Tag: مشہور کھلاڑی

  • ویلما روڈولف: اپاہج لڑکی جو زندگی کی دوڑ میں سب سے آگے نکل گئی

    ویلما روڈولف: اپاہج لڑکی جو زندگی کی دوڑ میں سب سے آگے نکل گئی

    بعض لوگ زندگی میں بہت دشواریاں اور سختیاں جھیلتے ہیں۔ وہ کئی کٹھن اور صبر آزما مراحل سے گزرنے کے بعد ایک روز خاموشی سے مٹی میں مل جاتے ہیں۔

    ان میں وہ بھی شامل ہیں جنھیں غربت اور تنگ دستی کے ہاتھوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور وہ بھی جو مالی مسائل کے ساتھ ساتھ مختلف بیماریوں اور جسمانی معذوری کا بھی شکار ہوتے ہیں۔ اگر ہم سے کوئی بھی حالات کی سختیوں اور مسائل کے انبار کے باوجود آگے بڑھنے کی ٹھان لے اور اپنی منزل کا تعین کرکے سفر شروع کردے تو اس کے اندر توانائی، حوصلہ اور وہ لگن اور جوش و ولولہ پیدا ہوجاتا ہے جو اسے حالات سے پنجہ آزمائی اور طوفانوں کا مقابلہ کرنے کے قابل بنا دیتا ہے اور ایک وقت آتا ہے جب وہ اپنے غیر معمولی اور حیرت انگیز کارناموں سے دنیا کو متوجہ کر لیتا ہے۔

    ویلما روڈولف (Wilma Glodean Rudolph) ایک ایسی ہی لڑکی تھی جس نے معمولی گھرانے میں آنکھ کھولی۔ اس کے والد نے دو شادیاں کی تھیں اور ان کی 22 اولادوں میں ویلما کا نمبر بیسواں تھا۔ والد ریلوے میں دوسروں کا بوجھ ڈھوتے تھے۔ گزر بسر مشکل تھی، وقت ملتا تو اضافی آمدن کے لیے کوئی بھی کام کرنے کو تیّار ہو جاتے۔

    ویلما کا سنِ پیدائش 1940ء اور وطن امریکا ہے۔ وہ پانچ سال کی تھی جب پولیو وائرس نے اسے اپنا نشانہ بنایا۔ پولیو کے سبب اس بچّی کی بائیں ٹانگ متاثر ہوئی اور اس کا پیر مفلوج ہوگیا۔ وہ چلنے پھرنے سے قاصر تھی۔ ڈاکٹروں نے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ وہ کبھی نہیں چل پائے گی۔ اس کے ناتواں پیر کو مصنوعی سہارے سے چلنے کے قابل بنایا گیا تھا۔ وہ نو برس کی تھی تو اسے مخصوص جوتوں کے استعمال کا مشورہ دیا گیا۔

    ویلما دوسرے بچّوں کو دوڑتے بھاگتے دیکھتی تھی تو رنجیدہ ہوجاتی اور اس کا دل بھر آتا۔ وہ دوڑنا چاہتی تھی۔ تیز، بہت تیز اور زندگی کی ہر دوڑ میں اوّل آنا چاہتی تھی۔ یہ اس کا خواب تھا یا اس معذوری کے نتیجے میں پیدا ہونے والا احساسِ محرومی، لیکن اس نے اپنی اس کم زوری کو اپنی طاقت بنایا اور واقعی دنیا کی سب سے تیز رفتار لڑکی بننے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

    ایک روز اس لڑکی نے پختہ ارادہ کیا کہ وہ اپنے پیروں پر چلے گی اور کچھ کر کے دکھائے گی۔ اس کے سامنے ایک مقصد تھا جس نے اس کے اندر ایک نئی روح پھونک دی تھی، وہ تکلیف اور درد کے باوجود گھر میں چلنے کی مشق کرنے لگی۔ اس کا حوصلہ سلامت رہا اور جنون بڑھتا چلا گیا جس نے ایک روز اسے بغیر سہارے کے چلنے پھرنے کے قابل بنا دیا۔

    1952ء جب وہ بارہ سال کی ہوئی تو اس نے دوڑنا شروع کردیا۔ ویلما کے مطابق وہ اپنے محلّے میں ہم عمروں کے ساتھ اچھل کود اور ان سے ریس لگانے لگی تھی۔ یہ اس کی ایک بڑی کام یابی تھی اور ویلما اس پر نہایت مسرور تھی۔

    ویلما نے اسکول میں منعقد ہونے والے کھیل کود کے مقابلوں میں حصّہ لینا شروع کردیا۔ ایک دن جب وہ اسکول میں باسکٹ بال کھیل رہی تھی تو اسے کوچ نے بلایا، اس کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ بحیثیت تجربہ کار کوچ میں دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ تم عام بچّوں کی بہ نسبت تیز رفتار ہو اور میرا مشورہ ہے کہ تم باسکٹ بال کے بجائے مختصر فاصلے کی دوڑ (Sprints) میں حصّہ لو۔ ویلما کو اس کا مشورہ پسند آیا اور اس نے دوڑنے کی باقاعدہ ٹریننگ لینی شروع کی۔ وہ اپنی قوّتِ ارادی اور حوصلے کے سبب بہت جلد قومی سطح کے مقابلوں میں حصّہ لینے کے قابل ہوگئی۔ اساتذہ اور کوچ اس کی مدد اور حوصلہ افزائی کرتے تھے اور اس کی کام یابی پر سبھی مسرور تھے۔

    انہی دنوں آسٹریلیا کے مشہور میلبورن اولمپک مقابلے کا چرچا ہونے لگا۔ ویلما نے مقابلے میں شرکت کی خواہش ظاہر کی اور اس کی مراد بر آئی۔ یہ 1956ء کا اولمپک مقابلہ تھا جس میں 16 سالہ ویلما نے کانسی کا تمغا اپنے نام کیا۔

    1960ء کے اولمپک مقابلوں سے پہلے ہی ویلما نے دو سو میٹر دوڑ کا مقابلہ جیت کر عالمی ریکارڈ بنا ڈالا تھا اور جب اولمپک مقابلے کا انعقاد ہوا تو وہ پھر میدان میں تھی۔ اس بار ویلما نے دوڑ کے مقابلے میں تین گولڈ میڈل حاصل کیے۔

    اس مقابلے میں ویلما کو امریکا کی ایسی پہلی خاتون کھلاڑی بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوا جو ایک ہی اولمپک میں تین ریسوں کی لگاتار فاتح رہی اور جس نے تینوں گولڈ میڈل اپنے نام کیے۔

    پولیو کے سبب معذوری اور اپاہج ہوجانے والی اس لڑکی نے ثابت کیا کہ پختہ ارادہ اور ہمارا عزم ہمیں زندگی کی ہر دوڑ کا فاتح بنا سکتا ہے۔ ویلما کو جہاں کھیل کی دنیا کے کئی انعامات اور اعزازات سے نوازا گیا، وہیں امریکی حکومت نے اس کے نام سے ایک ایوارڈ کا اجرا بھی کیا جو خاتون کھلاڑیوں کو شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر دیا جاتا ہے۔

    12 نومبر 1994ء کو ویلما کی زندگی کا سفر ہمیشہ کے لیے تمام ہوا۔ اسے کینسر کا مرض لاحق ہوگیا تھا۔ امریکا میں کھیلوں کے میدانوں میں یادگار کے طور پر ویلما کے مجسمے نصب ہیں اور زیرِ تربیت کھلاڑیوں کو اس لڑکی کی زندگی اور فتوحات کی کہانی سنائی جاتی ہے اور ان کے لیے عزم و ہمّت کی مثال بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔

  • کھلاڑی سے اداکار بننے تک شہرت اور مقبولیت برقرار رکھنے والی شخصیات

    کھلاڑی سے اداکار بننے تک شہرت اور مقبولیت برقرار رکھنے والی شخصیات

    کھلاڑیوں‌ کے فلم یا ٹیلی ویژن اداکار بن جانے کے بعد اگر اس میدان میں‌ ان کی پرفارمنس اور باکس آفس پر کام یابی کا جائزہ لیا جائے تو اس میں‌ ضرور کچھ تفریق کی جاسکتی ہے، لیکن یہ جن شخصیات کا تذکرہ ہے انھوں‌ نے ہر میدان میں اپنی شہرت اور مقبولیت ضرور برقرار رکھی ہے۔

    آپ کی دل چسپی کے لیے کھیل کی دنیا کے وہ چند نام جو اب فلم اور ٹیلی ویژن کی دنیا میں‌ اداکار اور میزبان کی حیثیت سے پہچانے جاتے ہیں۔

    ڈوین جانسن کی شہرت کا سفر تو بطور ریسلر شروع ہوا تھا، لیکن ہالی وڈ نے انھیں مشہور ترین اداکاروں کی صف میں لا کھڑا کیا۔ وہ راک کی عرفیت سے پہچانے جاتے ہیں۔ ممی ریٹرنز اور اسکورپین کنگ جیسی مشہورِ زمانہ فلموں میں ڈوین جانسن نے کردار نبھا کرخوب شہرت حاصل کی۔ اس کے بعد فاسٹ اینڈ فیوریئس جیسی فلم نے ان کی شہرت کو مہمیز دی۔

     

     

    امریکا سے تعلق رکھنے والے مشہور ریسلر جان سینا آج ایک کام یاب اداکار اور ٹیلی ویژن کی دنیا کے مقبول میزبان ہیں۔ وہ پہلوانی کے میدان میں مقبولیت سمیٹنے والی ان چند شخصیات میں سے ایک ہیں جنھیں شوبزنس کی دنیا میں بھی زبردست کام یابی ملی۔ انھوں نے ایکشن فلم 12 راؤنڈ میں جہاں اپنی اداکاری سے شائقین کی توجہ حاصل کی وہیں جب کامیڈی فلم ٹرین ریک میں کردار سونپا گیا تو اسے بھی خوبی سے نبھایا اور اپنی مقبولیت برقرار رکھی۔

     

     

    فٹ بال کے میدان کا روشن ستارہ وینی جانز جب معروف ہدایت کار گائے رچی کی نظروں میں آیا تو وہ اسے سنیما میں لے آئے اور ایک کام یاب اداکار ثابت ہوئے۔ وہ لگ بھگ دو عشروں سے فلم اور ٹی وی پر اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

     

     

    جوڈو کی کھلاڑی رونڈا روزی نے بیجنگ اولمپکس میں کانسی کا تمغا اپنے نام کیا تھا۔ ان کی جوڈو میں مہارت نے فلم سازوں کو متوجہ کیا اور یوں وہ بڑے پردے کی اداکارہ بن گئیں۔ رونڈا روزی کو فلم نگری کے روشن ستاروں سلویسٹر اسٹالون، میل گبسن اور ہیریسن فورڈ کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ تاہم اداکاری کی وجہ سے انھیں کھیل کی دنیا سے دور ہونا پڑا۔

     

     

    امریکا کے ایک اور فٹ بالر کارل ویدر نے کئی دہائی قبل کھیل کے میدان کو چھوڑ کر فلم نگری میں قدم رکھا تھا۔ انھیں پریڈیٹر جیسی مشہور فلم میں ہالی وڈ کے نام ور اداکار آرنلڈ شوارزنیگر کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ ان کی ایک فلم ایکشن جیکسن میں ان کے مرکزی کردار کو بہت پسند کیا گیا تھا۔ یہ تین دہائی قبل ریلیز ہونے والی فلم ہے۔