے اداروں پر حملوں کا جواب دیا جائے، اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجمانوں کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے ترجمانوں کو اہم ٹاسک سونپ دیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے اداروں پر حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے، اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    وزیر اعظم کے ہدایت کی کہ ن لیگ کے ہتھکنڈوں کا بھرپور جواب دیا جائے، ن لیگ ماضی میں بھی عدلیہ پر دباؤ ڈالتی رہی ہے۔ ’یہ نیا پاکستان ہے، اب ایسا نہیں چلے گا‘۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا کوئی حربہ کارگر ثابت نہیں ہوسکے گا، انہوں نے ایک بار اس عزم کا اعادہ کیا کہ احتساب کا عمل جاری رہے گا۔

    اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بطور سربراہ مملکت ذاتی اخراجات کی تفصیل طلب کی ہے۔

    وزیر اعظم نے دریافت کیا ہے کہ سنہ 2008 سے سربراہان مملکت اور ارکان پارلیمنٹ نے قومی خزانے کو کتنا نقصان پہنچایا؟ اور بیرون ملک دوروں، علاج، سیکیورٹی اور کیمپ آفس کے نام پر کتنی رقم وصول کی؟

    وزیر اعظم کی ہدایت پر وزارت خارجہ اور کابینہ ڈویژن مذکورہ تفصیلات کل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کریں گے۔

  • مبینہ ویڈیو کے فرانزک آڈٹ سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا، ہمایوں اخترخان

    مبینہ ویڈیو کے فرانزک آڈٹ سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا، ہمایوں اخترخان

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر خان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اپنی کرپشن سے توجہ ہٹانے کے لیے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ماضی میں عدالتوں پر کن لوگوں نے حملے کیے اور کن کی ٹیپس منظر عام پر آئیں قوم اس سے بخوبی آگاہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے جو مبینہ آڈیو،ویڈیو جاری کی ہے اس کے فرانزک آڈٹ سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

    ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنی کرپشن سے توجہ ہٹانے کے لیے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سابقہ دور میں عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے اپنی انا کی تسکین کے لیے منصوبے مکمل کیے گئے اور عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں تھیں۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ انشا اللہ نئے بلدیاتی نظام کے تحت اداروں کے قیام کے بعد عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔

    مریم نواز احتساب عدالت کے جج کی مبینہ ویڈیو سامنے لے آئیں

    یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے والد اور پارٹی قائد نوازشریف کے خلاف احتساب عدالت کے کیس میں جج ارشد ملک کی خفیہ کیمرے سے بنی مبینہ ویڈیو سامنے لائی تھیں۔

  • نوازشریف نے میرے والد اور تایا کے قاتل کی پشت پناہی کی، جواد ملک

    نوازشریف نے میرے والد اور تایا کے قاتل کی پشت پناہی کی، جواد ملک

    کراچی: راولپنڈی میں ناصربٹ کے ہاتھوں قتل ہونے والے ملک اکرم کے بیٹے جواد ملک کا کہنا ہے کہ ناصربٹ کے خلاف مقدمہ درج کرایا لیکن والد اور تایا کے قتل پرانصاف نہ ملا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ناصربٹ کے ہاتھوں قتل ہونے والے ملک اکرم کے بیٹے جواد ملک نے اے آروائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ناصر بٹ کی وجہ سے پاکستان چھوڑا، ناصربٹ کے خلاف مقدمہ درج کرایا اور کیس بھی چلایا۔

    انہوں نے کہا کہ مقدمہ درج ہونے کے باوجود ناصر بٹ آزاد گھومتا ہے، والد اور تایا کے قتل پرانصاف نہ ملا۔

    جواد ملک نے کہا کہ انصاف نہ ملنے کے باعث امریکا میں رہتا ہوں اور امریکی شہری ہوں، میری آنٹی اور ان کا بیٹا بھی انصاف نہ ملنے پر امریکا میں مقیم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف حکومت نے مایوس کیا، نوازشریف نے میرے والد اور تایا کے قاتل کی پشت پناہی کی، عمران خان سے اپیل کرتا ہوں مجھے انصاف دلائیں۔

    مبینہ ویڈیو اسکینڈل، ناصر بٹ کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ منظرِ عام پر

    واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے مبینہ ویڈیو اسکینڈل سامنے آنے کے بعد ناصر بٹ کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ بھی منظر عام پر آ گیا۔ ناصر بٹ کے خلاف راولپنڈی اور اسلام آباد کے تھانوں میں 14 مقدمات درج ہیں۔