Tag: مشن

  • چاند کی وہ تصاویر جو آج سے پہلے کبھی نہیں دیکھی گئیں

    چاند کی وہ تصاویر جو آج سے پہلے کبھی نہیں دیکھی گئیں

    چینی خلائی ایجنسی نے چاند کے تاریک حصے کی تصاویر جاری کی ہیں، یہ وہ تصاویر ہیں جو چین کے شمسی مشن ’چینگ 4‘ نے بھیجی ہیں۔

    چینی خلائی ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ ان تصاویر پر ناسا نے مزید کام کیا ہے اور انہیں واضح بنایا ہے۔ بھیجی جانے والی تصاویر میں چاند کا وہ حصہ ہے جو سورج سے روشنی تو حاصل کرلیتا ہے، تاہم یہ زمین سے چھپا ہوا رہتا ہے۔

    چینی مشن چینگ 4 کو گزشتہ برس جنوری میں لانچ کیا گیا تھا۔ اسے چاند کے مدار میں پہنچ کر 14 شمسی دن ہوچکے ہیں، خیال رہے کہ چاند پر گزارا گیا ایک دن زمین کے 14 دنوں کے برابر ہوتا ہے۔

    گزشتہ برس جب چینگ 4 نے چاند پر کامیاب لینڈنگ کی تھی تو یہ چاند کے عقبی اور تاریک حصے میں اترنے والا دنیا کا پہلا خلائی جہاز تھا۔ مجموعی طور پر یہ چین کا چاند کی سطح پر اترنے والا دوسرا مشن تھا۔

    مشن میں موجود خلائی گاڑیاں مختلف قسم کے آلات سے لیس ہیں جو علاقے کی ارضیاتی خصوصیات جانچنے کے علاوہ حیاتیاتی تجربات بھی کر رہی ہیں۔ ان کی اب بھیجی گئی تصاویر کو بونس قرار دیا جارہا ہے۔

    علاوہ ازیں یہ گاڑی چاند پر موجود اس بڑے گڑھے کا مطالعہ بھی کرے گی جس کے بارے میں خیال ہے کہ یہ ماضی میں کسی زبردست ٹکراؤ کے نتیجے میں وجود میں آیا ہے۔

    یہ خلائی گاڑی چاند کے جس مقام پر ہے وہ زمین سے اوجھل ہے اور اس سے براہ راست رابطہ ممکن نہیں چنانچہ اس کا رابطہ زمین سے ایک سیٹلائٹ کے ذریعے ہے۔

  • دوسرا ٹیسٹ اپنے نام کرنے کا عزم، قومی ٹیم ایڈلیڈ پہنچ گئی

    دوسرا ٹیسٹ اپنے نام کرنے کا عزم، قومی ٹیم ایڈلیڈ پہنچ گئی

    برسبین: آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم دوسرے میچ میں کم بیک کرنے کے لیے پرعزم ہے، قومی ٹیم ایڈلیڈ پہنچ گئی، ڈے نائٹ ٹیسٹ کے لیے پریکٹس کا آغاز کل سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے پاکستانی ٹیسٹ ٹیم آج برسبین سے ایڈلیڈ پہنچی، دوسرا ٹیسٹ 29 نومبر سے کھیلا جائے گا، آسٹریلیا کو سیریز میں ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

    برسبین ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد فائنل الیون میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے، حارث سہیل کی جگہ امام الحق اور عمران خان سینیئر کی جگہ محمد عباس کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ ایڈلیڈ کے میدان میں پاکستان کبھی ٹیسٹ نہیں جیتا۔

    آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہوا ہے، جبکہ مصباح کی کوچنگ میں مسلسل شکستوں کا سلسلہ جاری ہے، ان کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد بدقسمتی سے ٹیم ایک بھی میچ نہ جیت سکی، سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں بھی پاکستان کو شکست کا مزا چکھنا پڑا تھا۔

    سیریز برابر کرنے کا مشن، قومی ٹیم جمعے کو میدان میں اترے گی

    ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں بھی پاکستان کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو اننگز اور 5 رنز سے ہرا دیا تھا، البتہ ٹیم کم بیک کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاہم سیریز ہارنے کی صورت میں پی سی بی بڑے فیصلے کرسکتی ہے۔

    اگلا میچ ایڈلیڈ میں پنک بال سے ہوگا، پاکستان کو حکمت عملی بدلنی ہوگی ورنہ میچ کے ساتھ سیریز بھی ہاتھ سے جائے گی، ٹیم میں کیا تبدیلیاں ہوں گی اس سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

  • ناسا کی خاتون انجینیئر چاند کے تاریخی سفر کے لیے پرعزم

    ناسا کی خاتون انجینیئر چاند کے تاریخی سفر کے لیے پرعزم

    چاند پر قدم رکھنا انسان کا وہ خواب تھا جو ہزاروں سال سے شرمندہ تعبیر ہونے کا منتظر تھا، یہی وجہ ہے کہ جب پہلے انسان نے چاند پر قدم رکھا تو یہ انسانی ترقی و ارتقا کا ایک نیا باب قرار پایا۔

    اب بہت جلد ایک خاتون کو بھی چاند کی طرف بھیجا جانے والا ہے، امریکی خلائی ادارہ ناسا اس خلائی منصوبے پر کام کر رہا ہے اور امید ہے کہ وہ سنہ 2024 میں پہلی خاتون کو چاند پر بھیجنے میں کامیاب ہوجائے گا۔

    اس منصوبے میں ایک خاتون انجینیئر ہیتھر پال بھی شامل ہیں، پال گزشتہ 25 برسوں سے ناسا سے منسلک ہیں اور فی الوقت وہ اس اسپیس کرافٹ پر کام کر رہی ہیں جو پہلی خاتون کو چاند پر لے کر جانے والا ہے۔

    پال کا کہنا ہے کہ گزشتہ 25 برسوں میں انہوں نے بہت سے رجحانات کو تبدیل ہوتے دیکھا ہے، انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ اب اس شعبے میں بھی بہت سی خواتین آرہی ہیں اور انہیں مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔

    چاند پر واپسی کے اس سفر کو قدیم یونان کے چاند کے معبود ’ارٹمیس‘ کے نام سے موسوم کیا گیا ہے۔ ارٹمیس دیوی، اپالو کی جڑواں بہن تھی اور اپالو اس خلائی مشن کا نام رکھا گیا جو پہلے انسان کو چاند کی طرف لے کر گیا۔

    اس مشن کے لیے امریکی صدر ٹرمپ نے ناسا کے بجٹ میں ایک ارب 60 کروڑ ڈالر کا اضافہ کیا ہے تاکہ ٹیکنالوجی اور خلائی میدان میں ایک اور تاریخ رقم کی جاسکے۔

  • خلیج میں جہاز رانی کو محفوظ بنانے کے مشن میں آسٹریلیا کی شمولیت

    خلیج میں جہاز رانی کو محفوظ بنانے کے مشن میں آسٹریلیا کی شمولیت

    سڈنی : آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکوٹ موریسن نے کہاہے کہ ان کا ملک خلیج میں جہاز رانی کو محفوظ بنانے کے لیے امریکا کے زیر قیادت سمندری فورس میں شامل ہو گا۔

    تفصیلات کے مطابق موریسن نے بدھ کے روز بتایا کہ آسٹریلیا اس فورس میں ایک فریگیٹ، ایک پی ایٹ (نگرانی کرنے والے) طیارے اور سپورٹ اسٹاف کے ساتھ شریک ہو گا۔

    امریکا کے وزیر دفاع مارک ایسپر اور وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے رواں ماہ اپنے سڈنی کے دورے میں مطالبہ کیا تھا کہ آسٹریلیا خلیج میں اُن گشتی سیکورٹی دستوں میں حصہ لے جو آبنائے ہرمز سے گزرنے کے دوران کارگو جہازوں کو سیکورٹی فراہم کریں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے لکا کہنا تھا کہ جون میں خلیج کے علاقے میں کئی کارگو جہازوں کو حملوں کا نشانہ بنائے جانے کے بعد امریکا نے اس بین الاقوامی سمندری فورس کو تشکیل دینے کا آئیڈیا پیش کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ واشنگٹن نے مذکورہ حملوں کا ذمے دار ایران کو ٹھہرایا جب کہ تہران ان کارروائیوں میں ملوث ہونے کی تردید کرتا ہے۔

  • سعودی عرب یمن میں امن مساعی مشن جاری رکھے گا، عادل الجبیر

    سعودی عرب یمن میں امن مساعی مشن جاری رکھے گا، عادل الجبیر

    واشنگٹن : سعودی وزیر عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب یمن میں اقوام متحدہ کے مندوب مارٹن گریفنتھس کے ہمراہ امن مشن کی حمایت جاری رکھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب وزیر برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کی، جس میں شام اور ایران سمیت مشرق وسطیٰ کے اہم معاملات پر بھی گفتگو کی گئی۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ عادل الجبیر اور امریکی وزیر خارجہ کے مابین خطے میں ایران کے بڑھتی ہوئی مداخلت اور خطرات سے نمٹنے اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف اتحاد تشکیل دینے پر بات چیت کی گئی۔

    عرب میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے وزراء خارجہ کا کہنا تھا کہ یمنی حکومت اور ایرانی سرپرستی میں کام کرنے والے حوثی جنگجوؤں کو اسٹاک ہوم میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی ہر صورت پاسداری کرنی ہوگی۔

    امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ریاض حکومت کے کردار کو سراہتے ہوئے علاقائی معاملات میں بھرپور تعاون پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔

    مزید پڑھیں : جمال خاشقجی کے قتل میں حکومت ملوث نہیں‘ سعودی وزیرخارجہ

    خیال رہے کہ مائیک پومپیو سے ملاقات سے قبل سعودی وزیر برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے واشنگٹن میں نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ولی عہد نے حکم دیا، نہ ہی حکومت جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث ہے۔

    جمال خاشقجی سے متعلق عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ بین الااقوامی صحافی کے قتل میں ملوث گیارہ افراد پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے، گرفتارافراد سے صحافی کی لاش کے متعلق تفتیش کی جارہی ہے، جمال خاشقجی کی لاش کہاں ہے، سعودی حکومت تاحال لاعلم ہے۔

  • اقوام متحدہ کے مبصرین کی جی ایچ کیو آمد

    اقوام متحدہ کے مبصرین کی جی ایچ کیو آمد

    راولپنڈی: بھارتی فوج کی فائرنگ سے 4 بچوں کی شہادت پر اقوام متحدہ کے مبصرین نے راولپنڈی میں جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ مبصرین کو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا اور انہیں دستاویزات دی گئیں۔

    ایل او سی پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی جاری ہے۔ بارود اگلتی بندوقوں نے 3 بچیوں اور ایک لڑکے کی جان لے لی۔ پاک فوج نے اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین نے جی ایچ کیو میں فوجی حکام سے ملاقات کی۔ بھارتی فورسز کے ہاتھوں 4 بچوں کی شہادت کی دستاویزات مبصرین کے حوالے کی گئیں اور تحقیقات کی درخواست کی گئی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع مسلسل پاکستان مخالف بیانات داغ رہے ہیں۔ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    واضح رہے کہ دفتر خارجہ کے مطابق رواں برس بھارت نے لائن آف کنٹرول پر 222 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی جس کے باعث 26 معصوم شہری شہید اور 107 زخمی ہوئے۔

    ایک روز قبل پاک فوج نے پاکستانی حدود میں آنے والا بھارتی ڈرون طیارہ مار گرایا تھا۔ طیارہ پاکستانی چوکیوں کی طرف 60 میٹر تک آیا تھا۔ ڈرون کا مقصد چوکیوں کی جگہ اور اطراف کی تصاویر اور ویڈیو حاصل کرنا تھا۔

    اس سے قبل بھی بھارتی بحریہ کی آبدوز نے پاکستان کے سمندروں میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی تاہم پاک بحریہ نے بر وقت ردعمل دیتے ہوئے اسے ناکام بنا دیا۔

  • مریخ کی جانب بھیجی جانے والی خلائی گاڑی لاپتہ

    مریخ کی جانب بھیجی جانے والی خلائی گاڑی لاپتہ

    مریخ پر زندگی ڈھونڈنے کی تلاش ایک عرصہ سے جاری ہے اور اس سلسلے میں یورپ نے ایک اور کوشش کے تحت روبوٹک گاڑی مریخ کی جانب روانہ کی تاہم وہ گاڑی لاپتہ ہوگئی۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ’سکیا پریلی‘ نامی یہ روبوٹک گاڑی مریخ پر اترنے سے قبل اپنا سراغ کھو بیٹھی اور زمین پر موجود ماہرین سے اس کا رابطہ ٹوٹ گیا۔

    مریخ پر ایک سال گزارنے کے بعد کیا ہوگا؟ *

    اس تحقیقاتی روبوٹک گاڑی کو زمین سے 50 کروڑ کلومیٹر کے سفر کے بعد بدھ کو مریخ پر پہنچنا تھا لیکن سیارے کی سطح پر اترنے کے مقررہ وقت سے ایک منٹ قبل اس سے ریڈیو سگنل وصول ہونا بند ہوگئے۔

    esa-2

    یورپی خلائی ایجنسی مصنوعی سیاروں کی مدد سے اس خلائی گاڑی کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم اس سلسلے میں تاحال کوئی کامیابی نہیں مل سکی۔

    خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ روبوٹک گاڑی مریخ کی سطح پر گر کر تباہ ہوگئی ہے لیکن اس کو بھیجنے والی خلائی ایجنسی اس بارے میں کوئی مصدقہ بات کہنے سے کترا رہی ہے۔

    خلائی ایجنسی کے ماہرین اور انجینئرز مسلسل اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ خلائی گاڑی کا زمین سے رابطہ کیوں ٹوٹا اور اس کے بعد اسے وہاں کیا حادثہ پیش آیا۔ ترجمان کے مطابق ایک روز میں واضح صورتحال سامنے آجائے گی۔

    اس سے قبل یورپی خلائی ایجنسی کی جانب سے 13 سال پہلے 2003 میں بھی ایک خلائی مشن بیگل 2 مریخ کی جانب بھیجا گیا تھا تاہم یہ مشن ناکام رہا۔

    بیگل 2 کو مریخ کی سطح پر اترنے کے فوراً بعد تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے باعث وہ اپنا مشن انجام نہیں دے سکا۔

    خلائی مخلوق کو بلانا خطرناک اور زمین کی تباہی کا سبب *

    موجودہ مشن کے تحت بھیجی جانے والی خلائی گاڑی کا بنیادی مقصد مریخ کی زمین کی سطح میں سوراخ کر کے وہاں زندگی کے آثار کا کھوج لگانا تھا۔