Tag: مشتاق رئیسانی

  • میگا کرپشن اسکینڈل کے مرکزی ملزم مشتاق رئیسانی کی ضمانت منظور

    میگا کرپشن اسکینڈل کے مرکزی ملزم مشتاق رئیسانی کی ضمانت منظور

    کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ نے میگا کرپشن اسکینڈل کے مرکزی ملزم سابق سیکریٹری خزانہ بلوچستان مشتاق احمد رئیسانی اور سابق مشیر خزانہ خالد لانگو کی ضمانت منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان ہائیکورٹ نے میگا کرپشن اسکینڈل کے مرکزی ملزمان مشتاق رئیسانی اور خالد لانگو کی ضمانت 50، 50 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔

    میگا کرپشن اسکینڈل سنہ 2016 میں اس وقت سامنے آیا جب مشتاق رئیسانی کو ان کے دفتر سے گرفتار کیا گیا بعد ازاں ان کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔

    مزید پڑھیں: نیب سے پلی بارگین، مشتاق رئیسانی ایف بی آر کے نرغے میں

    چھاپے کے دوران مشتاق رئیسانی کے گھر سے 63 کروڑ روپے کی نقدی، کروڑوں روپے مالیت کے زیورات اور پرائز بانڈ برآمد ہوئے تھے۔

    بعد ازاں قومی احتساب بیورو (نیب) نے صوبائی مشیر خزانہ خالد لانگو کو بھی حراست میں لے لیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • خالد لانگو سے پلی بارگین کیوں کی؟ عدالت برہم، ویڈیو طلب

    خالد لانگو سے پلی بارگین کیوں کی؟ عدالت برہم، ویڈیو طلب

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نیب سے سابق وزیر بلوچستان مشتاق رئیسانی اور مشیر خالد لانگو کے گھر پر چھاپے کے دوران رقم برآمد کرنے کی ویڈیو طلب کرلی، عدالت نے چیئرمین نیب سے کہا ہے کہ گھر سے اتنی بڑی تعداد میں رقم کے بعد پلی بارگین کی درخواست کیوں منظور کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس دوست محمد خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر خالد لانگو کی درخواست کی سماعت  کی دوران سماعت جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیے کہ چیئرمین نیب نے کس قانون کے تحت مشتاق رئیسانی سے درآمد شدہ رقم پر بارگین کی۔

    سپریم کورٹ نے نیب سے مشتاق رئیسانی کے گھر پر چھاپے کے دوران رقم برآمدگی کی ویڈیو اور پلی بارگین کی خلاف ضابطہ اجازت دئیے جانے کا تحریری جواب  طلب کر لیا۔ عدالت کا کہنا ہے گھر سے بحق سرکار ضبط کی گئی رقم دو مکانات اور گاڑی برآمد ہونے کے باوجود پلی بارگین کیوں کی گئی کیونکہ یہ مختلف ٹیکسوں سے حاصل کی گئی وہ رقم ہے جس سے آپ کو اور ہمیں تنخواہیں ملتی ہیں۔

    پڑھیں: ’’ نیب ترمیمی آرڈیننس جاری، پلی بارگین کا اختیار عدالت کے سپرد ‘‘

    جسٹس فائز عیسیٰ نے کہا کہ نیب سے زیادہ تو وہ ملزم ایماندار ہے جس نے اپنا جرم تسلیم کیا اور لوٹی ہوئی رقم واپس دینے پر رضا مند ہوا، جسٹس قاضی فائز عیسی نے چیرمین نیب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے اپنی اتھارٹی کا غلط استعمال کیا، خالد لانگو کی پلی بارگین درخواست منظور کرنے پرچیئرمین کے خلاف کاروائی کا کیس بن سکتاہے۔

    جسٹس دوست محمد خان نے استفسار کیا عدالت کے جو شکوک شبہات ہیں انکو نیب دور کیوں نہیں کرتی؟ چیرمین نیب قمر الزمان نے عدالت کو بتایا کہ چھاپے کے دوران65 کروڑ نقدی، 3 کلو گرام سونا اور کئی گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں، انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہنیب کے ضابطے میں پلی بارگین کا ضابطہ کار 12 سال پہلے تیار کیا گیا تھا، پلی بارگین ریفرنس کی انکوائری کرنے کا آخری حکم چیئرمین دیتا ہے۔

    مزید پڑھیں: ’’ پلی بارگین پرسپریم کورٹ کا اظہاربرہمی ‘‘

    پراسیکیوٹر جنرل نیب نے عدالت کو بتایا کہ مشتاق رئیسانی کے ساتھ پلی بارگین کی منظوری ڈی جی نیب کوئٹہ کی سفارش پر دی گئی ،جس کےبعد بورڈ نے ملزم کی درخواست کو منظور کیا۔ جسٹس قاضی فائز عیسی کا کہنا تھا نیب نے خود اپنے قانون اور قوائد کی خلاف ورزی کی ہے، عدالت نے رقوم کی برامدگی کی ویڈیو ریکارڈنگ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 9 فروری تک ملتوی کر دی۔

  • نیب سے پلی بارگین کرنے کے بعد مشتاق رئیسانی ایف بی آر کے نرغے میں

    نیب سے پلی بارگین کرنے کے بعد مشتاق رئیسانی ایف بی آر کے نرغے میں

    کوئٹہ: بلوچستان میگا کرپشن کیس میں نیب سے پلی بارگین کرنے والے مشتاق رئیسانی اور سہیل مجید ایف بی آر کے نرغے میں آگئے۔ دونوں ملزمان کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کا نوٹس دے دیا۔

    بلوچستان کے مشہور زمانہ میگا کرپشن کیس میں ملوث سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور ٹھیکیدار سہیل مجید کے خلاف ایف بی آر نے ٹیکسز کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر ایف بی آر بلوچستان کی سربراہی میں ٹیم نے سول اسپتال کے جیل وارڈ میں قید دونوں ملزمان کو سنہ 2016 کے ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے نوٹسز تھما دیے۔

    حکام کے مطابق اثاثہ کی نوعیت جو بھی ہو، ملکیت میں ہونے پر ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔ دونوں ملزمان نے نیب کے سامنے ملکیت میں رہنے والی رقم اور جائیدادوں کا اعتراف کیا جس پر قانون حرکت میں آگیا۔

    نوٹسز میں دونوں ملزمان کو 9 جنوری تک ٹیکس ریٹرنز جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ناکامی کی صورت میں دونوں ملزمان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

  • نیب کرپشن کوفروغ دے رہا ہے،عمران خان

    نیب کرپشن کوفروغ دے رہا ہے،عمران خان

    اسلام آباد :چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہناہےکہ نیب کرپشن کوفروغ دے رہا ہے،نیب یہی سکھا رہاہے کہ جرم کرو اورپیسہ دے دو۔

    تفصیلات کےمطابق بلوچستان میگا کرپشن اسکینڈل میں پلی بارگین پرعمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں کہا کہ نیب کرپشن کوفروغ دے رہا ہے۔نیب یہی سکھا رہاہے کہ جرم کرو اورپیسہ دے دو۔

    چیئرمین تحریک انصاف نےاپنی ایک اور ٹویٹ میں سابق صدر پرویز مشرف کےبیان کاحوالہ دیتے ہوئے کہا مشرف کا دعویٰ اس بات کو تقویت دیتا ہے کہ طاقتورقانون توڑ کر بھی سزا سے بچ سکتا ہے۔

    مزید پڑھیں:اربوں‌ روپے کا کرپشن کیس 2 ارب روپے کے عوض بند کرنے کی منظوری

    واضح رہے کہ گزشتہ روزچیئرمین نیب کی زیرصدارت ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں سیکریٹری خزانہ بلوچستان اور مشیر خالد لانگو کی جانب سے دائر پلی بارگین کی درخواستوں کو منظور کرکے ملزمان کو قومی خزانے میں 2 ارب روپے جمع کروانے کی منظوری دے دی گئی تھی۔

  • کوئٹہ : مشتاق رئیسانی اور ندیم اقبال چودہ روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    کوئٹہ : مشتاق رئیسانی اور ندیم اقبال چودہ روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    کوئٹہ: بلوچستان کے سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور ندیم اقبال کو کوئٹہ کی احتساب عدالت نے کرپشن کیس میں چودہ روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا،سماعت 25 جولائی تک ملتوی کر دی گئی.

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کی احتساب عدالت میں میگا کرپشن کیس کی سماعت ہوئی جہاں نیب نے مشتاق رئیسانی اور ندیم اقبال کے ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی گئی، عدالت نے دونوں ملزمان کو چودہ روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا.

    دوران سماعت مشتاق رئیسانی کے وکیل نے کہا کہ بغیر کسی پیش رفت کے موکل کا ریمانڈ پر ریمانڈ طلب کیا جا رہا ہے، وکیل کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوتا جیسا نیب کر رہی ہے، دوران تفتیش جو شواہد ملے ہیں انہیں کم از کم عدالت میں پیش کیا جائے.

    احتساب عدالت نے دونوں ملزمان کو 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرتے ہوئے میگا کرپشن کیس کی سماعت 25 جولائی تک ملتوی کر دی ہے.

    *نیب نے سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق احمد رئیسانی کو گرفتارکرلیا

    یاد رہے کہ مشتاق رئیسانی کو محکمہ خزانہ اور لوکل گورنمنٹ کے فنڈز میں خوردبرد کے الزام میں رواں سال 6مئی کو گرفتار کیاگیاتھا اور ان کے گھر سے کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی اور جیولری ملی تھی.

  • مشتاق رئیسانی کی کراچی میں ایک ارب کی جائیداد کا انکشاف

    مشتاق رئیسانی کی کراچی میں ایک ارب کی جائیداد کا انکشاف

    کراچی: کرپشن کیس میں مشتاق رئیسانی کی کراچی میں ایک ارب روپے سے زائد مالیت کی جائیداد کا انکشاف ہوا ہے، نیب نے رئیسانی کے 12بنگلوں پر چھاپے مار کر قیمتی گاڑیاں اور دستاویزات قبضے میں کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق مشتاق رئیسانی کرپشن کیس میں نیب کی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں جس میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے،نیب بلوچستان کی ٹیم نے خفیہ اطلاعات پر کراچی کے علاقے ڈیفنس میں متعدد بنگلوں پر چھاپے مارے اور وہاں سے کئی قیمتی گاڑیاں اور متعدد دستاویزات اپنے قبضے میں کرلیں۔

    انکشاف ہوا ہے کہ بارہ سے زائد یہ بنگلے مشتائی رئیسانی اور سلیم شاہ کی خریدی گئی زمینوں پر تعمیر کیے گئے ہیں ان بنگلوں کی مالیت ایک ارب روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کوئٹہ کے بیورو چیف شاہد رند کے مطابق 12 بنگلے کرپشن کے پیسوں سے بنائے گئے، کرپشن کی رقم سے خالی زمین خرید کر بنگلے بنا کر انہیں فروخت کیا جاتا تھا۔

  • گندم کی بوریوں میں خورد برد، سابق سیکریٹری خوراک بلوچستان گرفتار

    گندم کی بوریوں میں خورد برد، سابق سیکریٹری خوراک بلوچستان گرفتار

    کوئٹہ : قومی احتساب بیورو (نیب) نے کرپشن کے الزام میں سابق سیکریٹری خوراک بلوچستان علی احمد بلوچ کو گرفتار کرلیا، ان پر گندم کی بوریوں میں خورد برد کا الزام ہے۔

    اطلاعات کے مطابق علی احمد بلوچ کو سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کرپشن کیس میں ہونے والی تحقیقات میں گرفتار کیا گیا ہے۔

    سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کے بعد سابق سیکریٹری خوراک علی احمد بلوچ کی گرفتاری کو نیب نے اہم قرار دیا ہےاور ان سے تفتیش میں اہم انکشافات کی توقع ہے۔

    ترجمان نیب کے مطابق علی احمد بلوچ کو گندم کی بوریوں میں خورد برد کے الزام میں پشین سے گرفتار کیا گیا۔

    دوسری جانب نیب نے کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کے فرنٹ مین سلیم شاہ کو حیدر آباد سے گرفتار کر کے تفتیش کے لیے کراچی منتقل کر دیا۔

    مزید پڑھیں : بلوچستان کی عوام کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں گے۔ ڈی جی نیب بلوچستان

     قبل ازیں نیب بلوچستان نے سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کے گھر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کی کرنسی اور زیورات برآمد کئے تھے، جبکہ سابق سیکریٹری کے سہولت کار اسد کو گرفتار کر کے بیکری 57 لاکھ روپے برآمد کئے تھے، ملزم کی مزید نشاندہی پر سابق مشیر خزانہ خالد لانگو کو عدالت کے باہر سے گرفتارکیا تھا۔

    گرفتار کئے گئے ملزمان کو عدالت نے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا ہوا ہے، نیب ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش ملزمان نےبہت سے اہم انکشافات کئے ہیں۔

     

  • کوئٹہ میں کرپشن کے خلاف ریلی میں کرپٹ سیاست دانوں کے علامتی جنازے

    کوئٹہ میں کرپشن کے خلاف ریلی میں کرپٹ سیاست دانوں کے علامتی جنازے

    کوئٹہ: ’’بلوچستان قومی محاذ‘‘ کے زیرِ اہتمام کرپشن کے خلاف ریلی نکالی گئی جس میں کرپٹ سیاستدانوں اور بیوروکریٹ افسران کے علامتی جنازے نکالے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرپشن کےخلاف مقامی سیاسی جماعتوں نے اتحاد بنا لیا ہے،اسی تناظر میں آج بلوچستان متحدہ محاذ نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن سے کوئٹہ پریس کلب تک کرپشن کے خلاف ریلی کا اہتمام کیا،ریلی کے شرکاء نے کرپشن کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کرپٹ سیاست دانوں اور بیورو کریٹ افسران کے علامتی جنازے بھی نکالے،شرکاء نے پلے کارڈ اور بینرز اُٹھا رکھے تھے جس میں کرپشن کے خلاف نعرے درج تھے۔

    mushtaq-raisani

    اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کرپشن کسی ملک کی سالمیت اور استحکام کے لیے زہرِ قاتل ہے،انہوں نے مطالبہ کیا مشتاق رئیسانی کیس کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایاجائے،اور ملکی خزانے پر نقب لگانے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔


    مشتاق رئیسانی کے گھرسے کروڑوں مالیت کی کرنسی و زیورات برآمد


    یاد رہے صوبہ بلوچستان میں نیب کی جانب کاروئیوں کے نتیجے میں کرپشن کے کئی کیس بے نقاب ہوئے ہیں جس میں اربوں روپے کی کرپش کی گئی ہیں۔

    ڈی جی نیب بلوچستان نے اس بات کا اعادہ کیا وہ ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر لوٹی ہوئے دولت کو دوبارہ ملکی خزانے میں جمع کروائیں گے.مزید پڑھیے.


    بلوچستان کی عوام کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں گے۔ ڈی جی نیب بلوچستان


  • مشتاق رئیسانی کے گھرسے کروڑوں مالیت کی کرنسی و زیورات برآمد

    مشتاق رئیسانی کے گھرسے کروڑوں مالیت کی کرنسی و زیورات برآمد

    کوئٹہ : قومی احتساب بیورو (نیب) نے بلوچستان کے سیکرٹری خزانہ کے گھر سے ’’خزانہ‘‘ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ لو کل گورنمنٹ کے سرکاری فنڈز میں اربوں روپے کی خورد برد کے الزام میں گرفتار بلوچستان کے سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا۔

    نیب کی ٹیم نے جی او آر کالونی میں سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کے گھر پر چھاپہ مار کر 63 کروڑ مالیت کی ملکی وغیرملکی کرنسی،4کروڑ مالیت کے سونے کے زیورات برآمد کرلئے ہیں،جب کہ سیکریٹری خزانہ کی گاڑی سے بھی ڈیڑھ کروڑ روپے برآمد کئے گئے ہیں۔

    چھاپے کے دوران ان کے گھر سے نوٹ گننے والی چارمشینوں کے علاوہ دیگر دستاویزات بھی قبضے میں لی گئیں ہیں، نوٹوں سے بھرے بیگوں سے ملنے والی رقم کو گننے کے لئے نیب حکام کو کئی گھنٹے لگے۔

    یاد رہے کہ آج صبح نیب نے محکمہ خزانہ بلوچستان کے دفتر پرچھاپہ مارکرسیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی کو گرفتارکر کے اور تمام دفتری ریکارڈزکو اپنی تحویل میں لے کر دفتر سِیل کردیاتھا۔

    مشتاق احمد رئیسانی اس سے قبل دیگر محکموں میں بھی اعلیٰ عہدوں پر فائزرہ چکے ہیں اورگذشتہ آٹھ سال سے سیکرٹری خزانہ بلوچستان کے عہدے پر براجمان ہیں۔

    ترجمان نیب کے مطابق محکمہ خزانہ میں بے ضابطگیوں کے خلاف تین سال سے تحقیقات کا عمل جاری تھا۔آج ہو نے والی کاروائی مروجہ طریقہ کا اور شفافیت کے اصولوں کے تحت کی گئی۔جس کے لئے اسلام آباد میں حکام بالا کو پہلے ہی اعتماد میں بھی لیا گیا تھا۔

    ان کی گرفتاری کے معاملے پرحکومتی و سیاسی حلقے تاحال خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔