Tag: مشرق وسطیٰ

  • آزاد فلسطینی ریاست کے بغیر مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن ممکن نہیں، ملیحہ لودھی

    آزاد فلسطینی ریاست کے بغیر مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن ممکن نہیں، ملیحہ لودھی

    نیویارک: ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست کے بغیر مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن ممکن نہیں ہے، کشمیر اور فلسطین کے عوام دہائیوں سے انصاف کے منتظر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل میں مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں تنازعات کشیدگی میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کے بغیر مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن ممکن نہیں ہے، کشمیر اور فلسطین کے عوام دہائیوں سے انصاف کے منتظر ہیں۔

    ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان بات چیت سے مسائل کا حل ڈھونڈنے پر زور دیتا آیا ہے، پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

    پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب اور ایران کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، وزیراعظم نے ملاقاتوں سےاتحاد بین المسلمین کی کوششوں کو فروغ دیا۔

    ہر دن یوم سیاہ ہے جب تک کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں ملتا: ملیحہ لودھی

    یاد رہے کہ دو روز قبل ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کہا تھا کہ ہر دن یوم سیاہ ہے جب تک کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں ملتا۔

    اس موقع پر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نیو یارک میں مشن کشمیر کے عوام کا بھی مشن ہے۔

  • جاپان کا مشرق وسطیٰ سے متعلق بڑا اعلان

    جاپان کا مشرق وسطیٰ سے متعلق بڑا اعلان

    ٹوکیو: حکومت جاپان مشرق وسطیٰ میں بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوج بھیجنے پر غور کر رہی ہے، جاپانی فوج صرف جاپانی جہازوں کے تحفظ کے لیے کام کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق جاپانی حکومت مشرق وسطیٰ میں اپنے بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سیلف ڈیفنس فورس کے نام سے فوج بھیجنے پر غورکر رہی ہے۔

    جاپان جہاز رانی کے تحفظ کے لیے امریکا کی قیادت میں بنائے گئے اتحاد میں شامل نہیں ہوگا۔ جاپانی فوج صرف جاپانی جہازوں کے تحفظ کے لیے کام کرے گی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق جاپانی حکومت ان فوجیوں کی تعیناتی کے مناسب وقت کا تعین کرنے لیے غور کر رہی ہے جاپانی فورس کی سرگرمیاں خلیج سے دور ہوں گی۔ جاپانی فوج کو خلیج عمان اور شمالی بحیرہ عرب، آبنائے ہرمز اور یمن سے دور بین الاقوامی پانیوں میں تعینات کیا جائے گا۔

    جاپانی فوج کی سرگرمیوں میں افریقی ساحل پر بحری قزاقوں سے نمٹنا بھی شامل ہوگا۔ جاپان اس علاقے میں میری ٹائم سیلف ڈیفنس کے جہاز بھیجنے کے امکان پر بھی غور کر رہا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے جاپان کی قومی سلامتی کونسل نے مشرق وسطیٰ کی صورت حال کے بارے میں اجلاس طلب کیا تھا جس میں جاپانی بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مشرق وسطیٰ میں سیلف ڈیفنس فورس بھیجنے پر زور دیا گیا تھا۔

  • عراق میں مہنگائی کے خلاف پُر تشدد مظاہرے، ہلاکتوں کی تعداد 19 ہو گئی

    عراق میں مہنگائی کے خلاف پُر تشدد مظاہرے، ہلاکتوں کی تعداد 19 ہو گئی

    بغداد: عراق میں مہنگائی کے خلاف پُر تشدد احتجاجی مظاہرے تیسرے روز میں داخل ہو گئے ہیں، بغداد سمیت عراق کے جنوبی شہروں میں ہلاک افراد کی تعداد 19 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عراق میں مہنگائی کے خلاف پر تشدد مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد انیس ہو گئی ہے، مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے تین روز سے جاری ہیں۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے عراقی شہروں الناصریہ اور العمارہ میں پر تشدد مظاہرے زوروں پر ہیں، عراقی وزیر اعظم کے حکم پر آج صبح 5 بجے سے غیر معینہ مدت تک کے لیے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق مظاہرین حکومت کی کارکردگی اور خدمات کی فراہمی میں ناکامی پر برہم ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  عراق میں معاشی بدحالی کے خلاف مظاہرے، پولیس فائرنگ سے چار ہلاک، 200 زخمی

    واضح رہے کہ تین دن سے عراق میں بد عنوانی، شہریوں کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور بے روزگاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، اس دوران پولیس کی فائرنگ سے متعدد لوگ ہلاک اور 200 سے زاید زخمی ہو چکے ہیں۔

    گزشتہ روز مشتعل مظاہرین نے سڑکوں پر جلاؤ گھیراؤ کرتے ہوئے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، تحریر اسکوائر پر سیکورٹی فورسز کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس اور آبی توپوں کا استعمال کیا گیا۔

    بتایا گیا ہے کہ عراقی پولیس نے مظاہرین کو گرین زون میں جانے سے روکنے کے لیے براہ راست فائرنگ، شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا۔

  • جیرڈ کشنر کی مشرق وسطیٰ امن منصوبے پر گفتگو کیلئے مصر آمد

    جیرڈ کشنر کی مشرق وسطیٰ امن منصوبے پر گفتگو کیلئے مصر آمد

    قاہرہ: جیرڈ کشنر دورہ مصر کے دوران مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے مسئلہ فلسطین حل کے لیے مجوزہ امریکی منصوبے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے حکام نے بتایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور ان کے مشیر جیرڈ کوشنر مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران اردن کے بعد مصر پہنچ گئے، جہاں وہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے فلسطینیوں اور اسرائیل کے

    درمیان جاری تنازع کے حل کے لیے مجوزہ امریکی منصوبے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    غیرملکی خبررساں ادارےکا کہناتھا کہ قبل ازیں جیرڈ کوشنر مختصر دورے پر اردن سے اسرائیل پہنچے تھے جہاں انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو سے ملاقات کی تھی۔

    اس سے قبل انہوں نے عمان میں اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم سے بھی ملاقات کی تھی اور ان کے سامنے امریکا کے مشرق وسطیٰ کے لیے مجوزہ امن منصوبے سے متعلق تجاویز پیش کی تھیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز شاہ عبداللہ دوم نے مصری صدر کے مشیر اور ان کے دامادسے ملاقات میں کہا تھا کہ اردن فلسطین، اسرائیل تنازع کے دو ریاستی حل کا حامی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کےمطابق اس موقع پر دونوں رہ نماؤں نے فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان جاری تنازع کے پر امن حل کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

  • برطانیہ کا جنگی جہاز ڈنکن بھی مشرق وسطیٰ روانہ

    برطانیہ کا جنگی جہاز ڈنکن بھی مشرق وسطیٰ روانہ

    لندن : برطانیہ نے ایران کے ساتھ کشیدگی کے تناظر میں اپنا دوسرا فوجی بحری جہاز ڈنکن خلیج بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، دوسری جانب جیریمی ہنٹ کا کہنا ہے کہ برطانیہ اور اس کے مغربی حلیف ایران سے جنگ اور تناؤ نہیں چاہتے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے ایک نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویومیں کہا کہ خلیج میں اپنے طویل المدت قیام کے فریم ورک میں ہم ڈنکن نامی لڑاکا بحری جہاز وہاں بھیج رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ لندن اور اس کے حلیف لڑائی نہیں چاہتے، ہم ایران سے کشیدگی بڑھانے سے اجتناب چاہتے ہیں کیونکہ یہ صورت حال خطرناک ہو سکتی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنی بات جاری رکھتے ہوئے جیریمی ہنٹ نے کہا کہ ہم اپنے بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ کے مل کر [آبنائے ہرمز] ایسے اہم کوریڈور میں جہازوں کی نقل وحرکت کی آزادی کو یقینی بنانے میں تعاون کریں گے۔

    ترجمان نے بتایا کہ شاہی بحریہ میں شامل ڈنکن جنگی جہاز مسلسل سیکیورٹی اور تحفظ کے لئے خطے میں تعینات رہے گا جبکہ برطانیہ ہی کا نیوی فریگیٹ ایچ ایم ایس مونٹروز طے شدہ مرمت اور عملے کی تبدیلی میں سہولت فراہمی کے لئے ہمراہ ہو گا۔

    مزید پڑھیں: برطانوی آئل ٹینکر پر ایرانی قبضے کی کوشش ناکام

    واضح رہے کہ سپریم لیڈر  آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای، صدر حسن روحانی اور آرمی چیف محمد باقری نے آئل ٹینکر کو رہا نہ کرنے کی صورت میں برطانوی ٹینکر کو روکنے کی دھمکی دی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ایرانی ٹینکر کے قبضے کا جواب دینے کے لیے ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں برطانوی آئل ٹینکر کو پکڑنے کی کوشش کی تھی جو ناکام ہوگئی تھی۔

    یاد رہے کہ یورپی یونین نے شام کو تیل کی سپلائی پر پابندی عائد کررکھی ہے جس پر ایرانی ٹینکر جبرالٹر سے شام خام تیل لے جاتے ہوئے گزشتہ ہفتے پکڑا گیا تھا۔

  • مشرق وسطیٰ میں ایرانی جارحیت کا سدباب کریں گے، مائیک پومپیو

    مشرق وسطیٰ میں ایرانی جارحیت کا سدباب کریں گے، مائیک پومپیو

    واشنگٹن : امریکی وزیرخارجہ کا ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہنا ہے کہ امریکی فوجیوں کی تعیناتی سے ایران کی حکومت کو یہ پتہ چل جانا چاہیے کہ ہم سنجیدہ ہیں اور اس کی خطے میں مزید جارحیت کا سدباب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کو اپنے مفادات پر ایران کے کسی بھی حملے کا جواب دینے کی صلاحیت کا حامل ہونا چاہیے، یہ بات امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ریاست فلوریڈا میں واقع ٹامپا میں امریکا کی سنٹرل کمان کے ہیڈ کوارٹر میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس سے ایک روز قبل ہی امریکا نے ایران سے کشیدگی میں اضافے کے بعد مشرقِ اوسط میں مزید ایک ہزار فوجی بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ امریکی فوجیوں کی تعیناتی سے ایران کی حکومت کو یہ پتہ چل جانا چاہیے کہ ہم سنجیدہ ہیں اور اس کی خطے میں مزید جارحیت کا سدباب کریں گے۔

    پومپیو کا کہنا تھا کہ ٹامپا کے ان کے اس دورے کا مقصد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وضع کردہ تزویراتی مقاصد کا حصول ہے۔

    مائیک پومپیو نے کہا کہ ہم یہ سب اس وقت تک نہیں کرسکتے جب تک ہم ایران کے امریکیوں یا امریکی مفادات کے خلاف کسی غلط فیصلے یا اس کے جوہری پروگرام کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جواب دینے کی صلاحیت حاصل نہیں کر لیتے۔

    انھوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ صدر ٹرمپ جنگ نہیں چاہتے ہیں، دو آئل ٹینکروں مارشل آئس لینڈ کے پرچم بردار ناروے کے زیر انتظام فرنٹ آلٹیر اور پاناما کے پرچم بردار جاپان کے ملکیتی کوکوکا کورجیئس کو خلیج عُمان میں آبنائے ہُرمز کے نزدیک بین الاقوامی پانیوں میں تخریبی حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان میں اول الذکر جہاز ایک آبی بم ( تارپیڈو) سے ٹکرایا تھا اور اس کے ایک حصے میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی۔ موخرالذکر بحری جہاز پر آتش گیر مواد میتھانول لدا ہوا تھا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دوسرے عہدے داروں نے ایران کو اس حملے کا مورد الزام ٹھہرایا تھا اور کہا تھا کہ اس کارروائی میں ہر طرح سے ایران کا ہاتھ کارفرما ہے لیکن ایران نے اس الزام کی تردید کی تھی ۔

    امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے اس حملے سے متعلق نئی تصاویر جاری کی ہیں، ان سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ایران دو میں سے ایک بحری جہاز پر حملے میں ملوّث تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ ماہ تین آئیل ٹینکروں سمیت چار بحری جہازوں پر متحدہ عرب امارات کی ساحلی حدود میں خلیج عُمان ہی میں حملہ کیا گیا تھا، امریکا نے اس حملے کا الزام بھی ایران پر عائد کیا تھا لیکن اس نے ذمے داری قبول کرنے سے انکار کیا تھا۔

    مائیک پومپیو نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی مہم بہت مؤثر رہی ہے تاہم بعض ممالک اس خدشے کا اظہار کررہے ہیں کہ دونوں ممالک میں کشیدگی میں اضافے سے مسلح تنازع کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

  • زمین کا وہ مقام جو مریخ سے مشابہہ ہے

    زمین کا وہ مقام جو مریخ سے مشابہہ ہے

    ویسے تو سیارہ زمین دیگر تمام سیاروں سے مختلف اور نہایت حسین ہے جہاں فطرت کے تمام رنگ دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم زمین پر ایک مقام ایسا بھی ہے جو سیارہ مریخ کی طرح دکھائی دیتا ہے۔

    مشرق وسطیٰ کے ملک اردن میں واقع صحرا ’وادی رم‘ کو مریخی وادی بھی کہا جاتا ہے۔ سنگلاخ پہاڑوں اور اونچے اونچے پتھروں پر مشتمل یہ علاقہ مریخ کی طرح لق و دق صحرائی میدان معلوم ہوتا ہے۔

    اس صحرا کے قریب کچھ بدو قبائل بھی آباد ہیں جو اپنی مہمان نوازی کے لیے مشہور ہیں۔ یہ وادی تاریخ کے بڑے بڑے سپہ سالاروں کی گزر گاہ بھی رہی جو یہاں سے گزرتے ہوئے یہاں آباد مقامی قبائل کی مہمان نوازی سے فیض یاب ہوا کرتے۔

    سورج ڈھلتے ہی جب رات کا اندھیرا یہاں ہر چیز کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے اور آسمان روشن ہوجاتا ہے تو جھلملاتے تاروں کی چادر پوری وادی پر اپنا سایہ کردیتی ہے۔

    یہاں اکثر ماہرین فلکیات، طالبعلم اور عام افراد مختلف فلکیاتی مظاہر کے نظارے کے لیے بھی جمع ہوتے ہیں۔

    اس صحرا کی خوبصورتی اور تاریخی حیثیت کی وجہ سے اسے یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا ہے۔

  • ٹرمپ نے مزید فوج مشرق وسطیٰ بھیجنے کی منظوری دے دی

    ٹرمپ نے مزید فوج مشرق وسطیٰ بھیجنے کی منظوری دے دی

    واشنگٹن : جنگ کی تیاریوں کے تناظر میں ایران کی طرف سے معاملات کو ٹھنڈا کرنے کی کوششیں بھی سامنے آئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد واشنگٹن نے اپنی فوج مشرق اوسط ارسال کی ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق اوسط میں اضافی فوج کی تعیناتی کی بھی منظوری دی ہے۔

    دوسری جانب جنگ کی تیاریوں کے تناظر میں ایران کی طرف سے معاملات کو ٹھنڈا کرنے کی کوششیں بھی سامنے آئی ہیں۔ ایران نے امریکا کے ساتھ جنگ بندی کے لیے ثالثوں کے ذریعے کوششیں شروع کی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کے خطرے کے پیش نظر خطے کے ممالک بھی حرکت میں آئے ہیں۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق اس وقت عراق، سلطنت آف اومان، قطر، ایشیائی ممالک میںجاپان نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے لیے لیے ثالثی کی کوششیں شروع کی ہیں مگر دونوںملکوں کے درمیان مذاکرات کی راہ میں امریکا کہ وہ 12 شرائط حائل ہیں جن کا اعلان ٹرمپ انتظامیہ کئی ماہ قبل کر چکی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھاکہ امریکا نے ان شرائط کے ذریعے ایران کو مذاکرات کی طرف لانے کی کوشش کی تھی مگر تہران کے غیر لچک دار رویے کے باعث واشنگٹن کو جوہری سمجھوتے سے علاحدگی اور ایران پر پہلے والی پابندیوں کی بحالی کا فیصلہ کرنا پڑا۔ایرانی قیادت بھی سفارتی کوششیں کر رہی ہے۔

    صدر حسن روحانی اور ان کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف خطے میں؟ جنگ کا خطرہ ٹالنے کے لیے مزید وقت حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی برادری اور امریکا کی طرف سے ایران پر دباﺅ میں کمی لانے کی سفارتی کوشش کے باوجود ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کی جانب سے خطے میں جارحانہ کارروائیوں کی دھمکیاں جاری ہیں۔

    پاسداران انقلاب خطے میں موجود اپنی حامی ملیشیاﺅں کو متحرک کرنے اور انہیں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے مفادات کو نقصان پہنچانے کے لیے منظم کر رہا ہے۔

  • امریکا کا مشرق وسطیٰ میں 5 ہزار فوجیوں کی تعیناتی پر غور

    امریکا کا مشرق وسطیٰ میں 5 ہزار فوجیوں کی تعیناتی پر غور

    واشنگٹن : امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں تعینات کیے جانے والے امریکی فوجیوں کی حیثیت دفاعی فوج کی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت دفاع ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے بعد تہران کی طرف سے لاحق خطرات کے تدارک کے لیے مشرق وسطیٰ میں پانچ ہزار افضافی فوج تعینات کرنے پر غور کررہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت کے دو سینیر عہدیداروں نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ میںجاری موجودہ کشیدگی اور ایران کی طرف سے لاحق خطرات کے تدارک کے لیے 5000 اضافی فوجی مشرق وسطیٰ بھیجنے پر غور ہورہا ہے۔

    امریکی عہدیداروں کے مطابق سینٹرل کمانڈ نے پینٹاگون کو پانچ ہزار اضافی فوجیوں کی تعیناتی کی تجویز دی ہے تاہم یہ معلوم نہیںہوسکا کہ آیا محکمہ دفاع اس درخواست پر غور کرے گا یا نہیں۔

    ایک عہدیدار نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ میں تعینات کیے جانے والے امریکی فوجیوںکی حیثیت دفاعی فوج کی ہوگی۔

    قبل ازیں جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پینٹاگون کے سینئرعہدیداروں کی طرف سے قومی سلامتی کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں ایران کےساتھ جاری موجودہ کشیدگی کے پیش نظر ہزاروں کی تعداد میں اضافی فوج کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے کہ حالیہ ایام میں امریکا اور ایران کے درمیان سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ امریکا اور ایران ایک دوسرے کے خلاف جنگ کے دھانے پر کھڑے ہیں۔

  • مشرق وسطیٰ میں امریکی بیڑے کی تعیناتی ایرانی جہازوں کی نگرانی کیلئے ہے، مصری حکام

    مشرق وسطیٰ میں امریکی بیڑے کی تعیناتی ایرانی جہازوں کی نگرانی کیلئے ہے، مصری حکام

    تہران/واشنگٹن : امریکی بحری بیڑے سے متعلق مصری حکام کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امریکی بحری بیڑے کی تعیناتی کا مقصد ایرانی جہازوں کی آمد و رفت روکنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد امریکی قومی سلامتی کے مشیر کی جانب کہا گیا تھا کہ ایرانی دھمیکیوں کے جواب میں امریکا مشرق وسطیٰ میں بحری بیڑے کو تعینات کرے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مصری حکام نے امریکی حکومت کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بحری بیڑے کو لنگر انداز کرنے کا مقصد ایرانی جہازوں کی آمد و رفت پر نظر رکھنا ہے۔

    ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ امریکا کسی بھی حملے کا تباہ کن جواب دے سکتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران نے امریکی دھمکیوں کو گیڈر بھپکی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بحری بیڑے کو مشرق وسطیٰ میں بھیجنے کی خبریں افواہ ہیں، یہ نفسیاتی حربے استعمال کرنے کا امریکا کا یہ پرانا وتیرا ہے۔

    یاد رہےکہ دو روز قبل امریکا نے ایران کی مبیّنہ دھمکیوں کے توڑ کے لیے مشرقِ اوسط میں طیارہ بردار بحری بیڑا بھیجنے کے بعد اب مزید چار بمبار طیارے بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان طیاروں کو اڑانے اور ان کی مرمت اور دیکھ بھال پر مامور عملہ بھی مشرقِ اوسط روانہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔