Tag: مشروط اجازت

  • رمضان المبارک میں تراویح، نماز جمعہ کے اجتماعات: حکومت اور علماء کرام کے درمیان 20 نکاتی لائحہ عمل پر اتفاق

    رمضان المبارک میں تراویح، نماز جمعہ کے اجتماعات: حکومت اور علماء کرام کے درمیان 20 نکاتی لائحہ عمل پر اتفاق

    اسلام آباد: حکومت نے رمضان المبار ک میں باجماعت نماز اور تراویح کی مشروط اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرصدارت علما ومشائخ کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں کرونا کی روک تھام کے حوالے سے رمضان المبارک میں باجماعت نماز اور تراویح کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

    ڈاکٹر عارف علوی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں علمائے کرام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔مشاورتی اجلاس میں احتیاطی تدابیر پر مشتمل بیس نکاتی لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا۔

    اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ نمازی وضو گھر سے کر کے مسجد آئیں،مسجد آنے والے صابن سے 20 سیکنڈ ہاتھ دھو کر آئیں،ماسک پہن کر مسجد اور امام بارگاہ آئیں، صف بندی ایسے کی جائے کہ دو نمازیوں کی جگہ خالی رہے، مساجد کے فرش کو کلورین ملے پانی سے دھویا جائے،مسجدوں میں سحری اور افطار کا اجتماعی اہتمام نہ کیاجائے۔

    انہوں نے کہا کہ سڑکوں، فٹ پاتھوں پر نماز تراویح پڑھنے سے اجتناب کریں صرف مساجد کے احاطے میں نماز تراویح کا اہتمام کیا جائے، نماز سے پہلے اور بعد میں مجمع لگانے سے گریز کیا جائے گا۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ صف بندی میں اہتمام کیا جائے کہ نمازیوں میں 6 فٹ کا فاصلہ برقرار رہے،احتیاطی تدابیر پر عمل کے لیے  مساجد اور امام بارگاہ میں کمیٹی بنائی جائے،مسجد و امام بارگاہ میں نشان لگانے سے نمازیوں کو کھڑے ہونے میں آسانی ہوگی۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کیا گیا یا کرونا زیادہ پھیلا تو حکومت نظرثانی کا اختیار رکھتی ہے۔

  • نوازشریف نے حکومت کی طرف سے دی گئی مشروط اجازت مسترد کردی

    نوازشریف نے حکومت کی طرف سے دی گئی مشروط اجازت مسترد کردی

    لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد کے وکیل کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے حکومت کی طرف سے دی گئی مشروط اجازت مسترد کر دی، مشروط طور پر نام نکالنے کو اسلام آباد یا لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے نوازشریف کے وکیل نے کہا کہ عدالت میں ضمانتی مچلکے جمع کرا چکے ہیں، حکومت کس قانون کے تحت رقم مانگ رہی ہے، عدالت نے ضمانت دی ہے کوئی پابندی نہیں لگائی۔

    وکیل نوازشریف نے کہا کہ نوازشریف عدالتی حکم اور قانون کو مانتے ہیں، مشروط طور پرنام نکالنے کو اسلام آباد یا لاہورہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے، خواجہ حارث نے درخواست تیار کر رکھی ہے، آج ہی دائر کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ درخواست لاہور یا اسلام آباد میں دائر ہونے کا فیصلہ خواجہ حارث کریں گے۔ نواز شریف کے وکیل نے کیس فائل اور تفصیلی فیصلے کی مستند کاپی حاصل کرلی۔

    نوازشریف کے وکیل سے سوال کیا گیا کہ نواز شریف کی 8 ہفتے کی طبی بنیادوں پر ضمانت کو چیلنج کریں گے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ پہلے ای سی ایل کا معاملہ حل ہوجائے، پھر اس معاملے کو دیکھیں گے۔

    نوازشریف کو 4 ہفتے کیلئے بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے سربراہ فروغ نسیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوازشریف کو4 ہفتے کے لیے بیرون ملک جانے کی ون ٹائم اجازت ہوگی جبکہ نوازشریف یا شہبازشریف 7 ارب روپے کے سیکیورٹی بانڈزجمع کرائیں گے۔

  • سعودی عرب میں خواتین کو مٹھائی کی دکان پر کام کرنے کی مشروط اجازت

    سعودی عرب میں خواتین کو مٹھائی کی دکان پر کام کرنے کی مشروط اجازت

    ریاض : سعودی عرب میں خواتین کو مٹھائی کی دکان پر کام کرنے کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے جس کے لیے مالکان کو خواتین کو خصوصی سہولیات فراہم کرنا ہوگی.

    اس با ت کا اعلان وزارت محنت و سماجی بہبود کے ترجمان خالد ابا الخیل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کیا گیا جس میں‌ کہا گیا ہے کہ اگر مٹھائی کی دکان کے مالکان خواتین کے لیے نماز کی علیحدہ جگہ، رفع حاجت کے لیے خصوصی واش روم اور آرام کے لیے جگہ مختص کرتے ہیں تو وہ اپنی دکان میں خواتین کو ملازمتیں دے سکتے ہیں.

    وزارت محنت و سماجی بہبود کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کہ اگر بیکری مالکان مقررہ شرائط و ضوابط کی پابندی کرے تو ایسی صورت حال میں سعودی خواتین کو ملازمت دی جاتی ہے جس پر وزارت کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا.


     اسی سے متعلق : پُرتعیش سہولیات سے آراستہ ڈیجیٹل پٹرول اسٹیشن، پہلی بارسعودی خاتون انچارج مقرر


    اس موقع پر ترجمان وزارت محنت و سماجی بہبود خالد اباخیل نے وضاحت کی کہ خواتین ملازمین کو رات کے آخری پہر میں ڈیوٹی نہیں دی جاسکتی اور کسی دکان میں اس شرط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو دکان کو سر بہ مہر کردیا جائے گا.

    خیال رہے کہ سعودی عرب ولی عہد شاہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے تحت ملک کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور خواتین کو روایت سے ہٹ کر خصوصی اختیارات اور آزادی دی جارہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔