Tag: مس مارول

  • مہوش حیات نئی ونڈر وومن: اداکارہ بھی اپنی خواہش زبان پر لے آئیں

    مہوش حیات نئی ونڈر وومن: اداکارہ بھی اپنی خواہش زبان پر لے آئیں

    معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے بھی ونڈر وومن بننے کی خواہش ظاہر کردی، مداح پہلے ہی ان کے ونڈر وومن فلم میں مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کیے جانے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔

    مہوش حیات مس مارول میں اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد مداحوں کے دل میں گھر کر گئیں، حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والی ویب سیریز مس مارول میں شاندار اداکاری دکھانے کے بعد مداحوں کو امید ہے کہ مہوش حیات کو اب ہولی وڈ سپر ہیرو وومن فلم ونڈر وومن میں بھی کاسٹ کیا جائے گا۔

    اب تک ونڈر وومن میں اسرائیلی نژاد امریکی اداکارہ گال گدوت مرکزی کردار ادا کرتی آئی ہیں۔

    مذکورہ سیریز کی دو فلمیں سامنے آچکی ہیں، جس میں گال گدوت کے کام کو سراہا گیا، تاہم مس مارول میں مہوش حیات کی اداکاری دیکھنے کے بعد کئی مداحوں نے خواہش ظاہر کی کہ اب پاکستانی اداکارہ کو اسرائیلی اداکارہ کی جگہ کاسٹ کیا جائے۔

    اب اس حوالے سے خود اداکارہ بھی اپنی دل کی بات زبان پر لے آئیں، اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر انہوں نے ایک تصویر شیئر کی جس میں انہیں ونڈر وومن کے روپ میں دکھایا گیا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Galaxy Lollywood (@galaxylollywood)

    مذکورہ تصویر میں ونڈر وومن کے کاسٹیوم میں گال گدوت کا چہرہ ایڈٹ کر کے ان کی جگہ مہوش حیات کا چہرہ لگایا گیا ہے، مہوش نے اپنی اسٹوریز پر تصویر شیئر کرتے ہوئے اسے شاندار قرار دیا۔

    ابھی تک مارول اسٹوڈیوز نے ونڈر وومن کی تیسری فلم بنانے کا واضح اعلان نہیں کیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ 2025 تک سیریز کی تیسری فلم ریلیز ہوگی۔

  • مہوش حیات اگلی ونڈر وومن؟

    مہوش حیات اگلی ونڈر وومن؟

    معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات مس مارول میں اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد مداحوں کے دل میں گھر کر گئیں، مداحوں کا کہنا ہے کہ اب انہیں ونڈر وومن فلم کے مرکزی کردار میں کاسٹ کیا جانا چاہیئے۔

    حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والی ویب سیریز مس مارول میں شاندار اداکاری دکھانے کے بعد مداحوں کو امید ہے کہ مہوش حیات کو اب ہولی وڈ سپر ہیرو وومن فلم ونڈر وومن میں بھی کاسٹ کیا جائے گا۔

    ونڈر وومن بھی مارول اسٹوڈیو کی ہی فلم ہے، جس میں اسرائیلی نژاد امریکی اداکارہ گال گدوت مرکزی کردار ادا کرتی آئی ہیں۔

    اب تک مذکورہ سیریز کی دو فلمیں سامنے آچکی ہیں، جس میں گال گدوت کے کام کو سراہا گیا، تاہم مس مارول میں مہوش حیات کی اداکاری دیکھنے کے بعد کئی مداحوں نے خواہش ظاہر کی کہ اب پاکستانی اداکارہ کو اسرائیلی اداکارہ کی جگہ کاسٹ کیا جائے۔

    ٹویٹر پر متعدد مداحوں نے مہوش حیات کو گال گدوت کا بہتر نعم البدل قرار دیتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ انہیں ونڈر وومن میں کاسٹ کیا جانا چاہیئے۔

    مداحوں کی خواہش کے بعد حال ہی میں مہوش حیات اپنی پاکستانی فلم لندن نہیں جاؤں گا کے پریمیئر میں شریک ہوئیں تو وہاں ان سے ونڈر وومن سے متعلق بھی سوال کیا گیا۔

    مہوش حیات نے مداحوں کی خواہش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مسکراکر جواب دیا اور امید کا اظہار کیا کہ مارول اسٹوڈیو مداحوں کی خواہش کا احترام کرے گا۔

    ابھی تک مارول اسٹوڈیو نے ونڈر وومن کی تیسری فلم بنانے کا واضح اعلان نہیں کیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ 2025 تک سیریز کی تیسری فلم ریلیز ہوگی۔

  • پاکستان لڑکی سپر ہیرو بننے میں کس طرح کامیاب ہوئی؟

    پاکستان لڑکی سپر ہیرو بننے میں کس طرح کامیاب ہوئی؟

    ہالی ووڈ کی تاریخ میں پہلی مسلمان اور پہلی پاکستانی نژاد خاتون سپر ہیرو کردار کمالہ خان پر بنائی گئی ویب سیریز مس مارول 8 جون کو دنیا بھر میں ڈزنی پلس پر ریلیز ہو رہی ہے جس کا چرچا دنیا بھر میں جاری ہے۔

    مذکورہ ویب سیریز کا مرکزی کردار کمالہ خان کا ہے جو کہ پاکستانی نژاد امریکی ریاست نیو جرسی کی منفرد صلاحیتوں کی مالک لڑکی ہوتی ہیں، جس طرح ویب سیریز کا مرکزی کردار پاکستانی ہے، اسی طرح اس کردار کو تخلیق کرنے والی خاتون ثنا امانت بھی پاکستانی نژاد ہیں۔

    ثنا امانت نے کمالہ خان کے کردار کو پہلی بار مارول کے کامک بکس میں سنہ 2013 میں متعارف کروایا تھا اور اب اس پر پہلی ویب سیریز بنائی گئی ہے۔

    کمالہ خان کے کردار کو ادا کرنے والی 19 سالہ لڑکی ایمان ولانی بھی پاکستانی نژاد ہیں جو صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پیدا ہونے کے بعد کینیڈا منتقل ہوگئی تھیں۔

    علاوہ ازیں مس مارول کے چار ہدایت کاروں میں سے ایک ہدایت کار شرمین عبید چنائے بھی پاکستانی ہیں جب کہ ویب سیریز کے دیگر اداکار بھی پاکستان سے لیے گئے ہیں۔

    مس مارول ویب سیریز کا حصہ بننے والے دیگر پاکستانی اداکاروں میں ثنا بچہ خان، مہوش حیات، فواد خان اور ثمینہ احمد بھی شامل ہیں۔

    مس مارول ویب سیریز کا حصہ بننے والی باقی تمام شخصیات پہلے ہی شوبز کا حصہ تھیں مگر ایمان ولانی پہلی بار اسکرین ڈیبیو کرنے جا رہی ہیں۔

    ایمان ولانی نے برطانوی اخبار دی گارجین کو بتایا کہ ان کی پیدائش کراچی میں ہوئی مگر پیدائش کے فوری بعد وہ والدین کے ہمراہ کینیڈا منتقل ہوگئیں اور وہ بچپن سے ہی کامک کرداروں کی دلدادہ تھیں۔

    ان کے مطابق وہ والدہ کی جانب سے ملنے والے خرچ کے 20 ڈالرز کو کامک کتابوں اور مکڈونلڈ کے کھانوں میں خرچ کرتی رہی ہیں مگر انہوں نے کبھی کامک کردار ادا کرنے یا اداکاری سے متعلق نہیں سوچا تھا۔

    ہائی اسکول کی تعلیم مکمل کرنے والی ایمان ولانی کے مطابق انہیں 2020 میں اپنی رشتے دار خاتون نے ایک واٹس ایپ میسیج بھیجا، جس میں مس مارول کے کردار کے آڈیشن کا ذکر تھا، جسے انہوں نے نظر انداز کردیا تھا۔

    ان کے مطابق بعد ازاں ان کی خاتون رشتے دار نے انہیں مکمل تفصیلات ای میل پر بھیجیں، جس کے بعد انہوں نے آڈیشن دینے کا سوچا اور 2020 کے آغاز میں ان کا ورچوئل آڈیشن ہوا۔

    ایمان ولانی نے بتایا کہ ہائی اسکول کے آخری دن انہیں معلوم ہوا کہ انہیں کمالہ خان کے کردار کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے اور وہ دن ان کی زندگی کا سب سے اہم دن تھا۔

    مس مارول ویب سیریز کو پاکستان میں رواں ماہ کے اختتام پر سینما گھروں میں پیش کیا جائے گا، کیوں کہ یہاں ڈزنی پلس ویب سائٹ کی سروس دستیاب نہیں۔

  • ویب سیریز ’مس مارول‘ میں کوک اسٹوڈیو کا مشہور گانا شامل

    ویب سیریز ’مس مارول‘ میں کوک اسٹوڈیو کا مشہور گانا شامل

    مارول سنیمیٹک اسٹوڈیوز اور ڈزنی پلس کی اگلی ویب سیریز ‘مس مارول’ کے حوالے سے دل چسپ تفصیلات سامنے آ رہی ہیں، اس سیریز کا شدت سے انتظار کرنے والے شائقین کو حیرت بھری خوشی ہوگی یہ جان کر کے اس میں کوک اسٹوڈیو کا ایک مشہور گانا بھی شامل کیا گیا ہے۔

    یہ پاکستانی سپر ہیرو لڑکی پر بنائی جانے والی پہلی ویب سیریز ہے، اس میں پہلی پاکستانی نژاد امریکی سپر ہیرو کمالہ خان کو متعارف کرایا گیا ہے، یہ کردار پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ ایمان ویلانی نے ادا کیا ہے، اور اب اس میں کوک اسٹوڈیو کا گانا ‘پیچھے ہٹ’ شامل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کے صحافی ہارون رشید نے اپنے ایک ٹوئٹ میں انکشاف کیا ہے کہ مس مارول میں نہ صرف پاکستانی گانا شامل ہے بلکہ اس میں بالی ووڈ فلموں کے ڈائیلاگز بھی شامل ہیں، اور سپر ہیرو لڑکی کمالہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی زبردست فین ہے۔

    انٹرٹینمنٹ رپورٹر نے لکھا کہ مس مارول کی دو قسطیں انھوں نے دیکھ لیں اور انھیں ویب سیریز میں جنوبی ایشیائی تڑکا دیکھ کر مزہ آ گیا۔

    واضح رہے کہ مس مارول کو امریکا سمیت دنیا بھر میں آئندہ ماہ 8 جون کو ڈزنی پلس پر ریلیز کیا جائے گا۔ ‘پیچھے ہٹ’ گانا رواں برس ریلیز ہونے والے کوک اسٹوڈیو کے سیزن میں شامل کیا گیا تھا، جسے نوجوان گلوکار حسن رحیم، طلعت قریشی اور جسٹن بیبز نے گایا۔

  • پہلی مسلمان سپر ہیرو مس مارول کا ٹریلر جاری، مداح خوشی سے دیوانے

    پہلی مسلمان سپر ہیرو مس مارول کا ٹریلر جاری، مداح خوشی سے دیوانے

    سائنس فکشن اور سپر ہیرو فلمیں اور ویب سیریز بنانے والے امریکی ہولی وڈ اسٹوڈیو مارول نے ڈزنی کے اشتراک کے ساتھ آنے والی مختصر ویب سیریز مس مارول کا ٹریلر جاری کردیا جس نے مداحوں کو دیوانہ کردیا۔

    مس مارول ویب سیریز کی مرکزی کہانی کمالہ خان نامی سپر ہیرو لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو کہ دراصل ایک پاکستانی نژاد لڑکی ہے۔

    یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی ویب سیریز کی کہانی نہ صرف پاکستانی بلکہ مسلم لڑکی کے گرد گھومے گی۔

    ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح سپر ہیروز سے متاثر نوعمر مسلمان لڑکی انہی کے جیسا بننے کی خواہش رکھتی ہے، لیکن ایک موقع پر وہ مایوسی سے کہتی ہے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ نیو جرسی کی براؤن لڑکیاں دنیا کو بچانے لگیں۔

    لیکن جلد ہی اسے غیر معمولی طاقتیں حاصل ہوجاتی ہیں جس کے بعد وہ سپر ہیرو بن جاتی ہے۔

    فلم میں پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ کی جھلک بھی موجود ہے جن کے کردار کا نام نجمہ ہے، علاوہ ازیں کئی مسلمان کردار دکھائے گئے ہیں جبکہ نماز ادا کیے جانے کے مناظر بھی فلم میں شامل ہیں۔

    کمالہ خان کا کردار 16 سالہ ایمان ولانی ادا کر رہی ہیں، وہ اس سے قبل بھی امریکی ڈراموں میں کام کرچکی ہیں۔

    ٹریلر کے مطابق سیریز کو رواں برس جون میں پیش کردیا جائے گا۔

  • فواد خان کی مس مارول کا حصہ بننے کی تصدیق

    فواد خان کی مس مارول کا حصہ بننے کی تصدیق

    معروف پاکستانی اداکار فواد خان نے امریکی ویب سیریز مس مارول کا حصہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سیریز کی شوٹنگ ان کے لیے ایک زبردست تجربہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق فواد خان نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ سیریز مس مارول کا حصہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وہ اس بات سے انکار نہیں کر سکتے، اور اب تو وہ جھوٹ بھی نہیں بول سکتے کیونکہ پروڈکشن ٹیم نے خود ہی یہ خبر پھیلا دی ہے۔

    فواد خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جس کاسٹ کے ساتھ اور جن لوگوں کے ساتھ کام کیا، وہ بہت اچھے تھے لیکن انہیں افسوس ہے کہ اس وقت وہ اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔

    یاد رہے کہ پچھلے کچھ عرصے سے فواد خان کے بارے میں یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ انہیں امریکی ویب سیریز مس مارول کی کاسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔

    ڈزنی پلس کی یہ سیریز مس مارول، مارول اسٹوڈیوز کے پہلے مسلمان کردار کے بارے میں ہے۔

  • کیپٹن مارول 2: 16 سالہ پاکستانی نژاد اداکارہ بھی فلم میں شامل

    کیپٹن مارول 2: 16 سالہ پاکستانی نژاد اداکارہ بھی فلم میں شامل

    ہولی وڈ سائنس فکشن سپر ہیرو فلمیں بنانے والے ادارے مارول اسٹوڈیو نے پہلی سپر وومن ویب سیریز مس مارول میں مرکزی کردار ادا کرنے والی پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ 16 سالہ ایمان ولانی کو آنے والی سائنس فکشن فلم کیپٹن مارول 2 میں کاسٹ کرلیا ہے۔

    ایک انٹرٹینمنٹ رپورٹ کے مطابق سیریز کی دوسری فلم میں پاکستانی نژاد اداکارہ بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

    کیپٹن مارول کی پہلی فلم سنہ 2019 میں عالمی یوم خواتین پر ریلیز کی گئی تھی، جس نے ریکارڈ کمائی کی تھی۔ اس فلم میں کیپٹن مارول کا کردار اداکارہ بری لارسن نے ادا کیا تھا۔

    کیپٹن مارول کا سپر ہیرو سائنس فکشن کردار مذکورہ فلم سے قبل متعدد فلموں، ویب سیریز اور کتابوں میں دکھایا جا چکا تھا، تاہم پہلی بار اس کردار پر بنائی گئی فلم کو گزشتہ برس ریلیز کیا گیا تھا۔

    اب اس کردار کی دوسری فلم کو سنہ 2022 تک ریلیز کیا جائے گا جس میں کئی نئے کردار شامل کیے جائیں گے اور ان کرداروں میں پہلی مسلم سپر ہیرو وومن کا کردار مس مارول بھی شامل ہوگا۔

    مس مارول کے کردار کا نام کمالہ خان ہوتا ہے جو ایک پاکستانی نژاد امریکی خاتون ہوتی ہیں، اور جو خصوصی صلاحیتوں کی مالک ہوتی ہیں۔

    اسی کردار پر مارول اسٹوڈیو نے مس مارول کے نام سے ویب سیریز بنانے کا اعلان کر رکھا ہے، جسے 2021 کے وسط تک ریلیز کیا جائے گا، جس میں پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ بھی اہم کردار میں دکھائی دیں گی۔

    مس مارول کا کردار ادا کرنے والی پاکستانی نژاد 16 سالہ ایمان ولانی اب ہولی وڈ فلم کیپٹن مارول میں ایکشن میں دکھائی دیں گی، فلم میں وہ پاکستانی نژاد مسلم سپر ہیرو لڑکی کمالہ خان کا کردار ہی ادا کریں گی۔

    مارول اسٹوڈیو کے مطابق 2019 کی مقبول فلم کیپٹن مارول کی سیکوئل فلم کو 2022 میں ریلیز کیا جائے گا اور اس میں کمالہ خان کے کردار سمیت دیگر کردار بھی شامل کیے جائیں گے۔

    فلم کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ کیپٹن مارول 2 کی ہدایت کاری پہلی بار ایک سیاہ فام خاتون دیں گی، نیا ڈکوسٹا اس سے قبل متعدد فلم و ٹی وی منصوبوں کی ہدایت کاری کے فرائض انجام دے چکی ہیں۔