Tag: مشروبات

  • حساس ادارے کا آپریشن، ملیر میں مشروبات بنانے والے یونٹ میں کروڑوں کی ٹیکس چوری پکڑی گئی

    حساس ادارے کا آپریشن، ملیر میں مشروبات بنانے والے یونٹ میں کروڑوں کی ٹیکس چوری پکڑی گئی

    کراچی: حساس ادارے کے آپریشن میں کراچی کے علاقے ملیر میں مشروبات بنانے والے یونٹ میں کروڑوں کی ٹیکس چوری پکڑی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حساس ادارے نے ایف بی آر اور مقامی پولیس کے ہمراہ ملیر گڈاپ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے دانی انٹرنیشل کے نام سے بیوریج مینوفیکچرنگ یونٹ سیل کر دیا ہے، جہاں فیکٹری مالک بابر خان کی جانب سے کروڑوں کی ٹیکس چوری کی جا رہی تھی۔

    حکام کے مطابق کارروائی وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی ہدایت پر کی گئی، حکام کے مطابق یونٹ ایف بی آر میں ایس ٹی آر این کے تحت رجسٹرڈ ہے، یونٹ مالک بابر خان نے گزشتہ ماہ صرف 600 روپے سیلز ٹیکس جمع کروایا۔

    مینوفیکچرنگ یونٹ 12 ایکڑ کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے، بابر خان ایک مویشی فارم کا بھی مالک ہے اور آم کا بڑا برآمد کنندہ بھی ہے، جس نے 1 سال میں 10 کروڑ سے زائد ٹیکس چوری کیا، دانی انٹرنیشنل سے 1 سال میں 38 کروڑ 86 لاکھ کے قریب مشروبات فروخت ہوئے۔


    کراچی میں ڈمپر نے باپ بیٹے سمیت 3 افراد کی جان لے لی


    چھاپے کے دوران غیر رجسٹرڈ بیوریج برانڈز کا بڑا ذخیرہ بھی ملا، جس میں مشروبات سے بھری ہوئے 4 لاکھ 30 ہزار بوتل، جب کہ 5 لاکھ سے زائد خالی بوتلیں ملیں۔

    حکام کے مطابق مینوفیکچرنگ پلانٹ جدید اور درآمد شدہ مشینری سے لیس ہے، ایف بی آر یونٹ سے پیداوار اور فروخت کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کر رہا ہے، تاکہ اصل ٹیکس چوری کا تعین کیا جا سکے گا۔

  • میٹھی اشیاء کھانوں میں کس حد تک شامل کرنی چاہئیں؟

    میٹھی اشیاء کھانوں میں کس حد تک شامل کرنی چاہئیں؟

    ہمارے روز مرہ کے کھانوں سے میٹھے پکوانوں کو ختم کردیا جائے تو یقینی طور پر زندگی بے رونق سی ہوجائے گی کیونکہ مٹھاس بھی ہمارے جسم کیلئے انتہائی ضروری ہے۔

    میٹھی اشیاء کھانے سے صحت پر بے شمار طبی فوائد مرتب ہوتے ہیں جن میں جسم کا اپنی اصل ساخت میں آ جانا، شریانوں میں خون کی روانی برقرار رہنا، شوگر جیسی خاموش اور خطرناک بیماری سے بچاؤ، کم عمر نظر آنا، چہرے پر جھریوں کا عمل رُک جانا شامل ہے۔

    ماہرین صحت ہمیشہ سے چینی کے کم استعمال پر زور دیتے آئے ہیں اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ چینی صرف کیلوریز حاصل کرنے کا ذریعہ ہے اور اس میں کوئی خاص غذائیت بھی نہیں ہے۔

    لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ انسانی صحت کے لیے مٹھاس کا استعمال متعدد بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے؟ ۔

    نئی تحقیق کے مطابق قدرتی مٹھاس یعنی (فرکٹوز) زیادہ تر میٹھے مشروبات ،میٹھے کھانوں اور پروسیسڈ غذاؤں میں پایا جاتا ہے۔

    ان غذاؤں کے استعمال سے انسانی جسم میں موجود بیماریوں کے خلاف اور اس سے بچنے والا نظام قوت مدافعت کمزور پڑجاتا ہے اور انسان متعدد بیماریوں میں جکڑا جاتا ہے۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ قدرتی مٹھاس میں پایا جانے والا ’’فرکٹوز‘‘انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے اس کے زیادہ استعمال سے انسان موٹاپے، ذیابیطس، ٹائپ ٹو، جگر کے متاثر اور بڑھ جانے کے خدشات میں کئی گنا اضافہ ہو سکتا ہے۔

    اس کے علاوہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے زیادہ استعمال سے جسم میں سوجن بڑھ جاتی ہے جس کو صحت سے متعلق خطرناک علامات میں شامل کیا جاتا ہے۔

    سوجن کے باعث انسانی خلیے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو تے چلے جاتے ہیں جس کے نتیجے میں انسان متعدد بیماریوں کا شکار ہو جاتا ہے۔

    یاد رکھیں کہ چینی چربی کے خلیوں میں جمع ہو کر وزن بڑھنے کا باعث بنتی ہے، کھانے کے بعد میٹھا کھانا ایک عام عمل ہے دیکھا جائے تو کوئی نقصان نہیں ہے لیکن کسی بھی چیز کی زیادتی اور مستقل ہونا ضرور نقصان کا سبب ہوسکتا ہے۔

  • ماہ رمضان میں صحت بخش مشروبات کون سے ہیں؟

    ماہ رمضان میں صحت بخش مشروبات کون سے ہیں؟

    روزے کی حالت میں روزہ دار کو بھوک سے زیادہ پیاس کا احساس ہوتا ہے اور افطار کے وقت کوشش یہی ہوتی ہے کہ جلد سے جلد پانی یا شربت پیا جائے۔

    ماہ رمضان میں کولڈ ڈرنکس کا استعمال زیادہ بڑھ جاتا ہے جو انسانی صحت کیلیے کسی طور بھی درست نہیں خاص طور پر معدے کیلئے بہت نقصان دہ ہے۔

    اس حوالے سے حکماء نے ماہ رمضان میں کچھ ایسے مشروبات کو پینے کی ہدایات کی ہیں جو خصوصاً ماہ رمضان میں آپ کی صحت کیلئے بہترین ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ہمیں ایسی غذاؤں اور مشروبات پر توجہ مرکوز کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جو ہمیں فائدہ پہنچاتے ہیں۔

    طویل روزے رکھنے کی وجہ سے بہت سے روزہ دار بدہضمی یا قبض اور معدے اور بڑی آنت سے متعلق دیگر مسائل کا شکار ہوسکتے ہیں لہٰذا صحت بخش خوراک اور مناسب مشروبات کا انتخاب ایک اہم ترین چیز ہے۔

    مندرجہ ذیل سطور میں ایسے مشروبات سے متعلق حکماء کے مشورے کی روشنی میں تفصیل سے آگاہی فراہم کی گئی ہے جنہیں غذائی ماہرین روزہ داروں کے لیے بہترین مشروبات کے طور پر تجویز کرتے ہیں۔

    مشروبات

    پانی

    یہ مشروبات کا بادشاہ ہے کیونکہ یہ جسم کو ہائیڈریشن فراہم کرتا ہے، توانائی فراہم کرتا ہے اور ہاضمے میں مدد کرتا ہے۔

    کھجور اور دودھ

    یہ ان بہترین مشروبات میں سے ایک ہے جس کا استعمال افطار کے لیے یقینی بنانا چاہیے۔ ہم چند کھجوروں کو ایک کپ ملائی والے دودھ میں بھگو کر تقریباً 12 گھنٹے کے لیے چھوڑ سکتے ہیں، پھر اس فائدہ مند اور بھرپور مشروب سے افطار شروع کریں، جو ہمیں توانائی دیتا ہے اور بلڈ شوگر کی معتدل سطح کو برقرار رکھتا ہے، جو عام طور پر روزے کے اوقات میں کم ہو جاتی ہے۔

    خوبانی کا رس

    یہ ان مشہور رسوں میں سے ایک ہے جس کا نام رمضان کے مہینے سے جڑا ہوا ہے۔ عرب ممالک میں اس سے لطف اندوز ہونے کے لیے سال بہ سال رمضان کا انتظار کرتے ہیں۔ خوبانی فائبر اور وٹامن اے سے بھرپور ہوتی ہے۔ خوبانی میں ریٹینول بھی ہوتا ہے جو کہ جسم میں آسانی سے جذب ہونے والا مادہ ہے اور ہاضمے کے عمل کو بڑھاتا ہے۔

    پودینہ لیمونیڈ

    لیموں، پانی اور پودینے کے پتوں سے بنا یہ ایک بہت مفید مشروب ہے جسے افطار کے دوران پیا جا سکتا ہے۔ یہ وٹامن سی اور فائبر سے بھرپور مشروب ہے اور آپ اس مرکب میں ایک چمچ شہد بھی شامل کر سکتے ہیں۔ اس مشروب کا ایک گلاس دن بھر کے روزے کے بعد آپ کو صحت یابی اور توانائی دینے کے لیے کافی ہے۔

    کیلے کا ملک شیک

    کیلے پوٹاشیم، فائبر اور وٹامن سی اور بی 6 سے بھرپور ہوتے ہیں۔ آپ ایک کپ سکم دودھ کے ساتھ ایک سے دو کیلے ملا کر ناشتے کے دوران اس مزیدار شیک کا ایک گلاس پی سکتے ہیں، یہ آپ کو زبردست توانائی دے گا اور اگلے دن روزہ رکھنے میں آپ کی مدد کرے گا۔

    بادام کا ملک شیک

    اس مشروب کو تیار کرنے کے لیے آپ 10 سے 12 بادام کو ایک کپ پانی میں رات بھر بھگو دیں، پھر بادام کو چھیل لیں۔ اس کے بعد ہم ایک کپ سکمڈ دودھ کو بھگوئے ہوئے بادام، ایک چمچ شہد، اور الائچی کے ساتھ شیک کر لیں۔ یہ مشروب غذائی فوائد سے بھرپور ہے جو آپ کو اگلے دن روزہ رکھنے کے لیے درکار توانائی فراہم کرتا ہے۔

    ٹماٹر اور سیب کا جوس

    یہ مشروب وٹامنز، آئرن اور فائبر سے بھرپور ہوتا ہے۔ آپ چھلے ہوئے سیب کو ٹماٹر کے ساتھ ملا کر اس میں تھوڑا سا پانی، کچھ لیموں کے قطرے اور ایک چمچ شہد شامل کر سکتے ہیں۔ غذائی فوائد سے بھرپور مشروب حاصل کرنے کے لیے اچھی طرح شیک کریں اور افطار میں پیش کریں۔

  • وہ مشروبات جن سے آپ سردیوں میں وزن کم کرسکتے ہیں؟

    وہ مشروبات جن سے آپ سردیوں میں وزن کم کرسکتے ہیں؟

    سردیوں میں عام طور پر لوگوں کو سستی کا سامنا رہتا ہے اور یہی سستی ہمارے وزن میں بھی اضافے کا سبب بنتی ہے، مگر کچھ مشروبات ایسے بھی ہیں جو سردیوں میں آپ کے وزن کو کم کرنے میں انتہائی مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔

    آئیے آج ہم آپ کو ان مشروبات کے بارے میں بتاتے ہیں جنہیں استعمال کرکے آپ کا وزن کافی حد تک کم ہو جائے گا۔

    اجوائن کا نیم گرم پانی:
    اجوائن کے ساتھ نیم گرم پانی پینے سے نظام ہاضمہ بہتر ہو کر معدے کی صحت بہتر ہوتی ہے۔ اجوائن کا پانی کیلوریز کی کھپت کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

    گرما گرم سبز چائے:
    سبز چائے کا استعمال میٹابولزم کو تیز کرکے وزن کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔سبز چائے میں پائے جانے والے ECGC انزائم اور کیفین وزن کم کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ یہ مرکبات چکنائی کو ختم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

    دار چینی کی چائے:
    دار چینی کی چائے وزن کم کرنے کا سب سے قدرتی طریقہ ہے۔ گرم پانی میں ایک چائے کا چمچ شہد، چند قطرے لیموں اور دار چینی ملا کر پینے سے وزن کو کم کرنیمیں مددملتی ہے۔

    چکنائی صحت کیلئے کتنی مفید ہے؟

    سونف کا پانی:
    سونف کا پانی سردیوں میں بھوک اور کھانے کی خواہش کو کم کرتا ہے۔ سونف کو رات بھر پانی میں بھگو کر صبح پینے سے معدے کی صحت اور وزن کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔

  • سردیوں میں ادرک کی چائے کے حیرت انگیز فائدے

    سردیوں میں ادرک کی چائے کے حیرت انگیز فائدے

    سردیوں کے موسم میں ادرک کی چائے پی جائے تو اس کے صحت کے لیے حیرت انگیز فائدے سامنے آتے ہیں۔

    موسم سرما کے دوران کئی لوگوں کو موشن سِکنِس کا مسئلہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے قے، متلی اور بعض اوقات زکام کا مسئلہ بھی ہوتا ہے، ادرک کی چائے موشن سِکنِس میں راحت دیتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ادرک کی چائے دل کی صحت کے لیے مفید ہے، اسے پینے سے دوران خون بہتر ہوتا ہے، اگر ادرک کی چائے باقاعدگی سے پی جائے تو بلڈ پریشر کنٹرول رہتا ہے۔

    ادرک کی چائے ہارٹ اٹیک اور خون جمنے جیسے مسائل سے بھی بچانے میں مددگار ہو سکتی ہے۔

    ادرک جسم کی چربی کی سطح اور بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں کافی مددگار ہے، اس لیے سردیوں میں ادرک والی چائے کا اچڑ وزن پر بھی اثرات ڈالتا ہے۔

    ادرک کی چائے جسم میں سوجن یا چوٹ کے درد کو کم کرتی ہے، ادرک میں موجود جنجرول اور شوگول عناصر جسم میں سوزش کی پیداوار کو کم کر کے سوجن اور درد کو دور کرتے ہیں۔

    اگر خواتین ماہواری کے دوران ادرک کی چائے پیتی ہیں، تو اس کے مثبت اثرات دیکھنے کو ملتے ہیں۔

  • ڈائٹ مشروبات موٹاپے میں اضافے کا سبب

    ڈائٹ مشروبات موٹاپے میں اضافے کا سبب

    عام طور پر ڈائٹ سافٹ ڈرنکس کے حوالے سے سمجھا جاتا ہے کہ ان میں چینی کم ہوتی ہے اور یہ وزن میں اضافہ نہیں کرتیں تاہم حال ہی میں ایک نئی تحقیق میں اس کی نفی ہوئی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق سے علم ہوا کہ مصنوعی مٹھاس والے مشروبات یا ڈائٹ سافٹ ڈرنکس موٹاپے سے بچاؤ میں مددگار ثابت نہیں ہوتیں بلکہ جسمانی وزن میں اضافے کا باعث بن سکتی ہیں۔

    سدرن کیلی فورنیا یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ مصنوعی مٹھاس سے بننے والے یہ مشروبات ممکنہ طور پر جسمانی وزن میں کمی کے لیے فائدہ مند نہیں۔

    تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ چینی کی جگہ استعمال ہونے والا ایک کیمیکل لوگوں میں کھانے کی اشتہا بڑھانے کا باعث بنتا ہے، بالخصوص خواتین اور موٹاپے کے شکار افراد میں۔

    تحقیق کے لیے 18 سے 35 سال کی عمر کے 74 صحت مند افراد کی خدمات حاصل کی گئی جن میں سے 58 فیصد خواتین تھیں، کسی بھی رضا کار میں ذیابیطس، منشیات کے استعمال یا کھانے سے جڑے امراض کی کوئی تاریخ نہیں تھی۔

    ہر رضاکار کو 3 سیشنز کا حصہ بنایا گیا جس سے ایک رات قبل انہیں کچھ بھی کھانے پینے سے منع کیا گیا۔ ہر سیشن میں لوگوں کو 300 ملی لیٹر ڈائٹ مشروب، ایک چینی سے بنا مشروب یا پانی (کنٹرول گروپ) کا استعمال کروایا گیا۔

    مشروب پینے کے بعد ہر فرد کے سامنے زیادہ کیلوریز والی غذاؤں کی تصاویر رکھی گئیں اور ایف ایم آر آئی اسکین سے دماغ کے ان حصوں کی سرگرمیوں کو ریکارڈ کیا گیا جو کھانے کی خواہش اور اشتہا سے منسلک ہیں۔

    محققین نے بلڈ شوگر، انسولین اور میٹابولک ہارمون لیولز کی بھی مانیٹرنگ کی گئی جبکہ ہر سیشن کے اختتام پر رضا کاروں کی دعوت بھی کی گئی اور دیکھا کہ ہر فرد نے کتنی مقدار میں کھانا کھایا۔

    نتائج سے معلوم ہوا کہ ڈائٹ مشروبات زیادہ کھانے سے روکنے میں مددگار ثابت نہیں ہوتے بالخصوص موٹاپے کے شکار افراد اور خواتین ہر سیشن کے بعد زیادہ کھانے پر مجبور ہوئے۔

  • مختلف مشروبات کے ذریعے وزن میں کمی ممکن

    مختلف مشروبات کے ذریعے وزن میں کمی ممکن

    وزن کم کرنے کے لیے طویل وقت، محنت اور مستقل مزاجی درکار ہے، ماہرین کے مطابق روزمرہ غذا میں باقاعدہ کھانے کی جگہ پھلوں کے جوسز استعمال کیے جائیں تو نمایاں فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔

    ماہر غذائیات عذرا روحی نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مختلف پھلوں کے جوسز پینا اشتہا کو کم کرتا ہے جس سے کھانے کی مقدار میں کمی ہوتی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ دار چینی کو رات میں پانی میں بھگو دیں اور صبح وہ پانی نہار منہ پی لیا جائے تو اس سے میٹا بولزم تیز ہوگا اور کھانا جلدی ہضم ہوگا۔

    عذار روحی نے بتایا کہ گریپ فروٹ اور چکوترے کا جوس، سیب اور کھیرے کا جوس اور کیلے اور ہیزل نٹ کا جوس ملا کر پینے سے وزن میں جلد کمی ہوسکتی ہے۔

    اسی طرح فلیکس سیڈز کے ساتھ آڑو کا جوس بھی موٹاپا کم کرسکتا ہے، فلیکس سیڈز میں کینسر سے لڑنے والے اینٹی آکسیڈنٹس بھی موجود ہوتے ہیں۔

    عذرا روحی کا مزید کہنا تھا کہ جوسز کے استعمال کے ساتھ ساتھ جنک فوڈ کا استعمال ختم کیا جائے اور صحت مند غذا استعمال کی جائے تو ہی اس کے فوائد حاصل ہوسکیں گے۔

  • فروٹ سلاد اور جوس تیار کرنے کی انوکھی تراکیب!

    فروٹ سلاد اور جوس تیار کرنے کی انوکھی تراکیب!

    مجھے بڑا غصہ آتا تھا جب لوگوں کو یہ کہتے سنتی تھی کہ پڑھی لکھی لڑکیاں گھر کا کام کاج نہیں کرسکتیں۔ چناں چہ میں نے آزمودہ ترکیبیں لکھی ہیں جو ملک کے مشہور زنانہ رسالوں میں چھپیں گی۔ نمونے کے طور پر چند ترکیبیں نقل کرتی ہوں۔

    لذیذ آرنج اسکواش تیار کرنا
    آرنج اسکواش کی بوتل لو۔ یہ دیکھ لو کہ بوتل آرنج اسکواش ہی کی ہے کسی اور چیز کی تو نہیں، ورنہ نتائج خاطر خواہ برآمد نہ ہوں گے۔ دوسری ضروری بات یہ ہے کہ مہمانوں اور گلاسوں کی تعداد ایک ہونی چاہیے۔ گلاسوں کو پہلے صابن سے دھلوا لینا اشد ضروری ہے۔ بعد ازیں اسکواش کو بڑی حفاظت سے گلاس میں انڈیلو اور پانی کی موزوں مقدار کا اضافہ کرو۔ مرکب کو چمچے سے تقریباً نصف منٹ ہلائیں۔ نہایت روح افزا آرنج اسکواش تیار ہو گا۔ موسم کے مطابق برف بھی استعمال کیا جا سکتا ہے (لیکن برف کو صابن سے دھلوا لینا نہایت ضروری ہے)

    مزیدار فروٹ سلاد
    مہمانوں کے یک لخت آ جانے پر ایک ملازم کو جلدی سے بازار بھیج کر کچھ بالائی اور ایک ٹین پھلوں کا منگاؤ۔ اس کے آنے سے قبل ایک بڑی قاب کو صابن سے دھلوا لینا چاہیے۔ بعض اوقات فروٹ سلاد میں اور طرح کی خوش بُو آنے لگتی ہے۔ اب ٹین کھولنے کا اوزار لے کر ٹین کا ڈھکنا کھولنا شروع کرو اور خیال رکھو کہ انگلی نہ کٹنے پائے۔ بہتر ہو گا کہ ٹین اور اوزار نوکر کو دے دو۔ اب پھلوں کو ڈبے سے نکال کر حفاظت سے قاب میں ڈالو اور بالائی کی ہلکی ہلکی تہ جما لو۔ نہایت مزے دار اور مفرح فروٹ سلاد تیار ہے۔ نوش جان کیجیے۔

    (معروف مزاح نگار شفیق الرحمٰن کی کتاب مسکراہٹیں سے ایک نثر پارہ. پکوان کی یہ تراکیب ان کے ایک شگفتہ خط سے لی گئی ہیں جو ایک لڑکی کی جانب سے اپنی ماں کو لکھا گیا)

  • گرمی کا اثر کم کرنے والے فرحت بخش مشروبات

    گرمی کا اثر کم کرنے والے فرحت بخش مشروبات

    کراچی سمیت ملک بھر میں گرمی کی لہر جاری ہے چونکہ گرمی کا موسم ہے اور جسم سے پانی بذریعہ پسینہ خارج ہو جاتا ہے اس لئے شدت کی پیاس لگتی ہے تو پیاس کی شدت کو کم کرنے اور جسم میں نمکیات کی مقدار کو برقرار رکھنے کیلئے گھر میں بنے مشروبات میں لیموپانی اور لسی پینا انتہائی مفید ہوتا ہے تاکہ جسم کو تقویت بھی پہنچے اور پانی کی کمی بھی پوری ہو۔

    شدید گرمی کا اثر کم کرنے اور ترو تازہ رہنے کیلئے فرحت بخش مشروبات جو آپ گھر پرباآسانی بناسکتے ہیں۔


    لسی


    گرمی کے موسم میں دہی کا استعمال نہایت مفید ہوتا ہے،  ٹھنڈی ٹھنڈی اور مزے دار لسی سے نہ صرف ہاضمہ درست رہتا ہے بلکہ لسی گرم ہوا سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔

    اجزا

    آدھا لیٹر – دودھ

    دہی – ایک کلو

    پانی – آدھا لیٹر

    چینی – حسب ضرورت

    برف کے کیوب – چند عدد

    گلاب اور دارچینی کا عرق – چند قطرے

    ترکیب

    برف کے علاوہ سب چیزوں کو بلینڈ کر لیں اور بعد میں برف کے کیوب ڈال کر پیش کریں، نمکین لسی بنانے کے لیے چینی کی بجائے نمک لے لیں۔


    لیموں پانی یا سکنجبین


    لیموں کی سکنجبین موسمِ گرما کے لیے بہترین مشروب ہے،  گرمی میں لیموں کی سکنجبین پینے سے معدہ کی تلخی ،پسینہ کی کثرت اور نقاہت جیسے مسائل پیدا نہیں ہوتے اور پہلا ہی گھونٹ جسم میں سکون کی لہر دوڑا دیتا ہے۔

    اجزا

    لیموں – 2 عدد

    چینی – حسب ضرورت

    پانی – حسب ضرورت

    ترکیب

    لیموں کو نچوڑ کر رس نکال لیں پھر اس میں چینی اور پانی ملا کر اچھی طرح مکس کریں اور آئس کیوب ڈال کر پیش کریں، مزیدار سکنجبین تیار ہے۔


    تربوز کا شربت


    تربوز کا شربت موسم گرما میں جسم میں پانی کی کمی پوری کرنے کے لیے تربوز بہترین پھل ہے، تربوز کے شربت کا ایک گلاس آپ کو فوری توانائی فراہم کرتا ہے۔

    اجزا

    تربوز – دو کپ (ٹکڑوں میں

    پانی – حسبِ ضرورت

    لیموں کا رس – ایک کھانے کے چمچ

    لال سیرپ – ایک چائے کا چمچ

    چینی – حسبِ ضرورت

    برف کے ٹکڑے – حسبِ ضرورت

    لیموں اور پودینے کے پتے – گارنشنگ کے لئے

    ترکیب

    بلینڈر میں تربوز شامل کرکے تھوڑے سے پانی کے ساتھ بلینڈ کرلیں۔ ھر اسے کسی برتن میں نکال کر چھان لیں اور لیموں کا رس، لال سیرپ اور چینی شامل آخر میں لیموں، پودینے کے پتے اور برف کے ٹکڑوں کے ساتھ گلاس میں ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں۔ تربوز کا شربت تیار ہے۔


    لیموں اور پودینے کا شربت


    اجزاء

    سوڈا واٹر – ایک بوتل

    کٹی ہوئی کالی مرچ – ایک چٹکی

    برف – ایک پیالی

    پودینے کی پتیاں – ایک پیالی

    براؤن چینی – ایک کھانے کا چمچ

    کالا نمک – آدھا چائے کا چمچ

    لیموں کا رس – چار کھانے کے چمچ

    پودینے کے پتے – سجانے کے لیے

    ترکیب

    بلینڈر میں تمام اجزاﺀ یکجان کرلیں، اسے گلاسوں میں ڈالیں اور پودینے کے پتوں سے سجا کر پیش کریں۔


    کیری کا شربت


    کچے آم کا شربت بھی خاصا فرحت بخش ہوتا ہے۔

    اجزاء

    کیری – ایک کلو

    چینی – تین پاؤ

    پیلا رنگ – ایک چٹکی

    مینگو ایسنس – دو سے تین قطرے

    ترکیب

    کیری دھو کر چھلکے سمیت ابال لیں، اب چھلکا اتار کر گودا نکال لیں۔ پھر چینی اور پیلا رنگ ڈال کر پکائیں، گاڑھا ہونے پر مینگو ایسنس شامل کرکے اتاریں اور پیش کریں۔


    فالسے کا شربت


    کٹھے میٹھےفالسے گرمیوں میں فرحت بخشتے ہیں اور گرمی دور کرتے ہیں۔

    اجزا

    فالسہ – 1 پاؤ

    چینی – حسب پسند

    نمک – حسب ذائقہ

    ترکیب

    فالسے کو دھو کر ایک گلاس پانی کے ساتھ بلینڈر میں بلینڈ کر لیں، پھر اسے چھلنی یا باریک رومال کی مدد سے اچھی طرح چھان لیں ۔1 کپ پانی میں حسب پسندچینی اور نمک حل کریں ۔ چھنےہوئے فالسے کے رس میں حسب ضرورت ٹھندا پانی اور چینی والا پانی شامل کر لیں، پسند کریں تو ذرا سی کالی مرچ بھی شامل کر لیں۔​

    فالسے کو پانی کے ساتھ بلینڈ کر نے کے بعد چھان کر آئس کیوبز ڈالیں، ٹھنڈا ٹھنڈا فالسے کا شربت تیار ہے۔


    کھجور کا شیک


    اجزاء

    کھجور – پانچ عدد نرم

    دودھ – ایک گلاس

    الائچی – ایک عدد

    شہد – ایک چمچ

    ترکیب

    کھجور اگر سخت ہو تو اس کو آدھ گھنٹہ پانی میں بھگو دیں، اس کے بعد گٹھلی نکال دیں اور چھلکا اگر سخت ہے تو اتار دیں۔ الائچی کے دانے نکال کر باریک کوٹ لیں۔ اب کھجوروں شہد اور دودھ کو بلینڈر میں ڈال کر دو منٹ تک مکس کریں، گلاس میں نکال کر الائچی کا سفوف شامل کریں اور ٹھنڈا کر کے پیش کریں۔


    بادام کا شربت


    اجزا

    بادام پاﺅڈر – ایک کپ

    دودھ – دو کپ

    کریم – دو کھانے کے چمچ

    چینی – آدھا کپ

    روز واٹر – دو کھانے کے چمچ

    آئس کیوب – ایک کپ

     

    ترکیب

    شربت بادامی بنانے کےلئے سب سے پہلے بلینڈر میں تمام اجزاءڈال کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں اور گلاس میں نکال کر آئس کیوب ڈال کر ٹھنڈا ٹھنڈا سرو کریں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • صحت کے لیے نقصان دہ مشروبات

    صحت کے لیے نقصان دہ مشروبات

    گرمیوں کا آغاز ہوگیا ہے اور ایسے میں گرمی بھگانے کے لیے مختلف ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کیا جاتا ہے تاکہ جسم کو راحت پہنچائی جا سکے۔

    لیکن آپ کو علم ہونا چاہیئے کہ جو مشروب آپ پی رہے ہیں وہ آپ کے لیے فائدہ مند ہے بھی یا نہیں۔ آج ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ کون کون سے مشروبات آپ کو فائدے کے بجائے نقصان پہنچا رہے ہیں۔


    پھلوں کا جوس

    2

    ایک عام خیال ہے کہ مختلف پھلوں کے جوس صحت کے لیے بہترین اور فائدہ مند ہیں لیکن ماہرین طب اس تصور کو غلط قرار دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پھل کی اصل غذائیت اس کے بیجوں اور چھلکوں میں موجود ہوتی ہے جو جوس نکالنے کے لیے ہم پھینک دیتے ہیں۔

    ان کے مطابق پھلوں کا جوس بہت تھوڑے فوائد کا سبب بنتا ہے البتہ یہ وزن میں اضافے کا سبب ضرور بن سکتے ہیں۔


    سوڈا مشروبات

    5

    بازار میں عام طور پر دستیاب سوڈا مشروبات جنہیں ہم کولڈ ڈرنکس بھی کہتے ہیں ہماری صحت کے لیے زہر کی حیثیت رکھتے ہیں۔

    ان کا مستقل استعمال ہمیں موٹاپے اور ذیابیطس سمیت بے شمار بیماریوں میں مبتلا کر سکتا ہے۔


    ڈائٹ مشروبات

    8

    اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ڈائٹ مشروبات پی کر آپ وزن بڑھانے اور ذیا بیطس پیدا کرنے والے اجزا سے بچ گئے ہیں تو آپ سراسر غلط ہیں۔

    بظاہر ڈائٹ مشروبات میں عام مشروبات کے مقابلے میں کیلوریز کم ہوتی ہیں۔ علاوہ ازیں اس میں موجود مصنوعی مٹھاس میٹھے کی طلب کو بھی پورا کرتی ہے، لیکن درحقیقت یہ جسم کے لیے عام ڈرنکس سے بھی زیادہ نقصان دہ ہوتی ہیں۔

    دراصل ڈائٹ مشروبات میں شامل مٹھاس عام میٹھے کی نسبت زیادہ میٹھی ہوتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ میٹھا شوگر کا شکار افراد کو بعین وہی نقصانات پہنچاتا ہے جو قدرتی میٹھا پہنچا سکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: ڈائٹ مشروبات پینے کے نقصانات


    انرجی ڈرنکس

    4

    بعض افراد توانائی حاصل کرنے اور حسیات کو جگانے کے لیے تلخ کافی کے بجائے انرجی ڈرنکس پینا پسند کرتے ہیں تاہم یہ بھی جسم کے لیے بے حد نقصان دہ ہیں۔

    ان میں موجود اجزا وقتی طور پر آپ کو توانائی کا احساس دلاتے ہیں لیکن اندر سے یہ آپ کے جسم کو کھوکھلا کرتے ہیں۔


    سموتھی

    6

    مختلف پھلوں کی بنائی جانے والی سموتھی اگر گھر پر بنائی گئی ہو تب تو یہ فائدہ مند ہے، تاہم بازار سے خریدی گئی سموتھی ممکن ہے کہ عام مشروبات کی طرح آپ کو فائدے کے بجائے نقصان پہنچائے۔

    سموتھی میں پھلوں کے چھلکے بھی ملائے جاتے ہیں لہٰذا یہ صحت کے لیے فائدہ مند ہیں۔ تاہم باہر سے ملنے والی سموتھی کو خوش رنگ اور خوش ذائقہ بنانے کے لیے اس میں مختلف مصنوعی عناصر شامل کیے جاتے ہیں۔


    فلیورڈ کافی

    3

    ویسے تو ماہرین طب کے مطابق کافی جسم کے لیے فائدہ مند ہے، تاہم اگر آپ اس میں بہت سارا سیرپ، کریم اور چاکلیٹس ڈال کر استعمال کریں گے تو یہ آپ کے لیے سوڈا مشروبات کی طرح ہی نقصان دہ ہے۔

    مزید پڑھیں: کافی کے حیرت انگیز فوائد


    الکوحل
    7

    مختلف اقسام کی شرابوں اور الکوحل کا استعمال ابتدا میں وزن بڑھانے کا سبب بنتا ہے، بعد ازاں یہ اندرونی طور پر جسمانی اعضا کو متاثر کرنا شروع کردیتی ہیں لہٰذا ان سے پرہیز کرنا بہتر ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔