Tag: مشتاق مہر

  • کرونا وائرس: آئی جی سندھ پولیس کا عوام کے نام پیغام

    کرونا وائرس: آئی جی سندھ پولیس کا عوام کے نام پیغام

    کراچی: آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر کا کہنا ہے کہ عوام اپنی نقل وحمل کو حقیقی معنوں میں محدود کریں، عوام انتہائی ضروری ہو تو عوامی جگہوں اور مقامات پر جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر نے عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے ہدایات پر عملدرآمد کے لیے عوام کے شکرگزار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وباسے نمٹنے کے لیے ہم سب کو ذمہ داری، فرض شناسی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کرونا کے خلاف اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار انتہائی ضروری ہے، حکومتی ہدایات کے مطابق اقدامات پر عملدرآمد کرا رہے ہیں۔

    مشتاق مہر کا کہنا تھا کہ عوام اپنی نقل وحمل کو حقیقی معنوں میں محدود کریں، عوام انتہائی ضروری ہو تو عوامی جگہوں اور مقامات پر جائیں، غیرضروری میل جول، اجتماعات اور رابطوں سے اجتناب کریں۔

    آئی جی سندھ پولیس نے کہا کہ مقصدصرف اورصرف کرونا سے خود کو اپنے خاندان کو محفوط رکھنا ہے، جمعہ کوگاڑیوں،شاہراہوں پر 4 سے زیادہ افراد کے اکٹھے نہ ہونے کو یقینی بنائیں۔

    کرونا کا وار، پاکستان میں 2 اموات کی تصدیق، متاثرہ افراد کی تعداد 292 تک پہنچ گئی

    واضح رہے کہ پاکستان بھر میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد اضافے کے بعد 292 تک پہنچ گئی۔ معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کرونا وائرس سے دو پاکستانیوں کی اموات کی تصدیق کر دی۔

  • مشتاق مہر نے آئی جی سندھ کا چارج سنبھال لیا

    مشتاق مہر نے آئی جی سندھ کا چارج سنبھال لیا

    کراچی : مشتاق مہر نے آئی جی سندھ کا چارج سنبھال لیا، مشتاق مہر ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ کےعہدےپربھی رہے اور دو باربطورکراچی پولیس چیف اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نئے آئی جی مشتاق مہر سینٹرل پولیس آفس پہنچے تو آئی جی سندھ ڈاکٹر سیدکلیم امام نے ان کا استقبال کیا، نئے آئی جی سندھ مشتاق مہر کو سی پی او میں سلامی پیش کی گئی۔

    جس کے بعد مشتاق مہر نے 60 ویں آئی جی سندھ کا چارج سنبھال لیا، آئی جی سندھ مشتاق مہر گریڈ 22 کے افسر ہیں، وہ اس سے پہلےآئی جی ریلوے کے عہدے پر تعینات تھے جبکہ ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ کےعہدے پر بھی رہے اور دو باربطورکراچی پولیس چیف اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

    اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے نئے آئی جی سندھ مشتاق مہرکی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس کو صوبےمیں امن امان کو بہتر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا سندھ کے امن امان کی بحالی میں پولیس کا بڑا اہم کردار ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ چاہتا ہوں پولیس کی موجودگی عوام کیلئےپریشانی نہیں بلکہ باعث تحفظ ہو، پولیس عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے مزید بہتر اقدامات کرے۔

    نئے آئی جی نے وزیراعلیٰ سندھ کویقین دہانی کرائی کہ صوبےکاامن وامان مزیدبہترکیاجائے گا۔

  • مشتاق مہر آئی جی سندھ تعینات

    مشتاق مہر آئی جی سندھ تعینات

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مشتاق مہر کو انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس تعینات کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے مشتاق مہر کو آئی جی سندھ پولیس تعینات کر دیا۔وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری دی۔ گریڈ 22 کے مشتاق مہر اس وقت آئی جی ریلویز کی حیثیت میں وفاقی حکومت کے ماتحت کام کر رہے ہیں۔

    مشتاق مہر نے کراچی پولیس چیف کی حیثیت سے بھی 3 سال تک سندھ حکومت کے ساتھ کام کیا ہے۔

    سندھ حکومت کی آئی جی سندھ کو ہٹانے کے لیے الیکشن کمیشن کو درخواست

    اس سے قبل رواں ہفتے 24 فروری کو سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام کو ہٹانے کے لیے درخواست لکھی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ کابینہ نے آئی جی پولیس سید کلیم امام کو عہدے سے ہٹا کر ان کی خدمات وفاق کو سپرد کرنے کی منظوری دی تھی جس پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے عدالت جانے کا اعلان کیا تھا۔

    سندھ حکومت کی جانب سے وفاق کو غلام قادر تھیبو، مشتاق مہر، کامران فضل، انعام غنی اور ثنا اللہ عباسی کے نام نئے آئی جی کے لیے بھیجے گئے تھے تاہم وفاقی حکومت نے آئی جی سندھ کا تبادلہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط کیا تھا۔

  • گورنر سندھ نے مشتاق مہر کو آئی جی سندھ بنانے کی تردید کر دی

    گورنر سندھ نے مشتاق مہر کو آئی جی سندھ بنانے کی تردید کر دی

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مشتاق مہر کو آئی جی سندھ پولیس بنانے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی سندھ کے لیے حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ مشتاق مہر کو آئی جی سندھ لگانے کی خبر درست نہیں، آئی جی سندھ کے لیے حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

    اس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ مشتاق مہر کو آئی جی سندھ لگانے پر وفاق اور سندھ حکومت میں اتفاق ہو گیا، وفاقی حکومت نےسندھ حکومت کو فیصلے سے آگاہ کر دیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ آئندہ 48 گھنٹے میں آئی جی کی تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسا آئی جی لائیں گے جو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ ہو۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گزشتہ ماہ سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سندھ اسمبلی عوام کے منتخب کردہ لوگوں کی ہے، عوام کے منتخب کردہ ایوان نے آئی جی سندھ کو مسترد کر دیا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت قانون کے تحت آگے کام کرتی ہے، اپنی ٹیم کا انتخاب کرنا آئینی طور پر سندھ حکومت کا اختیار ہے۔

  • سندھ اور وفاق میں دوریاں ختم، مراد علی شاہ کی مراد پوری

    سندھ اور وفاق میں دوریاں ختم، مراد علی شاہ کی مراد پوری

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان نے دورہ کراچی کے موقع پر آئی جی سندھ کلیم امام کی تبدیلی کی درخواست منظور کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اور وفاق میں دوریاں ختم ہو گئیں، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی مراد بھی پوری ہوگئی، وزیر اعظم نے آئی جی سندھ کی تبدیلی کی سندھ حکومت کی درخواست منظور کر لی۔

    آئی جی سندھ کی تبدیلی کا نوٹیفکیشن آج جاری ہوگا، اس سلسلے میں گزشتہ روز گورنر ہاؤس سندھ میں وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ سندھ نے اہم ملاقات کی، جس میں وزیر اعظم نے سندھ حکومت کا مطالبہ مان لیا۔ اس ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مشتاق مہر کو نیا آئی جی سندھ بنائے جانے کا امکان ہے، گزشتہ روز وزیر اعظم نے کلیم امام کو بھی گورنر ہاؤس بلوا لیا تھا اور ان کے ساتھ ملاقات کی۔ دوسری طرف مراد علی شاہ ایک سال بعد وزیر اعظم کا استقبال کرنے ایئرپورٹ گئے۔ جس پر معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے استقبال کے لیے مراد علی شاہ کا جانا سیاسی پختگی کی علامت ہے۔

    وزیراعظم سے پیر پگارا کی ملاقات، جی ڈی اے کے تحفظات ختم

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کراچی کے مسائل کے حل لیے شہر قائد کے ایک روزہ اہم دورے پر آئے تھے، انھوں نے اس دوران کراچی میں کامیاب جوان پروگرام کا بھی افتتاح کیا، جس میں انھوں نے اعلان کیا کہ 50 ہزار نوجوانوں کو اسکالر شپ دے رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے شوکت خانم اسپتال کے لیے فنڈ ریزنگ تقریب سے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کنگری ہاؤس میں جی ڈی اے رہنماؤں سے بھی اہم ملاقات کی۔

  • سابق اے آئی جی کراچی کے اسکواڈ کی ٹکرسے نوجوان جاں بحق

    سابق اے آئی جی کراچی کے اسکواڈ کی ٹکرسے نوجوان جاں بحق

    کراچی: سابق ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر کے اسکواڈ کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جان کی بازی ہار گیا ، ساتھ موجود دوست بھی زخمی ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ گزشتہ رات 4 بجے سے 5 بجے کے درمیان کراچی کے علاقے ڈیفنس کے درخشا ں تھانے کی حدود میں پیش آیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اسکواڈ کی گاڑی اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 22 سالہ ابرار موقع پراپنی جان کی بازی ہار گیا ، جبکہ موٹر سائیکل پر موجود دوسرا نوجوان جس کی عمر سترہ سالہ اور نام سعید ہے ، اس کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ حادثہ ہونے کے بعد ایس ایس پی ساؤتھ پیرمحمدشاہ اور سندھ پولیس کے دیگراعلیٰ افسران بھی درخشاں تھانے پہنچ گئے تھے ، پولیس موبائل کا نمبر ایس پی ایم 777 بتایا جارہا ہے ۔

    دونوں نوجوان عمر کالونی کے رہائشی تھے ، واقعے کے بارے میں درخشاں تھانے سے مزید معلومات حاصل کی جارہی ہیں ، تاہم پولیس کی کوشش ہے کہ کسی طرح واقعے کی اطلاع عام نہ ہونے دی جائے۔