Tag: مسلم لیگ ن

  • 10سال میں سرکارکا ایک دھیلہ بھی استعمال نہیں کیا‘ شہبازشریف

    10سال میں سرکارکا ایک دھیلہ بھی استعمال نہیں کیا‘ شہبازشریف

    لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ نوازشریف کوعلاج کی سہولت نہ دینا حکومت کی سنگین غفلت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ میں نے سرکاری مراعات لیں نہ سرکاری دورے کیے، خرچہ خود اٹھایا۔

    قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا کہ علاج پراخراجات خود برداشت کیے، گزشتہ 10 سال میں سرکارکا ایک دھیلہ بھی استعمال نہیں کیا۔

    انہوں نے کہا کہ سرکاری گھراستعمال کیا، ٹی اے ڈی اے لیا، نہ سرکاری دورے کیے، بیرون ملک علاج ذاتی خرچ پرکرایا۔

    شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف کوعلاج کی سہولت نہ دینا حکومت کی سنگین غفلت ہے، اگر نوازشریف کوکچھ ہوا تو ذمے دارعمران خان اورحکومت ہوگی۔

    شہبازشریف کا نوازشریف کی صحت پر تشویش اور فکر کا اظہار

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے 6 مارچ کواپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے نوازشریف کی صحت پر تشویش اور فکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزرا ای سی ایل میں نام ہونے کے باوجود بیرون ملک جاسکتے ہیں، ملک کوجوہری طاقت بنانے والے کو علاج گاہ لے جانے کی اجازت نہیں۔

  • نوازشریف اگر بیرونِ ملک سے ڈاکٹر منگوانا چاہتے ہیں تو بتادیں، پنجاب حکومت  کی پیش کش

    نوازشریف اگر بیرونِ ملک سے ڈاکٹر منگوانا چاہتے ہیں تو بتادیں، پنجاب حکومت کی پیش کش

    لاہور: وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے شریف خاندان کو پیش کش کی ہے کہ حکومت حساس معاملے پر پوائنٹ اسکورنگ نہیں چاہتی، نوازشریف اور مسلم لیگ ن اگر بیرونِ ملک سے کوئی ڈاکٹر منگوانا چاہتے ہیں تو بتادیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وزیرقانون کا کہنا تھا کہ ہر معاملے پرتحمل کے ساتھ بات کرنےکوتیارہیں، اپوزیشن بیٹھ کر بات کرے کیونکہ اسمبلی کی سیڑھیوں پر مسائل کا حل نہیں نکل سکتا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن حل نکالناچاہتی ہے توپھرمل کر بیٹھے، نوازشریف اگر چاہیں تو حکومت انہیں شفاء اسپتال منتقل کرنےکو بھی تیار ہے ہم اس معاملے پر کوئی پوائنٹ اسکورنگ نہیں چاہتے۔ راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ نوازشریف بتائیں انہیں مرض کیا ہے، اگر وہ بیرونِ ملک سے ڈاکٹر بلوانا چاہتے ہیں تو وہ بھی بتادیں۔

    مزید پڑھیں: نوازشریف 3 بار وزیراعظم رہے اُن کا احترام کرتے ہیں، علی محمد خان

    وزیر قانون کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے خود ہی اسپتال منتقل ہونے سے انکار کیا، حکومت بورڈ کی سفارشات پر مکمل عمل کررہی ہے اگر نوازشریف کے لندن میں موجود ڈاکٹر سے رابطہ کرنا ہے تو ٹیلی کانفرنس کے ذریعے یہاں کے معالج بات کرلیں گے۔

    بعد ازاں اسپیکرپنجاب اسمبلی نےنوازشریف کی صحت کے معاملےپر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے کرادیا جس کے بعد دونوں مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک ساتھ بیٹھنے کو تیار ہوئے۔

    اسپیکر اسمبلی کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی صحت کولے کر سنجیدہ ہیں، اس معاملے پر کوئی سیاست نہیں ہوگی اور نہ کسی کو اجازت دی جائے گی، حکومت اوراپوزیشن بیٹھ کرمسئلےکاحل نکالے جبکہ ایوان  اس مسئلے پر وفاق سے بھی بات کرے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کوبہترین طبی سہولتیں دی جائیں ،وزیراعظم عمران خان کا اعلان

    اُن کا کہنا تھا کہ علم میں ہےوزیرقانون وفاقی حکومت سےرابطےمیں ہیں، راجہ بشارت  اور وزیرصحت کےساتھ اپوزیشن کے2 ممبر بیٹھ جائیں اور مسئلے کا حل تلاش کر کے تجاویز ایوان میں پیش کریں۔

  • بھارت کی پاکستان پر جارحیت کشمیر کے عوام کی آواز دبانے کے لیے ہے، احسن اقبال

    بھارت کی پاکستان پر جارحیت کشمیر کے عوام کی آواز دبانے کے لیے ہے، احسن اقبال

    اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت کی پاکستان پر جارحیت کشمیر کے عوام کی آواز دبانے کے لیے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے حکمران کشمیر کے عوام کو جبر سے دبانے کی کوشش کررہے ہیں، بھارت پاکستان کی امن کی خواہش کا جواب امن سے دے۔

    احسن اقبال نے کہا کہ ہم آج اپوزیشن میں ہیں لیکن اپنی سیاست نہیں پاکستان کا مفاد زیادہ اہم ہے، ہم دیوار بن کر ناپاک جسارت کا مقابلہ کریں گے۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ امن کی خواہش کو کمزوری نہیں سمجھا جائے، دشمن ایسا سمجھا تو وہ جواب دیں گے کہ یاد رکھے گا۔

    احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دشمن نہیں، ہمارا دشمن غربت، پسماندگی اور جہالت ہے، بھارت کو پاکستان کی امن کی خواہش کا مثبت جواب دینا چاہئے۔

    مزید پڑھیں: پارلیمنٹ میں بھارتی جارحیت کے خلاف متفقہ قرارداد منظور

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھارتی جارحیت کے خلاف پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی تھی۔

    مشترکہ قرار داد میں کہا گیا کہ پوراایوان اورقوم پاک فوج کےشانہ بشانہ کھڑی ہے اور بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔

    قرار داد میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ حریت رہنماؤں کونظربند کیا گیا،کشمیریوں پرظلم کی انتہاکی گئی، بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیرمیں بربریت اورظلم کی مذمت کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیرپاکستان اوربھارت کے درمیان ایک دیرینہ مسئلہ ہے۔ اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حل کیا جائے۔

  • سپریم کورٹ نے ن لیگی امیدوار سیف اللہ گل کی تاحیات نااہلی ختم کردی

    سپریم کورٹ نے ن لیگی امیدوار سیف اللہ گل کی تاحیات نااہلی ختم کردی

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے امیدوار سیف اللہ گل کی تاحیات نااہلی ختم کردی، سیف اللہ گل میٹرک سند، شناختی کارڈ میں مختلف تاریخ پیدائش پر 2007 میں نااہل ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی اور مسلم لیگ ن کے امیدوار سیف اللہ گل کی تاحیات نااہلی ختم کردی۔

    [bs-quote quote=”عدالت نے حکم دیا کہ تصحیح شدہ تاریخ پیدائش والی میٹرک کی سند کی کاپی جمع کرائی جائے۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے میٹرک کی سند میں تاریخ پیدائش کی تصحیح کی جس پر وکیل سیف اللہ گل نے کہا کہ جی میٹرک کی سند میں درستگی کردی گئی ہے۔

    عدالت نے حکم دیا کہ تصحیح شدہ تاریخ پیدائش والی میٹرک کی سند کی کاپی جمع کرائی جائے۔

    واضح رہے کہ 2013 کے الیکشن میں سیف اللہ گل کو اسی بنیاد پر الیکشن نہیں لڑنے دیا گیا تھا، 2018 کے الیکشن میں بھی سپریم کورٹ نے سیف اللہ گل کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں دی تھی۔

    خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما سیف اللہ گل حلقہ پی پی 61 سے ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈر تھے۔

  • مانسہرہ: پی کے 30 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری

    مانسہرہ: پی کے 30 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری

    مانسہرہ: صوبہ خیبرپختونخواہ کے حلقہ پی کے 30 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ میں مانسہرہ کے حلقہ پی کے 30 میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔

    مانسہرہ کے حلقہ پی کے 30 میں مسلم لیگ ن کے مظہر علی قاسم اور پاکستان تحریک انصاف کے سید احمد حسین شاہ کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔

    پی کے 30 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 93 ہزار830 ہے جن میں ایک لاکھ 10ہزار647 مرد اور83 ہزار183خواتین ووٹرز ہیں۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ضمنی الیکشن کے لیے 183 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

    ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر سردار جہانزیب کا کہنا ہے کہ الیکشن ڈیوٹی کے لیے 1237 مرد وخواتین پولنگ عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ پولنگ کے دوران سیکیورٹی کے لیے پولیس کے جوان تعینات ہیں۔

    یاد رہے کہ صوبائی اسمبلی کی یہ نشست مسلم لیگ ن کے میاں ضیاء الرحمان کی جعلی ڈگری کیس میں نا اہلی کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔

  • چوہدری نثار اور ثاقب نثار کے جانے سے لوگوں کے چہروں پر خوشی آئی ہے، پرویز رشید

    چوہدری نثار اور ثاقب نثار کے جانے سے لوگوں کے چہروں پر خوشی آئی ہے، پرویز رشید

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید کا کہنا ہے کہ انصاف میں دیر ہو سکتی ہے اندھیر نہیں، نواز شریف پاکستان علاج کرائیں یا باہر، یہ ان کی صوابدید ہے، چوہدری نثار اور ثاقب نثار کے جانے سے لوگوں کے چہروں پر خوشی آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نواز شریف پاکستان علاج کرائیں یا باہر، یہ ان کی صوابدید ہے، شقوق و شبہات پیدا کرنے کیلئے مخالفین ایسے سوالات اٹھا رہے ہیں۔

    انصاف میں دیر ہو سکتی ہے اندھیر نہیں

    پرویز رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف مشرف نہیں، مشرف کے باہر جانے پر مخالفین کی زبانیں بند کیوں ہو جاتی ہیں، نواز شریف اس دھرتی کا بیٹا ہے، یہیں رہے گا اور سیاست کرے گا۔

    نواز شریف اس دھرتی کا بیٹا ہے، یہیں رہے گا اور سیاست کرے گا

    ن لیگی رہنما نے کہا عدالتوں سے متعلق شکایات تھیں، جو بیان کر دیں، دوبارہ شکایات ہوئیں تو دوبارہ بیان کریں گے، انصاف میں دیر ہو سکتی ہے اندھیر نہیں، اگر سزا معطل ہوئی تو علاج کے لئے باہر جانے کا فیصلہ میاں صاحب خود کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار اور ثاقب نثار کے جانے سے لوگوں کے چہروں پر خوشی آئی ہے، اگر ڈیل یا ڈھیل دی جا رہی ہے تو حکومت دوسرے فریق کا نام بتائے۔

  • حمزہ شہبازلندن سے وطن واپس پہنچ گئے

    حمزہ شہبازلندن سے وطن واپس پہنچ گئے

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز وطن واپس پہنچ گئے، سانحہ ماڈل ٹاؤن جے آئی ٹی نے انہیں آج طلب کررکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز آج صبح غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کیو آر 628 سے براستہ دوحہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے۔

    پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازکے خلاف مختلف مقدمات میں نیب کی تحقیقات جاری ہیں، لاہورہائی کورٹ کے حکم پرحمزہ شہبازکا نام ای سی ایل سے نکالا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ 3 فروری کو مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہبازشریف قطرایئرویز کی پرواز 629 کے ذریعے لندن روانہ ہوئے تھے، انہیں 10 دن بیرون ملک قیام کی اجازت دی گئی تھی۔

    حمزہ شہباز کو بیرون ملک مزید 14دن قیام کی اجازت مل گئی

    بعدازاں 11 فروری کو لاہورہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کو بیرون ملک مزید چودہ دن کے قیام کی اجازت دی تھی، حمزہ شہباز نے بیٹی کی خراب طبیعت کی وجہ سے لندن میں مزید قیام کی اجازت طلب کی تھی۔

    واضح رہے کہ 11 جنوری 2019 کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے چنیوٹ میں رمضان شوگر ملز کیس کا ریفرنس مکمل کرکے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ملزم نامزد کیا تھا، چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ریفرنس عدالت میں دائر کیا جائے گا۔

  • نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہائی کا فیصلہ آج سنایا جائے گا

    نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہائی کا فیصلہ آج سنایا جائے گا

    اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر رہائی کا فیصلہ آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں سنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر رہائی کا فیصلہ آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں سنایا جائے گا، ہائیکورٹ میں پولیس کے اضافے دستے، سادہ لباس اہلکار تعینات ہوں گے۔

    جسٹس عامر فاروق، جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کا کا دو رکنی بینچ نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست پر محفوظ کردہ فیصلہ سنائے گا۔

    رپورٹ کے مطابق کل اسلام آباد ہائیکورٹ میں غیرمتعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی، 25 فروری کو جن سائل کا کیس لگا ہوا ہے ان کو ہائیکورٹ میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔

    مزید پڑھیں: اپنے ہی گراتے ہیں نشیمن پہ بجلیاں، نواز شریف، مریم نواز کی بھارت نوازی پھر بے نقاب

    واضح رہے کہ مجرم نواز شریف العزیزیہ کیس میں کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں احتساب عدالت نے نواز شریف کو 7 سال قید اور جرمانے کا حکم سنایا تھا۔

    نیب نے نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز، فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور ایون فیلڈ ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے۔

    احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو 10 سال، ان کی صاحب زادی مریم نواز کو 7 اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی جسے بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے معطل کردیا تھا۔

    یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 24 دسمبر 2018 کو العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید اور فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کیا تھا۔

  • نوازشریف کی شوگراوربلڈپریشرکنٹرول میں ہے‘ ڈاکٹرعاصم

    نوازشریف کی شوگراوربلڈپریشرکنٹرول میں ہے‘ ڈاکٹرعاصم

    لاہور: ایم ایس جناح اسپتال ڈاکٹرعاصم کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے روزانہ کی بنیاد پرٹیسٹ ہو رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم ایس جناح اسپتال ڈاکٹرعاصم حمید نے کہا کہ نوازشریف کے دیگراسپتالوں میں علاج کی تفصیلات طلب کی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ رپورٹس کے لیے اہل خانہ اورجیل حکام کوآگاہ کردیا گیا ہے، نوازشریف کے روزانہ کی بنیاد پرٹیسٹ ہورہے ہیں۔

    ایم ایس جناح اسپتال نے کہا کہ شوگراوربلڈپریشرکی پہلے سے جاری دوائیں ہی استعمال کی جائیں گی، نوازشریف کی شوگراوربلڈ پریشرکنٹرول میں ہے۔

    ڈاکٹرعاصم نے کہا کہ محکمہ داخلہ کی ہدایت کے مطابق متعلقہ افراد کوہی ملاقات کی اجازت ملتی ہے، میڈیکل بورڈرپورٹس فائنل ہونے کے بعد محکمہ داخلہ کوبھیجے گا۔

    ایم ایس جناح اسپتال ڈاکٹرعاصم حمید نے کہا کہ رپورٹس فائنل ہونے کے بعد میڈیا کوآگاہ کیا جائے گا۔

    نوازشریف سے شہبازشریف اورمریم نوازکی ملاقات

    یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور مریم نواز نے جناح اسپتال میں سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی تھی۔

    واضح رہے نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے سات سال قید اور ساڑھے تین ارب روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد ان کی درخواست پر اڈیالہ کے بجائے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا۔

  • نوازشریف آج اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے

    نوازشریف آج اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے

    لاہور: کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم نوازشریف آج اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِاعظم نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کے لیے جمعرات کا دن مختص کیا گیا ہے، جس کے تحت نواز شریف کے اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں ان سے ملاقات کریں گے۔

    جیل انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں شامل افراد ہی مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف سے ملاقات کرسکتے ہیں۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کا وقت دوپہر 2 بجے تک ہے اور اس دوران ان کے اہل خانہ اور پارٹی رہنما ملاقات کریں گے۔

    لاہور میں بارش اورسردی کے باعث اب تک کوئی رہنما یا کارکن ملاقات کے لیے نہیں پہنچا۔

    نوازشریف کوامراض قلب کےاسپتال میں منتقل کیا جائے‘ میڈیکل بورڈ

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے میاں نواز شریف کا معائنہ کرنے والے خصوصی میڈیکل بورڈ کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عارضہ قلب میں مبتلا ہیں، انہیں ہمہ وقت ماہرامراض قلب کی ضرورت ہے۔

    العزیزیہ ریفرنس: نوازشریف کو سات سال قید کی سزا

    واضح رہے نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے سات سال قید اور ساڑھے تین ارب روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے، انہیں ان کی درخواست پر اڈیالہ کے بجائے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا جہاں انہیں اہل ِ خانہ سےملاقات اور گھر کے کھانے کی سہولت میسر ہے۔