پشاور: مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے وفاقی بجٹ کو زہر قاتل بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ عام عوام کے لیے معاشی قتل ہے جس سے معمولات زندگی اور کاروبار حد سے زیادہ متاثر ہوگا۔
وفاق بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئے مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں حکومت کی کوئی منشا شامل نہیں، یہ آئی ایم ایف بجٹ ہے۔ آئی ایم ایف کے کہنے پر اڑتیس فیصد ٹیکس بڑھایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے، ریئل اسٹیٹ پر ٹیکس پہلی بار پندرہ فیصد، نان فائلر پر 45 فیصد کردیا گیا، صوبوں کو ادائیگی کے بعد وفاق کی آمدنی 9 ہزار ایک سو 11 ارب روپے ہوگی۔
خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ اس آمدنی سے سود ادائیگی بھی نہیں ہوسکتی، زراعت میں صرف 5 ارب روپے کی مارک اپ شیئرنگ دی باقی کچھ نہیں، بجٹ میں مہنگائی کا 12 فیصد ہدف صحیح نہیں اس سے زیادہ مہنگائی ہوگی۔