Tag: مشرق وسطیٰ

  • مشرق وسطیٰ جہنم میں تبدیل، اسرائیل کے 5 ممالک میں 35 ہزار حملے

    مشرق وسطیٰ جہنم میں تبدیل، اسرائیل کے 5 ممالک میں 35 ہزار حملے

    جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل نے مشرق وسطیٰ کو اگ میں جھونک دیا ہے، اسرائیلی افواج نے 20 ماہ میں 5 ممالک میں 35 ہزار حملے کیے۔

    اسرائیل نے مشرق وسطیٰ کے ممالک لبنان، شام، یمن اور ایران پر بمباری کی، اور امریکی غیر سرکاری تنظیم کے مطابق اسرائیل نے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں سب سے زیادہ 18 ہزار سے زائد حملے کیے۔

    ان حملوں میں 56 ہزار فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 31 ہزار سے زائد زخمی ہوئے، لبنان میں 15 ہزار سے زائد اسرائیلی حملوں میں ڈیرھ ہزار سے زائد افراد شہید ہوئے۔

    اسرائیل نے شام میں گزشتہ 6 ماہ میں 200 حملے کیے، اعداد و شمار کے مطابق یمن پر 39 حملوں میں ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں کو نشانہ بنایا گیا، رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایران پر 12 روز میں 146 حملے کیے جن میں بچوں سمیت 610 ایرانی شہید، 5 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔


    ایران نے اسرائیل کیخلاف کتنی فیصد طاقت استعمال کی؟ پاسداران انقلاب کا دعویٰ


    الجزیرہ کے مطابق غزہ شہر کے الطفاح محلے پر اسرائیلی فضائی حملوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 9 بچوں سمیت کم از کم 20 افراد شہید ہو گئے ہیں، غزہ کے اسپتالوں کے ذرائع نے الجزیرہ کو بتایا کہ پورا دن پٹی میں ہونے والے حملوں میں کم از کم 60 فلسطینی مارے گئے ہیں۔

    یہ ہلاکتیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے ایک دن بعد ہوئی ہیں، جس میں انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی ’’اگلے ہفتے کے اندر‘‘ ہو سکتی ہے۔

  • پاکستان کا مشرق وسطیٰ میں سیکیورٹی کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار

    پاکستان کا مشرق وسطیٰ میں سیکیورٹی کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار

    پاکستان نے قطر میں قائم امریکی العدید ایئر بیس پر حالیہ حملوں کے بعد خطے میں سیکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں تمام ممالک کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے احترام کے اصول کی حالیہ خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کی ہے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی قوانین کے بنیادی اصولوں کی مکمل پاسداری پر زور دیتا ہے اور چاہتا ہے کہ تمام تنازعات کو پرامن بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جائے۔

    دفتر خارجہ نے تمام متعلقہ فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسی کارروائیوں سے گریز کریں جو خطے میں مزید کشیدگی کا باعث بن سکتی ہیں۔

    ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی اور استحکام کے لیے ہر ممکن سفارتی کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

    واضح رہے کہ جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کے جواب میں ایران نے قطر میں امریکا کے بڑے فوجی اڈے پر میزائل ڈاغے جس کے چند گھنٹے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران اور اسرائیل جنگ بندی پر رضامند ہوگئے ہیں۔

    امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں لکھا کہ اسرائیل اور ایران جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے، دونوں ملک باقاعدہ جنگ کے خاتمے کا اعلان کریں گے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تمام لوگوں کو مبارک ہو، اسرائیل اور ایران کے درمیان مکمل اور جامع سیز فائر پر مکمل اتفاق ہوگیا ہے، بعدازاں ایران اور اسرائیل نے سیز فائر کا باضابطہ اعلان کیا۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

  • برطانیہ کا مشرق وسطیٰ میں مزید لڑاکا طیارے بھیجنے کا اعلان

    برطانیہ کا مشرق وسطیٰ میں مزید لڑاکا طیارے بھیجنے کا اعلان

    برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر مزید جنگی طیارے اور فوجی اثاثے بھیجنے کا اعلان کردیا۔

    وزیراعظم کے ترجمان نے بتایا برطانیہ خطے میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کررہا ہے، برطانوی اڈوں سے ری فیولنگ طیارے روانہ کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید جنگی طیارے بھی جلد بھیجے جائیں گے۔

    کیئر اسٹارمر نے کہا خطے میں اضافی تعیناتی سے برطانیہ اپنے بین الاقوامی اتحادیوں کی بہتر مدد کرسکے گا، برطانوی افواج ہر ممکن خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔

    ایرانی میڈیا کا کہنا ہے ایرانی فوج  نے برطانوی بحریہ کے ڈسٹرائیر جہاز کو خلیج فارس میں داخلے سے روک دیا، ایرانی بحریہ کے ڈرونز کی برطانوی جنگی بحری جہاز کے قریب پروازیں جاری ہیں۔

    ایرانی میڈیا کا کہنا ہے برطانوی بیڑے کو خلیج فارس میں داخلے سے روکنے کیلئے وارننگ بھی دی گئی۔ ایرانی فوج کا کہنا ہے وہ برٹش نیوی کے جہاز کو بحر ہند میں داخلے کے وقت سے ہی مانیٹر کررہی تھی۔ برطانیہ اسرائیلی میزائلوں کی رہنمائی کیلئے اپنا جنگی بحری جہاز خلیج فارس لانا چاہتا ہے۔

    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تمام خبریں

  • ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ماہ مشرق وسطیٰ کا دورہ کریں گے

    ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ماہ مشرق وسطیٰ کا دورہ کریں گے

    واشنگٹن :وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اگلے ماہ سعودی عرب، قطر اور یو اے ای کا دورہ کریں گے۔

    ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ کا مشرق وسطیٰ کا یہ دورہ 13سے16مئی تک ہوگا، جس میں وہ سعودی عرب، قطر اور یو اے ای جائیں گے۔ پریس سیکریٹری نے واضح کیا کہ صدر ٹرمپ کے اس دورے میں اسرائیل شامل نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے دورہ سعودی عرب کی خبر دی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ اگلے ماہ سعودی عرب سے ایک بڑے تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دیں گے۔

    اس سے قبل ٹرمپ نے 2017 میں پہلی مرتبہ اقتدار سنبھالنے کے بعد برطانیہ کے بجائے اپنا پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا۔

    حالیہ دنوں میں سعودی عرب روس اور یوکرین کے درمیان مابین امن مذاکرات کے حوالے سے اہم حیثیت اختیار کرچکا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ روس اور یوکرین اس ہفتے یوکرین میں تنازعے کو ختم کرنے کے لیے ایک معاہدہ کرلیں گے۔

    سوشل میڈیا ایپ ٹرتھ پر ٹرمپ نے لکھا کہ ڈیل کے بعد دونوں ممالک امریکا کے ساتھ بڑی تجارت کرنا شروع کریں گے، اس تجارت سے دونوں ممالک ترقی کریں گے اور دولت کمائیں گے۔

    مزید پڑھیں : روس اور یوکرین رواں ہفتے معاہدہ کر لیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ

    تاہم، دوسری جانب یوکرین نے روس پر ایسٹر کے دوران جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے، واضح رہے کہ ہفتے کے روز روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا تھا کہ انہوں نے ایسٹر کے موقع پر جنگ بندی کرتے ہوئے اپنی افواج کو تمام فوجی سرگرمیاں بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

     

  • مشرق وسطیٰ میں نیا تنازعہ روکنے کی کوشش، امریکا ایران مذاکرات آج ہوں گے

    مشرق وسطیٰ میں نیا تنازعہ روکنے کی کوشش، امریکا ایران مذاکرات آج ہوں گے

    مشرق وسطیٰ میں نیا تنازعہ روکنے کی کوشش کیلئے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات آج عمان میں ہوں گے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات آج عمان میں ہوں گے، مذاکرات کا محور نئی نیوکلیئر ڈیل ہوگا۔

    ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکی ایلچی اسٹیووٹکوف بلواسطہ مذاکرات کریں گے، دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیویٹ کا کہنا ہےکہ امریکا ایران براہ راست بات چیت ہوگی۔

    امریکی صدر کے مندوب برائے مشرق وسطیٰ اسٹیووٹکوف روس کے صدر سے ملاقات کے بعد ایرانی حکام سے مذاکرات کیلئے عمان پہنچ گئے۔

    اسٹیووٹکوف نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے معاملے پر صدر پیوٹن کی بھی مدد لی جاسکتی ہے۔

    واضح رہے صدر ٹرمپ نے ایران کو جوہری پروگرام محدود کرنے کے لیے دو ماہ کی مہلت دی تھی، ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر بات چیت ناکام ہوئی تو فوجی کارروائی ہو گی جس کی اسرائیل قیادت کرے گا۔

    ’مذاکرات سے قبل جوہری بم نہیں بنانا چاہتے، ایران میں امریکا سرمایہ کاری کر سکتا ہے‘

  • سعودی عرب، خلیجی ممالک اور مشرق وسطیٰ میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے

    سعودی عرب، خلیجی ممالک اور مشرق وسطیٰ میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے

    سعودی عرب خلیجی ممالک اور مشرق وسطیٰ میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے نماز عید کے اجتماعات میں فلسطین کیلیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

    سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک اور مشرق وسطیٰ میں آج عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ نماز عیدالفطر کے اجتماعات میں مسلم امہ کے اتحاد، دنیا میں امن، بالخصوص مظلوم فلسطینیوں کی فتح ونصرت اور قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

    سعودی عرب میں نماز عید کے سب سے بڑے روح پرور اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں ہوئے جس میں لاکھوں ملکی اور غیر ملکی زائرین نے شرکت کی۔

    مسجد الحرام میں امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدید جب کہ مسجد الحرام میں شیخ عبداللہ نے نماز عیدالفطر کی نماز پڑھائی۔

    بیت المقدس میں بھی نماز عید کا اجتماع ہوا اور ہزاروں فلسطینی اسرائیلی فوج کی تمام تر رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے بیت المقدس آئے اور نماز عید ادا کی۔

    اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات، قطر، عمان، کویت، شام، اردن، یمن سمیت کئی دیگر اسلامی ممالک میں بھی آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے۔

    ترکیہ، روس، امریکا اور فرانس سمیت کئی یورپی اور مغربی ممالک میں بھی مسلمان آج عید منا رہے ہیں۔

    حرمین شریفین سمیت تمام ممالک میں نماز عید کے بعد امت مسلمہ کے لیے خیر و برکت، سلامتی اور فلسطین سمیت دیگر مظلوم مسلمانوں کے لیے دعائیں کی گئیں۔

  • کیا امریکا نے غزہ میں مانع حمل اشیا بھیجی ہیں؟

    کیا امریکا نے غزہ میں مانع حمل اشیا بھیجی ہیں؟

    واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے مشرق وسطیٰ کو مانع حمل اشیا بھیجی ہیں، تاہم یو ایس ایڈ نے اس دعوے کی تردید کر دی ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے بغیر کوئی ثبوت فراہم کیے صحافیوں کو بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ کے نئے ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی نے پتا چلایا ہے کہ امریکی ٹیکس دہندگان کے تقریباً 50 ملین ڈالرز کی فنڈنگ سے غزہ میں مانع حمل اشیا بھیجی گئی ہیں۔

    کیرولین لیویٹ نے یہ دعویٰ منگل کے روز ایک نیوز کانفرنس میں کیا، جو کہ دنیا بھر میں امدادی پروگراموں کے لیے امریکی فنڈنگ ​​کو روکے جانے کے حق میں کی گئی تھی، انھوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی جانے والی فنڈنگ ​​میں بھی کٹوتی کی جائے گی۔

    تاہم، دوسری طرف امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی (USAID) کی ’مانع حمل فنڈنگ‘ سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ سامنے آئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے 2023 کے لیے پورے مشرق وسطیٰ میں کوئی ’کنڈوم فنڈ‘ جاری نہیں کیا۔

    یو ایس ایڈ کی جانب سے ستمبر 2024 کی ایک میڈیا ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کے لیے 336 ملین ڈالر کی انسانی امداد کیسے خرچ کی جائے گی، اور اس میں مانع حمل یا خاندانی منصوبہ بندی کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

    یو ایس ایڈ کے مطابق مذکورہ فنڈنگ ​​میں ’جان بچانے والی انسانی امداد، بشمول اہم خوراک، ایمرجنسی دیکھ بھال، غذائیت، نفسیاتی سماجی خدمات، اور پینے کا صاف پانی، حفظان صحت کی مصنوعات، اور صفائی کی سروسز تک رسائی میں اضافہ‘ شامل ہے۔

  • ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ کا تنازع اور یوکرین جنگ روکنے کا اعلان کر دیا

    ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ کا تنازع اور یوکرین جنگ روکنے کا اعلان کر دیا

    واشنگٹن: نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ کا تنازع اور یوکرین جنگ روکنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز تصدیق کی ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں افراتفری اور یوکرین میں جنگ کو روکنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ’’امریکا غیر ملکی جنگوں میں شامل ہونا بند کر دے گا، اگر میں صدر ہوتا تو یوکرین جنگ اور 7 اکتوبر کا واقعہ نہ ہوتا، میں روسی صدر سے ملاقات ضرور کروں گا۔‘‘

    ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریر میں کہا کہ وہ واشنگٹن میں بڑی تبدیلیاں کریں گے، اور نئے عہدے داروں کی نامزدگی کے لیے کانگریس میں ریپبلکن کی اکثریت ان کی حمایت کرتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ امریکا جن غیر ملکی جنگوں میں مضحکہ خیز انداز میں داخل ہوا ہے، انھیں بند کر دیا جائے گا، اور امریکا کی تاریخ میں ملک بدری کا سب سے بڑا آپریشن شروع کیا جائے گا۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ جنگیں روک کر وہ تیسری عالمی جنگ کو شروع ہونے سے روکیں گے۔

    کیا ایلون مسک امریکا کے صدر بننے والے ہیں؟ ٹرمپ کا رد عمل آ گیا

    ٹرمپ نے پاناما کینال کا کنٹرول واپس لینے کا اشارہ بھی دیا، اور کہا کہ اگر کینال کا انتظام قابل قبول انداز میں نہ چلایا گیا تو وہ پاناما سے اس کا کنٹرول واپس دینے کا مطالبہ کریں گے، اور کینال کو غلط ہاتھوں میں جانے نہیں دیں گے، چین کے پاس اس کا انتظام نہیں ہونا چاہیے۔

    امریکا نے پاناما کینال کا کنٹرول 1999 میں مکمل طور پر پاناما کو سونپا تھا، دنیا کی مجموعی بحری آمد و رفت کا 5 فی صد اسی کینال کے ذریعے ہوتا ہے، اسے استعمال کرنے والے اہم ملکوں میں امریکا، چین، جاپان اورجنوبی کوریا شامل ہیں۔

  • یرغمالی رہا نہ ہوئے تو مشرق وسطیٰ کو جہنم بھگتنی ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ

    یرغمالی رہا نہ ہوئے تو مشرق وسطیٰ کو جہنم بھگتنی ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ

    نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ 20 جنوری کی تقریب حلف برداری سے پہلے یرغمالی رہا نہ کیے گئے تو مشرق وسطیٰ کو جہنم بھگتنی ہوگی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ وہ لوگ جنہوں نے انسانیت کے خلاف ان مظالم کا ارتکاب کیا وہ قیمت ادا کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اس سب کے ذمہ داروں کو ایسا سبق دیا جائے گا جیسا پہلے کبھی امریکی تاریخ میں نہیں دیا گیا، یرغمالیوں کو فوری رہا کیا جائے۔

    واضح رہے کہ حماس نے غزہ میں موجود اسرائیلی یرغمالیوں سے متعلق اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اپنی احمقانہ جنگ سے یرغمالیوں کو ہمیشہ کے لیے کھو سکتا ہے۔

    حماس کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو یرغمالیوں کی رہائی کیلئے جو کچھ کرنا ہے کرلے اس سے قبل بہت دیر ہوجائے۔

    جو بائیڈن نے بیٹے ہنٹر کی سزا معاف کر دی

    واضح رہے کہ اسرائیل کی 14ماہ سے جاری جنگ میں اب تک 33 یرغمالی مارے جاچکے ہیں۔

  • امریکا کا مشرق وسطیٰ میں مزید فوج بھیجنے کا اعلان

    امریکا کا مشرق وسطیٰ میں مزید فوج بھیجنے کا اعلان

    امریکا نے مشرق وسطیٰ میں مزید فوجیوں کی تعیناتی کا اعلان کردیا ہے، نئی فوجی تعیناتی میں بی 52 طیارے بھی شامل ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترجمان پینٹاگون کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں مزید فوجی تعینات کر رہے ہیں، نئی فوجی تعیناتی میں اضافی بیلسٹک میزائل ڈیفنس ڈسٹرائرز شامل ہیں، اس کے علاوہ بی 52 طیارے بھی شامل ہیں۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ تعیناتی مشرق وسطیٰ میں ملٹری ری ایڈجسٹمنٹ کا حصہ ہے۔

    پینٹاگون کے مطابق اسرائیل کے دفاع اور حوثیوں کے حملے سے اتحادیوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے یہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔

    دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ اور لبنان میں خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے، شمالی غزہ پر اسرائیلی بمباری میں 50 بچوں سمیت 84 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔ نصیرات میں اسرائیلی حملے میں نومولود بچے سمیت 3 افراد شہید ہوئے۔

    اسرائیلی فوج نے 28 روز سے شمالی غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے، اسرائیلی جارحیت کے باعث انسداد پولیو بھی تیسری بار ملتوی کردی گئی ہے۔

    اسرائیلی فوج نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی انروا کے دفتر پر بلڈوزر چلا دیا ہے۔

    العربیہ کے مطابق فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’انروا‘ کے کمشنر فلپ لازارینی نے کہا ہے کہ اسرائیلی بلڈوزروں نے مغربی کنارے کے نور شمس کیمپ میں ایجنسی کے دفتر کو بلڈوزروں کی مدد سے نقصان پہنچایا۔

    فرانس کے بعد اسپین نے بھی اسرائیل پر بڑی پابندی لگادی

    لازارینی نے اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ کی جس میں بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج کی کارروائی سے ان کے دفتر کو شدید نقصان پہنچا ہے اور یہ اب استعمال کے قابل نہیں رہا۔