Tag: مسلم لیگ ن

  • نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد، گرفتاری دینا ہوگی

    نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد، گرفتاری دینا ہوگی

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے 6 ہفتوں کی ضمانت میں مزید توسیع کے لیے دائر کی گئی درخواست مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیرون ملک علاج اور ضامنت میں توسیع سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

    سماعت کے دوران نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ضمانت میں توسیع کی ضرورت ہو تو ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔ یہ بات سپریم کورٹ نے زبانی حکم میں کہی تھی، تحریری فیصلے میں ایسی بات نہیں ہے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہمیں یاد ہے ہم نے یہ آبزرویشن دی تھی، ہم مستقبل کی پیش گوئی نہیں کرسکتے اس لیے فیصلے میں نہیں لکھا، یہ آپ پر منحصر ہے آپ اپنے مؤکل کو کیا مشورہ دیتے ہیں۔ آپ کے مؤکل کے پاس بہت سے آپشن ہیں۔

    مزید پڑھیں: نواز شریف کی درخواست ضمانت 6 ہفتے کے لیے منظور

    خواجہ حارث نے کہا کہ نواز شریف کی حالت ابھی تک بہتر نہیں ہوئی، فیصلے کے مطابق دوبارہ گرفتاری کے بغیر وہ درخواست ضمانت نہیں دے سکتے۔

    بعد ازاں درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ ضمانت علاج کے لیے دی تھی، آپ نے ٹیسٹ پر صرف کردی۔ ہم تو یہ سمجھیں گے ان کی جان کو خطرہ نہیں ہے۔

    عدالت نے ڈاکٹر عدنان کی نواز شریف سے خط و کتابت پر سوال بھی اٹھا دیا، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا سزا کی معطلی اور ضمانت پر رہائی کوئی انہونی بات ہے۔

    سپریم کورٹ کی جانب سے درخواست مسترد ہونے کے بعد نواز شریف کو اب دوبارہ ضمانت کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کرنا ہوگا، نواز شریف کو دوبارہ ضمانت کے لیے گرفتاری بھی دینا ہوگی۔

    خیال رہے کہ نواز شریف نے 6 ہفتوں کی ضمانت میں توسیع کے لیے دائر درخواست میں استدعا کی تھی کہ نظر ثانی درخواست پر فیصلہ ہونے تک عبوری ضمانت میں توسیع کی جائے۔

    سابق وزیر اعظم نواز شریف کی 6 ہفتوں کی عبوری ضمانت کی مدت 7 مئی کو ختم ہو رہی ہے جبکہ انہوں نے 26 مارچ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔

    نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ گزشتہ برس 24 دسمبر کو سنایا گیا تھا، فیصلے میں نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں مجرم قرار دیتے ہوئے 7 سال قید اور جرمانے کا حکم سنایا تھا جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کر دیا گیا تھا۔

    26 مارچ 2019 کو سپریم کورٹ نے انہیں 6 ہفتے کے لیے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے سزا معطل کردی تھی تاہم ان کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں 50 لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا بھی حکم دیا تھا۔

  • نواز شریف ہی امید کی کرن اور نجات دہندہ ہیں، مریم نواز

    نواز شریف ہی امید کی کرن اور نجات دہندہ ہیں، مریم نواز

    لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف ہی اس وقت پاکستان کے حقیقی لیڈر ہیں، نواز شریف ہی امید کی کرن اور نجات دہندہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مریم نواز نے لکھا کہ دنیا دیکھے گی پاکستان نواز شریف کی قیادت میں ترقی کی بلندیوں کو چھوئے گا، ان کے لیے یہ مشکلات یہ پریشانیاں کوئی نئی نہیں ہیں۔

    انہوں نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے شیروں مایوس نہیں ہونا اپنے لیڈر کی طاقت بن کے اس کے ساتھ کھڑے رہنا ہے۔

    مریم نواز نے لکھا کہ تاریخ گواہ ہے آپ کے لیڈر نے ملک کے لیے جو قدم اٹھائے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا، بس اپنے قائد پر بھروسہ رکھیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔

    انہوں نے کہا کہ وقت ایک بار پھر نواز شریف کی بےگناہی اور استقامت کی گواہی دے گا انشاءاللہ۔ نواز شریف پر بہت آزمائشیں اور سختیاں آئیں مگر اللّہ نے انہیں پسپا نہیں ہونے دیا اور سرخرو کیا۔

    مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن کی سیکنڈ لیڈر شپ قیادت سنبھال سکتی ہے، خواجہ آصف

    واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا تھا کہ پارٹی کی سیکنڈ لیڈر شپ قیادت سنبھال سکتی ہے، نواز شریف اور شہباز شریف خود سیکنڈ لیڈر شپ کو آگے لارہے ہیں۔

    سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا تھا کہ چیئرمین پی اے سی بڑی ذمہ داری کا کام ہے، میں نے معذرت کی تو پارٹی نے مجھے کہا آپ کو بننا پڑے گا، بڑے میاں صاحب سے جیل میں جاکر رانا تنویر کے لیے مشاورت کی تھی۔

  • نیب لاہور نے شہباز شریف کو 13 مئی کو طلب کر لیا

    نیب لاہور نے شہباز شریف کو 13 مئی کو طلب کر لیا

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو 13 مئی کو پھر طلب کر لیا ہے، شہباز شریف اس وقت لندن میں ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ وہ واپس نہیں آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر ن لیگ میاں شہباز شریف کو نیب لاہور کی جانب سے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرپشن کیس میں طلب کر لیا گیا ہے۔

    نیب لاہور نے شہباز شریف کو 7 سوالات پر مشتمل طلبی کا سمن جاری کیا۔

    شہباز شریف سے سوال کیے گئے ہیں کہ کمپنی قیام کی سمری فنانس اور محکمہ قانون کی رائے کے بغیر کیوں منظور کی گئی، ایک محکمہ کام کر رہا تھا تو ایل ڈبلیو ایم سی کے قیام کو کیوں ضروری سمجھا گیا؟

    یہ بھی پڑھیں:  شہباز شریف، حمزہ اور سلمان کے خلاف آمدن سے زاید اثاثہ کیس میں اہم پیش رفت

    نیب کے سمن میں سوال کیے گئے ہیں کہ کمپنی کے قیام کے لیے کیا تمام تقاضے پورے کیے گئے، اگر نہیں تو پھر کس نکتے پر قیام کا فیصلہ کیا گیا، اور آئی ایس ٹیک کمپنی کو کیوں نیلامی کا عمل مکمل کیے بغیر ٹھیکہ دیا گیا؟

    خیال رہے کہ شہباز شریف اور ان کے صاحب زادوں حمزہ اور سلمان کے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، زیر حراست ملزم شاہد شفیق کے انکشافات پر مبینہ منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم آفتاب محمود کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزم پر شریف فیملی کے لیے مبینہ منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق ملزمان کروڑوں روپے شریف فیملی کے اکاؤنٹس میں منتقل کرتے رہے۔

  • مسلم لیگ ن کی سیکنڈ لیڈر شپ قیادت سنبھال سکتی ہے، خواجہ آصف

    مسلم لیگ ن کی سیکنڈ لیڈر شپ قیادت سنبھال سکتی ہے، خواجہ آصف

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پارٹی کی سیکنڈ لیڈر شپ قیادت سنبھال سکتی ہے، نواز شریف اور شہباز شریف خود سیکنڈ لیڈر شپ کو آگے لارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی اے سی بڑی ذمہ داری کا کام ہے، میں نے معذرت کی تو پارٹی نے مجھے کہا آپ کو بننا پڑے گا، بڑے میاں صاحب سے جیل میں جاکر رانا تنویر کے لیے مشاورت کی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ مشاورتی عمل کے دوران شہباز شریف کے خلاف کیس بنے، چند ہفتے سے یہ بات اٹھ رہی تھی کہ ذمہ داریاں بانٹنی چاہئے، شہباز شریف کی غیرموجودگی میں پارلیمانی گروپ نے مشاورت کی، پارلیمانی گروپ نے بھی اتفاق کیا کہ میں چیئرمین پی اے سی نہیں بننا چاہتا، چئرمین پی اے سی کے لیے ماضی کی روایت کے مطابق اصولی موقف اپنایا۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ شہباز شریف نے دو عہدے ساتھیوں کو دئیے تو کوئی وجہ نہیں ڈھونڈنی چاہئے، اگلے ہفتے مزید پارٹی کے چہرے سامنے لائے جائیں گے، پچھلے چھ ماہ میں اٹھنے والے اعتراضات پر پارٹی کو ری جنریٹ کررہے ہیں۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت ملی تو یہ محض اتفاق ہوگا، شاہد خاقان عباسی نے بہت اچھے انداز میں پارٹی کو چلایا تھا، شاہد خاقان نے پارٹی چلا کر ثابت کیا کہ سیکنڈ لیڈر شپ اچھا پرفارم کرسکتی ہے ، سو فیصد کہتا ہوں شہباز شریف واپس آکر پارٹی کو دوبارہ لیڈ کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کو ڈاکو کہا جاتا تھا مگر اب انہیں نیب نے کلیئر کردیا، ڈھیل اور ڈیل کی بات نہیں، سیاست میں لفظ آخر کچھ بھی نہیں ہوتا ہے، پنجاب کے اندر ہماری پوزیشن بہت اچھی ہے، ماضی کے مقابلے میں ہماری پوزیشن اس وقت بہتر ہے۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ماضی کے مقابلے میں ہماری پوزیشن اس وقت بہتر ہے، شاہد خاقان نے پارٹی چلا کر ثابت کیا کہ سیکنڈ لیڈر شپ اچھا پرفارم کرسکتی ہے۔

    سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی 22 سال سے ساتھ لوگوں کو نکال کر مصنوعی لوگ لے کر آئے، ہماری سیاسی پیدائش اسی جماعت سے ہوئی ہے، میاں صاحب باہر بھی نہیں بیٹھیں گے، نواز شریف بھی ملک سے باہر جاتے ہیں تو واپس آجائیں گے، نواز شریف، شہباز شریف کی قیادت میں ہی پارٹی چلائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ رانا تنویر کو عارضی طور پر چیئرمین پی اے سی بنایا جارہا ہے، چیئرمین پی اے سی کے لیے رانا تنویر پر نواز شریف سے مشاورت کی، ثابت کرنا چاہتے ہیں پارٹی کی سیکنڈ لیڈر شپ قیادت سنبھال سکتی ہے، چیئرمین پی اے سی کی تبدیلی کا فیصلہ دسمبر اور جنوری میں ہوگیا تھا۔

  • حنیف عباسی کی ضمانت منسوخی کے لیے اپیل دائر

    حنیف عباسی کی ضمانت منسوخی کے لیے اپیل دائر

    اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی ضمانت منسوخی کے لیے اپیل دائر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے حنیف عباسی کی ضمانت منسوخی کے لیے عدالت میں اپیل دائر کردی، اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی گئی ہے، اپیل ہائیکورٹ کے حنیف عباسی کی ضمانت پر رہائی کے حکم کے خلاف دائر کی گئی۔

    اے این ایف کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حد سے زیادہ ایفی ڈرین کا استعمال ممنوعہ ڈرگ میں آتا ہے، ایفی ڈرین تعریف کے مطابق نشہ آور ادویات میں آتی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ حنیف عباسی نے کوٹے سے زائد مقدار میں ایفی ڈرین خریدی، سپریم کورٹ لاہور ہائی کورٹ کا ضمانت پر رہائی کا حکم کالعدم قرار دیا جائے۔

    مزید پڑھیں: حنیف عباسی کو رہا کر دیا گیا

    واضح رہے کہ ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے حنیف عباسی 13 اپریل کو رہا ہوئے تھے، لاہور ہائی کورٹ نے حنیف عباسی کی سزا معطل کرکے ان کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔

    حنیف عباسی کو50 ،50 لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکوں پر ضمانت ملی تھی، کیمپ جیل کے باہر ن لیگی کارکنان نے حنیف عباسی کا استقبال کیا تھا۔

    حنیف عباسی پر جولائی 2012 میں 500 کلو گرام ایفی ڈرین حاصل کرنے کا مقدمہ دائر کیا گیا تھا، اینٹی نارکوٹکس فورس نے مسلم لیگی رہنما سمیت دیگر ملزمان پر 9 سی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا۔

    ایفی ڈرین کا غلط استعمال کے الزامات کے تحت مقدمہ چلا، جس میں 36 گواہان نے اپنی شہادتیں قلم بند کرائی تھیں۔

  • کیا خادم اعلیٰ وطن واپس آئیں گے؟

    کیا خادم اعلیٰ وطن واپس آئیں گے؟

    لاہور: کیا اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے لندن میں قیام بڑھا دیا؟ کیا وہ وطن واپسی کا ارادہ نہیں رکھتے؟

    تفصیلات کے مطابق حالیہ واقعات کے بعد مسلم لیگ ن کے قائد شہباز  شریف کے لندن میں طویل قیام کی خبروں کو تقویت ملی ہے.

    ن لیگ نے رانا تنویر کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنانے کی منظوری دے دی، یہ عہدہ اس وقت شہباز شریف کے پاس ہے.

    اسی طرح خواجہ آصف کو پارلیمانی لیڈربنانے کا بھی فیصلہ ہوا ہے، یعنی وہ پارلیمان میں شہباز شریف کی جگہ سنبھالیں گے.

    ادھر نیب مقدمات کا سامنا کرنے والے شہباز شریف کی لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں آمد ہوئی، جہاں انھوں نے اپنی میڈیکل رپورٹس کی تصدیق کرائی.

    مزید پڑھیں: شہباز/فواد ضمانت منسوخی کیس: سپریم کورٹ نے ملزمان کے خلاف الزامات کی فہرست مانگ لی

    تجزیہ کاروں کے مطابق نئے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور پارلیمانی لیڈر کی منظر میں آمد اس بات کا اشارہ ہے کہ شاید مسلم لیگ کے قائد فوری وطن واپس نہیں آئیں.

    خیال رہے کہ اس وقت شہباز شریف سمیت پورے شریف خاندان کو کرپشن کے الزامات میں مقدمات کا سامنا ہے.

  • آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: نیب نے حمزہ اور عائشہ احد کو طلب کر لیا

    آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: نیب نے حمزہ اور عائشہ احد کو طلب کر لیا

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں لیگی رہنما حمزہ شہباز شریف اور عائشہ احد کو طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کو 30 اپریل کو دوبارہ طلب کر لیا ہے۔

    پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز دوپہر 3 بجے نیب لاہور آفس میں پیش ہوں گے۔

    دوسری طرف نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عائشہ احد کو بھی طلب کر لیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ عائشہ احد کو بھی 30 اپریل کی دوپہر 12 بجے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ عائشہ احد لیگی رہنما حمزہ شہباز کی بیوی ہونے کی دعوے دار رہی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  حمزہ شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 8 مئی تک توسیع

    یاد رہے کہ آج لاہور ہائی کورٹ نے اثاثہ جات، صاف پانی انکوائری اور رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حمزہ شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 8 مئی تک توسیع کر دی ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے حمزہ شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی توسیع میں درخواستوں پر سماعت کی، وکیل نے کہا کہ نیب حمزہ شہباز کو گرفتار کرنا چاہتا ہے مگر وجوہات بیان نہیں کی جا رہی ہیں۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے دستاویزات خفیہ رکھی جا رہی ہیں، منی لانڈرنگ قانون کے تحت تفتیش کرنا فنانشنل ایجنسی کا کام ہے، نیب کو اس حوالےسے تحقیقات اور گرفتار کرنے کا کوئی اختیار حاصل نہیں۔

  • ملک کی بدترین اقتصادی صورت حال کی ذمہ دار ن لیگ ہے، فواد چوہدری

    ملک کی بدترین اقتصادی صورت حال کی ذمہ دار ن لیگ ہے، فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بدعنوان عناصر سے رقم واپس حاصل کرنے کے لیے پلی بارگین ایک آپشن ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ملک کی بدترین اقتصادی صورت حال کا ذمہ دار مسلم لیگ ن کو قرار دے دیا۔

    انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے پاس پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر تنقید کو کوئی جواز نہیں ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی سخت شرائط سے بچنے کے لیے مالی امداد کے لیے سعودی عرب، یو اے ای اور دوسرے دوست ممالک سے رابطہ کیا۔

    وفاقی وزیراطلاعات ونشریات نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے ایک دوسرے سے کرپشن کے طریقے سیکھے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ بدعنوان عناصر سے رقم واپس حاصل کرنے کے لیے پلی بارگین ایک آپشن ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی مالی معاونت کرنے والوں کے خاتمے کی بھی ضرورت ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے شریف خاندان کے طرز پر کرپشن کی، اور کرپشن کے لیے بینک ہی خرید لیا۔

  • نوازشریف کی آج طبی معائنےکےلیے شریف میڈیکل سٹی آمد متوقع

    نوازشریف کی آج طبی معائنےکےلیے شریف میڈیکل سٹی آمد متوقع

    لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کو شریف میڈیکل اسپتال منتقل کیا جائے گا جہاں ان کا آج پھر طبی معائنہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف جاتی امرا سے شریف میڈیکل سٹی اسپتال پہنچیں گے، اس موقع پر شریف میڈیکل کمپلیکس میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    نوازشریف کے شریف میڈیکل سٹی میں 5 طبی معائنے ہوچکے ہیں، ان کی ای سی جی سمیت ایم آر آئی بھی ہوچکی ہے۔

    خیال رہے کہ تین روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کا پانچویں بار شریف میڈیکل سٹی میں طبی معائنہ کیا گیا تھا

    نوازشریف کے دماغ میں خون کی گردش کو معمول پر لانے کے لیے نیورو سرجری کے ماہر پروفیسرز نے مختلف ٹیسٹ کیے تھے۔

    قبل ازیں بتایا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم کی صحت کے معاملات انتہائی پیچیدہ ہیں، وہ اسپتال میں تو داخل نہیں البتہ گھر پر ڈاکٹروں کی زیر نگرانی رہتے ہیں۔

    نواز شریف کا پانچویں بار شریف میڈیکل کمپلیکس میں طبی معائنہ

    نواز شریف کے دل کی دھڑکن متوازن رکھنے کے لیے مستقل پیس میکر لگانا پڑے گا جبکہ دل میں انٹروینشن کی بھی ضرورت ہے۔

    یاد رہے کہ نواز شریف کوسپریم کورٹ کی جانب سے 6 ہفتوں کی ضمانت پر رہائی ملی، ان کو ضمانت پررہا ہوئے 20 روز ہوچکے ہیں۔

  • حمزہ شہباز نیب پر برس پڑے، میری بہنوں اور بیمار والدہ کو بھی نوٹس بھیج دیا

    حمزہ شہباز نیب پر برس پڑے، میری بہنوں اور بیمار والدہ کو بھی نوٹس بھیج دیا

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نیب پر برس پڑے، کہا کل تین گھنٹے نیب دفتر میں بیٹھ کر آیا ہوں، اب پھر بلایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’کل تین گھنٹے نیب میں بیٹھ کر آیا ہوں، اب پھر بلایا جا رہا ہے، میری بہنوں اور بیمار والدہ کو بھی نوٹس بھیج دیا گیا، کیا مہذب معاشرے میں ماں بیٹیوں کو نوٹس بھیجے جاتے ہیں۔‘

    حمزہ شہباز نے کہا ’نیب نے عدالت میں کہا کہ حمزہ شہباز کی گرفتاری اتنی ضروری نہیں، وہ تعاون کر رہے ہیں۔‘

    لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک کال اپ نوٹس کی سیاہی خشک نہیں ہوئی اور اب ان کی بہنوں رابعہ اور جویریہ کو بھی نوٹس بھیج دیا گیا ہے، شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلایا گیا اور گرفتار آشیانہ اسکینڈل میں کیا گیا، کہتے تھے شہباز شریف کرپٹ ہیں، کہاں گئیں وہ 56 کمپنیاں، ان کے خلاف کچھ بھی ثابت نہیں ہوا، اثاثوں سے زائد آمدن کا کیس پرانا ہے، اچانک اتنی تیزی کیوں آئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  اثاثہ جات کیس : نیب نے شہباز شریف کے پورے خاندان کو بیان کیلئے طلب کر لیا

    حمزہ شہباز نے کہا ’ڈی جی نیب لاہور نے کہا آپ نے ضمانت کی درخواست کیوں دی، ہم تو آپ کو گرفتار نہیں کرنا چاہتے، آپ حکومت سیٹلمنٹ کرلیں، آپ کو بار بار بلانا اچھا نہیں لگتا، حکومت سے ڈیل کیوں نہیں کر لیتے۔‘

    انھوں نے کہا کہ مجھ پر85 ارب کی کرپشن کا الزام لگایا گیا، میں نےایک ایک پائی کا حساب دیا، سب کچھ ڈکلیئر کیا، نواز شریف کی بیماری کا مذاق اڑایا جاتا ہے، عدالتوں سے گزارش ہے کہ مجھے اور نیب کو ایک ساتھ بلائیں، ہمارے ساتھ بد سلوکی ہو رہی ہے۔

    واضح رہے کہ نیب اہل کار نوٹس وصولی کے لیے شہباز شریف کی بیٹی کے گھر گئے، جس پر نون لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب نے غلط بیانی کرتے ہوئے میڈیا کو گمراہ کیا، انھوں نے کہا کہ شہباز شریف کی بیٹی کے گھر پر چھاپا مارا گیا اور پولیس نے محاصرہ کر لیا ہے، جب کہ حقیقت اس کے برعکس نکلی۔