Tag: مسلم لیگ ن

  • شانگلہ الپوری روڈ تعمیر میں مبینہ کرپشن، ن لیگی رہنما امیر مقام کا بیٹا گرفتار

    شانگلہ الپوری روڈ تعمیر میں مبینہ کرپشن، ن لیگی رہنما امیر مقام کا بیٹا گرفتار

    پشاور: شانگلہ الپوری روڈ تعمیر میں مبینہ کرپشن کیس میں ایف آئی اے کے پی نے ن لیگی رہنما امیر مقام کے بیٹے کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق شانگلہ الپوری روڈ تعمیر میں مبینہ کرپشن کیس میں ایف آئی اے خیبرپختونخوا نے ن لیگی رہنما امیر مقام کے بیٹے اشتیاق کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    [bs-quote quote=”پراجیکٹ امیر مقام اینڈ کمپنی کو 850 ملین میں ایک سال میں مکمل کرنا تھا، پراجیکٹ 10 سال بعد بھی مکمل نہ ہوسکا” style=”style-8″ align=”left” author_name=”ذرائع ایف آئی اے”][/bs-quote]

    ایف آئی اے کے مطابق شانگلہ الپوری روڈ تعمیر میں مبینہ کرپشن کی انکوائری مکمل کرلی گئی ہے، امیر مقام کے بیٹے اشتیاق سمیت دیگر 5 ٹھیکیداروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایف آئی آر میں ٹھیکیداروں، پراجیکٹ ڈائریکٹر، این ایچ اے، انجینئرز کو بھی نامزد کیا گیا ہے، انکوائری میں این ایچ اے کے 11 افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق انکوائری میں امیر مقام اینڈ کمپنی کو بلیک لسٹ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    امیرمقام اینڈ کمپنی سے 626 ملین کی ریکوری کی بھی تجویز دی گئی ہے، پراجیکٹ امیر مقام اینڈ کمپنی کو 850 ملین میں ایک سال میں مکمل کرنا تھا، پراجیکٹ 10 سال بعد بھی مکمل نہ ہوسکا، تخمینہ 2800 ملین سے تجاوز کرچکا ہے۔

  • حکومت کے خلاف اعلان جنگ کی ضرورت ہی نہیں وہ خود اپنی دشمن ہے، مشاہد اللہ

    حکومت کے خلاف اعلان جنگ کی ضرورت ہی نہیں وہ خود اپنی دشمن ہے، مشاہد اللہ

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف اعلان جنگ کی ضرورت ہی نہیں وہ خود اپنی دشمن ہے، ن لیگ اور نواز شریف کسی کو دشمن نہیں سمجھتی، کوئی اور دشمن سمجھتا ہے تو یہ الگ بات ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ جمہوریت کی سیاست کرتی ہے، انقلاب میں ہمیشہ خون بہتا ہے ہمیں اس سے بچنا چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ مریم نواز چند دن پہلے نائب صدر بنی ہیں اس سے پہلے کارکن تھیں، مریم نواز کی اس سے پہلے کوئی آفیشل ذمہ داری نہیں تھی، بیٹی اور کارکن کی حیثیت سے انتخابی مہم میں شریک ہوئیں، ٹویٹ سے پارٹی نہیں چلائی جاتی، مریم نواز نے بیٹی کے طور پر یکجہتی کا اظہار کیا۔

    سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ پارٹی میں رشتے داری اہمیت رکھتی تو حسین نواز کو تقریر کرنی چاہئے تھی، خاندانی سیاست ہوتی تو نواز شریف کے بعد حسین نواز لیڈر بنتے، بھٹو صاحب جب دنیا میں نہیں رہے تو مرتضیٰ بھٹو کو بین الاقوامی دہشت گرد ڈکلیئر کردیا گیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ پارٹی نے کسی کو بھی کوٹ لکھپت جیل بلانے کی ہدایت نہیں کی تھی، نواز شریف جیل جائیں گے تو لوگ اکٹھے ہوں گے، پارٹی کہتی تو شیخوپورہ، فیصل آباد سے بھی قافلے آتے، کل بغیر کال اتنے لوگ نکلے جس کی مثال نہیں ملتی۔

    مشاہد اللہ نے کہا کہ احتساب میں کہیں نہیں لکھا کہ صرف سابق وزیراعظم کا کیا جائے، احتساب اس کا بھی ہونا چاہئے جس نے کہا میرے پاس 67 ملین روپے ہیں، نواز شریف کو ٹارگٹ کرکے انتقام لیا جارہا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے ایئرپورٹ نہ پہنچنے پر نواز شریف سے کبھی بات نہیں ہوئی، ایک لاکھ کارکن پہنچ جاتا تو ایئرپورٹ کی اینٹ سے اینٹ بج جاتی۔

  • اداکارہ وینا ملک کی مریم نواز پر تنقید

    اداکارہ وینا ملک کی مریم نواز پر تنقید

    لاہور: معروف اداکارہ وینا ملک نے نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز کی حال ہی میں پوسٹ کی جانے والی ٹویٹ پر ان پر تنقید کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی صاحب زادی اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے گزشتہ روز ٹویٹ کیا تھا جس انہوں نے لکھا تھا کہ ’جتنا کٹھن فیصلہ ایک باپ کا بیٹی کا ہاتھ تھامے جیل جانے کا تھا، اتنا ہی کٹھن ایک بیٹی کا اپنے محبوب والد کو جیل چھوڑ کر آنا ہے، مگر میں جاؤں گی۔‘

    مریم نواز کا اپنے ٹویٹ میں یہ بھی کہنا تھا کہ ’مقصد قومی ہے اور باپ بیٹی کے رشتوں سے کہیں بڑا ہے، قومی مقاصد قربانی مانگتے ہیں، کل انشاء اللہ میں کارکنوں کے ساتھ ہوں گی۔‘

    مریم نواز کے ٹویٹ پر تنقید کرتے ہوئے وینا ملک نے لکھا کہ ’جتنا کٹھن فیصلہ ایک باپ کا بیٹی کا ہاتھ تھامے جعل سازی کا تھا، اتنا ہی کٹھن ایک بیٹی کا اپنے چور والد کوذلیل کروانا تھا، مگر میں جاؤں گی۔‘

    اداکارہ وینا ملک نے یہ بھی لکھا کہ ’مقصد سیاسی اور ذاتی ہے اور باپ بیٹی کے رشتوں سے کہیں بڑا ہے، ذاتی مقاصد عوام کی قربانی مانگتے ہیں، کل کارکنوں کو استعمال کروں گی۔‘

  • نواز شریف کی جیل واپسی کے جلوس میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں، رانا ثنا اللہ

    نواز شریف کی جیل واپسی کے جلوس میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں، رانا ثنا اللہ

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی جیل واپسی کے جلوس میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں، موجودہ انتظامیہ جعلی حکمرانوں کے ایجنڈے پر کام نہ کرے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی جلوس کی صورت میں جیل واپسی میں پولیس نے سیکیورٹی کی ذمے داری نبھائی تو ایک پتہ بھی نہیں ٹوٹے گا۔

    انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کے گھر پر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا تھا، نواز شریف کو سیکیورٹی دینا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، نواز شریف کے روٹ پر آنے والے راستے بند نہیں کرنے دیں گے۔

    رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عدالتوں سے انصاف کی امید رکھتے ہیں، روٹ پر آنے والے تمام راستے کھلے رکھے جائیں، کارکنوں کو روکا گیا تو صورت حال کی ذمہ دار حکومت ہوگی، کسی شہری کو روٹ سے آنے سے نہ روکا جائے، کارکنوں کی گرفتاریاں برداشت نہیں کریں گے۔

    مزید پڑھیں: نوازشریف کو قانوناً شام پانچ بجے جیل پہنچنا چاہیے، جیل حکام

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ جعلی حکومت کے خلاف عید کے بعد کوئی مہم چلی تو ن لیگ اس کا حصہ ہوگی، انتظامیہ منفی ہتھکنڈے اپنائے گی تو اپنا ردعمل دیں گے، انتظامیہ نواز شریف کو سیکیورٹی فراہم کرے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم ریلی نہیں نکالنے جارہے، کارکن اظہار یکجہتی کے لیے آرہے ہیں۔

    رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شہباز شریف بجٹ سیشن سے پہلے آجائیں گے، ان کی طبیعت ٹھیک ہے، وہ سالانہ میڈیکل چیک اپ کے لیے لندن گئے ہیں، ابتدائی رپورٹس کے مطابق شہباز شریف ٹھیک ہیں۔

  • مریم نواز کی خبرسن کر لوگوں کی نیندیں اڑگئی ہیں، عظمیٰ بخاری

    مریم نواز کی خبرسن کر لوگوں کی نیندیں اڑگئی ہیں، عظمیٰ بخاری

    لاہور : مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا حکومتی ترجمانو ! آج دیکھناعوام کی اپنےقائدسےمحبت کیاہوتی ہے، مریم نوازکی خبرسن کرلوگوں کی نیندیں اڑگئی ہیں، شاہ سےزیادہ شاہ کےوفادار بننے والوں کو عوام جانتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا مریم نوازکی خبرسن کرلوگوں کی نیندیں اڑگئی ہیں، حکومتی ترجمانو ! آج دیکھناعوام کی اپنےقائدسےمحبت کیاہوتی ہے۔

    عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا شہبازگل عوام کوآپ کےیونیورسٹی ہراساں کیس کاپتہ چل گیا، جھوٹےترجمانوں کی بات کاعوام پراثرنہیں ہوتا، کٹھ پتلیوں کےلئے4 دن کی چاندنی پھراندھیری رات ہے ، شاہ سےزیادہ شاہ کےوفادار بننے والوں کو عوام جانتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : نواز شریف کو شایان شان طریقے سے جیل بھیجیں گے، عظمیٰ بخاری

    گذشتہ روز ن لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا آج بھی پاکستان کی سیاست نواز شریف کے گرد گھومتی ہے، نواز شریف قید کے حق دار نہیں، آئین کو توڑنے والے ڈکٹیٹر کو باہر جانے کی اجازت مل جاتی ہے، ملک کو ترقی دینے تین دفعہ کے وزیراعظم کو علاج کی اجازت تک نہیں ملتی۔

    انھوں نے کہا تھا اپنے قائد کو شایان شان طریقے سے جیل میں بھیجیں گے، ظلم پھر ظلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے، کل تمام راستے کوٹ لکھپت کی طرف رواں دواں ہوں گے، کچھ فیصلے عدالتی کرتی ہیں اور عدالتوں کے کچھ فیصلوں پر تاریخ فیصلہ کرتی ہے۔

    عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا نواز شریف آج بھی ملکی سیاست کا محور ہیں، جیلیں اس طرح کے سیاسی رہنماؤں کو ہمیشہ کے لیے تاریخ میں امر کردیتی ہیں۔

    خیال رہے علاج کیلئے ضمانت پر رہا ہونے والے نواز شریف اپنی چھ ہفتوں کی رہائی مکمل ہونے پر خود کو آج کوٹ لکھپت جیل حکام کے حوالے کریں گے،  سابق وزیراعظم کو لیگی کارکنان جلوس کی شکل میں ان کی رہائش گاہ سے جیل تک لے کر آئیں گے۔

  • نواز شریف کو شایان شان طریقے سے جیل بھیجیں گے، عظمیٰ بخاری

    نواز شریف کو شایان شان طریقے سے جیل بھیجیں گے، عظمیٰ بخاری

    لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آج بھی پاکستان کی سیاست نواز شریف کے گرد گھومتی ہے، اپنے قائد کو شایان شان طریقے سے جیل میں بھیجیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج بھی پاکستان کی سیاست نواز شریف کے گرد گھومتی ہے، نواز شریف قید کے حق دار نہیں، آئین کو توڑنے والے ڈکٹیٹر کو باہر جانے کی اجازت مل جاتی ہے، ملک کو ترقی دینے تین دفعہ کے وزیراعظم کو علاج کی اجازت تک نہیں ملتی۔

    انہوں نے کہا کہ ظلم پھر ظلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے، کل تمام راستے کوٹ لکھپت کی طرف رواں دواں ہوں گے، کچھ فیصلے عدالتی کرتی ہیں اور عدالتوں کے کچھ فیصلوں پر تاریخ فیصلہ کرتی ہے۔

    عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نواز شریف آج بھی ملکی سیاست کا محور ہیں، پاکستان کی سیاست ان کے گرد گھومتی ہے، جیلیں اس طرح کے سیاسی رہنماؤں کو ہمیشہ کے لیے تاریخ میں امر کردیتی ہیں۔

    مزید پڑھیں: چلو چلو کوٹ لکھپت جیل چلو، مریم نواز کا ٹوئٹ

    نواز شریف کی جیل روانگی، ن لیگی قیادت نے تیاری کے نام پر فنڈز مانگ لیے

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی کل کوٹ لکھپت جیل واپسی کے لییے ن لیگ لاہور کے ایم این ایز اور ایم پی ایز سے فی کس 50 ہزار روپے مانگے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹکٹ ہولڈرز بھی 50 ہزار پارٹی فنڈز میں جمع کرانے کے پابند ہوں گے، ن لیگ قیادت کی جانب سے آج پیسے جمع کرانے کی ہدایات کی گئی ہیں، رقم کارکنوں کے لیے ٹرانسپورٹ، پھولوں کی خریداری کے لیے خرچ کی جائے گی۔

    عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کل کے لیے انتظامات کرنے ہیں تو پیسے تو چاہئے ہوں گے، کیمپ، بینرز اور دیگر کاموں کے لیے پیسے درکار ہیں۔

  • عید الفطر کے بعد مسلم لیگ ن سرپرائز دےگی، خواجہ عمران نذیر

    عید الفطر کے بعد مسلم لیگ ن سرپرائز دےگی، خواجہ عمران نذیر

    لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ عمران نذیر نے کہا عید الفطر کے بعد مسلم لیگ ن سرپرائز دےگی، جو چاہتے ہیں شریف فیملی میں لڑائی ہو ان کے منہ پر کل طمانچہ پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ عمران نذیر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کارکنوں نے مطالبہ کیا نواز شریف کو جلوس میں لےجائیں گے، نواز شریف کرپشن پر نہیں بیانیے اور عوام کی حمایت پر سزا کاٹ رہے ہیں۔

    خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا مشرف کو رعایت ملی نوازشریف کوبیماری کےباوجودجیل بھیجاجارہاہے، جولوگ بضد ہیں خود آنا چاہتے ہیں اظہار یکجہتی کے لئے وہ آجائیں، کارکنان کی ضدہےاحتجاج کرتےہوئےجیل تک چھوڑنے جائیں گے۔

    کارکنان کی ضدہےاحتجاج کرتےہوئےجیل تک چھوڑنےجائیں گے

    رہنمامسلم لیگ ن نے کہا حمزہ شہباز نے کہا ہے کارکن بضد ہیں، کارکنوں کواجازت دیدی گئی کل شام مختلف علاقوں سے جلوس نکلیں گے، کارکنان اورارکان اسمبلی کالی پٹیاں باندھیں گے۔

    ان کا کہنا تھا فیصلے پرتحفظات ہیں لیکن رات 12بجے سے پہلے سرنڈرکریں گے، کارکنان کی گرفتاری کوئی نئی چیز نہیں پر امن احتجاج ہوگا ، ریاست مدینہ کے جعلی دعویداروں نےعوام کاجینا محال کردیا ہے۔

    جوچاہتےہیں شریف فیملی میں لڑائی ہوان کےمنہ پرکل طمانچہ پڑے گا

    خواجہ عمران نذیر نے کہا ہماری پارٹی ایک خاندان ہے،مرضی سے پیسے اکٹھے کررہےہیں ، عید الفطر کے بعد مسلم لیگ ن سرپرائز دےگی۔

    ن لیگی رہنما کا کہنا تھا حمزہ شہبازنوازشریف کی گاڑی ڈرائیوکریں گے، جو چاہتے ہیں شریف فیملی میں لڑائی ہو ان کے منہ پر کل طمانچہ پڑے گا ، نوازشریف ان کا ماضی عوام کے سامنے ہیں۔

    خیال رہے 7 مئی کو نوازشریف کی ضمانت پررہائی ختم ہورہی ہے، نوازشریف کل شام خودکو کوٹ لکھپت جیل حکام کےحوالےکریں گے، کارکنان کو نوازشریف سے اظہار یکجہتی کے لئے پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

  • سیاست پیچھے رہ جاتی ہے تو آمریت آجاتی ہے، شاہد خاقان عباسی

    سیاست پیچھے رہ جاتی ہے تو آمریت آجاتی ہے، شاہد خاقان عباسی

    اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جب سیاست پیچھے رہ جاتی ہے تو اس کی جگہ آمریت آجاتی ہے، موجودہ حالات میں سیاسی جماعتوں پر بڑی ذمہ داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے اے آروائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوج قومی مفاد کی بات کرتی ہے ان کی اپنی سوچ ہوتی ہے، معیشت کا تباہ ہونا، مہنگائی بہت خطرناک بات ہے۔

    شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ معیشت خراب ہو تو انارکی پھیلتی ہے پھر آمریت آتی ہے، پارٹی کی تنظیم نو کا عمل 4 سے 5 ماہ سے چل رہا ہے، پارٹی کے اندر الیکشن سے تفریق پیدا ہوتی ہے۔

    مزید پڑھیں: شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل سمیت 7 افراد کے نام ای سی ایل میں شامل

    مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ پارٹی کے اندر الیکشن سے تفریق پیدا ہوتی ہے، دنیا میں کوئی بھی جماعت پارٹی الیکشن نہیں کراتی، الیکشن پارٹی کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان یا شہباز شریف کو نہیں ووٹ نواز شریف کو پڑتا ہے، ہماری جماعت نے ایک شخص کو چیئرمین پی اے سی کے لیے تجویز کیا ہے، اپوزیشن فیصلہ کرے گی چیئرمین پی اے سی کسے لگایا جائے۔

    شاہد خاقان عباسی نے ایک بار پھر کہا کہ این آر او سوچنے والوں پر بھی لعنت ہو، این آر او جمہوریت میں ممکن ہی نہیں ہے، این آر او کوئی مانگ رہا ہے نہ کوئی مانگ سکتا ہے۔

  • مسلم لیگ ن کا حصہ نہیں ہوں، چوہدری نثار

    مسلم لیگ ن کا حصہ نہیں ہوں، چوہدری نثار

    راولپنڈی: سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ میں مسلم لیگ ن کا حصہ نہیں ہوں، پارٹی نے عہدوں کی تقسیم کس بنیاد پر کی اس پر بات کرنے کا اب میرا حق نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میں مسلم لیگ ن کاابھی حصہ نہیں ہوں،کوئی عہدےکسی کودیےگئےہیں تواس پربات نہیں کرسکتا، شاہد خاقان عباسی ابھی تک رابطے میں ہیں جس پر میں اُن کا شکر گزار ہوں۔

    سابق وفاقی وزیر داخلہ نے پنجاب میں نافذ ہونے والے نئے بلدیاتی نظام پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح بلدیاتی اداروں کو گھر نہیں بھیجا جاسکتا، یہ جنگ ہم عدالتوں میں لڑیں گے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح خطرناک حد کو پہنچ گئی، مستقبل میں مزید مشکل ترین حالات آنے والے ہیں، حکومت اشیاء میں اضافے سے بہتر ہے کہ خود بھی اخراجات برداشت کرے، آئی ایم ایف امریکا کے کہنے پر چلتا ہے اور بھارت نے ٹرمپ انتظامیہ کے ہمارے خلاف کان بھر دیے ہیں، جب تک انڈیا میں بی جے پی کی حکومت ہے کسی بھی اچھی چیز کی توقع نہیں رکھی جاسکتی۔

    مزید پڑھیں: عمران خان کیساتھ ہوتا تو انہیں متحد ہونے کا مشورہ دیتا، چوہدری نثار خان

    اُن کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نےجس طرح کارکردگی دکھائی اس طرح اظہارنہیں ہوا، انٹیلی جنس رپورٹ ہےپاکستان کے حوالےسے دیگر ممالک کیا پالیسی اختیار کرنے جارہے ہیں، لہذا سیاسی مخالفین کے بجائے اس بات پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ اب پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے اور اس مسئلے سے باہمی اتحاد و اتفاق سے ہی نمٹا جاسکتا ہے۔

    سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں تواقلیتوں پرظلم کےپہاڑتوڑےجاتےہیں، وہاں لوگوں کو زندہ جلا دیا جاتا ہے، پاکستانی فنکار ، کھلاڑی اور عام لوگ بھارت نہیں جاسکتے، وہاں کوئی اسلام کی بات کرے تو اُس کی زندگی تنگ کردی جاتی ہے لہذا بھارت یا وہاں کے حکمرانوں کے لیے خیر خواہی کا جذبہ رکھنا حماقت ہے۔

  • طارق باجوہ کی برطرفی بارش کا پہلا قطرہ ہے، ماروی میمن

    طارق باجوہ کی برطرفی بارش کا پہلا قطرہ ہے، ماروی میمن

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی رہنما ماروی میمن کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بنک کے گورنر طارق باجوہ کی برطرفی بارش کا پہلا قطرہ ہے، گورنراسٹیٹ بنک کوحکومتی احکامات پرعملدرآمد میں بارباررکاوٹ بننے کے سبب ہٹایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ٹویٹرپیغام میں ماروی میمن کا کہنا تھا کہ ملک کی’ہروزارت میں میں ایسے لوگ موجود ہیں، عمران خان وزارتوں میں موجود ایسے لوگوں کی صفائی کریں گے‘۔

    اپنے پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ’طارق باجوہ کی برطرفی بارش کاپہلاقطرہ ہے، ایسےلوگوں کی صفائی کےبعدشایدبہترگورننس کی شروعات ہوگی۔ ماروی میمن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نےکئی سالوں سےمیری باری،تمہاری باری کی ،باریاں لگاکردونوں پارٹیوں نےاپنےلوگ سسٹم میں پھیلارکھےہیں‘۔

    ماروی میمن نے اس ٹویٹ کے ساتھ اے آروائی نیوز کا سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا تھا جس میں اسٹیٹ بنک کے سابق گورنرطارق باجوہ کی برطرفی کی وجوہات بیان کی گئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سابق گورنراسٹیٹ بینک طارق باجوہ اہم معلومات لیک کرنے میں ملوث تھے۔ وہ مفرورسابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے بہت قریب تھے۔ طارق باجوہ حکومتی احکامات پرعملدرآمد میں بار بار رکاوٹ بنتے رہے، اقتصادی معاملات سے متعلق وزیراعظم کے احکامات کو بھی نظر اندازکیا گیا۔

    طارق باجوہ نے کاروباری افراد کوواجب الادا رقم کی ادائیگی کے واؤچر جاری کرنے سے بھی انکار کیا، 400ارب روپے کے واؤچرجاری کرنے کی منظوری وفاقی کابینہ نے دی تھی۔طارق باجوہ نے حکومت کو بغیربتائے روپے کی قدر کم کی تھی، وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ڈالرکی قدر میں اضافے کا ٹی وی سے علم ہوا۔

    طارق باجوہ نے پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ کے اجرا کے روزشرح سود بڑھا دی تھی، ان کے اقدام پر وزیراعظم عمران خان اوروزرا نے اظہارناراضی کیا تھا۔