Tag: مشورہ

  • ویڈیو: گواسکر نے بابر اعظم کو فارم کی بحالی کیلیے کیا مشورہ دیا؟

    ویڈیو: گواسکر نے بابر اعظم کو فارم کی بحالی کیلیے کیا مشورہ دیا؟

    پاکستان کے بیٹر بابر اعظم اپنے کیریئر کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں سابق بھارتی کپتان گواسکر نے انہیں فارم بحالی کے لیے مشورہ دیا ہے۔

    پاکستان کی موجودہ کرکٹ ٹیم کے سب سے بڑے بیٹر بابر اعظم ان دنوں اپنے کیریئر کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں اور طویل عرصہ سے ان کا بلا ماضی کی طرح رنز نہیں اگل رہا ہے۔

    حالیہ ایک سال کی ناقص فارم کے ساتھ چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ کے خلاف سست ترین بیٹنگ اور بھارت کے خلاف بھی ناکامی کے بعد سابق کرکٹرز اور شائقین کرکٹ بابر اعظم کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

    ایسے میں پڑوسی ملک بھارت کے سابق کپتان لیجنڈ سنیل گواسکر بابر اعظم کی حمایت میں سامنے آئے ہیں اور انہوں نے قومی بیٹر کو فارم کی بحالی کے لیے کچھ تکنیکی مشورے دیےی ہیں۔

    سنیل گواسکر سابق پاکستانی کرکٹر باسط علی کے یوٹیوب چینل پر گفتگو کے دوران بابر اعظم پر پاکستانی شائقین اور سابق کرکٹرز کی تنقید پر نالاں دکھائی دیے اور کہا کہ کسی کھلاڑی پر برا وقت آئے تو قوم کو اسے گالیاں دینے کے بجائے سپورٹ کرنا چاہیے، کوہلی بھی ایک ڈیڑھ سال کیلیے آؤٹ آف فارم رہے لیکن ہم نے انہیں گالیاں نہیں دیں بلکہ سپورٹ کیا۔

    لیجنڈری انڈین کرکٹر نے بابر کو فارم کی بحالی کے لیے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ان کا اسٹانس کافی پھیلا ہوا ہے۔ اگر وہ اپنے پیروں کے درمیان فاصلے کو تھوڑا کم کریں تو اس سے انہیں شاٹس کھیلنے میں آسانی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ جب کسی بیٹر کے قدموں کے درمیان فاصلہ زیادہ ہوتا ہے تو اس کو آگے پیچھے پوزیشن لینے میں دشواری ہوتی ہے، لیکن یہ گیپ کم کرنے سے بیٹر کا قد تھوڑا اوپر ہو جاتا ہے اور وہ گیند کو بہتر انداز میں سمجھ سکتا ہے۔

     

    سنیل گواسکر نے مزید کہا کہ اگر بابر اعظم ان کے اس مشورے پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے تو اس سے ان کی رنز اسکور کرنے کی صلاحیت بحال ہوگی جسکا فائدہ صرف پاکستان کو نہیں ملے گا بلکہ پوری دنیا کے شائقین کرکٹ کو انکی بیٹنگ دیکھنے میں لطف آئے گا کیونکہ ان کی بیٹنگ اور خاص طور پر کور ڈرائیو انتہائی شاندار ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/sidhu-tell-story-about-babar-azam-failure-and-criticism/

  • آسٹریلیا سے شکست: گواسکر نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو کیا مشورہ دیا؟

    آسٹریلیا سے شکست: گواسکر نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو کیا مشورہ دیا؟

    آسٹریلیا سے شکست اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل سے بھارتی ٹیم کے اخراج کے بعد سنیل گواسکر نے بی سی سی آئی کو بڑا مشورہ دے دیا۔

    آسٹریلیا سے بارڈر گواسکر ٹیسٹ سیریز ٹرافی میں تین، ایک سے شکست اور آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سے بھارتی ٹیم کے اخراج کے بعد ٹیم، کپتان روہت شرما اور سینئر کھلاڑی شدید تنقید کی زد میں ہیں۔ ایسے میں سابق بھارتی کپتان لیجنڈ کرکٹر سنیل گواسکر نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو اہم مشورہ دے دیا ہے۔

    سنیل گواسکر نے بی سی سی آئی پر زور دیا ہے کہ وہ کرکٹرز کے ناز نخرے اٹھانا بند کرے اور ٹیم سے اسٹار کلچر کا خاتمہ کرے۔ ٹیم کو ایسے کھلاڑیوں کی ضرورت نہیں جو مکمل طور ہر وقت دستیاب نہ ہوں۔

    لٹل ماسٹر نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے حالیہ نتائج مایوس کن ہیں اور بھارتی ٹیم کے لیے اگلے 8 سے 10 دن بہت اہم ہیں۔ کھلاڑی کی ٹیم سے مکمل وابستگی پر کوئی کمپرومائز نہیں ہونا چاہیے اور ہمیں ایسے کھلاڑیوں پر انتخاب کے دروازے بند کرنے ہوں گے جو ٹیم کو اپنا مکمل وقت دینے کو تیار نہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں ہونا چاہیے تھا، لیکن ہم کوالیفائی نہیں کر سکے۔ کرکٹ بورڈ کو اب سخت فیصلے کرنے چاہئیں اور کھلاڑیوں سے ان کے فینز جیسا رویہ ترک کر دینا چاہیے۔ بورڈ اپنے فیصلوں سے کھلاڑیوں کو بتائے کہ شخصیت نہیں بلکہ بھارتی کرکٹ سب سے اہم اور پہلے ہے۔

    واضح رہے کہ گواسکر دوسرے بچے کی پیدائش کے باعث روہت شرما کے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے دستبرداری کے فیصلے پر پہلے بھی تنقید کر چکے ہیں جب کہ انہوں نے سینئر کرکٹرز کے ڈومیسٹک کرکٹ نہ کھیلنے پر بھی سوالات اٹھائے تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/rohit-sharma-and-virat-kohli-future-gambhir-talk/

  • ایرون فنچ نے ون ڈے کرکٹ میں بہت بڑی تبدیلی کا مشورہ دیدیا

    ایرون فنچ نے ون ڈے کرکٹ میں بہت بڑی تبدیلی کا مشورہ دیدیا

    آسٹریلیا کے سابق کپتان ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ ون ڈے فارمیٹ میں اکثرٹیمیں بہت سست رفتاری سے اوورز کرتی ہیں۔

    ایرون فنچ تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں واپس لانے کے لیے ون ڈے فارمیٹ میں بڑی تبدیلیاں چاہتے ہیں۔ دنیا میں مختلف فرنچائز لیگز کے ابھرنے کے ساتھ ہی ون ڈے کرکٹ کی طرف لوگوں کی توجہ کم ہوگئی ہے جس کا مشاہدہ ورلڈ کپ 2023 میں بھی دیکھنے میں آیا تھا۔

    ایرون فنچ نے کہا کہ ٹیمیں جس رفتار سے ون ڈے کرکٹ منیں اپنے 50 اوورز مکمل کرتی ہیں وہ بہت سست ہوتا ہے، ایک گھٹنے کے دوران تقریباً 11 یا 12 اوورز کرائے جاتے ہی جو کہ نا قابل قبول ہے۔

    فنچ کے مطابق ایک میچ کا دورانیہ بہت طویل ہوتا ہے، انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں ون ڈے کو 40 اوورز تک ہونا چاہیے میں یہ دیکھنا پسند کروں گا۔

    سابق آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ انگلینڈ میں اس سے قبل پرو-40 میچز ہوچکے ہیں اور یہ کافی دلچسپ مقابلے تھے۔ میری رائے میں ونڈے میں کھیل بہت لمبا ہوجاتا ہے۔

    تاہم سابق کرکٹر کالم فرگوسن نے فنچ کی تجویز کو رد کرتے ہوئے کہا کہ 50 اوورز کی کرکٹ ابھی بھی دلچسپ ہے۔ فنچ کے خیال کو نچلے درجے کی ٹیموں کے مقابلوں میں لاگو کیا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ سچن ٹنڈولکر بھی اسی طرح کا مشورہ دے چکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ 40 اوور کے میچوں کو ٹیسٹ کرکٹ کی طرح چار حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔

  • امیتابھ بچن نے مداحوں سے مشورہ مانگ لیا

    امیتابھ بچن نے مداحوں سے مشورہ مانگ لیا

    بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے مداحوں سے مشورہ مانگ لیا۔

    فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکار امیتابھ بچن نے نئی تصویر شیئر کی جس میں انہیں عجیب و غریب انداز میں کیمرے کے سامنے پوز دیتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    بلیو سوئیٹر شرٹ کے ساتھ کاندھے پر اونی مفلر ڈالے اداکار اپنے چہرے پر منفرد تاثرات کے ساتھ کچھ ایسے انداز میں کھڑے تھے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Amitabh Bachchan (@amitabhbachchan)

    عہدِ جوانی سے 81 سال کی عمر تک اپنی اداکاری سے خاص مقام اور پہچان حاصل کرنے والے اداکار امیتابھ بچن نے پوسٹ سے تمام پرستاروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے اور کیپشن میں لکھا کہ ’کوئی مجھے اس پوسٹ کا عنوان تجویز کرسکتا ہے‘۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Amitabh Bachchan (@amitabhbachchan)

    امیتابھ بچن کی پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے منفرد تبصرے شروع ہوگئے، کسی نے اداکار کے اس انداز کو ماضی کی نامور فلم ’ڈان‘ کے امیتابھ سے ملایا تو کئی اس پوز پر دلچسپ تبصرے کرتے نظر آئے۔

     ایک صارف نے لکھا کہ ’چاؤ مِن بہت گرم تھے‘ جبکہ ایک اور مداح نے کہا کہ ’جب برش کرتے ہوئے سامنے کا دانت ٹوٹ جائے‘۔

  • محمد حفیظ نے بابر اعظم کو کس سے معافی مانگنے کا مشورہ دے دیا؟

    محمد حفیظ نے بابر اعظم کو کس سے معافی مانگنے کا مشورہ دے دیا؟

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کپتان بابر اعظم کو آل راؤنڈر عماد وسیم سے معافی مانگنے کا مشورہ دیا ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے افغانستان کے خلاف شکست کے بعد اسپورٹس شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرا خیال ہے کہ عماد وسیم کو ورلڈ کپ میں سلیکٹ نہ کرنے پر بابر اعظم کو قوم کے سامنے آکر معذرت کرنی چاہیے۔

    تاہم اس حوالے سے آل راؤنڈر عماد وسیم کا بیان بھی سامنے آگیا ہے، نجی ٹی وی شو میں کھلاڑی سے سوال کیا گیا کہ ’’کیا وہ بابر اعظم کو معاف کردیں گے‘‘۔

    کیا جنوبی افریقہ پاکستان کیخلاف ’چوک‘ کر جائے گا؟

    جس پر آل راؤنڈر عماد وسیم کا کہنا تھا کہ ’’ بابر اعظم اگر ہمیں ورلڈ کپ جیتا دیں تو میں کیا پوری قوم بابر اعظم کو معاف کردے گی‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میں ایسی کسی بھی بات کی توقع نہیں رکھتا، ایک مسلمان ہوتے ہوئے ہمارا یہ ایمان ہے کہ ’ یہ سب اللہ کے طرف سے ہوتا ہے‘۔

    واضح رہے کہ افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان ٹیم کے سیمی فائنل کھیلنے کی امیدیں ایک بار پھر اگر مگر کا شکار ہوچکی ہیں۔

    اگر پاکستان نے فائنل فور میں جانا ہے تو اسے نہ صرف اپنے بقیہ چاروں میچز بڑے مارجن سے جیتنے ہوں گے بلکہ دیگر ٹیموں میں سے کسی کی فتح اور کسی کی شکست کی دعائیں کرنا ہوں گی۔

  • وزیراطلاعات سندھ کا آئی جی سندھ کو چھٹی پر جانے کا مشورہ

    وزیراطلاعات سندھ کا آئی جی سندھ کو چھٹی پر جانے کا مشورہ

    کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام کو چھٹی پر جانے کا مشورہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیگر صوبوں میں فوری طور پر 4 سے 5 آئی چیز تبدیل ہو جاتے ہیں لیکن سندھ میں نہیں ہوتے۔

    ناصر حسین شاہ نے آئی جی سندھ کو چھٹی پر جانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کلیم امام سینئر افسر ہیں مسئلہ حل کرنے کے لیے فوری چھٹی پر چلے جائیں۔

    صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں آئی جی اس لیے تبدیل نہیں ہوتے کیوں کہ یہاں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر پورے پاکستان میں آپ کو کہیں ترقیاتی کام نظر آئے گا تو وہ سندھ ہے جہاں ترقیاتی منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں اور کچھ مکمل ہوچکے ہیں جن کا افتتاح چیئرمین پیپلزپارٹی نے کیا تھا۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی 131 اسکیمز جاری ہیں جس میں کراچی کی 17 اسکیمز ہیں جن کے آئندہ آنے والے مہینوں میں افتتاح کیے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سندھ اسمبلی عوام کے منتخب کردہ لوگوں کی ہے، عوام کے منتخب کردہ ایوان نے آئی جی سندھ کو مسترد کر دیا ہے۔

  • سونیا حسین کا اپنے مداحوں کو دلچسپ مشورہ

    سونیا حسین کا اپنے مداحوں کو دلچسپ مشورہ

    کراچی: معروف پاکستانی ماڈل اور اداکارہ سونیا حسین نے ٹرین میں سفر کرنے کے بعد اپنے مداحوں کو دلچسپ مشورہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ادکاراہ سونیا حسین نے ٹرین میں سفر کرکے اپنے مداحوں کو ناصرف تجربات سے آگاہ کیا بلکہ لوگوں کو اہم مشورہ بھی دے ڈالا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹرین میں سفر کرنا میرا جنون تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنے مداحوں کو بھی سفر کا مشور دیا۔

    انہوں نے دلچسپ انداز میں کہا کہ اگر آپ تھک چکے ہیں تو ٹرین کی ٹکٹ خریدیں، وہاں آرم سے کتابیں پڑھیں، اپنے من پسند گانوں سے بھی لطف اندوز ہوں۔

    اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ سفر کے دوران اپنے ملک کو محسوس کریں اور وقت کا لطف اٹھائیں اور پھر واپس آجائیں، انہوں نے اس بات کا اقرار کیا کہ یہ میری زندگی کا بہترین تجربہ ہے۔

    سفر کے دوران سونیا حیسن نے خوب صورت لباس زیب تن کیا ہوا تھا، ٹرین کے ساتھ لی گئی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ادارہ نے نارنجی رنگ کی کرتی پہنچ رکھی ہے۔

    انہوں نے اپنے ٹرین کے سفر کے تجربات شیئر کرتے ہوئے اپنے فالوورز کو مشورہ دیا کہ کوئی بھی شخص اس طرح اپنے سفر کو بہت حسین اور لطف اندوز بنا سکتا ہے۔

  • جرمن کمشنر کا یہودیوں کو سرعام ’کپّا‘ یہودی ٹوپی نہ پہننے کا مشورہ

    جرمن کمشنر کا یہودیوں کو سرعام ’کپّا‘ یہودی ٹوپی نہ پہننے کا مشورہ

    برلن : جرمنی میں یہودیوں کے خلاف ابھرتے ہوئے نفرت انگیز رویوں کے پیش نظر جرمن کمشنر نے یہودیوں کی روایتی ٹوپی پہننے پر متنبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی میں یہود مخالف جذبات و نظریات میں اضافے کے باعث جرمن کمشنر فلیکس کلیئن نے یہودیوں کی حفاظت کے پیش نظر کپّا نہ پہننے کا مشورہ دیا ہے۔

    فلیکس کیئن کا کہنا تھا کہ یہود مخالف نظریات سے متعلق میرے نظریات تبدیل ہوچکے ہیں، یہودی ملک میں ہر وقت ہر جگہ کپّا نہ پہنیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جرمنی میں گزشتہ برس یہود مخالف جذبات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 1646 سام (یہود) مخالف واقعات ریکارڈ ہوئے جس میں 62 پُرتشدد واقعات بھی شامل ہیں جن کی تعداد سنہ 2017 میں 37 تھے۔

    جرمنی کی وزیر انصاف کا کہنا تھا کہ یہودیوں کے مخالف بڑھتے ہوئے پُرتشدد واقعات ’جرمنی کے لیے شرمناک ہیں‘۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ سماجی رابطے کے ویب سائیٹ فیس بک پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک عربی شخص برلن میں ایک شہری کو نفرت آمیز الفاظ استعمال کرتے ہوئے بیلٹ سے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا۔

  • سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا وزیراعظم عمران خان کو مشورہ

    سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا وزیراعظم عمران خان کو مشورہ

    لندن : سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ دائیں بائیں والوں کی باتیں نہ سنیں اور خداراغصہ چھوڑیں اور تمام سیاسی جماعتوں کو یکجا کریں، ہر وقت اپنےگھوڑے تیار رکھنے کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملکی حالات سے متعلق خواہش اور جذبہ بھی ہوتا ہے، اس وقت ملک کواتفاق واتحاد کی ضرورت ہے۔

    چوہدری نثار کا عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہنا تھا دائیں بائیں والوں کی باتیں نہ سنیں اور خدارا قوم کو تقسیم نہ ہونے دیں سب کو یکجا کریں، اگر غصہ اب بھی نہیں جا رہا تو مودی پر نکالیں۔

    سابق وزیر داخلہ نے کہا کل وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر حیرانی ہوئی، فوج تب ہی لڑتی ہے جب ان کو عوام سپورٹ کریں، چند لوگوں میں سے ہوں جو سمجھتے ہیں پاکستان کو بھارت سے خیر کی توقع نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مودی جیسا شخص حکمران بن جائے تو درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے، مقبوضہ کشمیر کو آزادی بی جے پی اور کانگریس نہیں دے سکتی، ہر وقت اپنےگھوڑے تیار رکھنے کی ضرورت ہے۔

    مزید پڑھیں : ہندوستان سے خیر کی توقع نہیں رکھنی چاہیے ، چوہدری نثار

    یاد رہے چند روز قبل سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا تھا ہندوستان سےخیر کی توقع نہیں رکھنی چاہیے اور نہ ہی عمران خان کو بار بار تقریر کرکے امن کی درخواستیں کرنے کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا افواج پاکستان بلخصوص پاک فضائیہ کی کارکردگی پر مکمل اطمینان مگر حکومتی پالیسی پر تحفظات ہیں، اس وقت چونکہ اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے تو اظہار خیال نہیں کروں گا۔

    چوہدری نثار نے کہا تھا جو بھی جماعت ہندوستان کی ہے وہ پاکستان کے حق میں نہیں ہوسکتی، مودی ہندوستان میں بھی پسندیدہ لیڈر نہیں ہے ، ہندوستان میں پاکستان پر گالی گلوچ کرکے سیاست کی جاتی ہے۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کا خفیہ ایجنسی کی سربراہ کو دوبارہ اسکول جانے کا مشورہ

    ڈونلڈ ٹرمپ کا خفیہ ایجنسی کی سربراہ کو دوبارہ اسکول جانے کا مشورہ

    واشنگٹن : ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے متعلق امریکی خفیہ اداروں کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’ایران سے ہوشیار رہیں‘۔

    تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل امریکی خفیہ ایجنسیوں نے سینیٹ میں ایران اور شمالی کوریا سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کی، جس میں خفیہ ادارے کے سربراہ نے بتایا کہ ایران معاہدے کی پاسداری کررہا ہے جوہری ہتھیار نہیں بنارہا۔

    امریکی خفیہ ایجنسی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کے ساتھ طے شدہ جوہری معاہدے سے علیحدگی اختیار کرکے اس پر اقتصادی پابندیاں عائد کی تھیں۔

    خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’خفیہ اداروں کے افراد کو دوبارہ اسکول جانا چاہیے‘۔

    امریکی صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایران سے ہوشیار رہیں، امریکی خفیہ ایجنسیاں کم علمی اور بھولے پن کا شکار ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران نے اپنی تقریب کاریوں سے پورے خطے کو مشکلات میں مبتلا کر رکھا تھا اور امریکا کے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد بھی اپنی تقریب کاریوں سے باز نہیں آیا لیکن علیحدگی سے حالات میں کافی تبدیلی آئی ہے۔

    مزید پڑھیں : امریکا کی علیحدگی کے باوجود ایران جوہری معاہدے پر عمل پیرا ہے: سی آئی اے

    خیال رہے کہ امریکی سی آئی اے کی خاتون سربراہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ جوہری ڈیل 2015 پر ایران اب بھی عمل درآمد کررہا ہے تاہم اس کے چند اہداف بھی ہیں جسے وہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایران اس ڈیل پر عمل پیرا رہتے ہوئے یورپ پر دباؤ بڑھانا چاہتا ہے تاکہ معیشت کی بہتری اور تجارت سے متعلق فوائد حاصل کیا جاسکے۔

    سی آئی اے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایرانی انتظامیہ نے معیشت کی بہتری کے لیے یورپ سے جو توقع رکھی تھی اس میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔