Tag: مسلم لیگ ن

  • احتساب عدالت میں نوازشریف کے خلاف ریفرنسز کی سماعت کل تک ملتوی

    احتساب عدالت میں نوازشریف کے خلاف ریفرنسز کی سماعت کل تک ملتوی

    اسلام آباد : احتساب عدالت نےسزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کل تک لیے ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کی۔

    عدالت میں سماعت کے آغازپر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں شریف خاندان کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر ہیں جس پرمعزز جج نے ریمارکس دیے کہ ہائی کورٹ سے کیا حکم آتا ہے اس کا انتظار کرلیتے ہیں۔

    احتساب عدالت کے جج نے نوازشریف کے وکیل سے کہا کہ آپ کی دونوں درخواستیں ہائی کورٹ بھیج دی تھیں جس پر وکیل نے کہ ہم نے بھی ریفرنس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔

    فاضل جج محمد بشیر نے نوازشریف کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا لگتا ہے آج فیصلہ آجائے گا۔

    احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ ایک درخواست ہائی کورٹ میں دی ہے، سنا ہے کہ وزارت قانون نے بھی جیل ٹرائل کا کہا ہے۔

    معزز جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ خواجہ حارث کب آئیں گے، ان سے طے کریں گے کہ جیل ٹرائل اور دیگر دو ریفرنسز کا کا کیا کرنا ہے جبکہ شام تک ہائی کورٹ سے بھی فیصلہ آ جائے گا۔

    بعدازاں احتساب عدالت نے نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کل تک لیے ملتوی کردی۔

    احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے جج محمد بشیر نے کہا کہ صحافیوں کونوازشریف کا جیل ٹرائل کورکرنے کی اجازت ہوگی، صحافیوں کے لیے خصوصی پاس بنوائے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت سے معذرت کرلی تھی۔

    نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو قید کی سزا اورجرمانہ

    واضح رہے کہ احتساب عدالت نے رواں ماہ 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نوازشریف کو 11، مریم نوازکو 8 اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید سنائی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اٹک: مسلم لیگ ن کے رہنما شیخ آفتاب کی گاڑی پرفائرنگ

    اٹک: مسلم لیگ ن کے رہنما شیخ آفتاب کی گاڑی پرفائرنگ

    اٹک : سابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی اموراورمسلم لیگ ن کے رہنما شیخ آفتاب کی گاڑی پرفائرنگ کی گئی تاہم وہ محفوظ رہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 55 اٹک ون سے مسلم لیگ ن کے امیدوار شیخ آفتاب کی گاڑی پرنامعلوم افراد نے فائرنگ کی تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔

    مسلم لیگ ن کے امیدوار پرفائرنگ کا واقعہ تھانہ سٹی کی حدود میں اس وقت پیش آیا جب وہ کامرہ سے انتخابی جلسے کے بعد گھرواپس جا رہے تھے۔

    شیخ آفتاب کا کہنا تھا کہ کامرہ کے قریب میری گاڑی پرفائرنگ کی گئی، نامعلوم افراد کے حملے میں محفوظ رہا۔

    سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب این اے 55 اور ان کے صاحبزادے شیخ سلمان سرور بھی اٹک سے ن لیگ کے ٹکٹ پر صوبائی نشست کے لیے امیدوار ہیں۔

    چمن میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ، سابق سینیٹر داؤد خان زخمی

    خیال رہے کہ گزشتہ روز چمن کے علاقے قلعہ عبداللہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و سابق سینیٹر داؤد خان اچکزئی نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے تھے۔

    احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ

    واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال 6 مئی کو سابق وزیرداخلہ احسن اقبال نارووال کے علاقے کنجروڑ میں کارنر میٹنگ کے بعد ہونے والے قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • شفاف الیکشن نہ ہوئے تو بڑا المیہ ہوگا، شہباز شریف

    شفاف الیکشن نہ ہوئے تو بڑا المیہ ہوگا، شہباز شریف

    کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ مستونگ سانحہ انتہائی افسوسناک ہے، شفاف الیکشن نہ ہوئے تو بڑا المیہ ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساراوان ہاؤس آمد کے موقع پر سراج رئیسانی کے اہلخانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے
    ہوئے کیا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ سانحہ مستونگ واقعے میں ملوث مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے، دہشت گردی کے خلاف چاروں صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

    عمران خان کی جانب سے انتخابی عمل نہ روکنے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز ششریف نے کہا کہ عمران خان کو ایسے موقع پر غیر سنجیدہ گفتگو نہیں کرنی چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی ضرورت شفاف الیکشن کا انعقاد ہے، شفاف الیکشن نہ ہوئے تو بڑا المیہ ہوگا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن کے انعقاد میں 10 روز رہ گئے ہیں اور اس سے قبل انتخابی سرگرمیوں کو نشانہ بنانا تشویشناک ہے جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان، نگران حکومت اور سیکیورٹی فورسز امیدواروں اور سیاسی میٹنگز کو فول پروف سیکیورٹی دینے کے ذمہ دار ہیں۔

    قبل ازیں صدر مسلم لیگ (ن) نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ سانحہ مستونگ کے موقع پر قومی سوگ کے موقع پر مسلم لیگ (ن) نے ایک روز کے لیے انتخابی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی کی کارنر میٹنگ میں دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں سراج رئیسانی سمیت 134 افراد شہید ہوگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • مجرم نوازشریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل کی بیرکوں میں منتقل کردیا گیا

    مجرم نوازشریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل کی بیرکوں میں منتقل کردیا گیا

    لاہور: ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سزا یافتہ مجرم نوازشریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا، دونوں مجرموں کا اڈیالہ جیل میں ہی میڈیکل چیک اپ کیاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیے جانے والے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف اور ان کی صاحب زادی مریم نواز کو اڈیالہ جیل پہنچا دیا گیا ہے، دونوں مجرموں کو قیدی نمبر الاٹ کرکے بیرکوں میں بھیج دیا گیا۔

     نوازشریف کو اسی سیل میں منتقل کیاگیا ہے جہاں سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی نے قید کاٹی تھی، اڈیالہ جیل میں مجرم مریم نواز کو خواتین کے سیل میں منتقل کیاگیاہے۔

    جج احتساب عدالت محمد بشیر نے مجرموں کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد آر پی او راولپنڈی، مجسٹریٹ اڈیالہ اور پولیس کے سینئر حکام اڈیالہ جیل پہنچ گئے، جیل کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔

     دوسری جانب سہالہ ریسٹ ہاؤس کو سب جیل قرار دینے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نوازشریف ودیگر کیخلاف دو ریفرنسز پر ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہی ہوگا، ان کیخلاف نیب کورٹ ون جیل میں مقدمہ سنے گی، اڈیالہ جیل میں ٹرائل احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکریں گے۔

    اس سے قبل نوازشریف کو لے کر خصوصی طیارہ اسلام آباد پہنچا، نیب راولپنڈی کی ٹیم احتساب عدالت کے جج کے روبرو پیش ہوئی، احتساب عدالت کا دونوں مجرموں کی جوڈیشل کسٹڈی کا حکم دیا،

    یاد رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز کو لاہور ایئرپورٹ پر طیارے سے حراست میں لیا گیا۔

    میاں نواز شریف اور ان کی بیٹی کو ابوظہبی سے لاہور پہنچنے پر نیب اور ایف آئی اے نے گرفتار کیا تھا، مریم نواز کو خواتین اہل کاروں نے حراست میں لیا، مجرموں کو خصوصی طیارے سے اسلام آباد روانہ کیا گیا۔  

    گرفتاری کے وقت لاہور ایئرپورٹ کے رن وے پر لیگی کارکنوں کی رینجرز اہل کاروں سے ہاتھا پائی بھی ہوئی، رینجرز نے ہاتھا پائی کرنے والے ن لیگی کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

    واضح رہے کہ نوازشریف اور ان کی صاحبزادی لندن سے ابوظہبی پہنچے تھے، وہ گذشتہ شام لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے روانہ ہوئے۔ مریم نواز نے ابوظہبی ایئرپورٹ ڈیوٹی فری شاپ پرمیک اپ سامان کی خریداری بھی کی۔

    لندن میں روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ نیب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے، پہلی مرتبہ جیل نہیں جا رہا، مشرف دور میں مجھے اٹک قلعے میں قید کیا گیا تھا۔

    نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو قید کی سزا اورجرمانہ

    واضح رہے کہ احتساب عدالت نے رواں ماہ 6 جولائی کوایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو 11 اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ایک سال قید کی سنائی تھی۔

    مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف پر80 لاکھ پاؤنڈز جبکہ مریم نواز پر 20 لاکھ پاؤنڈز کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔ عدالتی فیصلے میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو 10 سال تک کسی بھی عوامی عہدے کے لیے بھی نااہل قرار دیا گیا تھا۔


    ایون فیلڈ کیس کا تفصیلی فیصلہ

    ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے جو تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا، اس کے مطابق نوازشریف کو 10 سال قید، 8 ملین پاؤنڈ جرمانے کی سزا، جب جائیداد ضبط کرنے کا حکم سنایا گیا تھا۔ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کی قرقی کا حکم بھی جاری کیا۔

    مریم نواز کو مجموعی طور پر8 سال قید، دو ملین پاؤنڈ جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی، جرم کی معاونت میں 7 سال قید، جب کہ مریم نواز کو ایک سال کیلبری فونٹ سے متعلق سزاسنائی گئی۔

    کیپٹن (ر) صفدرکو ایک سال قیدکی سزا سنائی گئی، کیپٹن (ر) صفدرنے بطور گواہ ٹرسٹ ڈیڈ پردستخط کیے تھے، انھوں نے جرم میں مجرمان کی معاونت کی۔

    فیصلے کے مطابق نوازشریف کونیب آرڈیننس شیڈول کی دفعہ 9 اے 5 کے تحت سزا سنائی گئی، مریم نواز کو نیب آرڈیننس سیکشن 9 اے پانچ، سات کے تحت سزا ہوئی۔

    فیصلے کے مطابق مریم نواز کی جانب سے جمع کرائی گئی ٹرسٹ ڈیڈ جعلی قرار دی گئی، پراسیکیویشن اپنا مقدمہ ثابت کرنے میں کامیاب رہی، نوازشریف نے آمدن سے زائد اثاثے بنائے، مگر وہ زائد اثاثہ جات بتانے میں ناکام رہے۔


    ایون فیلڈ ریفرنس کا پس منظر

    خیال رہے کہ گذشتہ سال 28 جولائی کو سپریم کورٹ نے پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ کی روشنی میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو نا اہل قرار دیا تھا۔

    سپریم کورٹ نے مذکورہ فیصلے کی روشنی میں نیب کو نوازشریف، مریم نواز، حسن ، حسین نواز اور داماد کیپٹن محمد صفدر کے خلاف ریفرنسزدائر کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ ان ریفرنسز پر6 ماہ میں فیصلہ سنانے کا بھی حکم دیا تھا۔

    بعدازاں قومی احتساب بیورو نے سابق وزیراعظم نوازشریف ان کے بچوں اور داماد کے خلاف گزشتہ سال 8 ستمبر کو ایون فیلڈ ریفرنس دائر کیا تھا۔

    سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن صفدر پر 19 اکتوبر2017 کو فرد جرم عائد کی گئی تھی جبکہ نوازشریف کی عدم موجودگی پر ان کے نمائندے ظافرخان کے ذریعے فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

    احتساب عدالت نے نوازشریف کے بیٹے حسن نواز اور حسین نواز کو اس ریفرنس میں عدم حاضری پراشتہاری قرار دیا تھا۔

    نوازشریف 26 ستمبر2017 کو پہلی بار احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوئے تھے جبکہ 9 اکتوبر کو مریم نواز عدالت کے روبرو پیش ہوئی تھیں اور کیپٹن محمد صفدر کو ایئرپورٹ سے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

    احتساب عدالت کی جانب سے مسلم لیگ ن کے قائد کے 26 اکتوبرکو نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے جس کے بعد 3 نومبر2017 کو نوازشریف پہلی بار مریم نواز کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف پر8 نومبر2017 کو احتساب عدالت کی جانب سے براہ راست فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

    شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کا فیصلہ 6 ماہ میں کرنے کی مدت رواں سال مارچ میں ختم ہوئی تھی تاہم احتساب عدالت کی درخواست پرعدالت عظمیٰ نے نیب ریفرنسز کی ٹرائل کی مدت میں 2 ماہ تک توسیع کردی گئی تھی۔

    احتساب عدالت کی جانب سے مئی میں نیب ریفرنسز کی توسیع شدہ مدت مئی میں ختم ہوئی تو جج محمد بشیر کی جانب سے ٹرائل کی مدت میں مزید توسیع کی درخواست کی گئی تھی۔

    عدالت عظمیٰ نے احتساب عدالت کی درخواست منظور کرتے ہوئے ٹرائل کی مدت میں 9 جون 2018 تک توسیع کی تھی۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے گزشتہ ماہ 10 جون کو سماعت کے دوران احتساب عدالت کو شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسزپرایک ماہ میں فیصلہ سنانے کا حکم دیا تھا۔


    ایون فیلڈ ریفرنس: نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو قید کی سزا اور جرمانہ


  • وزارت دفاع کی نیب ٹیم کو لاہور ایئرپورٹ ایپرن تک جانے کی اجازت

    وزارت دفاع کی نیب ٹیم کو لاہور ایئرپورٹ ایپرن تک جانے کی اجازت

    لاہور: ایوی ایشن ذرائع کے مطابق وزارت دفاع کی نیب ٹیم کو لاہور ایئرپورٹ ایپرن تک جانے کی اجازت مل گئی، طیارہ اترتے ہی نیب ٹیم نواز شریف اور مریم نواز گرفتار کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو طیارہ اترتے ہی نیب ٹیم گرفتار کرے گی، ایوی ایشن ذرائع کے مطابق وزارت دفاع کی نیب ٹیم کو لاہور ایئرپورٹ رن وے تک جانے کی اجازت مل گئی ہے۔

    نواز شریف اور مریم نواز کے پاسپورٹ لے کر نیب ٹیم امیگریشن کرائے گی، دونوں کو گرفتار کرکے ہیلی کاپٹر سے لے جایا جائے گا، نیب ٹیم طیارے کی آمد سے ایک گھنٹہ پہلے لاہور ایئرپورٹ پر موجود ہوگی۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت نے میاں نواز شریف دس سال، مریم نواز کو آٹھ سال اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال کی سزا اور بھاری جرمانے عائد کئے ہیں۔

    یاد رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے میاں نواز شریف اور مریم نواز (کل) جمعے کو پاکستان لوٹ رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: جیل کو سامنے دیکھتے ہوئے بیٹی کے ساتھ وطن واپس جارہا ہوں، نواز شریف

    نواز شریف کا کہنا تھا کہ جیل کی کوٹھری سامنے دیکھتے ہوئے پاکستان واپس جارہا ہوں، لندن میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے پاک فوج اور عدلیہ کے فیصلوں پر بھی کڑی تنقید کی تھی۔

    دوسری جانب مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کارکنان نواز شریف کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ جائیں گے، کارکنان استقبال کے دوران پر امن ہوں گے، ہم کسی قسم کی بدنظمی نہیں چاہتے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • نوازشریف نے 5 کے مقابلےمیں 6 دھماکے کیے، شہباز شریف

    نوازشریف نے 5 کے مقابلےمیں 6 دھماکے کیے، شہباز شریف

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوازشریف نے 5 کے مقابلےمیں 6 ایٹمی دھماکے کیے اور پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ ملک کو ایٹمی طاقت نواز شریف نے بنایا اور  بھارت کے پانچ دھماکوں کے مقابلے میں چھ دھماکے کیے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2010 میں مینارِ پاکستان میں کالی پٹی باندھ کر 2 مہینے بیٹھا رہا، لیکن ہم نے پتھر نہیں مارے، دھرنے نہیں دیے۔

    مسلم لیگ ن کے صدر نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے باعث واپڈا کے لوگوں کا گھیراؤ ہوتا تھا، اب ہمارے 5 سالوں میں بجلی آئی یا نہیں؟

    ان کا کہنا تھا کہ جہاں کرپشن کے انبار لگے ہیں انہیں کیوں نہیں پوچھا جاتا، واضح رہے کہ کرپشن کے سلسلے میں ن لیگی رہنما اور شریف خاندان مسلسل ہدف بنے رہے ہیں، نواز شریف اور مریم نواز کو قید اور جرمانے کی سزائیں بھی ہوئی ہیں۔

    پشاور: اے این پی کی کارنر میٹنگ میں خودکش دھماکا، ہارون بلور سمیت 13 شہید


    شہباز شریف نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو 25 جولائی تک معطل کیا گیا ہے جو کہ 26 جولائی کو پھر بہ حال ہوجائیں گے۔

    واضح رہے کہ ملک میں عام انتخابات 2018 کے سلسلے میں تمام سیاسی جماعتیں انتخابی مہم میں مصروف ہیں، تاہم پشاور میں اے این پی کے جلسے پر خود کش دھماکا نہایت افسوس ناک رہا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اُن کے دعووں، اُن کے وعدوں‌ پر ایک نظر: بڑی سیاسی جماعتوں‌ کے منشور کا تقابلی جائزہ

    اُن کے دعووں، اُن کے وعدوں‌ پر ایک نظر: بڑی سیاسی جماعتوں‌ کے منشور کا تقابلی جائزہ

    جوں جوں‌ الیکشن قریب آرہے ہیں، سیاسی درجہ حرارت بڑھتا جارہا ہے. جلسے جلسوں کی لہر ہے، گلی گلی جھنڈے اور بینرز لہرا رہے ہیں. 

    الیکشن کی مناسبت سے سیاسی جماعتیں اپنے منشور بھی پیش کر رہی ہیں، جن میں‌ کہیں‌ پرانے وعدے دہرائے گئے ہیں، کہیں‌ نئے دعوے کیے گئے ہیں.

    اس ضمن میں ایم ایم اے نے پہل کی، دیگر جماعتوں سے پہلے اپنا منشور پیش کیا. بعد میں‌ پیپلزرٹی اور ن لیگ، آخر میں‌ پی ٹی آئی نے منشور عوام کے سامنے رکھا.

    اس تحریر میں‌ چار بڑی سیاسی جماعتوں کے منشور کا تقابلی جائزہ لیا گیا۔

    ایم ایم اے کے بارہ نکات

    دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل نے 5 جون کو اپنے 12 نکاتی منشور کا اعلان کیا۔

    منشور میں نظام مصطفیٰ کے نفاذ، بااختیار و آزاد عدلیہ کا قیام، اختیارات کی نچلی سطح پر تقسیم، نئے ڈیمز کی تعمیر، بجلی کے مؤثر نظام کی تشکیل، بھارت کی آبی جارحیت کا مؤثر تدارک، سی پیک میں مقامی آبادی کے روزگار اور انفرااسٹرکچر کی تعمیر کا احاطہ کیا گیا۔

    منشور میں ملک میں باوقار اور آزاد خارجہ پالیسی تشکیل دینے، تمام ممالک سے برابری کی بنیاد پر تعلقات کے قیام، ٹیکسز کے خاتمے، استحصال اورعدم مساوات کے خاتمے اور اقلیتوں کی عبادت گاہوں کا تحفظ یقینی بنانے کا اعلان کیا گیا۔

    پیپلزپارٹی کے 76 صفحات پر پھیلے پروگرام

    پیپلزپارٹی نے 28 جون کو اپنا منشور پیش کیا، جو 76 صفحات پر مشتمل تھا۔

    معاشی انصاف، غربت میں کمی، تعلیم اور بنیادی صحت، معذور افراد کو معاشرے کا حصہ بنانا، زرعی اصلاحات، خواتین کی خود مختاری اور نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کی فراہمی پیپلزپارٹی کے منشور کے بنیادی اجزا ہیں۔

    اس منشور میں ماں، بچے کی صحت کا پروگرام، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاورٹی ریڈکشن پروگرام، بھوک مٹاؤ پرگرام، آب پاشی نظام بہتر بنانے کا پروگرام، زرعی اصلاحات کا پروگرام، پیپلز فوڈ کارڈ، فیملی ہیلتھ سروس شامل ہیں۔

    ن لیگ اور پنجاب ماڈل

    مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے 5 جولائی کو منشور پیش کیا.

    یہ منشورہ تعلیم یافتہ اور ہنرمند طبقے کوروزگار کی فراہمی کے لیے سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتوں کے قیام، زرعی اجناس کی پراسیسنگ کے لیے انڈسٹریل کمپلیکس کی تعمیر، دیامر بھاشا ڈیم کے بڑے توانائی منصوبے کو مکمل کرنے کا دعویٰ کرتا ہے۔

    اس منشور میں صنعتی انقلاب، دنیا کے جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم، پنجاب اسپیڈ کو پاکستان اسپیڈ اور محصولات کے نظام کو کرپشن فری بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کرنا، محروم طبقے کو پاؤں پر کھڑا کرنا، پنجاب میں شعبہ صحت میں کی گئی اصلاحات کا ملک بھرمیں نافذ، ہر اسکول میں ٹیکنیکل ووکیشنل ٹریننگ سینٹر بنانے کا اعلان کیا گیا.

    پی ٹی آئی کی کروڑوں ملازمتیں، لاکھوں گھر

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 9 جولائی کو آیندہ انتخابات کے لیے منشور پیش کیا.

    یہ منشور پولیس کوغیر سیاسی بنانے، اداروں کو مضبوط کرنے، عوام پر سرمایہ کاری، نوکریوں کی فراہمی، تعلیم، گھر، صحت کے شعبوں پر مرکوز ہے.

    اس منشور میں‌ ایک کروڑ ملازمتیں دینے، 50 لاکھ مکانات کی تعمیر، سی پیک سے گیم چینجنگ نتائج حاصل کرنا، غربت کے خاتمے کے لئے سیاحت کے فروغ، ایف بی آر میں اصلاحات، ملکی برآمدات میں اضافہ، کرپشن کا خاتمہ، پانی کو ری سائیکل کرنا، صحت اور تعلیم کے نظام کی بہتری، جنوبی پنجاب کا صوبہ اور کڑے ا حتساب کا احاطہ کیا گیا.

    حرف آخر

     بہ ظاہر چاروں بڑی جماعتوں کے منشور میں کئی دعوے اور وعدے نظر آتے ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے منشور کے پیچھے ان کا ماضی میں اقتدار میں رہنے کا وسیع تجربہ ہے۔

    پی ٹی آئی نئے وعدے اور ارادوں کے ساتھ میدان میں ہے، گو ایم ایم اے کے ہاں دینی رنگ نمایاں ہے، مگر توازن نظر آتا ہے۔

    چاروں جماعتوں کے منشور متوازن اور متاثر کن ہیں، مگر یوں لگتا ہے کہ عوام اس بار بھی منشور کے بجائے قائدین کی مقبولیت، امیدوار کی اثرپذیری، ووٹرز کی ماضی کی وابستگی اور نیب کیسز میں ہونے والی گرفتاریوں کی بنیاد پر ووٹ ڈالیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • نیب نے کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا

    نیب نے کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا

    راولپنڈی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو مسلم لیگ (ن) کی ریلی سے گرفتار کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے لیے ایبٹ آباد میں ان کے گھر پر چھاپہ مارا گیا تاہم وہ نیب کی ٹیم کو چکمہ دے کر راولپنڈی پہنچے اور ن لیگ کی ریلی کی قیادت کرنے لگے جہاں سے نیب نے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔

    کیپٹن (ر) صفدر تین گھنٹے تک راولپنڈی کی سڑٖکوں پر جلوس نکالتے رہے اور تقاریر کرتے رہے، اس دوران پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن ن لیگ کے کارکنوں نے مزاحمت کرکے پولیس کو گرفتار کرنے سے روک دیا شام پانچ بجے نیب کی ٹیم نے حتمی کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔

    واضح رہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کو جمعہ کے روز احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں ایک سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد سے وہ روپوش ہوگئے تھے۔

    دوسری جانب نیب ٹیم سے مزاحمت پر مقدمہ درج کیا جائے گا، نیب ذرائع کے مطابق ن لیگ رہنماؤں سمیت 100 افراد کے خلاف مقدمہ درج ہوگا، پولیس کی مزاحمت کرنے والے افراد سے متعلق تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

    کیپٹن (ر) صفدر نے آج صبح آڈیو بیان جاری کرتے ہوئے باضابطہ کرنے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مانسہرہ شہر سے گرفتاری دینے کا سوچا تھا لیکن پارٹی فیصلے کے نتیجے میں کسی اور شہر سے گرفتاری دے دوں گا، گرفتاری دینا غیرت کا تقاضا ہے اور اس حوالے سے پارٹی فیصلے کا احترام کروں گا۔

    خیال رہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کو اس سے پہلے 9 اکتوبر 2017 کو بھی نیب مقدمے میں احتساب عدالت میں پیش نہ ہونے پر گرفتار کیا جاچکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • عوام 25 جولائی کوبلے پرمہرلگا کرمخالفین کوشکست دیں گے ‘ شاہ محمودقریشی

    عوام 25 جولائی کوبلے پرمہرلگا کرمخالفین کوشکست دیں گے ‘ شاہ محمودقریشی

    ملتان : پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ خزانے کونقصان پہنچانے والوں کوکٹہرے میں کھڑا کرنے کا وقت آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سندھ روانہ ہوں گا، تحریک انصاف کا پیغام پہنچاؤں گا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایک دہائی سے سندھ پرجس سوچ کا قبضہ ہے اس سے بے خبرنہیں، سندھ پرقابض قوتوں سے پیچھا چھڑانے کی کوشش کروں گا۔

    پی ٹی آئی رہنما کے مطابق جیسا سندھ آج دکھائی دے رہا ہے ایسا کوئی اورصوبہ نہیں ہے، سندھ میں ناقص حکمرانی اور اداروں کی تنزلی سے نقصان ہوا

    شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ کرپشن فری پاکستان کا ہماراپختہ ارادہ ہے جومنطقی انجام تک پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام 25 جولائی کوبلے پرمہرلگا کرمخالفین کوشکست دیں گے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس نے ملک کولوٹا یکےبعد دیگرے احتساب کا شکارہوں گے، ہم سیاسی انتقام کے قائل نہیں ہیں۔

    انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے سپورٹ کرنے کے فیصلےکوسراہتے ہوئے کہا کہ وقت فیصلہ کرےگا کہ صحیح وقت پرصحیح فیصلہ کیا۔

    ایون فیلڈ فیصلے کے بعد مزید لوگ ن لیگ چھوڑیں گے: شاہ محمود قریشی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ 2 دھڑوں میں تقسیم ہوگئی ہے، ایون فیلڈ کے فیصلے کے بعد مزید لوگ ن لیگ چھوڑیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نوازشریف کےلیےیہ سب نیا نہیں‘ وہ پہلےبھی سزائیں بھگت چکے‘ مریم نواز

    نوازشریف کےلیےیہ سب نیا نہیں‘ وہ پہلےبھی سزائیں بھگت چکے‘ مریم نواز

    لندن : سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے شیرو! یاد رکھنا، فیصلہ جو بھی آئے گھبرانا نہیں، آپ کے نواز شریف کے لیے یہ سب نیا نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نوازشریف کی صاحبزادی نے اپنے پیغام میں کہا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ کوئی لیڈر ہے جو آپ کی خاطر، وطن عزیز کی خاطر، آپ کے ووٹ کی عزت کی خاطر ڈٹ کرکھڑا ہے اور کوئی بھی قربانی دینے کو تیارہے۔

    مریم نواز نے اپنے پیغام میں کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے شیرو! یاد رکھنا، فیصلہ جو بھی آئے گھبرانا نہیں، آپ کے نواز شریف کے لیے یہ سب نیا نہیں ہے، وہ پہلے بھی نا اہلی عمرقید جیل اورجلاوطنی بھگت چکے۔

    مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نوازنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ فیصلہ تو25 جولائی کو ہونا ہے، ان شازشیوں اور مہروں کے چہرے اس دن یاد رکھنا، ابھی نہیں تو کبھی نہیں انشاء اللہ فتح آپ کی منتطرہے۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے اب سے کچھ دیر بعد شریف خاندان کے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سنایا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔