Tag: مشہور کافیاں

  • علی بخش ظہور: آواز خاموش ہوگئی، طلسم نہ ٹوٹا

    علی بخش ظہور: آواز خاموش ہوگئی، طلسم نہ ٹوٹا

    پاکستان کے نام ور گلوکار علی بخش ظہور 18 نومبر 1975ء کو راہیِ ملکِ عدم ہوئے۔ آج ان کی برسی ہے۔ علی بخش ظہور غزل اور فلمی گیتوں کی گائیکی کے لیے مشہور ہیں، لیکن اس میدان میں ان کی مقبولیت وہ کافیاں اور سلطان باہو کے ابیات(مخصوص صنفِ سخن) ہیں‌ جنھیں‌ گانے میں‌ انھیں‌ کمال حاصل تھا۔

    علی بخش ظہور 11 مئی 1905ء کو پیدا ہوئے۔ موسیقی اور گلوکاری کے فن میں‌ اپنے زمانے کے استاد، برکت علی گوٹے والا کے شاگرد ہوئے اور بعد میں استاد عاشق علی خان سے اس فن میں‌ استفادہ کیا۔

    قیامِ پاکستان سے قبل انھوں‌ نے ریڈیو پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ علی بخش ظہور کو غزل اور گیت کے علاوہ ٹھمری، کافیاں اور سلطان باہو کے ابیات گانے میں کمال حاصل تھا اور وہ اپنی اس دسترس کے سبب گلوکاری کے میدان میں خاص پہچان رکھتے تھے۔

    تقسیمِ ہند کے بعد انھوں‌ نے فلمی صنعت میں‌ قدم رکھا اور خوب نام کمایا۔ اس وقت کی کئی کام یاب فلموں کے گیت علی بخش ظہور کی آواز میں ریکارڈ ہوئے۔ نیّر سلطانہ کے ساتھ ان کے دو گانے بھی بہت مقبول ہوئے۔ علی بخش ظہور نے پاکستان کی پہلی فلم "تیری یاد” کے لیے بھی پسِ پردہ گلوکاری کی۔

    دِل کو لگا کے کہیں ٹھوکر نہ کھانا
    ظالم زمانہ ہے یہ ظالم زمانہ

    اس دوگانے کے علاوہ اس زمانے کا گیت "او پردیسیا بُھول نہ جانا” بھی بہت مشہور ہوا۔ اسے علی بخش ظہور کے ساتھ منّور سلطانہ کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔

  • مشہور مغنیہ زاہدہ پروین اور خواجہ غلام فرید کی کافیاں

    مشہور مغنیہ زاہدہ پروین اور خواجہ غلام فرید کی کافیاں

    صوفیانہ کلام اور طرزِ گائیکی کے حوالے سے بھی "کافی” مشکل صنف ہے، مگر یہ نہایت مقبول اور عقیدت و اظہار کا ایک خوب صورت ذریعہ ہے۔ پاکستان میں زاہدہ پروین نے اسے کچھ اس طرح نبھایا کہ اس فن کی ملکہ کہلائیں‌۔

    آج پاکستان کی اس مشہور مغنیہ کی برسی منائی جارہی ہے۔ 1975 میں زاہدہ پروین لاہور میں وفات پاگئی تھیں۔

    زاہدہ پروین 1925 میں امرتسر میں پیدا ہوئیں۔ موسیقی کی ابتدائی تعلیم استاد بابا تاج کپورتھلہ والے سے حاصل کی، استاد حسین بخش خاں امرتسر والے سارنگی نواز سے گائیکی کے رموز سیکھے، اور بعد میں‌ استاد عاشق علی خان پٹیالہ والے کی شاگرد بنیں۔ ان کے استادوں میں اختر علی خان بھی شامل ہیں۔

    زاہدہ پروین نے یوں تو سبھی کلام گایا، مگر بعد میں خود کو خواجہ غلام فرید کی کافیوں تک محدود کر لیا۔ وہ ان کے کلام کی شیدا تھیں اور بہت لگائو رکھتی تھیں۔

    زاہدہ پروین کا کافیاں گانے کا منفرد انداز انھیں اپنے دور کی تمام آوازوں میں ممتاز کرتا ہے۔ انھوں نے کافیوں کو کلاسیکی موسیقی میں گوندھ کر کچھ اس طرز سے پیش کیا کہ یہی ان کی پہچان، مقام و مرتبے کا وسیلہ بن گیا۔

    وہ ‌میانی صاحب قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔