چہرے پر پڑنے والے داغ دھبے جھائیاں اس کی دلکشی، رونق اور جاذبیت کو ختم کردیتی ہیں، اکثر خواتین اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے بے شمار کریمیں اور ٹوٹکے استعمال کرتی ہیں۔
اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ کچھ مشروبات ایسے ہیں کہ جن کو پیبنے سے انسان کی جلد ترو تازہ نرم و ملائم اور خوبصورت ہوجائے گی۔
ماہرین صحت کے مطابق صبح نہار منہ پانی پینا ہمارے نظام ہاضمہ اور میٹابولزم کو درست حالت میں رکھتا ہے، اس کے علاوہ پیٹ کی صفائی اور جملہ امراض سے بچنے کیلیے انتہائی کار آمد ہے۔
دن کا آغاز اگر ایک یا دو لیٹر پانی پی کر کرنے سے کیا جائے تو جسم سے زہریلے مادّے خارج ہوجاتے ہیں۔ تاہم پانی کے علاوہ بھی کچھ ایسے مشروبات ہیں جو مرد و خواتین، دونوں کو ہی ایک صحت مند اور صاف جلد پانے میں معاون ہوتے ہیں۔
آج ہم آپ کو 5 ایسے مشروبات کے بارے آگاہی فراہم کریں گے کہ جس پر عمل کرنے سے آپ داغ دھبوں کی شکایات دور ہوجائیں گی لیکن یاد رکھیں ان پانچ مشروبات میں سے آپ کو کسی ایک کا انتخاب کرنا ہے، بیک وقت دو مشروبات نہیں پیے جاسکتے۔
واٹر تھراپی :
یہ ایک ایسا کامیاب عمل ہے جسے کرنے سے صحیح مقدار میں پانی پینے کے ناقابل یقین نتائج حاصل ہوتے ہیں۔ پانی ہمیں ڈی ہائیڈریٹ سے بھی بچاتا ہے جس کی وجہ سے جلد روکھی نہیں ہوتی ہے۔
روزانہ کم سے کم ساڑھے4 سے لے کر ساڑھے5 لیٹر پانی پینے سے جسم میں منرلز اور آکسیجن کی سطح بڑھ جاتی ہے، اس سے جسم میں جمع ٹاکسن بھی باہر نکل جاتے ہیں جس سے جلد میں نمی برقرار رہتی ہے، جس سے کیل مہاسوں سے نجات حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔
شہد اور لیموں کا پانی :
نہار منہ شہد اور لیموں کا پانی نظام ہاضمہ کو فعال اور بہتر کرتا ہے، قبض اور گیس جیسے مسائل سے چھٹکارہ مل سکتا ہے۔
وہ افراد جو اپنے وزن میں کمی لانا چاہتے ہیں انہیں ڈائٹنگ کے بجائے نہار منہ لیموں اور شہد ملا پانی پینا چاہیئے،یہ جسم کی فاضل چربی کو گھٹاتا ہے اور وزن میں کمی لاتا ہے
ایک گلاس پانی میں 2 سے 3 بڑے چمچ شہد، ایک بڑا چمچہ لیموں کا رس ملائیں صبح کی پہلی خوراک کے طور پر اسے پئیں۔ یہ ایک الیکٹرا لائٹ کے طور پر کام کرتا ہے اور اینٹی آکسیڈنٹس اور اینٹی ایجنگ اجزاء بھی پیدا کرتا ہے۔
پھلوں کا جوس :
کچھ لوگ پھلوں اور سبزیوں کو جوس کی شکل میں پینا پسند کرتے ہیں تاکہ جسم کی اندر سے صفائی ہوسکے یا غذا میں زیادہ غذائیت کا اضافہ ہوجائے۔
جوس کے حامی افراد کا دعویٰ ہے کہ اس سے پھلوں اور سبزیوں میں موجود اجزا کو جذب کرنے کا عمل بہتر ہوتا ہے جبکہ مخالفین کا ماننا ہے کہ جوسز سے اہم غذائی اجزا جیسے فائبر نکل جاتا ہے۔
پھل وٹامنز اور مائیکرو نیوٹرینز سے بھرپور ہوتے ہیں۔ گاجر، چقندر، انار جیسے پھل اور شکر قندی جیسی سبزیاں منرلز اور وٹامنز سے بھرپور ہوتی ہیں جو کیل مہاسے سے نجات دلا کر ہمیں ایک صحت مند اور صاف جلد پانے میں مدد کرتی ہیں۔
گرین ٹی :
اگر آپ چائے کی دلدادہ ہیں تو اپنی خوراک میں گرین ٹی یا لیمن ٹی ضرور شامل کریں۔ اس سے مہاسے سے چھٹکارا پانے میں مدد ملتی ہے۔
اس میں وٹامن سی کے ساتھ ساتھ کئی غذائی اجزاء ہوتے ہیں جو جلد کو صحتمند رکھنے میں معاون ہوتے ہیں اور قدرتی نکھار آتا ہے۔
ہلدی والا دودھ :
ہلدی قدرتی دوا ہے جو اینٹی بائیوٹک اور اینٹی وائرل ایجنٹ کی طرح کام کرتا ہے۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے جو عمر بڑھانے کے عمل کو دھیما کر دیتے ہیں۔ روزانہ صبح دودھ یا گرم پانی میں ایک چمچہ ہلدی ملا کر پینے سے جلد صحتمند رہتی ہے۔