Tag: مشتبہ پائلٹس

  • پی آئی اے پروازوں پر یورپی ممالک میں پابندی کے خاتمے کے لیے اہم قدم

    پی آئی اے پروازوں پر یورپی ممالک میں پابندی کے خاتمے کے لیے اہم قدم

    اسلام آباد: پی آئی اے پروازوں پر یورپی ممالک میں پابندی کے خاتمے کے سلسلے میں اہم قدم سامنے آیا ہے، اس حوالے سے جرمنی میں پاکستانی سفیر نے یورپی یونین ایئر سیفٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے ملاقات کی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے کے پائلٹس اور پروازوں پر برطانیہ اور یورپی یونین ممالک میں پابندی کے معاملے میں پاکستانی سفیر نے یورپی یونین ایئر سیفٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے ملاقات کی، جس میں پابندی کے خاتمے کے لیے پی آئی اے کی جانب سے ایاسا کو ورکنگ پلان دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    قومی ایئر لائن کی جانب سے یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) کو پابندیوں کے خاتمے کے لیے ایک ورکنگ پلان بنا کر دیا جائے گا، اس سلسلے میں وزارتِ خارجہ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذریعے پی آئی اے کے سی ای او کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ورکنگ پلان ایاسا سے ہونے والے مذاکرات کے نکات پر مبنی ہوگا، پلان میں 6 ماہ میں ایاسا کے اعتراضات دور کرنے کے اقدامات کی تفصیل درج کی جائے گی۔ پائلٹس اور ٹیکنیکل اسٹاف کی ہائرنگ پر خامیوں کو دور کرنے کی تفصیلات، اور مشتبہ لائسنس پر بھرتیوں کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی تفصیلات دی جائیں گی۔

    پائلٹس کے مشتبہ لائسنس: ایاسا نے 40 فیصد لائسنس جعلی ہونے کا دعویٰ کردیا

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عالمی ایوی ایشن آرگنائزیشن کے قوانین پر عمل درآمد کی تفصیلات فراہم کی جائیں، متعلقہ حکام پی آئی اے کی ساکھ کی بحالی پر مبنی اقدامات کریں، اکاؤ کی جانب سے پی آئی اے کی ساکھ کی بحالی کے لیے اقدامات میں اس کی مدد کی جائے، سی اے اے اور پی آئی اے کی جانب سے ساکھ بحالی کے لیے اقدامات کی تشہیر کی جائے، تشہیر کے لیے تمام حکومتی ادارے بھی معاونت کریں۔

    مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ پروازوں کی بحالی کے نکات پر عمل درآمد کے سلسلے میں بریفنگ کے لیے پروفیشنل ٹیکنیکل وفد روانہ کیا جائے، کرونا تناظر میں وفد کی روانگی میں مشکلات پر ویڈیو بریفنگ کا ممکنہ انتظام کیا جائے، 6 جولائی کو ایاسا اجلاس کی کارروائی، سفارشات اور تجاویز کی تفصیلات بھی شیئر کی جائیں۔

  • پی آئی اے مشتبہ پائلٹس کی خبر امریکی ٹی وی پر، ایئر مارشل ارشد ملک کا امریکی حکام کو خط

    پی آئی اے مشتبہ پائلٹس کی خبر امریکی ٹی وی پر، ایئر مارشل ارشد ملک کا امریکی حکام کو خط

    اسلام آباد: امریکی ٹی وی سی این این نے بھی پی آئی اے کے پائلٹس کے جعلی لائسنس کے معاملے پر خبر نشر کر دی ہے، قومی ایئر لائن کے سی ای او نے امریکی حکام کو خط لکھ کر اعتماد میں لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے کے پائلٹس کے مشتبہ اور مبینہ جعلی لائسنس کے معاملے میں قومی ایئرلائن کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے امر یکی حکام کو خط لکھ دیا، جس میں پاکستان میں امریکی سفیر پال جونز کو لائسنس کے مسئلے پر اعتماد میں لیا گیا۔

    ایئر مارشل ارشد ملک نے لکھا کہ مسافروں اور جہازوں کی سیفٹی کے لیے مشکوک لائسنس والے پائلٹس کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے، حکومتِ پاکستان جعلی لائسنس کے معاملے کی مکمل چھان بین کرے گی۔

    انھوں نے خط میں لکھا کہ حکومت نے تمام اندرون و بیرون پی آئی اے کی پروازوں میں پائلٹس کے پاس ہر وقت اصلی لائسنس پاس ہونا لازمی قرار دے دیا ہے۔

    پاکستان: کُل 450 پائلٹس میں‌ سے 262 مشکوک ہیں، وفاقی وزیر کا تہلکہ خیز انکشاف

    خیال رہے کہ قومی ایئر لائن نے حال ہی میں انتہائی تگ و دو کے بعد امریکا کے لیے اپنی براہ راست پروازیں شروع کی ہیں، اس سلسلے کو حالیہ جعلی لائسنس اسکینڈل سے نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے انکشاف کیا ہے کہ پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنز میں مشکوک پائلٹس کی تعداد 262 ہے، ماضی میں قومی ایئرلائن کے جن پائلٹس کے خلاف تحقیقات ہوئیں انھیں پچھلی حکومتوں نے ملازمتیں دیں۔

    انھوں نے کہا کہ پائلٹس کے خلاف جو انکوائری ہوئی وہ 2018 سے پہلے کے لوگ ہیں، پی ٹی آئی حکومت نے پی آئی اے میں کوئی نئی بھرتی نہیں کی۔