Tag: مسلم لیگ ن

  • مسلم لیگ میری اپنی پارٹی ہے، جاوید ہاشمی

    مسلم لیگ میری اپنی پارٹی ہے، جاوید ہاشمی

    اسلام آباد: جاوید ہاشمی نے اپنے سیاسی کیرئرکی سب سے بڑی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ان کی اپنی پارٹی ہے۔

    اے آروائی نیوزکے پروگرام ’الیونتھ ہاور‘ میں ایک سوال کے جواب دیتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ میرے سیاسی کیرئرکی سب سے بڑی غلطی ضیا الحق کی آمرانہ کابینہ کا حصہ بننا تھا ، اس کے علاوہ میں نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا جس پرپچھتاوا ہو۔

    ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کی بد قمسمتی ہے کبھی کوئی آمراس پر تسلط جما لیتا ہے تو کبھی وہ کسی جاگیرداریاسرمایہ دارکی گرفت میں چلی جاتی ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اپنے بچوں کو وصیت کری ہے کہ میں تحریک انصاف کا حصہ ہوں لیکن مجھے مسلم لیگ ن کے پرچم میں لپیٹ کردفن کرنا۔

    تحریکِ انصاف میں شمولیت کی وجہ کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ میں چاہتا تھا کہ میری زندگی کے جو چند سال بچے ہیں انہوں میں نوجوانوں کی سیاسی تربیت میں صرف کروں لیکن مسلم لیگ ن میں مجھے ایسا کرنے کے مواقع میسرنہیں تھے اسی لئے میں پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی کہ یہ نوجوان قیادت ہےاورنوجوانوں کی سیاسی تربیت میں اہم کردارادا کرسکے گی۔

    انہوں نے شاہ محمود قریشی کے دورۂ ملتان کے دوران دئیے گئے بیان پرافسوس کا اظہار بھی کیا کہ انہوں اپنے معیار کے مطابق بات کرنی چاہئیے۔

  • خیبرپختونخوا میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، چوہدری نثار

    خیبرپختونخوا میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، چوہدری نثار

    اسلام آباد: چوہدری نثار نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں اس وقت صوبے کو وزیراعلیٰ کی ضرورت ہے جس کے لیے وزیراعلیٰ کی گمشدگی کے اشتہار شائع کیے جائیں۔

    قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کو سیکیورٹی سے متعلق مشکل صورتحال کا سامنا ہے جہاں سب سے سنگین سکیورٹی خدشات خیبرپختونخوا میں ہیں جبکہ صوبے میں آئی ڈی پیز اور فوجی آپریشن بھی اپنی جگہ ہے اور ایسے موقع پر جب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی سب سے زیادہ ضرورت ان کے صوبے میں ہے بلکہ وہ وہاں کے مسائل پر توجہ دینے کی بجائے انقلاب برپا کرنے اسلام آباد میں آگئے ہیں۔

    چوہدری نثارعلی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، ریاستی اداروں پر حملے کرنے والوں کی تصاویر شائع کی جارہی ہیں، صوبے میں شدید سکیورٹی خدشات ہیں اور وہاں بہتر گورننس کی ضرورت ہے لیکن صوبے کے وزیراعلیٰ وہاں سے غائب ہیں اس صورتحال میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی گمشدگی کے اشتہار شائع کیے جائیں۔

  • نوازشریف وزیراعظم رہنےکاحق کھوچکےہیں، لیاقت جتوئی

    نوازشریف وزیراعظم رہنےکاحق کھوچکےہیں، لیاقت جتوئی

    کراچی: سندھ کے سابق وزیر ِ اعلیٰ اور مسلم لیگ ن کے رہنماء لیاقت جتوئی نے وزیراعظم نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ وزیراعظم اورکابینہ ارکان پر قتل اورکرپشن کے الزامات ہیں، وہ حکومت میں رہنے کا حق کھو چکے ہیں۔

     لیاقت جتوئی نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف فوری طور پر استعفی دیں اورملک میں قومی حکومت قائم کی جائے، جو چھ ماہ تک اصلاحات کرتے ہوئے کرپٹ سیاست دانوں اور بیورو کریٹس کے خلاف کاروائی کرے۔ پھر نئے الیکشن کرائے جائیں۔

    لیاقت جتوئی کا مزید کہنا تھا دوہزار تیرہ کے انتخابات میں لاہور کے انار کلی بازار اورکراچی کے پاکستان بازار میں لاکھوں بیلٹ پیپر چھاپے گئے جنہیں الیکشن سے دو روز قبل ایسے منظور نظر امیدواروں میں تقسیم کیے گئے۔ جنہیں انتخابات میں شکست کا ڈر تھا۔

  • دھرنوں سے معیشت کوایک ہزارارب کا دھچکا لگا،حکومتی جواب

    دھرنوں سے معیشت کوایک ہزارارب کا دھچکا لگا،حکومتی جواب

    اسلام آباد:  پاکستان مسلم لیگ ن نے دھرنوں سے متعلق جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا ہے ، جواب میں کہا گیا ہے کہ دھرنوں سے معیشت کو ایک ہزارارب روپے سے زائد کا دھچکا لگاہے۔

    سپریم کورٹ میں دھرنوں سے متعلق جمع کرائے گئے جواب میں مسلم لیگ ن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنے آرٹیکل چاراور پانچ کے منافی ہیں، دونوں جماعتوں کے رہنما آزادی اظہار رائےکا غلط استعمال کررہے ہیں، دھرنوں کی وجہ سےعام شہریوں کی نقل وحرکت کاحق تلف نہیں کیا جاسکتا۔

    مسلم  لیگ ن نے جواب میں کہا ہےکہ انتخابات میں دھندلی کی شکایت کا واحد راستہ الیکشن پٹیشن دائر کرنا ہوتا ہے، پی ٹی آئی نے کئی الیکشن پٹیشنز دائر کر رکھی ہیں، جس کے بعد دھرنوں کا جواز نہیں رہتا، دونوں جماعتوں نے بدنیتی سے ہاتھ ملایا۔

    جواب میں کہا ہے کہ آزادی اورانقلاب مارچ سے امن وامان کی صورتحال کو سخت نقصان پہنچا جبکہ معیشت کوایک ہزارارب روپے سے زائدکادھچکا لگا۔

    جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ دوست ملک کے صدر دھرنوں کی وجہ سے نہیں آسکے، جس سے بین الاقوامی طور پر بدنامی ہوئی، آئینِ پاکستان تمام شہریوں کے تحفظ کی بات کرتا ہے چند لوگوں کی نہیں۔

  • عمران خان کی غیرذمہ دارانہ تقاریر سے وفاق کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے، احسن اقبال

    عمران خان کی غیرذمہ دارانہ تقاریر سے وفاق کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے، احسن اقبال

    اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت اور فوج ہم آہنگ ہے، کچھ لوگوں نے غلط فہمیاں پیدا کرنے کی جو سازش کی تھی وہ ناکام ہوگئی ہے ۔

    وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشے رحمان کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی غیرذمہ دارانہ تقاریر سے وفاق کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے، ملک میں خانہ جنگی شروع ہوسکتی ہے،دھرنوں سے ملکی معیشت کو ایک ہزار ارب کا دھچکا لگ چکا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان عوام کو یہ ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ ملک میں اس وقت وہی ایک سچے اور پارسا ہیں باقی سب بدیانت اور ملک دشمن ہیں، جتنے محب وطن عمران خان ہیں اتنے ہی دیگر سیاستدان بھی ہیں، بلوچستان کے حوالے سے عمران خان کی ہرزہ سرائی بلوچوں کو اشتعال دلانے کے مترادف ہے، مولانا فضل الرحمان کے عقیدت مند بھی غصےء سے بپھرے بیٹھے ہیں۔

    احسن اقبال نے کہا کہ یہ الزام سراسر غلط ہے کہ چینی صدر سود پر قرضہ دینے آرہے تھے۔ چین سے ایک ہزار میگاواٹ کے بجلی گھر لگانے کا معاہدہ آئی پی پیز کی طرز پر ہوا تھا اور یہ اس پالیسی کے تحت کیا گیا تھا کہ کوئی بھی شخص بجلی گھر لگا کر بجلی فروخت کرسکتا ہے۔ اس بات کا عمران خان کو بھی علم تھا کیونکہ اگر لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی اور خوشحالی آگئی تو وہ دس سال تک ملک کے وزیراعظم نہیں بن سکیں گے۔

    انوشے رحمان نے دھاندلی کے حوالے سے کہا کہ جن پینتیس پنکچر کی بات کی جاتی ہے وہ ملک بھر سے ہے۔ پنجاب کے صرف بارہ حلقے ان میں آتے ہیں جن میں سے ن لیگ صرف سات نشستوں پرجیتی ہے۔

  • مذاکرات اچھےاورمثبت ماحول میں ہورہےہیں، احسن اقبال

    مذاکرات اچھےاورمثبت ماحول میں ہورہےہیں، احسن اقبال

    اسلام آباد: پی اے ٹی کے مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کے بعد احسن اقبال کا کہنا تھا کہ مذاکرات اچھے اورمثبت ماحول میں ہوئے ہیں کل چار بجے دوبارہ بیٹھک طے ہوئی ہے۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں سے دھرنے ختم کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ موجودہ صورتحال میں تمام توجہ سیلاب متاثرین پر ہونی چاہئے، دھرنے ختم کریں تاکہ مل کر امدادی کام کر سکیں۔

    اس موقع پرپی اے ٹی کے رہنما رحیق عباسی کا کہنا ہے کہ مذاکرات پریقین رکھتے ہیں اوراسی طرح مسئلے کاحل چاہتے ہیں کوشش کررہے ہیں، آئینی مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔

    حکومتی مذاکراتی وفد میں احس اقبال اور عبدالقادر بلوچ شامل تھے جبکہ پاکستان عوامی تحریک کے وفد میں رحیق عباسی،خرم نواز گنڈاپور اور صاحبزادہ حامد رضا شامل تھے۔

  • مسلم لیگ ن کے رہنما لیاقت جتوئی نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا

    مسلم لیگ ن کے رہنما لیاقت جتوئی نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا

    کراچی: پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے صوبائی چیف اورگنائزر لیاقت جتوئی نے احتجاجا پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔

    مسلم لیگ ن کے ترجمان کے مطابق لیاقت جتوئی نے وفاقی حکومت کی جانب سے اسلام آباد میں تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں پر تشدد کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا، لیاقت جتوئی کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاون اوراسلام آباد میں پولیس تشدد کے خلاف احتجاجا مستعفی ہورہا ہوں۔

    اسلام آباد میں تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں کی وزیراعظم ہاؤس کی جانب پیش قدمی پر ریڈ زون میدان جنگ بن گیا۔ شیلنگ، پتھراو اور ربڑ کی گولیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں اب تک تین افراد جاں بحق جبکہ چار سو پچاس سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

  • مذاکرات کے راستے بند ہوئے تو فوج کو سہولت کار کے طور پر لایا گیا،عابد شیر

    مذاکرات کے راستے بند ہوئے تو فوج کو سہولت کار کے طور پر لایا گیا،عابد شیر

    ملتان : وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ فوج پاکستان کے کان اور آنکھیں ہے،  مذاکرات کے راستے بند ہوگئے تو فوج کو سہولت کار کے طور پر لایا گیا۔

    مسلم لیگی رہنما رانا محمودالحسن کے گھر پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آتے ہی سازشیں شروع ہوجاتی ہیں، انہوں نے کہا کہ چند ہزارلوگوں کو اسلام آباد میں بٹھا کر حکومت کے خلاف سازش کی جارہی ہے، میڈیا کو کنٹرول کرکے سازش پھیلائی جارہی ہے۔

    وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان ہر موقع پر یوٹرن لے لیتے ہیں، صبح سے شام تک طوطا کہانی چلتی ہے۔

    انہوں نے سوال کیا کہ دھرنا دینے والے پاکستان سے کیا چاہتے ہیں؟ انہوں نے فوج کو ملک کی آنکھیں اور کان قراردیتے ہوئے کہا کہ اگر فوج نے تعاون کیا تو کون سا جرم کیا؟ ہم نہیں چاہتے کہ فوج اور عوام آمنے سامنے ہوں۔

    عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنے والوں کو آزاد عدلیہ پر بھی اعتماد نہیں، ججوں کی مدت ملازمت ختم ہوجاتی ہے تو عمران خان یوٹرن لے لیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ قبریں کھود کرخون خرابے کا پیغام دیا جارہا ہے۔

  • پی پی اور ن لیگ مل کر ملک لوٹ رہے ہیں، ممتاز بھٹو

    پی پی اور ن لیگ مل کر ملک لوٹ رہے ہیں، ممتاز بھٹو

    کندھ کوٹ : مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ممتاز بھٹو کا کہنا ہے کہ پی پی اور ن لیگ مل کر ملک لوٹ رہے ہیں، سندھ سمیت پورے ملک میں انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے، شریف برادران کو مستعفی ہوجانا چاہیئے۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ممتاز بھٹوکا کندھ کوٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسلام آباد میں لگنے والے دھرنے کے بعد حکمرانوں کو استعفیٰ دے دینا چاہئے۔

    ممتاز بھٹو نے کہا کہ سندھ سمیت پورے ملک کے اندر انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے، ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے جبکہ ادارے تباہ ہوچکے ہیں ۔

    انہوں نے کہا کہ پی پی اور ن لیگ مل کر ملک لوٹ رہے ہیں اسی وجہ سے انہوں نے وفاقی مملکت کے وزیر سمیت دیگر سرکاری عہدے چھوڑ دیئے ہیں اور جلد ہی مشاورت کے بعد مسلم لیگ ن سے علیحدگی کا اعلان کریں گے۔

  • گوجرانوالہ: ن لیگ کی ریلی کیلئے سرکاری وسائل کااستعمال

    گوجرانوالہ: ن لیگ کی ریلی کیلئے سرکاری وسائل کااستعمال

    گوجرانوالہ: مسلم لیگ ن کی ریلی کو کامیاب بنانے کے لئے سرکاری وسائل کا بھرپوراستعمال کیا گیا۔ سرکاری محکموں کے ملازمین کومبینہ طورپرریلی میں شرکت پر مجبورکیا گیا۔ گوجرانوالہ میں مسلم لیگ ن کی طرف سے نکالی جانے والی استحکام پاکستان ریلی کو کامیاب بنانے کے لئے سرکاری وسائل کا بھرپوراستعمال کیا گیا۔

    محکمہ ہیلتھ ،ایجوکیشن ،سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے ورکروں اورمیونسپل کارپوریشن کے سیکڑوں ملازمین کوریلی میں شرکت کا پابند کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کی ریلی کی قیادت تین وزراء نے کی ۔ریلی میں کامونکی ،وزیرآباد،حافظ آباد اور نوشہرہ ورکاں سے ن لیگ کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    ریلی چندا قلعہ بائی پاس سے شروع ہو کر پنڈی بائی پاس پر اختتام پذیر ہوئی، مقررین نے خطاب میں پارلیمنٹ ہاؤس کےباہر دھرنوں پر کڑی تنقید کی اور پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے مطالبات کو غیرآئینی قراردیا، اس موقع پر شرکاءنے وزیراعظم  کی حمایت میں نعرے بازی بھی کی۔