Tag: مسلم لیگ ن

  • مسلم لیگ ن کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت مل گئی

    مسلم لیگ ن کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت مل گئی

    لاہور : ضلعی انتظامیہ لاہور نے مسلم لیگ ن کو 21 اکتوبر کو نواز شریف کی آمد پر جلسے کی اجازت دیتے ہوئے این او سی جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کو اکیس اکتوبر کو نواز شریف کی آمد پر مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت مل گئی، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے این او سی جاری کردیا ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کو حلف نامے کے بعد مینار پاکستان جلسہ کرنے کی اجازت شرائط کیساتھ دی گئی ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے گریٹر اقبال پارک میں جلسے کے لیے مسلم لیگ ن کو شرائط و ضوابط بتاتے ہوئے کہا کہ جلسے کی انتظامیہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی سے الگ سے اجازت لے گی پھر جلسہ کر سکے گی۔

    ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مسلم لیگ ن سے لیے گئے حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کا نقصان پہنچنے پر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی رقم وصول کرے گی۔

    دوسری جانب مسلم لیگ ن کی جانب سے جلسوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، گزشتہ روزمسلم لیگ ن نے قصورمیں عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا۔

    جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا تھا کہ ملک فیصلہ کن دوراہے پر کھڑا ہے اب غلطی کی گنجائش نہیں، نوجوان بےروزگار ،بجلی کے مہنگے بل قیامت ڈھا رہے ہیں، اشیائےخوردونوش کی قیمتیں آسمانوں سےباتیں کررہی ہیں، عوام کیلئے دو وقت کی روٹی پوری کرنامشکل ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اکیس اکتوبرکو ملک کومشکل سے نکالنے کاروڈ میپ دیں گے۔

    ضلعی انتظامیہ نے ن لیگ کو مینار پاکستان جلسہ کی مشروط اجازت دیدی ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کو مینار پاکستان جلسہ کرنے کی اجازت شرائط کیساتھ دی گئی ہے۔

  • نواز شریف نے رہنماؤں سے مہنگائی کم کرنے کی تجاویز مانگ لیں

    نواز شریف نے رہنماؤں سے مہنگائی کم کرنے کی تجاویز مانگ لیں

    لندن : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے رہنماؤں سے مہنگائی کم کرنے کی تجاویز مانگ لیں اور کہا کہا ہم اقتدار میں آگئے تو عوام کو کیا اور کیسے ریلیف دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے لندن میں ہونیوالے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، ذرائع نے بتایا کہ 2 سیشن میں ہونیوالے اجلاس میں رہنماؤں نے مختلف تجاویز دیں۔

    نوازشریف نے کہا خوشی ہے تمام ادارے اپنی حدود میں کام کررہے ہیں،، اگرماضی میں ایسا ہوتا توآج پاکستان کی صورتحال مختلف ہوتی۔

    مسلم لیگ ن کے قائد کا کہنا تھا کہ اقتدار ملا تو اولین ترجیح عام آدمی کوریلیف فراہم کرنا ہوگا، عوام کو ریلیف نہ دے سکنے والا اقتدار بے سود ہوگا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ اقتدارسنبھالنے سے قبل تمام حقائق قوم کے سامنے رکھیں گے، ملک میں سرمایہ کاری لانے کے لئے مختلف آپشنز موجود ہیں، بیرونی دنیا بالخصوص دوست ممالک کےساتھ رابطے میں ہوں، اس حوالے سے حوصلہ افزا پیشرفت ہوئی ہے۔

    نوازشریف نے اجلاس میں شرکا سے مہنگائی کم کرنے کی تجاویز مانگیں اور کہا ہم اقتدار میں آگئے تو عوام کو کیا اور کیسے ریلیف دیں گے۔

  • نواز شریف کی وطن واپسی ، مسلم لیگ ن نے بڑا فیصلہ کرلیا

    نواز شریف کی وطن واپسی ، مسلم لیگ ن نے بڑا فیصلہ کرلیا

    لاہور : مسلم لیگ ن نے قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، نواز شریف کو ایئرپورٹ سے بڑی ریلی کی صورت میں جلسہ گاہ لے جایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر ریلی اور جلسہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، پارٹی ذرائع نے کہا ہے کہ پارٹی کی جانب سے نواز شریف کی واپسی پر جلسہ گاہ کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی نواز شریف کی وطن واپسی پر مینار پاکستان پر جلسہ کرے گی، نواز شریف کو ایئرپورٹ سے بڑی ریلی کی صورت میں جلسہ گاہ لے جایا جائے گا۔

    نواز شریف اور دیگر قیادت بلٹ پروف کنٹینر پر ریلی میں سفر کریں گے ، کی ریلی کے لئے بلٹ پروف ٹرک کنٹینرز بھی بنایا جائے گا۔

    لاہور:نواز شریف کے جلسے کے لئے لاہور میں 5 مقامات زیرغور تھے تاہم جلسے کے مقام کی حتمی منظوری نواز شریف نے دی۔

    پارٹی کی جانب سے ملک بھر سے پارٹی کارکنان کو 21اکتوبر کو لاہور پہنچنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہے۔

  • مسلم  لیگ ن کا  آئندہ عام انتخابات میں کسی جماعت سے اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ

    مسلم لیگ ن کا آئندہ عام انتخابات میں کسی جماعت سے اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ

    لندن : مسلم لیگ ن نے آئندہ عام انتخابات میں کسی جماعت سے اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا اور کہا پنجاب میں تمام نشستوں پر اپنے امیدوار نامزد کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کے لندن میں اجلاس کا احوال سامنے آگیا ، پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے21اکتوبر کی تاریخ کی تجویزشہباز شریف نے دی اور شہباز شریف کی تجویز سےسب نے اتفاق کیا۔

    پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے آئندہ عام انتخابات میں کسی جماعت سے اتحاد نہ کرنے اور پنجاب میں تمام نشستوں پر اپنے امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ن لیگ نے کےپی اور بلوچستان میں مقامی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور اتحاد کا فیصلہ کیا ہے ، کے پی میں جے یو آئی ف سمیت دیگر ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر غور ہوگا جبکہ بلوچستان میں باپ پارٹی ودیگر قوم پرست جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ ہوا۔

    ن لیگی ذرائع نے بتایا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں انتخابی مہم کی قیادت نواز شریف کریں گے ، نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کیلئےمریم نواز نے ہم خیال رہنماؤں کو جاتی امرابلا لیا ہے، رانا ثنا اللہ،جاوید لطیف،ملک سیف الملوک کھوکھر،طلال چوہدری مریم نواز سے ملاقات کریں گے۔

  • الیکشن کمیشن آج انتخابی عمل پر مسلم لیگ ن سے مشاورت کرے گا

    الیکشن کمیشن آج انتخابی عمل پر مسلم لیگ ن سے مشاورت کرے گا

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کا 7 رکنی وفد آج چیف الیکشن کمشنر وممبران سے ملاقات کرے گا، جس میں انتخابات کے شیڈول اور تاریخ سے متعلق مشاورت کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آج انتخابی عمل پر مسلم لیگ ن سے مشاورت کرے گا ، ن لیگ کا 7 رکنی پارٹی وفد آج صبح 11 بجےچیف الیکشن کمشنر وممبران سے ملاقات کرے گا۔

    وفد میں احسن اقبال، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، زاہدحامد،راناثنااللہ ، خواجہ سعدرفیق، انجینئر امیر مقام اور عطااللہ تارڑ شامل ہیں۔

    ملاقات میں ن لیگی وفد سے انتخابات کے شیڈول اور تاریخ سے متعلق مشاورت کی جائے گی اور الیکشن کمیشن آئندہ الیکشن کے روڈ میپ پر بھی مشاورت کرے گا۔

    الیکشن کمیشن 29 اگست کو پاکستان پیپلز پارٹی سے بھی مشاورت کادعوت نامہ ارسال کرچکا ہے جبکہ گزشتہ روز پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے وفد نے الیکشن کمیشن سے مشاورت کی تھی۔

    گذشتہ روز ملک میں آئندہ عام انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے وفد سے ملاقاتیں کی تھی۔

    بیرسٹر علی ظفر نے بتایا تھا کہ ہم نے ملاقات میں 90 روز کے اندر الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنانے کا مطالبہ سامنے رکھ دیا، مولانا عبدالغفور حیدری بولے ہم آئین کے دائرے میں شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔

    مولانا عبدالغفورحیدری کا کہنا تھا کہ ہماری چیف الیکشن کمشنر سے ایک گھنٹہ سے زائد ہماری مشاورت جاری رہی جس میں ہم نےالیکشن کمیشن کو اپنا مؤقف دہرایا کہ ہم آئین کے دائرے میں شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔

  • پُرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام کا بل سینیٹ کیسے آیا؟ پی پی اور مسلم لیگ ن آمنے سامنے

    پُرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام کا بل سینیٹ کیسے آیا؟ پی پی اور مسلم لیگ ن آمنے سامنے

    اسلام آباد : پرتشددانتہاپسندی کی روک تھام کا بل سینیٹ میں پیش کئے جانے پر پی پی اور مسلم لیگ نون آمنے سامنے آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پرتشدد انتہاپسندی کی روک تھام کے بل پر اپوزیشن کو اعتراضات اور اتحادیوں کو بھی تحفظات ہیں، بل ایوان پیش کرنے پر اتحادی جماعتوں میں کھینچا تانی شروع ہوگئی۔

    وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے وزیراعظم کو کلین چٹ دےدی اور کہا بل حکومت نے پیش نہیں کیا یہ گزشتہ دور حکومت میں تیار کیا گیا بل ایوان کو بھیجا گیا۔

    متعلقہ وزیرکی عدم موجودگی پر شہادت اعوان نے پیش کیا، شہادت اعوان کو سینیٹ میں بل ٹیبل کرنے پر لینے کے دینے پڑگئے اور پارٹی قیادت کووضاحتیں دینا پڑی۔

    مجوزہ ترامیم کادفاع کرنے پرپی پی قیادت نے شیری رحمان پر بھی اظہار برہمی کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی قیادت کا موقف ہے کہ یہ بل مسلم لیگ ن کی جانب سے کیوں پیش نہیں کیا گیا اور بل پر کئے جانے والے اعتراضات کے جواب شیری رحمان نے کیوں دیئے؟ ن لیگ کی جانب سے بل پر پی پی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق پی پی قیادت اعتماد میں نہ لینے پر حکومت سے ناراض ہے۔

  • نگران سیٹ اپ کے لئے مشاورت  ، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی میں آج ملاقات پر اتفاق

    نگران سیٹ اپ کے لئے مشاورت ، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی میں آج ملاقات پر اتفاق

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے نگران سیٹ اپ پر مشاورت آج ملاقات پر اتفاق کرلیا،پیپلزپارٹی نگران وزیراعظم کیلئے نام   پیش کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق نگران سیٹ اپ کے لئے مشاورت کا عمل تیز کردیا گیا، اس حوالے سے مسلم لیگ ن نے پیپلزپارٹی سے رابطہ کیا، جس میں آج ملاقات پر اتفاق ہوگیا۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگی کمیٹی کے درمیان مشاورت کا تیسرا دور ہو گا،پیپلزپارٹی نے نگران وزیراعظم کیلئے ناموں پر مشاورت مکمل کر لی ہے۔

    پی پی ذرائع کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نگران وزیراعظم کیلئے نام آج پیش کرے گی، آصف زرداری کو نگران وزیراعظم کیلئے ناموں پر اعتماد میں لیا گیا ہے ، آصف زرداری نجی دورے پر یورپ میں ہیں۔

  • انتخابات کی تیاری، ن لیگ کے منشورکی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل

    انتخابات کی تیاری، ن لیگ کے منشورکی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل

    مسلم لیگ ن کے انتخابی منشورکی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئیں، نوازشریف کی ہدایت پر بنائی گئی منشور کمیٹی نے اپنا کام مکمل کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آئندہ انتخابات کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ن کے انتخابی منشورکی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں، میاں محمد نوازشریف کی ہدایت پر بنائی گئی منشور کمیٹی کی جانب سے کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

    پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے سفارشات نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کو پیش کر دی ہیں، نواز شریف پارٹی کے نئے انتخابی منشور کی حتمی منظوری دیں گے۔

    وطن واپسی کے بعد نواز شریف کی طرف سے منشور کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا، منشور میں نوجوانوں کو بہتر مستقبل کے ساتھ ملازمتوں کے نئے مواقع دینےکا وعدہ کیا جائے گا۔

    پارٹی ذرائع نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ منشور میں معاشی بحران کو حل کر کے ملک کو خوشحال بنانے کا وعدہ بھی کیا جائے گا، ملک بھر میں بااختیار بلدیاتی نظام قائم کرنا بھی منشور کا لازمی حصہ ہو گا۔

    ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ زراعت، تعلیم، صحت، امن و امان اور نئے ترقیاتی منصوبے بھی منشور کا حصہ ہوں گے۔

  • کارکنان کو  نواز شریف کے استقبال  کے لئے  بھرپور تیاریوں کی ہدایت

    کارکنان کو نواز شریف کے استقبال کے لئے بھرپور تیاریوں کی ہدایت

    لاہور :‌ مسلم لیگ ن نے قائد نوازشریف کے استقبال کے لئے بھرپور تیاریوں کی ہدایت کردی اور کہا پارٹی کسی بھی وقت نوازشریف کی واپسی کااعلان کرسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے معاملے پر ن لیگ نے ہدایت نامہ جاری کردیا، جس میں ن لیگی کارکنوں کو نواز شریف کے استقبال کے لیے بھر پور تیاریوں کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ن لیگ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ قومی اور صوبائی ٹکٹ ہولڈر یوسی سطح پر نواز شریف کےاستقبال کی تیاریاں کریں۔

    خط میں کہا گیا کہ ڈویژنل اورضلعی صدر، جنرل سیکرٹریز استقبال کی تیاریاں فوری شروع کریں،پارٹی کسی بھی وقت نوازشریف کی وطن واپسی کا اعلان کرسکتی ہے۔

  • ن لیگ اور پی پی ایک پیج پر نہیں آ سکیں، آج پھر سیاسی بیٹھک کا امکان

    ن لیگ اور پی پی ایک پیج پر نہیں آ سکیں، آج پھر سیاسی بیٹھک کا امکان

    دبئی: مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت گزشتہ روز ملاقات کے بعد بیشتر معاملات پر ایک پیج نہیں آسکیں ہیں۔

    ذرائع کے مطابق دبئی میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی قیادت میں آج پھر سیاسی بیٹھک کا امکان ہے، دونوں پارٹی نے مزید معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

    ذرائع پیپلز پارٹی کا بتانا ہے کہ ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر کوئی بات نہیں ہوئی، سابق صدر  آصف زرداری نے ن لیگ سے میثاق معیشت پر بات کی۔

    ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ ملاقات میں نگراں سیٹ اپ اور آئندہ کے لائحہ عمل غور کیا  گیا، پیپلز پارٹی قیادت نے ن لیگ قیادت کو واضح کیا کہ اکتوبر یا نومبر میں الیکشن چاہتے ہیں۔

    ذرائع پیپلز پارٹی نے بتایا کہ آصف زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو تاحال دبئی میں موجود ہیں۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ استحکام پاکستان پارٹی کے عون چوہدری بھی جہانگیرترین کا پیغام لیکر دبئی پہنچ گئے ہیں، عون چوہدری پی پی اور ن لیگ قیادت سے الگ الگ ملاقاتوں میں پیغام پہنچائیں گے۔